The Latest
وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا ہے کہ سقوط ڈھاکہ قومی المیہ تھا، جس نے پاکستان کو دولخت کیا، یہ رستا ہوا قومی زخم ہے، مگر بدقسمتی سے موجودہ حکمرانوں کی پالیسیاں اور نفرت انگیز رویوں نے قوم کو ایک مرتبہ پھر بند گلی میں دھکیل دیا ہے۔ احساس محرومی کو ختم کیا جائے۔ انتشار، نفرت اور انتقامی سیاست کو بند ہونا چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نازک دہراہے پر کھڑا ہے، سانحہ اے پی ایس کا زخم آج بھی تازہ ہے، دہشت گردی کی عفریت کو جب تک جڑ سے اکھاڑ کر پھینکا نہیں جائے گا، اس وقت تک ملک و قوم محفوظ نہیں ہوسکتے۔ قوم نے نام نہاد امریکی جنگ میں ناقابل تلافی نقصان برداشت کیا ہے، وقت کا تقاضا ہے کہ سقوط ڈھاکہ اے پی ایس اور دیگر سانحات سے سبق سیکھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے جلسے میں محمود خان اچکزئی کے متنازعہ خطاب سے زندہ دلانِ لاہور کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ تحریک پاکستان میں اہل لاہور اور اہل پنجاب نے قائداعظم محمد علی جناح کے شانہ بشانہ ہراول دستے کا کردار ادا کیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں ہوشربا اضافہ قابل مذمت ہے، فی الفور واپس لیا جائے۔ ایک طرف حکمرانوں کی کارکردگی پٹرولیم بحران رپورٹ نے پوری قوم کے سامنے عیاں کر دی ہے جبکہ دوسری جانب بڑی ڈھٹائی کے ساتھ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوامی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ المیہ ہے کہ موجودہ حکمران ہر محاذ پر بری طرح ناکام ہوچکے ہیں، تبدیلی عوام کے لیے عذاب سے کم نہیں، کسی بھی شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والا شخص آسودہ حال نہیں۔ عوام پریشان اور اس کا کوئی پرسان حال نہیں۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی جانب سے ماہ رمضان المبارک میں المجلس علمی و تربیتی گروپ کے نام سے ایک واٹس ایپ گروپ تشکیل دیا گیا جسکا مقصد مختصر وقت میں دین کی بنیادی معلومات سے آگاہی دینا اور احکام دین کی روشنی میں خواتین کی ذہنی اور فکری تربیت کرنا ہے تاکہ اس مصروف ترین دور میں وہ پورے دن میں آدھے گھنٹہ نکال کر دین کے مختلف تربیتی موضوعات کا علم حاصل کریں ۔
اس سلسلے میں ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی محترمہ معصومہ نقوی کی سرپرستی میں ہر ماہ دس روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا جاتا ہے جس میں مختلف جید علماۓ کرام اور معلمات اپنے دروس کے ذریعے خواتین کی فکری تربیت کا فریضہ انجام دے رہے ہیں گروپ میں مختلف شعبہ ہاے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین استفادہ کر رہی ہیں کرونا وائرس کے باعث لاک ڈاون کے عرصے میں ماہ مبارک رمضان میں پندرہ روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا بعد ازاں ماہ ذیقعدہ سے ہر ماہ آن لائن دس روزہ تربیتی دروس کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس کا سلسلہ ماہ شعبان تک جاری رہے گا ماہانہ ورکشاپ کے اختتام پر ہرموضوع کا امتحان لیا جاتا ہے جس میں خواتین کی جانب سے بھرپور حصہ لیا جاتا ہے۔
ماہ شعبان تک تربیتی کورس مکمل کرنے اور مقررہ پوائنٹس کا ھدف حاصل کرنے والی خواہران میں مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین پاکستان کی جانب سے اسناد تقسیم کی جائیں گی جبکہ پہلی تین پوزیشنز حاصل کرنے والی خواتین کو اسناد کے ساتھ انعامات بھی دیے جائیں گے ان شاء اللہ دس جمادی الاول سے "الصدیقة الکبری س" ورکشاپ کا آغاز کیا جاۓ گا اس کورس میں اب تک احکام دین ، اخلاق ، سیرت آئمہ معصومین ، تفسیر قرآن ، رسالہ حقوق امام سجاد ، حالات حاضرہ ، دشمن شناسی ، معرفت امام زمانہ عج ، آئین ہمسر داری ، عقائد امامیہ اور سیاسی بصیرت کے عنوانات سے لیکچرز دیے گئے ہیں۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) سینئرصحافی طارق محمودملک کے انتقال پُر ملال پر نہایت دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئےسربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کہاکہ طارق محمود ملک ایک بہترین صحافی اور شریف الطبع انسان تھے جنہوں نے ہمیشہ اعلیٰ صحافتی اقدار کی پاسداری کی۔
انہوں نے مزید کہاکہ طارق محمود کی اعلیٰ صحافتی خدمات کو مدتوں یاد رکھا جائے گا۔طارق محمود کی بلندی درجات اور سوگواران کے صبر کے لیے دعاگو ہیں۔خداوند کریم سے دعا گو ہوں کہ پروردگار مرحوم کی مغفرت ،بلندی درجات اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
وحدت نیوز(ملتان) ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن اور پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن کے زیراہتمام یومِ شہداء آرمی پبلک سکول پشاور کی یاد میں دعائیہ تقریب اور خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے سیاسی و سماجی شخصیت رہنما مجلس وحدت مسلمین انجینئر مہر سخاوت علی کی واک میں شرکت۔
واک کی قیادت صوبائی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت، ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب ایم پی اے محمد ندیم قریشی، سنئیر رہنما پاکستان تحریک انصاف و سید گروپ کبیر والہ بیرسٹر سید عابد امام شاہ، چئیرمین پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن ملتان مخدوم شعیب اکمل ہاشمی، صدر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن نعیم اقبال نعیم، سیاسی و سماجی شخصیت رہنما مجلس وحدت مسلمین انجینئر مہر سخاوت علی ، ماہرین تعلیم پروفیسر عنایت علی قریشی، پروفیسر اعظم حسین، میاں محمد ماجد، اور انجنئیر رانا محمد شیراز نے کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے محمد ندیم قریشی، بیرسٹر سید عابد امام شاہ، مخدوم شعیب اکمل ہاشمی ، نعیم اقبال نعیم اور انجینئر مہر سخاوت علی نے کہا کہ سانحہ آرمی پلک سکول پشاور پاکستان کے وجود کا وہ گہرا زخم ہے جو کبھی بھرا نہیں جا سکتا۔ شہداء آرمی پبلک سکول پشاور نے اپنے خون سے علم کی شمع کو روشن کر کے علم دشمن قوتوں کی سازش کو ناکام بنا دیا۔ قومیں ہمیشہ عظیم قربانیا ں دے کر ہی زندہ رہتی ہیں۔
شہداء اے پی ایس کی عظیم و لازوال قربانی نے پوری قوم کو متحد و یکجا کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کو نئی زندگی بخشی بندوق والوں کے مقابلے میں ہمیں قلم کو اپنا ہتھیار بنا کر ان کے مقاصد خاک میں ملانا ہوں گے۔ ہمارے آج کے طالبِ علم، اساتذہ اور افسران قلم،کتاب اور کاپی کو عام کر کے علم کی روشنی سے چار سو اجالا کرنے کی کوشش کریں۔ اس موقع پر محمد امین انصاری، مختار سومرو، رشید خان، محمد عاصم گولڑوی، ملک حامد رفیق، ارحم روحان، محمد عقیل شریف، مرزا علی رضا، علی صابر سبحانی، شیخ محمد یامین، مہک زہرہ، سونیا زہرہ، فاطمہ، شحرش ظفر اور حسن ندیم و دیگر نے شہداء اے پی ایس کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی آخر میں استحکام پاکستان اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) داعی اتحاد بین المسلمین قاضی فضل رسول حیدر رضوی رحمۃ اللہ علیہ ضائے الہیٰ سےانتقال کرگئے ۔ اس موقع پر مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان سید ناصرعباس شیرازی نےمرحوم کے فرزند اور موجودہ گدی نشین صاحبزادہ فیض رسول سے ان کے والد اور مرحوم کے بھتیجے چیئرمین سنی اتحاد کونسل پاکستان صاحبزادہ حامد رضا سے ٹیلی فون پر بات چیت کرکے ان کے تایا مرحوم کی وفات پر سربراہ ایم ڈبلیوایم قبلہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری حفظہ اللہ کی جانب سےتعزیت پیش کی، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کے دکھ کی اس گھڑی میں ہم آپ کے ساتھ برابر کے شریک ہیں ،یہ ایک قومی نقصان ہے مرحوم وحدت اسلامی کے نقیب تھے اور تکفیریت کے سخت مخالف تھے اور ان کے خانوادے سے یہ توقع رکھتے ہیں کے وہ ان کے اس پیغام کو جاری و ساری رکھیں گے۔
وحدت نیوز (سکردو) گلگت بلتستان کے عوام تک گندم کی منصفانہ تقسیم نا ہونا بڑا المیہ ہے۔ حکومت کی اہم ترین ذمہداریوں میں سے ایک عوامی مطالبات کا پورا کرنا اور مسائل کا منصفانہ اور فوری حل نکالنا ہے۔ اس وقت ہم حکومت کا حصہ ہونے کے ناطے اپنا فریضہ سمجھتے ہیں کہ گندم کی بلیک مارکیٹنگ اور دیگر وجوہات کی بنیاد پر عوام کو درپیش مسئلے کو فوری طور پر حل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انشااللہ انصاف کی حکومت عوامی مطالبات بالخصوص گندم کی شارٹ سپلائی کے مسئلے کو حل کریگی۔ بذات خود اس اہم مسئلے کو متعلقہ وزارت اور ذمہ داران تک پہنچانے کی یقین دہانی کراتا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار رکن گلگت بلتستان اسمبلی و سکریٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم ضلع کھرمنگ شیخ اکبر رجائی نے یادگارہ شہدا سکردو پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی سیکریٹری جنرل آغا علی رضوی بھی موجود تھے جو مجلس وحدت مسلمین روندو کے رہنما انجینئر ممتاز کلیم کیساتھ اظہار کیلئے یادگارشہدا ءپہنچے۔ واضح رہے کہ انجینئر ممتاز کلیم گندم کی منصفانہ تقسیم اور دور دراز علاقوں تک گندم کی بروقت سپلائی نہ ہونے کے مسئلے پر گزشتہ کئی دنوں سے یادگار شہدا پر احتجاجی دھرنا دیئے بیٹھے تھے۔ اس دوران آغا علی رضوی کے مشورے اور رکن اسمبلی شیخ اکبر رجائی کیطرفسے متعلقہ وزارت اور ارباب اختیار تک اس مسئلے کو پہنچا کر فوری حل نکالنے کی یقین دہانی پر انجینئر ممتاز کلیم نے اپنے احتجاجی دھرنے کو ملتوی کردیا۔
ممتاز کلیم کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے دور دراز علاقے کی غریب عوام کو گندم کی شارٹ سپلائی کا مسئلہ درپیش ہے جو سخت سردی اور برفباری کی وجہ سے مزید مشکلات کا سبب بن رہا ہے۔ متعلقہ ادارے کو بار بار متوجہ کرنے کے باوجود مسئلے کے حل کیلئے سنجیدہ اقدام نہیں اٹھایا گیا جس پر مجبورا انہیں احتجاجی دھرنا دینا پڑا۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاہور کی جانب سے گلشن علی سوسائٹی میں کم سن بچوں اور بچیوں کے لیے احکام نماز کے موضوع پر ایک درسی نشست کا انعقاد کیا گیا۔ نشست کے دوران سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین لاہور محترمہ حنا تقوی نے واجبات نماز اور مکروہات نماز بچوں کے متعلق بچوں سے گفتگو کی۔
اس نشست میں بچوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ نشست کے دوران نماز کی اہمیت بیان کرتے ہوئے محترمہ حنا تقوی کا کہنا تھا کہ نماز دین کا ستون ہے، تمام اعمال کی قبولیت کے لئے نماز قبول ہونا شرط ہے۔
انھوں نے والدین کو تاکید کی کہ بچوں کے لیے کم سنی میں ہی نماز اور دیگر احکام دیں سیکھنے کی ترغیب پیدا کریں تاکہ وہ سن بلوغت تک پہنچتے ہی نماز پنجگانہ باقاعدگی سے انجام دیں اور ان کی بنیاد اپنے دین پر مضبوط ہو۔
وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کی سربراہ اور رکن پنجاب اسمبلی سیدہ زہراء نقوی کا کہنا ہے کہ سانحہ اے پی ایس پشاور پاکستان کی تاریخ کا بھیانک ترین دہشتگردی کا واقعہ ہے، جس میں معصوم بچوں سمیت 144 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اس کربناک واقعے نے پوری قوم کو جھنجھوڑ ڈالا، چھ سال گزر جانے کے باوجود آج بھی آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کی یاد میں دل خون کے آنسو روتا یے۔
درندہ صفت دہشتگرد جو کہ انسانیت کے دشمن ہیں، انہوں نے بزدلانہ وار کرکے معصوم بچوں پر ظلم و ستم کی انتہا کر دی اور ایسی سفاکیت کا بازار گرم کیا کہ زمین کانپ اٹھی۔ انھوں نے کہا کہ ننھے بچوں کی اس عظیم قربانی نے قوم کو دہشتگردی کے خلاف یکجا کر دیا۔ ان کا مزید کہنا تھا ملک دشمن عناصر کے لئے فوری اور کڑی سے کڑی سزا ہونی چاہیئے، تاکہ وہ نشان عبرت بن سکیں اور قوم کا کوئی بھی فرد اس بے دردی سے اپنے پیاروں سے جدا نہ ہو۔
وحدت نیوز (کراچی) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے نو منتخب صدر حسن عسکری نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی تعاون اور ملی مسائل کے عناوین سمیت نوجوانوں کی تربیت و تعلیم کے مسائل زیر بحث آئے۔ آئی ایس او کراچی کے صدر حسن عسکری نے علامہ باقرعباس زیدی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو ہر میدان میں ہمیشہ علماء کی سرپرستی کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی ایس او شہداء کے راستہ پر گامزن ہے اور ملت کے دیرینہ مسائل کے حل کے لئے اجتماعی جدوجہد میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے لئے ہمہ جہت مصروف عمل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کے تعلیمی و تربیتی مسائل میں علماء کرام کی رہنمائی اور تعاون درکار ہے، جس کے لئے انہوں نے علامہ باقر زیدی کو بھی دعوت دی کہ وہ نوجوانوں کے لئے ضروری تربیتی امور سے متعلق تعاون کریں۔
علامہ باقر زیدی نے کہا کہ نوجوان ہماری ملت کا سرمایہ ہیں، آج جدید دور میں نوجوانوں کو علمی و اخلاقی و دینی و فقہی امور کے ساتھ ساتھ حالات حاضرہ کے امور پر بہتر انداز میں گرفت حاصل کرنی چاہیئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مساجد ہمارے مراکز ہونے چاہئیں، ہر علاقہ کی مساجد سے ہم عوام کے دیرینہ مسائل کو حل کرسکتے ہیں، تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ تنظیمیں اور ادارے مساجد کو اپنا مرکز قرار دیں۔
اس موقع پر انہوں نے آئی ایس او کراچی کے صدر کو ہر ممکنہ تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین نے ہمیشہ آئی ایس او کے ساتھ ہر سطح پر تعاون کیا ہے اور مستقبل میں بھی یہ تعاون جاری رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیکی اور بھلائی کے کاموں میں تعاون قرآنی و الہیٰ اصل ہے اور ایم ڈبلیو ایم اس پر کاربند ہے۔
وحدت نیوز(سکردو)رہنما مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان و صوبائی وزیر زراعت کاظم میثم نے گمبہ سکردو سے تعلق رکھنے والے ہونہار طالب علم اورمستقبل کے ڈاکٹر محمد عابدین کی افسوسناک رحلت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ محمد عابدین کی رحلت پوری قوم کا نقصان ہے۔ مرحوم میرے عزیز تھے انکی رحلت سے دلی صدمہ پہنچا۔ غم کی اس گھڑی میں لواحقین اور عزیز و اقارب کو تسلیت و تعزیت پیش کرتے ہیں۔ مرحوم ایک جوان صالح اور قومی درد رکھنے والا تھا۔ ان کی رحلت سے جو خلا پیدا ہوا ہے اسے پر نہیں کیا جاسکتا۔ انکی رحلت پر تمام لواحقین کو صبر و شکر کی تلقین کرتے ہیں اور مرحوم کی مغفرت اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا گو ہیں۔