The Latest

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اوروفاقی وزیر مذہبی نور الحق قادری کے درمیان ٹیلفونک رابطہ ہوا ہے جس میں یوم علیؑ کے سلسلے میں منعقد ہونے والے عزاداری کے پروگراموں کے حوالے سے بات چیت کی گئی ہے۔علامہ راجہ ناصر عباس نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ حکومتی سطح پر منعقدہ اجلاس میں یہ بات طے شدہ تھی کہ حکومت کے اعلان کردہ ایس او پیز کے مطابق جلوس و عزاداری کے پروگراموں میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں آئے گی۔

جس طرح مساجد میں باجماعت نمازوں یا تراویح حکومتی وضع کردہ ایس او پیز کے تحت جاری ہے اسی طرح یوم علی علیہ السلام پر مجالس عزا و جلوس ہائے عزاداری کے جملہ معاملات میں بھی کسی قسم کی رکاوٹ نہیں ہونی چاہیئے، حکومت کی طرف سے واضح اعلان کے باوجود صوبائی حکومتیں یوم علی ؑ کے موقع پر رکاوٹ پیدا کرنے کے لئےمختلف حیلے بہانے تراش رہی ہیں ۔

ملت جعفریہ کے مذہبی جذبات کو نقصان پہنچا کر انہیں دانستہ طور پر مشتعل کرنے کی کوشش کسی بھی اعتبار سے درست نہیں اور ایک ناقابل برداشت عمل ہے۔وفاقی حکومت کو چاہیے کہ وہ صوبائی حکومتوں کے متعصبانہ اور بلاجواز اقدامات کا نوٹس لے اور انہیں ایسے غیر سنجیدہ فیصلوں سے باز رکھا جائے۔وفاقی وزیر نے مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ مذہبی رواداری اور باہمی احترام ان کی ترجیحات کا حصہ ہےاور بہت جلد ملک کے جید علما کااجلاس بلا کر یہ معاملہ بھی بخوبی طے کر لیا جائے گا۔

وحدت نیوز(لاہور) مجلسِ وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات و فوکل پرسن برائے مذہبی ہم آہنگی حکومت پنجاب سید اسد عباس نقوی نے پنجاب کے گورنر چوہدری سرور سے ملاقات کی۔

اس ملاقات میں ملک کی موجودہ صورت حال، مذہبی ہم آہنگی اور یوم علی علیہ السلام کی مناسبت سے پروگراموں کے انعقادپر خصوصی بات چیت ہوئی۔

سید اسد عباس نقوی نے کہا کہ صدر مملکت سے علماء کرام کی ملاقات میں طے شدہ ایس او پیز کے مطابق تمام مکاتب فکر کو اپنی عبادات بجا لانے کی مکمل اجازت ہے۔اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ بننے سے گریز کیا جانا چاہئیے۔

انہوں نے گورنر پنجاب مطالبہ کیا کہ صدر مملکت سے علما کرام کی ملاقات کے بعد جاری ایس او پیز کے نکات میں اگر کوئی مزید وضاحت درکار ہے تو فوری طور پر کی جائے۔

گورنر پنجاب نے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ان مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا تاکہ کسی بھی قسم کا کوئی ناخوش گوار واقعہ رونما نہ ہو۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ ماہ رمضان المبارک قرآن کریم سمیت تمام آسمانی کتابوں کے نزول کا مہینہ ہے اللہ تعالی نے اس مبارک مہینے کی پہلی تاریخ حضرت ابراہیم خلیل علیہ السلام پر صحیفہ نازل کیا 6 رمضان المبارک کو تورات جبکہ 12 رمضان المبارک کو انجیل نازل کی گئی۔ 18 رمضان المبارک کو حضرت داود ع پر زبور نازل ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ قرآن کریم ماہ مبارک رمضان میں نازل ہوا جو کتاب ھدایت اور دستور حیات ہے۔ قرآن کریم کا پڑھنا باعث ثواب اس کا سمجھنا باعث ھدایت اور اس پر عمل کرنا باعث نجات ہے۔ قرآن کریم کی تعلیمات سے دوری امت مسلمہ کے زوال کا سبب ہے۔ ماہ مبارک رمضان بہار قرآن کا مہینہ ہے جس میں تلاوت قرآن کریم کے ساتھ ساتھ ہمیں قرآن فہمی پر توجہ دینی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ ہر زمانے کی طرح عصر حاضر کی انسانیت کو بھی قرآن کریم کی ضرورت ہے قرآن انسانوں کو حق و صداقت اور سیدھے راستے کی رہنمائی کرتا ہے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ایم ڈبلیو ایم مرکزی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت یوم علیؑ کے جلوسوں میں رکاوٹ بننے سے گریز کرے۔یوم علی ؑ کی مناسبت سے مجالس پر کسی قسم کی پابندی قابل قبول نہیں۔اس سلسلے میں صدر پاکستان، وزیر اعظم اور وفاقی وزیر مذہبی امور کو خطوط بھی ارسال کر دیے گئے ہیں۔کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے حکومت کی طرف سے جاری ایس او پیز کے تحت ملت تشیع کواپنی عبادات اور مذہبی رسومات ادا کرنے کا مکمل حق حاصل ہے۔

صدر پاکستان اور وزیر اعظم نے علماءکے ساتھ اجلاس میں بھی واضح طور پر کہا تھا کہ ایس او پیز کے بیس نکات کی پاسداری کو یقینی بنانے والوں کی مذہبی معاملات میں کوئی خلل نہیں ڈالا جائے گا مگر سندھ اور پنجاب کی صوبائی حکومتیں یوم علی ؑ کے جلوسوں میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ مسلکی تعصب کی آڑ میں ملت تشیع کو نشانہ بنانے کی کسی کو بھی ہرگز اجازت نہیں دی جاسکتی۔انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کا یہ فرض بنتا ہے کہ ملت تشیع کے حوالے سے کوئی بھی یکطرفہ فیصلہ کرنے کی بجائے شیعہ قائدین کو اعتماد میں لیا جائے اور مشاورت کے بعد وہ فیصلے کیے جائیں جن پر دونوں فریق راضی ہوں۔

انہوں نے کہاکہ ملک کے آٹھ کروڑ تشیع پر کوئی اپنی مرضی کیسے ٹھونس سکتا ہے۔کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے حکومت کی طرف سے جاری ہدایات پر ہمارے لوگ پہلے بھی سختی سے کاربند رہے ہیں اور آئندہ بھی احتیاط کے تمام تقاضوں کو ملحوظ خاطر رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ لاپتہ افراد کی بازیابی میں دانستہ طور پر تساہل برتا جارہا ہے جوتشویش کا باعث ہے ۔اس مسئلے کو حل ہوجانا چاہیے۔ہمارا مطالبہ ہے کہ جبری گمشدہ افراد کو منظرعام پر لایا جائے۔لاک ڈاؤن کے باعث عام آدمی کی معاشی مشکلات میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے حکومت کو”لائف ودکورونا“کی پالیسی لانا ہوگی تاکہ معیشت کا پہیہ روانی کے ساتھ چلتا رہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور سفاکیت بڑھتی جارہی ہے۔ امت مسلمہ کو چاہیے کہ وہ ہم آواز ہو کر کشمیریوں کے حمایت میں آواز بلندکریں۔اگرپوری دنیا کے مسلم حکمران بھارت پرسنجیدگی سے زور ڈالیں تو مقبوضہ کشمیر ظلم کی چکی میں پسنے والے مسلمانوں کو دنوں میں نجات مل سکتی ہے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ ام المومنین سیدہ خدیجہ الکبری ع کے امت مسلمہ پر جو احسانات ہیں وہ تا ابد یاد رکھے جائیں گے۔ ملیکہ العرب سیدہ خدیجہ الکبری ع نے سیدالانبیاء کا مشکل حالات میں ساتھ دیا آپ رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی شریک حیات اور مونس و مددگار تھیں اپنے ایثار اور پاکیزہ کردار کے باعث حضرت سید الانبیاء ص نے ہمیشہ سیدہ خدیجہ کو عظمت کے ساتھ یاد فرمایا۔ آپ نے اپنی ساری دولت دین اسلام اور خدا کی راہ میں خرچ کی۔

 انہوں نےکہا کہ عصرحاضر کے انسانوں خصوصا صنف نسواں کو سیرت خدیجہ ع کو اپنے لئے نمونہ عمل بنانا چاہیے دولت مند لوگ سیرت سیدہ خدیجہ الکبری ع پر عمل کرتے ہوئے اپنی دولت کو خدا کی راہ میں دین کی ترویج اور مفلس و نادار انسانوں کی بھلائی کے لئے خرچ کریں۔

انہوں نےکہا کہ تعجب کی بات ہے کہ ایک طرف لوگ غربت کے باعث بھوکے اور ننگے ہیں لوگوں کے گھروں میں فاقہ ہے جبکہ دوسری طرف ارب پتی اور کھرب پتی بے درد اور لاتعلق نظر آتے ہیں۔ موجودہ حالات کا شرمناک پہلو ارب پتی سیاستدانوں اور منتخب نمائندوں کا غریب عوام کے راشن میں خورد برد اور کرپشن ہے۔ بھوک و افلاس کے مارے غریب عوام کے راشن میں کرپشن کرکے ملکی تاریخ میں جرم اور بے حسی کی شرمناک روایت قائم کی گئی جس کا احتساب بے حد ضروری ہے۔

وحدت نیوز(لاہور) سیرت و کردار جناب خدیجتہ الکبری س تمام امت مسلمہ کے لیے روشن مثال ہے۔ محترمہ زھرا نقوی مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل اور رکن پنجاب اسمبلی محترمہ سیدہ زھرا نقوی نے وصال ام المومنین حضرت خدیجة الکبری کے موقع پر تمام عالم اسلام کی خدمت میں تعزیت پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ تاریخ عالم کا رخ بدلنے میں جن خواتین نے نمایاں کردار ادا کیاہے جناب خدیجة الکبری س ان باوقار و عظیم خواتین میں پہلی خاتون ہیںکہ جنھوں نے دین اسلام کی خاطر بے پناہ قربانیاں پیش کیں ام المومنین،سیدہ خدیجۃالکبریٰ عرب کی معزز ترین اور دولت مند خاتون ہونے کے ساتھ ساتھ علم و فضل اور ایمان میں بھی نمایاں مقام رکھتی ہیں پیغمبر اسلام صلی ا للہ علیہ و آلہ وسلم آپ کی رفاقت اور غمگساری کو آخری سانس تک نہ بھول پائے اور فرمایا کہ خدیجہؑ جیسی رفیقہ مجھے کوئی اور نہ ملی۔

 انھوں نے کہا جناب خدیجہ سلام اللہ علیھا رسول خدا صل اللہ علیہ و آلہ وسلم کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے سے پہلے بھی ایک تاریخ ساز شخصیت تھیں جاھلیت کے اس دور میں کہ جہاں عورت کو زندہ درگور کر دیا جاتا جناب خدیجہ سلام اللہ علیھا نے گھر بیٹھے منظم و مربوط تجارتی نظام کو سنبھالا ذرائع آمد و رفت اور وسائل نقل و حمل کے حد درجہ محدوداور غیر ترقی یافتہ ہونے کے باوجود نہ صرف عربی حدود بلکہ عرب سے باہر دیگر ممالک تک آپ کا سلسلۂ تجارت وسیع تھا۔دنیاقومیت میں محدود تھی اور آپ کی تجارت بین الاقوامی تھی۔

کردار جناب خدیجة پر روشنی ڈالتے ہوئے انھوں نے مزید کہا ام المومنین ملیکة العرب جناب خدیجہ س نے دین اسلام کی ترویج و تبلیغ میں اپنی ساری دولت راہ خدا میں خرچ کر دی رسول خدا صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ہر مشکل وقت میں بھرپور ساتھ دی اور کار رسالت کی انجام دہی میں رسول اللہؐ کے شانہ بشانہ چلتے ہوئے جناب خدیجہ س نے بیشمار مصائب و آلام تحمل کیے ان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ  پیچیدہ صورتحال میں امت مسلمہ سیرت ام المومنین جناب خدیجة الکبری س کو اپناتے ہوے پہلے سے ذیادہ اپنے اطراف میں موجود غربا و مستحقین  کا خیال رکھیں اور ان کی ہر ممکن امداد کو یقینی بنائیں۔

وحدت نیوز(لاہور) ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین لاھور کی جانب سے مختلف علاقوں میں امداد کا سلسلہ جاری ،مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاہور کی سیکریٹری جنرل محترمہ حنا تقوی نے AMDC کے تحت بیدیاں روڈ، سنگھ پورہ اور بی بی پاکدامن یونٹ میں 30 مستحق خاندانوں کا راشن ان کے گھروں تک پہنچایا گیا علاوہ ازیں غریب و نادار سادات گھرانوں کے بیمار افراد کے علاج و ادویات کے لیے رقوم بھی پیش کی گئیں۔

اس موقع پر محترمہ حنا تقوی کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک برکتوں، رحمتوں اور مغفرتوں کا مہینہ ہے۔اللہ تعالیٰ اس مہینے میں اپنی رحمتوں کے دروازے کھول دیتا ہے اور نیکیوں کا اجر وثواب بھی کئی گنا بڑھ جاتا ہے ۔

انھوں نے کہ کہ کرونا وبا کی وجہ سے پہلے سے ذیادہ غریب طبقے کی مدد کرنے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے مخیر حضرات سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس ماہ رمضان میں دنیا و آخرت کی سعادت حاصل کریں اور دل کھول کر صدقہ خیرات اور زکوٰۃ و خمس ادا کریں اور لوگوں کا دکھ درد بانٹنے کی کوشش کریں

وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین کے ذیلی ادارے المجلس ڈیزاسٹر منیجمنٹ کی جانب سے ملتان میں جامعہ شہید مطہری کے پرنسپل علامہ قاضی نادر حسین علوی کی سرپرستی میں کرونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تجہیز و تکفین کے لیے چار رکنی ٹیم کا اعلان کردیا گیا، ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے حفاظتی سامان چار رکنی ٹیم کے حوالے کیا۔

 واضح رہے کہ کرونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تجہیز و تکفین کے لیے دیگر شہروں میں ٹیمیں موجود تھیں لیکن ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں اس حوالے سے اقدام نہیں کیا گیا تھا۔

 وحدت نیوزسے گفتگو کرتے ہوئے تجہیز تکفین ٹیم کے سرپرست اور جامعہ شہید مطہری کے پرنسپل علامہ قاضی نادر حسین علوی نے کہا کہ ہمارے جامعہ کے طلباء اور ہمارے والنٹیئرز اس وقت ملتان میں کسی بھی ایسی دشواری کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں، ہماری اولین ترجیح ہے کہ احتیاطی اور حفاظتی انتظامات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کرونا وائرس سے انتقال کرنے والے افراد کی تجہیز و تکفین شرعی طریقے سے کی جائے۔

 اُنہوں نے کہا کہ المجلس ڈیزاسٹر منیجمنٹ سیل جہاں دیگر اُمور میں اپنا کردار ادا کررہی ہے وہیں اس اہم مشکل کو حل کرنے میں بھی اپنا کردار ادا کرے گی۔ اس موقع پر صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سلیم عباس صدیقی، صوبائی سیکرٹری سیاسیات مہر سخاوت علی، اسد عباس عسکری اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ وحید عباس کاظمی نے کوہاٹ کے علاقے گڑھی مواز خان میں پولیس کانسٹیبل ادیب حسین پر شرپسندوں کی فائرنگ کے نتیجے میں قتل کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے نوجوان کی شہادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک و قوم کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کا رُتبہ نہ صرف اس دنیا میں بلکہ خدا کے ہاں بھی بلند تر ہے۔ انہوں نے کہا کہ فائرنگ کا مذکورہ واقعہ علاقے کے امن کو تباہ کرنے کی کوشش ہے۔

ملک دشمن عناصر صوبے میں انارکی پھیلانے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔ دوسروں کے جان و مال کی حفاظت کرنے والے سکیورٹی اہلکاروں کی اپنی جانیں بھی اتنی ہی قیمتی ہیں، جتنی دوسروں کی ہیں۔ ڈیوٹی پر مامور افراد کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اعلیٰ حکام کی طرف سے غیر معمولی اقدامات کیے جانے چاہیئے۔ انہوں نے ادیب حسین کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے شہید کے بلند تر درجات اور اہل خانہ کے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔

وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ذیلی ادارے  المجلس ڈیزاسٹر منیجمنٹ سیل کے زیراہتمام ملک کے دیگر حصوں کی طرح کراچی میں بھی فلاحی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق المجلس ڈیزاسٹر منیجمنٹ سیل کراچی ضلع ملیرکی جانب سے مختلف علاقوں میں لاک ڈاؤن سے متاثرہ گھرانوں کے لئے راشن کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے۔

 راشن کی تقسیم کے علاوہ لاک ڈاؤن سے متاثرہ شہریوں میں مخیر حضرات کے تعاون سے پکے ہوئے کھانے بھی ضرورت مند گھرانوں میں تقسیم کئے جارہے ہیں، ساتھ ہی ساتھ ادارے کی جانب سے طبی عملے میں Protection Kits بھی تقسیم کی گئی ہیں۔ جبکہ مختلف علاقوں میں سبزی کے بیگز بھی سینکروں گھرانوں میں تقسیم کیئے گئے ہیں۔

ایم ڈبلیو ایم ضلع ملیر کے سیکریٹری جنرل احسن عباس رضوی نے بتایا کہ گذشتہ دوماہ سے اب تک ضلع ملیراور دیگر علاقوں کے500 گھرانوں میں راشن تقسیم کیا جاچکا ہے، ان شاء اللہ امداد کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے مخیر حضرات سے اپیل کی مشکل کی اس گھڑی میں المجلس ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل کے شانہ بشانہ ضرورت مند گھرانوں کی امداد میں اپنا حصہ ضرور ڈالیں۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree