The Latest
وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے جمعیت علمائے پاکستان کے صوبائی صدر مولانا عبدالقدوس ساسولی سے ملاقات کی اور انہیں 29 اپریل کو منعقد ہونے والی (القدس امت مسلمہ کے اتحاد کا مظہر کانفرنس) میں شرکت کی دعوت دی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ فلسطین امت مسلمہ کے اتحاد اور وحدت کا مظہر و مرکز ہے، دنیا بھر کے مسلمان متحد ہوکر مظلوم فلسطینی عوام کی تحریک آزادی کی حمایت کرتے ہوئے بیت المقدس اور قبلہ اول کی آزادی کی تحریک میں اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ حماس اور حزب اللہ قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں، جنہیں دنیا بھر کے مسلمانوں کی حمایت حاصل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی سامراجی قوتیں امت مسلمہ کے اتحاد اور اتفاق سے خائف ہیں اسی لئے وہ اسلام پر چاروں اطراف سے حملہ آور ہیں، امہ کے درمیان تفرقہ اور اختلافات کو ہوا دینا عالمی سامراج کے ایجنڈے کا حصہ ہے، جو تقسیم کرو اور حکومت کرو کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ گزشتہ کئی سالوں سے دین اسلام کے مقدسات قرآن کریم اور پیغمبر رحمت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ناموس پر حملہ عالمی سامراج کے اسلام دشمن ایجنڈے کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال عالمی یوم القدس کے موقع پر تمام مسلمانوں کو متحد ہوکر غاصب اسرائیل سے اپنی نفرت کا اظہار کرتے ہوئے بیت المقدس اور قبلہ اول کی آزادی کا عزم مصمم کرنا ہوگا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جمعیت علمائے پاکستان صوبہ بلوچستان کے صوبائی صدر مولانا عبدالقدوس ساسولی نے کہا کہ فلسطین اور بیت المقدس کی تحریک آزادی کو تمام مسلمانوں کی حمایت حاصل ہے، ہم اتحاد بین المسلمین کے علمبردار ہیں، ہم سمجھتے ہیں کہ ہمیں اپنے جزوی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر مشترکات پر متحد ہونا ہوگا، فلسطین فاؤنڈیشن بلوچستان کے زیر اہتمام فلسطین کانفرنس کا انعقاد خوش آئند ہے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ممتاز عالم دین اور فعال مذہبی شخصیت آغا سید علی الموسوی کی نویں برسی کے موقع پر اپنے تعزیتی پیغام میں ان کی قومی و مذہبی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آغا علی موسوی ایک باعمل،متقی اور ہر دلعزیز شخصیت تھے،ان کے اندر قوم کا بے پناہ درد تھا۔آپ نے زندگی کا بیشتر حصہ اپنی قوم کو حقیقی اسلامی افکار اور مکتب اہلبیت اطہار علیہم السلام کی تعلیمات سے روشناس کرنے میں بسر کیا۔وہ شہید قائد عارف حسینی ،علامہ مفتی جعفر اور شہید ڈاکٹر علی نقوی کے ایک بااعتماد اور بابصیرت ساتھی تھے۔پاکستان کی تاریخ تشیع کے وہ چشم دید گواہ تھے جن کا ہر لفظ مصدقہ اور حقائق کے عین مطابق تھا۔انہوں نے اپنی قوم کو اپنی ذات پر ہمیشہ مقدم رکھا۔ ان کا ہر عمل ملت تشیع کی سربلندی اور فکری و نظریاتی دفاع کے لیے تھا۔
انہوں نے کہا اس طرح کی شخصیات مدتوں میں پیدا ہوتی ہیں۔ان کی بابصیرت وحکیمانہ تعلیمات نوجوانوں کے لیے مشعل راہ ہیں جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاھور کی جانب سے ضرورت مند خاندانوں میں راشن کی تقسیم کاسلسلہ جاری ہےجس میں بیدیاں روڈ یونٹ کے مخیر حضرات کا خصوصی تعاون شامل ہے ۔مستحق خاندانوں میں راشن کی تقسیم کے موقع پر محترمہ حنا تقوی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیوایم شعبہ خواتین لاھور نے کہا کہ کرونا وائرس اور کمرتوڑ مہنگائی کی وجہ سے سفید پوش خاندانوں کا زندگی گزارنا مشکل ترین ہوتا جارہا ہے ،اس کٹھن وقت مخیر حضرات آگے بڑھیں اور حتی الامکان کوشش کریں کہ اس کار خیر میں حصہ لیں اور ضرورتمند و مساکین کی دل کھول کر امداد کریں اور رمضان کی رحمتوں اور برکتوں سے بھرپور استفادہ کریں۔
وحدت نیوز(گڑھی یاسین)خیرپور سے سکھر آنے والی وین اور کوچ میں کوڈیجی کے نزدیک پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں 12 سے زیادہ مسافروں کی شہادت پر مجلس وحدت مسلمین تحصیل گڑھی یاسین کے سیکریٹری جنرل مستنصر مہدی ابڑو نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز کوڈیجی کے نزدیک جو حادثہ ہوا ہے اس پر دلی صدمہ پہنچا ہے 12 سے زیادہ شہادتیں ہوئی ہیں ہم حادثے میں شہید ہونے والے مسافروں کے لواحقین کی خدمت تعزیت پیش کرتے ہیں ۔
انہوں نے نے مزید کہا کہ حکومت سندھ کو حادثے میں شہید ہونے والے مسافروں کے لواحقین کو معاوضہ دینا چاہیے، مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے، خدا وند متعال کی بارگاہ میں دعا ہے کہ اس ماہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کے صدقے حادثے میں شہید ہونے والے مسافروں کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور حادثے میں زخمی ہوئے ہیں ان کو امام حسین علیہ السلام کے صدقے میں شفاء کاملہ عطا فرمائے۔
وحدت نیوز(کراچی) شیعہ مسلمانوں کو ٹارگٹ کلنگ کرکے شہید کیا جائے یا بم دھماکوں میں مارا جائے یا پھر ہمیں جبری طور پر لاپتہ کرکے دبانے کی کوشش کی جائے ، اب ہم مزید یہ ظلم نہیں ہونے دیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل و سابق وزیر قانون بلوچستان آغاسید محمد رضا ہزارہ نےکوئٹہ سے خصوصی طور پر مزارقائد پر جبری لاپتہ شیعہ جوانوں کی بازیابی کیلئے دیئے جانے والے احتجاجی دھرنےکے شرکاء سے مظلوم ہزارہ قوم کی جانب سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ چودہ سو سال سے ہمارے ساتھ یہ نارواسلوک جاری ہے، بے شک شہادت اور اسیری ہمارا ورثہ ہے لیکن ہم یہ جبری گمشدگیوںکا یہ ظالمانہ سلسلہ نہیں چلنے دینگے ،کسی کو کوئی حق نہیں کہ اس طرح غائب کردے اور جو لوگ اُٹھا کر لےجاتے ہے انکو بھی نہیں پتہ کہ جن کو ہم اٹھا کر لے جا رہے ہیں ان پر الزام کیا ہے ؟
انہوں نے کہا جن لوگوں نے اس ملک کے فوجیوں کو شہید کیا انکے سروں کو کاٹ کر ان سے فٹبال کھیلا ان کو آپ نے غائب نہیں کیا ہمارا مطالبہ کوئی انوکھا نہیں ہے ،ہمارا مطالبہ آئینی ہے اور ہم دستور کے مطابق چلنے والے لوگ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم قانون کو ہاتھ میں لینے والے لوگ نہیں ہیں اور نہ آپ ہمیں مجبور کرے کے ہمارے نوجوان اس طرف جائیں چھوٹے چھوٹے معصوم بچوں نے اپنے باپ جو کہ مہینوں اور سالوں سے انکی شکلیں نہیں دیکھی وہ دعا کررہے تھے اور ہم دعا گو ہے کہ ہمارے اسیر جلد رہا ہوں۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نےام المومنین حضرت خدیجہ سلام اللہ علیہا کے یوم وفات کے موقعہ پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ دین اسلام کی آبیاری زوجہ پیغمبر حضرت خدیجہ ع کے مال ودولت سے ہوئی اور دین کی حفاظت میں ان کی اولاد کی قربانیاں کام آئیں۔ ان کے پاکیزہ نسب کی شناخت کے لیے اتنا ہی کافی ہے کہ آپ دور جاہلیت میں بھی خاتون قریش اور طاہرہ کے نام سے جانی جاتی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ حضرت خدیجہ (س) کا شاندار طرز زندگی خواتین کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ان کی سیرت مبارکہ پر عمل کر دنیا و آخرت میں سرخرو ہوا جا سکتا ہے۔دین اسلام کی تبلیغ و ترویج کے لیے محسنہ اسلام کی غیر معمولی قربانیوں کا تاریخ میں کوئی مقابل نہیں ملتا۔نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو حضرت خدیجہ سلام اللہ علیہا کی وفات کا اس قدر صدمہ ہوا کہ جدائی کے سال کو عام الحزن قرار دیا۔انہوں نے ام المومنین کے یوم وفات کے موقع پر امام زمانہ علیہ السلام عجل اللہ فرجہ اور تمام محبان محمد و آل محمد ؐکی خدمت میں ہدیہ تعزیت پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی، صوبائی اور ضلعی دفاتر میں یوم وفات ام المومنین کی مناسبت سے تقاریب کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے پولیٹیکل سیکریٹری سید علی حسین نقوی کی خوشدامن (ساس محترمہ) مختصر علالت کے بعد دارالفناء سے دارالبقاء کی جانب کوچ کرگئیں۔
مرحومہ کے انتقال پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری، مرکزی پولیٹیکل سیکریٹری سید اسدعباس نقوی، صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ سید باقرعباس زیدی ، کراچی ڈویژن کے سیکریٹری جنرل علامہ صادق جعفری ودیگر قائدین نے دلی افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔
تعزیتی پیغاموں میں قائدین ورہنماؤں نے کہا کہ خدا وند کریم براد رعزیز سید علی حسین نقوی کی خوشدامن کی مغفرت فرمائے، ان کے تمام گناہان کبیرہ و صغیرہ سے درگزر فرمائے ، انہیں جوارآئمہ معصومین ؑ میں محشور فرمائے اور برادرعلی حسین نقوی سمیت تمام پسماندگان کو صبر جمیل عنایت فرمائے۔
وحدت نیوز(لاہور)ام المومنین ، زوجہ رسول خدا(ص) مادر حضرت فاطمۃ الزہرا(س) حضرت خدیجۃ الکبری سلام اللہ علیھا کے یوم وفات کے موقع پر مرکزی سیکرٹری جنرل و رکن پنجاب اسمبلی سیدہ زہرا نقوی نے اپنے تعزیتی پیغام میں تمام اہل اسلام کی خدمت میں تسلیت پیش کرتے ہوۓ کہا کہ ملیکۃ العرب جناب خدیجۃ الکبری سلام اللہ علیھا ایسی با بصیرت و با معرفت خاتون ہیں جو زمانہ جاہلیت میں بھی آسمانی کتب پر اعتقاد رکھتیں اور خداۓ وحدہ لاشریک کی پرستش کرتی تھیں ۔
انہوں نے کہا بی بی خدیجہ س وہ عظیم خاتون ہیں جنہوں نے سب سے پہلےرسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تصدیق کی، اسلام قبول کیا اور اسلام کی پہلی نماز رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ ادا کی رسول خد ؐ نے آپ کو دنیا کی چار بہترین خواتین میں سے قرار دیا آپ کی فضیلت میں یہی کافی ہے کہ آپ تمام عالمین کی عورتوں کی سردار حضرت فاطمہ سلام اللہ علیھا کی مادر گرامی اور جوانان جنت کے سردار امام حسن ع و امام حسین ع کی نانی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ام المومنین،سیدہ خدیجۃالکبریٰ عرب کی معزز ترین اور دولت مند خاتون ہونے کے ساتھ ساتھ علم و فضل اور ایمان و ایقان میں بھی نمایاں مقام رکھتی ہیں۔پیغمبر اسلام صلی ا للہ آپ کی رفاقت اور غمگساری کو آخری سانس تک نہ بھول پائے اور فرمایا کہ خدیجہ جیسی رفیقہ مجھے کوئی اور نہ ملی محترمہ زہرا نقوی کا کہنا تھا حضرت خدیجہ (س) نے دین اسلام کی خاطر حضور اکرم (ص) کے ساتھ ہر قسم کے مصائب و آلام کو جھیلا اور آپ کے بعد دین اسلام کی محافظت اور بقا کی خاطرآپکی بیٹی حضرت فاطمہ الزھرہ سلام اللہ علیہا اور نواسی حضرت زینب بنت علی سلام اللہ علیہا نےعظیم اور بے مثال قربانیاں پیش کیں حضرت خدیجہ الکبری ٰ (س) کی سیرت طیبہ امت مسلمہ کی خواتین کے لئے ایک بہترین نمونہ ہے اور آج ضرورت اس امر کی ہے کہ حضرت خدیجہ سلام اللہ علیھا کو بطور رول ماڈل سامنے رکھتے ہوئے ہمارا معاشرہ ان کے تاریخ ساز کردار سے عمل کی راہوں کو روشن کر سکے۔
وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے گورنر بلوچستان جسٹس ریٹائرڈ امان اللہ یاسین زئی سے ملاقات کی اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ ولایت حسین جعفری بھی ان کے ہراہ تھے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ سرینا ہوٹل بم دھماکہ انتہائی افسوس ناک ہے۔ بلوچستان اور پاکستان کو اس وقت امن کی ضرورت ہے دہشت گردی ملک کا سنگین مسئلہ ہے۔ جس کے خاتمے کے لٸے سنجیدہ اور مربوط کوششیں ضروری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا تعاقب کرتے ہوئے ان کے نیٹ ورک کو ختم کرنا اور مجرموں کو نشان عبرت بنانا ریاستی اداروں کی ذمہ داری بنتی ہے گزشتہ سانحات کی جوڈیشل انکوائری کرتے ہوئے حقائق منظر عام پر لائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خطرات کے باوجود ہمارے مدارس مساجد اور شخصیات کو ناقص سیکورٹی دی گئی ہے مدارس اور شخصیات کی سیکورٹی کلوز ہونے پر ہمیں تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ خانوادہ شیعہ مسنگ پرسنز کا دھرنا 19 ویں دن بھی جاری ہے ہم مسنگ پرسن کے معاملے میں آئین پاکستان اور قانون کے مطابق عملدرآمد چاہتے ہیں اگر کوئی شخص مجرم ہے تو اس کے لئے تھانہ اور عدالتیں موجود ہیں مگر ماوراء آٸین و قانون کسی کو اٹھانا بہت سارے مسائل کا سبب بنتا ہے ہم محب وطن شہری ہیں ہم مطالبہ کرتے ہیں ہیں کہ مسنگ پرسنز کے معاملے میں ریاست ماں کا کردار ادا کرتے ہوئے اپنے شہریوں کے ساتھ شفقت اور مہربانی سے پیش آٸے۔
انہوں نے کہا کہ سانحہ مچ کے بعد وفاقی اور صوبائی حکومت نے وارثان شہداء کے ساتھ جو معاہدہ کیا تھا اس پر عمل درآمد کیا جائے آئیے۔انہوں نے کہا کہ المصطفی انٹرنیشنل یونیورسٹی کے ایم فل کے اسٹوڈنٹ جناب محمد آصف ہزارہ کا نام ای سی ایل میں ڈالنا باعث تشویش ہے حکومت کو چاہیے کہ وہ اس پر نظر ثانی کرے تاکہ ان کا تعلیمی سلسلہ برقرار رہ سکے۔انہوں نے کہا کہ گورنر بلوچستان کی حیثیت سے جسٹس امان اللہ یاسین زئی کے عوامی روابط قابل ستائش ہیں۔آپ عوامی روابط اور مساٸل کو اہمیت دیتے ہیں۔
اس موقع پر گورنر بلوچستان جسٹس ر امان اللہ یاسین زئی نے کہا کہ دہشت گردی وطن عزیز پاکستان کا ایک سنگین مسئلہ ہے جس کے خاتمے کے لٸے حکومت سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے سرینا ہوٹل واقعہ افسوس ناک ہے برادر ملک چین کے ساتھ ہمارے تعلقات گہرے ہیں کوٸی واقعہ اس پر اثر انداز نہیں ہو سکتا چین ہمارا دیرینہ اور قریبی دوست ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سب سے زیادہ جس کمیونٹی کو دہشتگردی کا نشانہ بنایا گیا وہ اہل تشیع ہیں ہمیں ہزارہ نسل کشی اور شیعہ کے خلاف دہشت گردی پر شدید افسوس ہے۔انہوں نے کہا کہ شیعہ مسنگ پرسن و دیگر اہم ایشوز پر میں متعلقہ اداروں سے گفتگو کروں گا اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے گورنر بلوچستان کو سالانہ کلینڈر اور کتاب کا تحفہ پیش کیا۔
وحدت نیوز(ملتان) ایک طرف ملک بھر سے جبری طور پر لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے کراچی میں مزار قائد پر گذشتہ 20 روز سے احتجاجی دھرنا جاری ہے تو دوسری جانب مسلسل شیعہ نوجوانوں کو لاپتہ کرنے کا سلسلہ جاری ہے، گذشتہ روز مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے صوبائی سیکرٹری تنظیم سید علی رضا زیدی کو رحیم یار خان کی تحصیل لیاقت پور سے دن دیہاڑے لاپتہ کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق سید علی رضا زیدی کو دوپہر تین بجے اُن کے آبائی گائوں جن پور سے جبری طور پر لاپتہ کیا گیا، ذرائع کے مطابق ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے صوبائی رہنماء رات گئے لاپتہ ہونے والے سید علی رضا زیدی کے گھر پہنچ گئے ہیں، ورثاء کی جانب سے مقامی تھانے کو اطلاع کر دی گئی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا کہ ایک طرف ہمارا پُرامن احتجاج جاری ہے جبکہ دوسری جانب ہمارے نوجوانوں کو لاپتہ کیا جا رہا ہے۔
ریاست ہمیں مجبور کر رہی ہے، ہم پُرامن قوم ہیں، ریاست ہمارا امتحان نہ لے، اگر ہم سڑکوں پر نکل آئے تو ایک نئی تاریخ رقم ہوگی، حکومت ہماری امن پسندی کو کمزوری سمجھ رہی ہے، لگتا ہے کہ حکومت کو امن کی بات سمجھ نہیں آتی، 20روز گزر گئے ہماری مائیں، بہنیں اور بیٹیاں اپنے پیاروں کے لیے مزار قائد پر بانی پاکستان سے اپنے پیاروں کا جرم پوچھ رہی ہیں۔؟ کسی حکمران کو ابھی تک یہ توفیق نہیں ہوئی کہ ان کے دکھوں کا کوئی مداوا کرسکے۔
گذشتہ روز ننھے بچوں نے گورنر ہائوس کے باہر احتجاج کیا اور مراسلہ دینے گئے لیکن ان بے حس حکمرانوں کو ان بچوں پر بھی رحم نہ آیا۔ ہم حکومت اور ریاستی اداروں سے اپنے لاپتہ افراد کی بازیابی کا مطالبہ کرتے ہیں، بصورت دیگر ملک گیر تحریک ایک نئی تاریخ رقم کرے گی۔