The Latest

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی نے افغانستان کے دارالحکومت کابل کے ہسپتال میں فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوزائیدہ بچوں اور ماں بننے کے عمل سے گزرنے والی خواتین پر گولیاں برسانے والے انسان کہلانے کے مستحق نہیں، یہ گھناؤنا جرم ناقابل معافی ہے جس پر انسانی حقوق کے عالمی اداروں اور مقتدر قوتوں کو آواز بلند کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ ننگرہار میں نماز جنازہ پر خودکش حملہ کرکے چوبیس افراد کو موت کے گھاٹ اتارنے کا ایک اور واقعہ اس حقیقت کی دلالت کرتا ہے کہ افغانستان میں منفی قوتیں ایک بار پھر زور پکڑ رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں سے لچک کا مظاہرہ ان کے حوصلوں کی تقویت کا باعث ہے، کسی بھی ملک میں امن و امان کے حقیقی قیام کے لئے ضروری ہے کہ شرپسند عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے اور اس وقت تک حکومت سکون سے نہ بیٹھے کب تک یہ عناصر کیفر کردار تک نہیں پہنچ جاتے، کسی بھی حکومت کا دہشت گردوں سے مذاکرات کا مطلب ان کی قوت کو تسلیم کرلینا ہے، جو حکومت اپنی رٹ منوانے نہیں جانتی اس کے فیصلوں میں اس طرح کی بے بسی دکھائی دیتی ہے، افغانستان کی حکومت شدت پسندوں کے گرد گھیرا تنگ کرکے ان سے نجات حاصل کر سکتی ہے، دہشت گرد قوتوں کو کسی بھی قسم کی چھوٹ دینا پورے خطے کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)افغانستان کے دارالحکومت کابل کے ایک ہسپتال کے میٹرنٹی وارڈ میں ایک بار پھر انسانیت دشمن درندوں نے خون کی ہولی کھیلی اور نومولود بچوں سمیت بیس افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ اس المناک سانحہ پر میڈیا سیل سے جاری مذمتی بیان میں مجلسِ وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی سیکرٹری جنرل و رکن صوبائی اسمبلی سیدہ زہراء نقوی نے کہا ہے کہ نسل یزید و حرملہ نے نومولود بچوں، ماؤں اور ہسپتال کے عملے کو قتل کرکے اپنی سفاکیت کا ثبوت دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سفاکیت اور انسانیت سوز مظالم کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

ہزارہ کمیونٹی چاہے پاکستان میں ہو یا افغانستان میں، کہیں محفوظ نہیں۔ طالبان، داعش اور ان جیسی دیگر سفاک دہشت گرد تنظیمیں انسانیت کی دشمن اور قاتل ہیں اور قاتلوں سے مذاکرات نہیں کیے جاتے بلکہ ان کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹتے ہوئے انہیں نشان عبرت بنایا جاتا ہے۔ انہوں نے  کہا کہ عالمی امن و سلامتی کے اداروں کی جانب سے اس دل دہلا دینے والے اندوہناک ظلم پر مجرمانہ خاموشی افسوسناک ہے، ہم ہر ظالم کے دشمن ہیں، خواہ وہ مسلمان ہی کیوں نہ ہو اور ہر مظلوم کے حامی ہیں، چاہے وہ کوئی کافر ہی کیوں نہ ہو۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے یوم علی علیہ السلام کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا ہے امت مسلمہ کو اپنا وقار قائم کرنے کے لیے امیر المومنین حضرت علی علیہ السلام کے طرز زندگی سےاستفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔امیر المومنینؑ نے سازشی گروہوں کو اسلام کے زیریں اصولوں سے شکست دی۔حضرت علی ع نے عدل کے اصولوں پر سختی سے عمل کر کے طبقاتی تفریق اور دوہرے معیار کے وجود کا خاتمہ کیا آپ کی اس انفرادیت نے ان لوگوں کو آپ کا دشمن بنا دیا جو انصاف پسندی کی بجائے موقع شناسی سے کام لیتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ حضرت علی ع نے اپنی زندگی کو سیرت رسولؐ کا عملی نمونہ بنا کر پیش کیا۔آج امت مسلمہ کے زوال کی بنیادی وجہ اسلام کی بنیادی تعلیمات سے انحراف اور اپنے اسلاف کے طرز عمل سے دوری ہے۔آج کے مسلمان حکمران اصول پسندی کی بجائے مصلحت پسندی کے قائل ہیں یہ وجہ ہے کہ عالمی ایشوز پر جراتمندانہ موقف پیش کرنے کی بجائے بزدلانہ انداز اختیار کر کے قومی وقار کو ہمیشہ ٹھیس پہنچائی گئی ۔

انہوں نے کہا حیدر کرار ّ کی جرات و بہادری کا یہ حال تھا کہ انہیں میدان جنگ میں کبھی زیر نہیں کیا جا سکا۔ سازشیوں نے اپنے آلہ کار کے ذریعے مولا کائنات پر اس وقت وار کیا جب وہ حالت نماز میں تھے۔امت مسلمہ آج بھی انہی سازشوں کا شکار ہے جس کا بروقت درک نہ کیا تو عالم اسلام سنگین نقصانات سے دوچار ہو گا۔

وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ برکت علی مطہری نے کہا ہے یوم علی علیہ السلام پر جلوس حکومت کی طے شدہ ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے نکالے جائیں گے۔ عزاداری ہمارے ایمان کا حصہ ہے جس پر کسی قسم کی قدغن قبول نہیں کریں گے۔وفاقی حکومت نے علما کی مشاورت سے احتیاطی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ہر طرح کی عبادت کی آزادی دے رکھی ہے۔بلوچستان حکومت کا اس میں رکاوٹیں کھڑی کرنا بلاجواز ہیں۔

 انہوں نے کہ ہم اس ملک کے ذمہ دار شہری ہیں اور قانون کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں لیکن قانون کی آڑ میں کسی قسم کی زیادتی کو برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ہم اپنی مذہبی آزادی سلب کرنے کی کسی کو ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد بازاروں کی حالت ناقابل بیان ہے۔وہاں حکومتی ایس او پیز کو سرے عام پامال کیا جارہا ہے لیکن حکومت ٹس سے مس نہیں ہو رہی جب کہ ملت تشیع کی طرف سے ایس او پیز پر عمل درآمد کی باربار یقین دہانی کے باوجود انہیں دبایا جا رہا ہے جو سراسر زیادتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملت تشیع کورونا سے بچاؤ کے ضروری اقدامات کرتے ہوئے یوم علی ع کے جلوس معمول کے مطابق برآمد کریں گے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)علی علیہ السلام امام اور رہبر ہیں محبوب پیغمبر ص ہیں علم لدنی کے مالک ہیں خدا کی بندگی میں بالاترین مقام پر فائز ہیں حق و باطل کے درمیان فرق پیدا کرنے والے ہیں حق ہمیشہ آپ کے ساتھ ہے قرآن ہمیشہ آپ کے ساتھ ہے تو ایسے شخص کی اطاعت اور پیروی کرنا پوری امت مسلمہ پر واجب ہو جاتا ہے ان خیالات کا اظہار ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل اور ایم پی اے سیدہ زھرا نقوی نے شہادت امام علی علیہ سلام کے موقع پر جاری کردہ اپنے تعزیتی بیان میں کیا ۔

انھوں نے کہا پروردگار عالم کے حضور سجدہ شکر بجا لاتے ہیں کہ اس نے ہمیں ولایت امیرالمومنین ع سے تمسک رکھنے والوں میں قرار دیا کیا جن کی محبت و پیروی میں دنیا و آخرت کی فلاح و کامیابی مضمر ہے۔ انھوں نے کہا امام علی علیہ سلام جہاں بہادری و شجاعت میں بے مثال ہےوہیں آپ علیہ سلام تاریخ کی مظلوم ترین شخصیت بھی ہیں جن کو ان کے حق سے محروم رکھا گیا اور ظاھری خلافت ملنے کے بعد بھی حکومت  میں عدل الہئ کے نفوذ اور دین اسلام کے احکامات کے نفاذ کرنے کے باعث انھیں شھید کر دیا گیا ۔

انھوں نے کہا کہ مولا علی ع ہمیشہ مظلومین کے لیے ڈھال بنے رہے یہی وجہ ہے کہ مظلومین کی حمایت اور ظالم سے اظہار برات آپ کی وصیت میں شامل ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ رتبہ و شرف امام المتقین علی علیہ سلام کو ہی حاصل تھا کہ ضربت لگنے کے بعد جنھوں نے اپنی کامیابی کا اعلان کیا ۔انھوں نے مزید کہا کہ آج امت مسلمہ جس نازک دور سے گزر رہی ہے اس میں امام علی علیہ سلام کے علم و حکمت اور بصیرت کی روشنی میں راہنمائی حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ممتاز شیعہ عالم دین علامہ امین شہیدی کے بھائی یحییٰ جعفری کے انتقال پر دلی رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے اسے خاندان کے لیے ایک عظیم صدمہ قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ غمزدہ خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، یحییٰ جعفری کا انتقال ان کے اہل خانہ کے لیے بلاشبہ ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔انہوں نے مرحوم کی بلندی درجات اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا ہے۔

واضح رہے کہ علامہ امین شہیدی کے چھوٹے بھائی یحییٰ جعفری آج شام کو لاہور میں خالق حقیقی سے جا ملے۔ مرحوم یحییٰ جعفری انتہائی نیک اور ملنسار انسان تھے. پروردگار انکی اگلی منزلیں آسان فرمائے ۔

وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ذیلی شعبہ المجلس ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل ضلع پشاور کی جانب سے لاک ڈاون سے متاثرہ مزید 40 مستحق خاندانوں میں راشن تقسیم کیا گیا۔ اس موقع پر اے ڈی ایم سی کے صوبائی چیئرمین جلال حسین طوری اور ایم ڈبلیو ایم ضلع پشاور کے سیکرٹری جنرل علامہ سید ذکی الحسن الحسینی بھی موجود تھے۔ علامہ سید ذکی الحسن نے دعا کرائی۔

وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا ہے کہ احتیاطی تدابیر پر مکمل طور پر عمل کرتے ہوئے یوم علیؑ کے جلوس برآمد کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت عزاداری کے پروگرام میں رکاوٹ ڈالنے سے باز رہے اور اپنی توانائیاں مثبت اقدام پر صرف کرے۔ پنجاب میں قرنطینہ سینٹرز اور کورونا سے متاثر افراد بدترین صورتحال سے دوچار ہیں۔ ہر مرض کو کورونا کا نام دینے کی وجہ سے عام مریض بھی ہسپتالوں میں جانے سے ہچکچاتے ہیں۔ بازاروں میں خریداروں کا ہجوم دیکھ کر صاف لگتا ہے کہ انتظامی معاملات حکومت کی گرفت سے نکلتے جا رہے ہیں۔ حکومت اپنی کمزوریوں پر توجہ دے کر ملک کو ممکنہ سنگین خطرات سے بچا سکتی ہے۔ پاکستان کے ملت تشیع ایک ذمہ دار قوم ہے، ہمیں ملک و قوم کی سلامتی عزیز ہے اور ہم ایسے اقدامات کی مخالفت کرتے ہیں جس سے ملک کے کسی بھی فرد کی صحت و سلامتی کو خطرہ ہو۔

علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے طے شدہ ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے ہر ایک کو مذہبی آزادی حاصل ہے۔ ان ایس او پیز پر عمل کے تحت یوم علی ؑ کی مناسبت سے جلوس معمول کے مطابق نکلیں گے۔ حکومت ان میں رکاوٹ پیدا کرنے کا خیال دل سے نکال دے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کہ ملک و قوم کی سلامتی کے پیش نظر  ہمیشہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والوں اداروں سے مکمل تعاون کیا ہے۔ ہماری اس لچک کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ انہوں نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ یوم علی ؑ کے جلوسوں کی حفاظت کیلئے متعلقہ اداروں کو غیر معمولی اقدامات کی ہدایات کی جائے۔

وحدت نیوز(اسلا آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ عزاداری کے پروگراموں میں حکومتی ایس او پیز کا خصوصی خیال رکھا جائے۔ جلوس میں شرکت کے دوران عزادار ماسک، مطلوبہ فاصلے اور سینی ٹائزر کے استعمال کو یقینی بنائیں۔جلوس کے شرکا کو تھرمل گن سے چیک کیا اور سینی ٹائزر واک تھرو گیٹ سے گزارا جائے۔انہوں نے کہا ہے کہ ملک و قوم کی سلامتی کے لیے حفاظتی اقدامات پر عمل کرنا انتہائی ضروری ہے ۔ ملت تشیع ایک ذمہ دار قوم ہے جس کا مقصد کسی کو نقصان پہنچانا نہیں بلکہ ان امکانات کو ختم کرنا ہے جو کورونا کے پھیلاؤ کا سبب بن رہے ہیں۔ اہل تشیع مشکل کی ہر گھڑی سے احسن انداز میں نبردآزما ہونا جانتی ہے۔ہم نے دنیا پر یہ ثابت کرنا ہے ہم ملکی قوانین کا احترام کرنا جانتے ہیں اور جو قوتیں پس پردہ رہ کر ملت تشیع کے خلاف زہر اگلنے میں مصروف ہیں ان کا ایجنڈا کچھ اور ہے۔

انہوں نے کہا کہ عزاداری پر کسی قسم کی آنچ نہیں آنے دیں گے۔لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد بازاروں کی حالت کسی جشن کا سماں پیش کر رہی ہے۔کہیں تل دھرنے کو بھی جگہ نہیں۔انتظامیہ اس صورتحال پر قابو پانے میں بالکل بےبس دکھائی دے رہی ہے۔بازاروں کا غیر معمولی ہجوم سنگین خطرات کی نشاندہی کر رہا ہے اس کے برعکس عزاداران امام عالی مقام علیہ السلام ہر اعتبار سے احتیاط کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔جن مسائل پر قابو پانے کی ضرورت ہے صوبائی حکومتوں کو چاہئیے کہ وہ ان پر توجہ دیں۔انہوں نے کہا حکومتی ایس او پیز کے مطابق ہمیں عزاداری امام عالی مقام کا مکمل حق حاصل ہے اور اس میں کسی قسم کی رکاوٹ ناقابل قبول ہے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ حضرت امیر المومنین امام علی المرتضی علیہ السلام کی حیات طیبہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ آپ نے اپنی پوری زندگی دین اسلام کی حفاظت اور تعلیمات قرآن و سنت کی ترویج کے لئے صرف کی۔ آپ نے اسلام کی حفاظت کے لئے انتھک مجاہد کا کردار ادا کیا اور ہمیشہ ظلم کے خلاف تلوار اٹھائی۔ اور کفار کے مقابلے میں ایک بہادر شجاع انسان کی طرح مرد میدان بن کر مقابلہ کیا۔نہج البلاغہ آپ کے بلند علمی مقام کا بین ثبوت ہے۔ جو پوری  امت مسلمہ بلکہ ہر مکتبہ فکر کے لئے رہنما کتاب کا درجہ رکھتی ہے۔ نہج البلاغہ شخصیت امام علی علیہ السلام کو سمجھنے کا بہترین ذریعہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ امام علی علیہ السلام یتیموں اور مسکینوں کے ہمدرد تھے آپ یتیموں کے لئے ایک مہربان باپ کی طرح تھے۔ اس لئے آپ کو ابوالیتامی کہا جاتا ہے آپ رات کی تاریکی میں اٹھ کر غریبوں مسکینوں اور یتیموں کی دیکھ بھال کیا کرتے تھے اور راتوں کو دستک دے کر غریبوں کے گھر کھانا پہنچاتے تھے۔ آپ نے بحیثیت حکمران کے زاہدانہ زندگی گزاری۔ آپ کا زھد تقوی آج بھی حکمرانوں کے لیے مشعل راہ ہے۔آپ نے حضرت مالک اشتر کو مصر کا گورنر مقرر کرتے ہوئے جو تحریری حکم نامہ دیا وہ الہیٰ اسلامی حکومت کا ایک جامع دستور العمل ہے۔ جو آج بھی دنیا بھر کے حکمرانوں کے لئے بہترین نمونہ عمل ہے۔ عدل و انصاف کے قیام اور رعایا کی مشکلات حل کرنے کے لئے آپ کا انداز حکومت ایک مثالی طرز حکمرانی کا درجہ رکھتا ہے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree