The Latest

وحدت نیوز(سکردو)مجلس وحدت مسلمین ضلع سکردو کے سکریٹری جنرل ، ماہر تعلیم شیخ فدا علی ذیشان نے کہا کہ بجا طور پر کہا جاسکتا ہے کہ امریکہ سے نفرت کرنا ایمان کا جز اور قرانی تعلیمات کے مطابق ہے۔ انہوں حسینی مسجد سکردو میں درس اخلاق دیتے ہوئے کہا کہ امام خمینی کا یہ فرمان کہ "امریکہ شیطان بزرگ ہے"کوئی سیاسی بیان نہیں تھا بلکہ علم عرفان کی گہرائی سےجب دیکھا تو اگر دنیا میں کہیں اگر شیطان مجسم ہے تو وہ امریکہ ہے جس نے پوری دنیا کی دولت پرقبضہ کررکھا ہے۔ ایران کی معروف درسگاہ المصطفی یونیورسٹی پر پابندی عائد کرکے ثابت کیا کہ وہ مسلم امہ کی تعلیم اورترقی کادشمن ہے۔

حسینی مسجدمیں درس اخلاق کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ اسلامی انقلاب نےایسے پاکیزہ افراد کو جنم دیا جنہوں نے سامراجی طاقتوں کے مذموم عزائم کو بے نقاب کیا۔ عصر حاضر کے خیبر کو فتح و کامرانی سے ہمکنار کیا۔ تعلیمی ادارے پر پابندی درحقیقت امریکہ کےاسلام دشمنی کامنہ بولتا ثبوت ہے۔ امریکا اپنے انہی کارتوتوں سے ان افراد کو بھی واضح پیغام دیتا رہا ہے جو روشن خیالی کے نعروں اور مادی ترقی دیکھ کر امریکا کے گن گاتے تھے۔

انہوں نے مزید کہاکہ انسانیت کے علمبردار ہونے کا نعرہ لگانے والے امریکہ کے جنگی جرائم کا تو ہماری تاریخ گواہ ہے، گزشتہ کئی دہائیوں سے امریکہ شیطنت انتہاپسندی کے فروغ، امن عامہ کو تہس نہس کرتے ہوئے دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات پر دخل اندازی، شیطانی نیٹورک کے ذریعے دراندازی، دہشت گردی اور انتہاپسندی کے فروغ سمیت ہسپتالوں ، پر امن شہریوں پر بمباری، ماہرین تعلیم اور سائنسدانوں کے قتل، اور اب ایک علمی ادارے پر پابندی کے ذریعے مزید واضح کررہا ہے کہ وہ دراصل منافقانہ طرز عمل اپناتے ہوئے عالم اسلام اور عالم انسانیت کیساتھ کھلی دشمنی کے اپنے ایجنڈے پر کاربند ہے۔

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نے کہا ہے کہ سانحہ آرمی پبلک اسکول کو چھ سال گزر گئے ہیں لیکن اس کے زخم ابھی تک تازہ ہیں۔دشمنوں نے معصوم نہتے طلباء کو دہشت گردی کا نشانہ بنا کر جس کی بربریت کا اظہارکیا ہے اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ ارض پاک کو دہشت گردوں کے چنگل سے نجات دلانے کے لیے قوم کی دی گئی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔قوم کے وہ نوجوان اور والدین تحسین کے مستحق ہیں جنہوں نے اپنے خونی رشتوں پر وطن کی محبت کو مقدم رکھا۔سانحہ اے پی ایس میں جانوں کانذرانہ پیش کرنے والے 144خاندانوں کے پیاروں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا دہشت گردانہ کاروائیوں کے ذمہ داران کوفوری اور عبرتناک سزائیں دے کر ملک سے دہشت گردی کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔ملک دشمن عناصر کسی بھی لچک یا رحم کے مستحق نہیں۔ریاست کے دہشت گردوں جماعتوں سے برابری کی بنیاد پر مذاکرات ریاست کی کمزوری کو ظاہر کرتے ہیں۔ملک دشمن عناصر سے مذاکرات نہیں کیے جاتے انہیں ملکی قوانین کے مطابق سزائیں دی جاتی ہیں۔ریاست کو کسی بیرونی دباؤ کی پرواہ کیے بغیر آئینی و قانونی بالادستی کو یقینی بنانا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ اے پی ایس سانحے کے ذمہ داران دہشت گردکو کیفر کردار تک پہنچایا جانا قانون و انصاف کی بالادستی ہے۔تاہم متعدد دہشت گردی کے واقعات کے ذمہ داران ابھی تک اپنے انجام تک نہیں پہنچے۔انتہاپسندانہ کاروائیوں میں ملوث ہر مجرم کو نشان عبرت بنایا جانا چاہیے تاکہ شہدا کے پسماندگان کے رستے ہوئے زخم مندمل ہوسکیں۔انہوں نے سانحہ اے پی ایس سمیت ملک بھر کے شہدا کی بلندی درجات اور اہل خانہ کے صبر کے لیے دعا بھی کی۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے سانحہ اے پی ایس کی چھٹی برسی کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں اس سے دلسوز اور بھیانک کوئی دوسرا واقعہ موجود نہیں۔ تعلیم کے حصول کے لیے سکول جانے والے معصوم طلبا کو شہید کر کے دہشت گردوں نے یہ ثابت کیا کہ ان کا کسی مذہب سے ہی نہیں بلکہ انسانیت سے بھی کوئی تعلق نہیں۔بے رحمی و بربریت کی یہ داستان ہر سال سانحہ پشاور کےغم کو تازہ کر دیتی ہیں۔

انہوں نے کہا 144 خاندانوں نے جو قیامت دیکھی اس کا غم قوم کے ہر فرد نے اپنے دل پر محسوس کیا۔ جنگ کی سنگین صورتحال میں بھی تعلیمی اداروں یا بچوں کو نشانہ نہیں بنایا جاتا۔ اس سانحہ نے شدت پسندوں کے خلاف پوری قوم کو متحد کیا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جو تیزی آئی وہ ننھے شہیدوں کی قربانی کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ کالعدم مذہبی  جماعتیں اور لوگوں کی جان و مال سے کھیلنے والے شدت پسند گروہ کسی بھی رعایت کے قطعاً مستحق نہیں۔جن عناصر نے تین دہائیوں تک ارض پاک میں خون اور  بارود کا کھیلا انہیں عبرتناک انجام تک دوچار کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔انتہا پسندوں کے ساتھ معمولی سی لچک بھی ملک و قوم کی سلامتی کو داؤ پر لگانے کے مترادف ہو گی۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)ملی یکجہتی کونسل پاکستان کی دستوری کمیٹی کا اجلاس آج جامع نعیمیہ میں منعقد ہوا، اجلاس میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ناصر عباس شیرازی ،جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر لیاقت بلوچ،تحریک منہاج القرآن کے مرکزی جنرل سیکریٹری خرم نواز گنڈا پور، البصیرہ ٹرسٹ کے چیئرمین ثاقب اکبر، شیعہ علماءکونسل کے مرکزی جنرل سیکریٹری علامہ عارف واحدی اورتحریک اہل حرم کے چیئرمین مفتی گلزار احمد نعیمی شریک تھے۔اجلاس میں ملی یکجہتی کونسل کے دستور میں ابتدائی ترامیم کا خاکہ منظور کیا گیا اور جامع نعیمیہ میں ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے مرکزی دفتر کو شفٹ کرنے کی منظوری بھی دی گئی اس موقع پر ملی یکجہتی کونسل کے مالی معاملات کو حل کرنے کے لیے بھی گفتگو کی گئی۔

وحدت نیوز(جیکب آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان مقصود علی ڈومکی نے ایک وفد کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر جیکب آباد غضنفر علی قادری سے الوداعی ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ جناب غضنفر علی قادری نے ڈپٹی کمشنر جیکب آباد کی حیثیت سے اپنے فرائض منصبی احسن انداز سے انجام دیئے۔ محرم الحرام ربیع الاول ماہ مبارک رمضان سمیت سال بھر اہم مواقع پہ ان کا بھرپور تعاون رہا۔

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ڈپٹی سیکرٹری ہوم کی حیثیت سے تعیناتی کے دوران عوامی خدمت کا ان کا یہ سفر جاری رہے گا۔ اس موقع پر جناب غضنفر علی قادری نے وفد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ علمائے کرام اور جیکب آباد کے عوام کا محھ سے مکمل تعاون رہا۔ جس کے باعث اپنے فرائض منصبی کی ادائیگی میں آسانی رہی۔اس موقع پر علامہ حاجی سیف علی ڈومکی سید فضل عباس شاہ بخاری سید غلام شبیر نقوی و دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

وحدت نیوز(سکردو)معذوروں کے عالمی دن کے موقع پر کے ڈی ایف کے زیر اہتمام مقامی ہوٹل میں تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں رہنما مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان و صوبائی وزیر زراعت کاظم میثم نے بطور مہمان شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر زراعت کاظم میثم نے کہا کہ معذور افراد صلاحیتوں میں کسی سے کم نہیں تھوڑی سی توجہ دیکر ان کو معاشرہ کا کار آمد فرد بنایا جاسکتا ہے۔کسی معذوری کا شکار شخص کی مدد کر کے جو خوشی ملتی ہے وہ کسی اور کام میں نہیں-

معذور افراد کے لئے ہمارے دروازے ہر وقت کھلے رہیں گے اور معذوروں کی بحالی کے لیے حکومت سنجیدہ اقدامات اٹھائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ بلتستان ریجن میں ری ہیبلیٹیشن سنٹر کے خواب کو عملی تعبیر بنا کر دم لیں گے اور سپیشل ایجوکیشن کمپلیکس میں سہولیات کے جو فقدان ہے اسکو بھی پورا کیا جائے گا۔

وحدت نیوز(قم) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری امور خارجہ علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے کہاکہ امریکی انتظامیہ کی طرف سے المصطفیٰ انٹرنیشنل یونیورسٹی پر پابندی جہاں امریکی انتظامیہ کی علم دشمنی کا ثبوت ہے وہیں مسلمانوں کو فکری و علمی پسماندگی کا شکار رکھنے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ بین الاقوامی حیثیت کا حامل یہ انتہائی اہم اور موثر تعلیمی و تحقیقی ادارہ عالم انسانیت کی فکری و علمی فلاح اور ادیانِ عالم کے تقرب کے لیے انتہائی موثر کام کر رہا ہے۔ ایسے اداروں پر پابندی انسانی تہذیب و تمدن کی ترقی کے راستے میں رکاوٹ ڈالنے کے مترادف ہے۔ اس اقدام نے امریکی انتظامیہ کی بوکھلاہٹ اور اس کی علم و انسان دشمنی کو عیاں کردیا ہے۔ ہم امریکی انتظامیہ کے اس عمل کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی نے راولپنڈی کے علاقے گنجمنڈی میں گرنیڈ حملے اوراسلام سٹاک ایکسچینج پر دہشت گردی کی کوشش پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے ملک دشمن قوتوں کی کارستانی قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے وطن عزیز کو عدم استحکام کا شکار کرنے کے لیے دشمن ہر طرح کے حربے استعمال کر رہا ہے ۔مذہبی منافرت کے پرچار میں ناکامی کے بعد سیاسی بحران کھڑا کر کے اوردہشت گردانہ کاروائیوں کے ذریعے عوام میں مایوسی اور خوف و ہراس کی فضا پیدا کی جا رہی ہے تاکہ ملک و قوم کی ترقی میں رکاوٹیں پیدا کی جاسکیں۔دہشت گردی کے خلاف ہماری قوم نے طویل اور صبر آزما جنگ لڑی ہے۔ایسے عناصر کو پنپنے کا موقع نہیں دیا جائے گا جو ملک میں انارکی پیدا کر کے مخصوص مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کے اداروں اور پوری قوم نے شدت پسندوں کو شکست دینے کے لیے غیر معمولی قربانیاں دی ہیں جو رائیگاں نہیں جائیں گی۔پڑوسی ملک بھارت کی جارحیت صرف سرحدی علاقوں تک محدود نہیں بلکہ وہ اپنے آلہ کاروں کے ذریعے وطن عزیز کے داخلی امن کو بھی تہس نہس کرنے کے لیے متحرک ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ بھارت کو یہ بات ذہن نشیں کرنا ہو گی کہ ہماری قوم پڑوسی ملک کے شیطانی عزائم کوہر محاذ پر ناکام بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔پاکستانی قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت چکی ہے۔امن و امان کی موجودہ صورتحال جن دشمنوں کو ہضم نہیں ہو رہی ان کے پیٹ میں یہ درد اب ہمیشہ رہے گا۔انہوں نے کہا کہ سیکورٹی نافذ کرنے والے اداروں کو  مزید چوکس رہنے کی ضرورت ہے تاکہ عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاہور کی جانب سے ایک مستحق گھرانے سے تعلق رکھنے والی یتیم بچی کی شادی کے سلسلے میں مکمل جہیز اور طعام کی مد میں اخراجات اٹھائے گئے بچی کی والدہ شادی کے اخراجات اور جہیز کےحوالے سے کافی عرصہ سے فکر مند تھیں جسکی بنا پر انھوں نے ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین لاہور کی سیکرٹری جنرل محترمہ حنا تقوی اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل محترمہ عظمی نقوی سے رابطہ کیا اور وعدے کے مطابق مخیر حضرات کے مالی تعاون اور ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین لاہور کی جانب سے کی گئی امداد کی بدولت ایک یتیم بچی کی والدہ اپنے شرعی فریضے سے سبکدوش ہوئیں۔

 اس کار خیر میں محترمہ عظمی نقوی نے بہترین کاوش کی اور اپنی خصوصی خدمات انجام دیں اور جہیز کا تمام سامان خرید کر مستحقین کے گھر تک پہنچایا اور شایان شان طریقے سے بچی کو نیک دعاؤں کے ساتھ رخصت کیا۔ اس موقع پر بیوہ خاتون نے اس کار خیر کی انجام دہی میں تعاون پر ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین لاہور کا شکریہ ادا کیا اور نیک توفیقات میں اضافے کی دعا کی۔

وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاہور کا کابینہ اجلاس ، مرکزی سیکرٹری جنرل سیدہ زہرا نقوی کی خصوصی شرکت مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاہور کا کابینہ اجلاس وحدت ہاوس شادمان لاہور میں منعقد ہوا جس میں مرکزی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم وومن ونگ و رکن پنجاب اسمبلی سیدہ زہرا نقوی نے خصوصی شرکت کی۔

 اجلاس میں ضلعی سیکرٹری جنرل سیدہ حنا تقوی اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل سیدہ عظمی نقوی سمیت تمام کابینہ اراکین نے شرکت کی محترمہ سیدہ زہرا نقوی نے ضلع لاہور کے تمام شعبہ جات کی تفصیلات اور کارکردگی کا جائزہ لیا اور ضلعی سیکرٹری جنرل محترمہ حنا تقوی کی سرپرستی میں شعبہ خواتین لاہور کی بھرپور کاوشوں کو سراہا۔ انھوں نے اراکین سے اہم تنظیمی امور پر تبادلہ خیال کیا اور ان کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree