The Latest

وحدت نیوز(کراچی) مزار قائد کے باہر جاری دھرنے میں مجلس وحدت مسلمین ضلع جنوبی کراچی کے تحت منعقد کئے گئے آٹھویں سالانہ معارف قرآن کلاسزکے ساتویں روز علامہ سید کاظم عباس نقوی نے سورہ روم کی تفسیر بیان کرتے ہوئے کہا کہ خدا نے انسان کو دو الگ الگ صنفوں میں خلق کیا ہے۔ہر صنف کا مقام اس کے مطابق ہونا چاہیئے۔ خواتین کے حقوق مردوں سے زیادہ ہیں۔ حقوق نسواں کو برابر ی کی بنیاد پر مانگنا ظلم ہے۔اگردونوں کے حقوق مساوی ہوتے تو خدا دونوں کو ایک جیسا خلق فرماتا۔خدا نے باپ کو ولایت دی ہے لیکن اس کے باوجود ماں کا درجہ بلند رکھا ہے۔مساوت اور عدالت یہ ہے کہ ہر ایک کو اس کے درجہ کے مطابق حق ملے۔آج مغرب فیملی لائف کو سب سے زیادہ نشانہ بناتا ہے۔مزاح کے ذریعے سے مقدسات کو پامال کیا جاتا ہے۔ایسے لطیفے بنائے جارہے ہیں جن میں میاں بیوی کے تعلقات کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔

علامہ سید کاظم عباس نقوی نے کہا کہ اگر میاں اور بیوی ایک دوسرے کے لئے باعث سکون نہیں ہے،تو ایسا جوڑا اسلامی جوڑا نہیں ہے۔ایسے گھر سے امام زمانہؑ کا سپاہی نہیں نکل سکتا ہے۔میاں اور بیوی کے درمیان محبت و سکون کا سب سے بڑا عنصر اعتماد ہے۔میاں بیوی کے درمیان جو خلل ڈالے وہ خدا کے نظام کو نقصان پہنچاتاہے۔اگر کوئی شوہر اور بیوی کے درمیان اصلاح کرناچاہتا ہے تو اصلاح کی کوشش بھی حدود میں ہونی چاہیئے۔خدا چاہتا ہے کہ میاں اور بیوی گھر میں محبت کے ماحول کو  قائم کرے۔

علامہ سید کاظم عباس نقوی نے کہا کہ انسان کے سامنے پوری ایک تعجب کی دنیا کھڑی ہے۔ایک جیسی شکل کے کتنے ہی پھل ہیں مگر ذائقہ میں ایک دوسرے سے مختلف ہیں۔یہ مادہ سے کیسے بن سکتے ہیں؟خدا کہتا ہے کہ پوچھو ان درختوں سے انہیں کس نے بنایا ہے؟خدا نے کائنات کے سب سے پست ترین مادے یعنی مٹی سے انسان کو بنایا ہے اور سب سے زیادہ اہمیت والا بھی اسے ہی بنایا ہے۔انسان اس کائنات میں غور وفکر کرے تو اس کے سامنے اسرار کھلیں گے۔غور وفکر کا مطلب یہ ہے کہ جو کچھ کہا جائے اس پر سوچا جائے، اگر سمجھ نہ آئے تو سوال کریں۔سوال سمجھنے کیلئے کرنا چاہیئے۔کسی کو پھنسانے یا نیچا دکھانے کے لئے نہیں کرنا چاہیئے۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے شاعر مشرق علامہ اقبال کے 83 ویں یوم وفات کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ علامہ اقبال کا عشق محمدﷺ اور درس خودی وہ آزمودہ نسخے ہیں جن کے ذریعے امت مسلمہ دنیا کی غلامی سے نجات حاصل کر سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزادی حاصل کرنے کے باوجود ہم آج تک یہود و نصاری کی فکری غلامی کے شنکجے میں قید ہیں۔جب تک اسلام کی حقیقی تعلیمات کو اپنی زندگیوں پر لاگو نہیں کیا جاتا تب تک مسلمان پستی و ذلت کا شکار رہیں گے۔علامہ اقبال نے جس روشن خیال اوراعتدال پسند معاشرے کا تصور پیش کیا وہ اسلام کی روح کے عین مطابق ہے۔

علامہ اقبال نے اپنی شاعری کے ذرےعے مسلمانوں کو معاشرے میں ان کے باوقار مقام کی شناخت کرائی۔امت مسلمہ اگر شاعر مشرق کی تعلیمات سے استفادہ کرے تو آج بھی اپنا کھویا ہوا وقار بحال کر سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ناموس رسالت کی حفاظت کے لیے اس عاشق رسول ﷺکے طرز زندگی کو اپنانا ہو گا۔علامہ اقبال گزشتہ صدی کے سب سے بڑے مفکر اور فلسفی تھے جنہیں رہتی دنیا تک فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

 علامہ اقبال کی یوم وفات کی مناسبت سے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ، صوبائی اور ضلعی دفاتر میں قران خوانی اور دعائیہ تقریبات کابھی انعقاد کیا گیا ۔

وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نے کہا ہے کہ جبری گمشدہ افراد کی بازیابی کیلئے جوائنٹ ایکشن کمیٹی فار شیعہ مسنگ پرسنز کا دھرنا 18ویں روز میں داخل ہو چکا ہے، قوم کے بزرگ، بچے اور خواتین کھلے آسمان تلے بیٹھے ریاستی داد رسی کے منتظر ہیں، حکومت اور ریاستی ادارے محض طفل تسلیوں سے کام چلا رہے ہیں۔

 مزار قائدؒ کے باہر احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے علامہ باقر عباس زیدی نے کہا کہ شیعہ قوم کو نظر انداز کرنے کی یہ پالیسی کسی طور قابل قبول نہیں، ہمارے حوصلے کبھی پسپا نہیں ہوں گے، اگر حکومت یہ سمجھتی ہے کہ وہ ہمیں اعصابی جنگ میں الجھا کر پسپا کر لے گی، تو یہ اس کی بھول ہے، ملت تشیع اپنے نظریات پر اٹل ہے، ہم حق کیلئے آواز بلند کرنا نہیں چھوڑ سکتے۔

علامہ باقر زیدی نے کہا کہ ریاستی ادارے ہمارے جبری گمشدہ نوجوانوں کو منظر عام پر لے کر آئیں، جب تک ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے ہم اپنی جگہ سے نہیں ہٹیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مزار قائدؒ کے باہر دھرنے میں نامور سیاسی و مذہبی شخصیات کی آمد اور اظہار یکجہتی کا سلسلہ جاری ہے، پوری شیعہ قوم ایکشن کمیٹی کے ساتھ ہے، دھرنے کے مرکزی قائدین کی طرف سے جو بھی اعلان کیا جائے گا، مجلس وحدت مسلمین اس کی مکمل حمایت کرے گی۔

 انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو ملک کے دیگر شہروں میں بھی دھرنے دیئے جائیں گے، کراچی میں صدر مملکت کی رہائش گاہ کے باہر بھی احتجاج پر غور کیا جا رہا ہے۔

وحدت نیوز(فیروز والا)مجلس وحدت مسلمین پاکستان فیروز والا میونسپل کارپوریشن کا الیکشن کے حوالے سےاہم اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں مرکزی سیکرٹری سیاسیات اسدعباس نقوی ،پولیٹیکل کونسل ممبر پنجاب برادر حسین زیدی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل پنجاب علامہ سید حسن رضا ہمدانی ،سیکرٹری سیاسیات برادر حسن کاظمی، سیکرٹری مالیات برادر رائے ناصر علی و دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔

 اجلاس میں فیروز والا کارپوریشن انتخابات کیلئے سیکرٹری یوتھ ضلع شیخوپورہ برادر سید زین رضوی کو آرگنائزر نامزد کیا گیا. برادر سید زین رضوی نے کارپوریشن الیکشن کے حوالے سے اپنی تمام تر فعالیت بروئے کار لاتے ہوئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔

مرکزی سیکرٹری سیاسیات برادر اسد نقوی نے کہا ہے کہ لوکل الیکشن کیلئے بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتر رہیں ہیں۔ عہدیداران و کارکنان کے ٹیم ورک اور انتھک محنت کا نتیجہ انشاءاللہ قوم کیلئے نوید سحر ثابت ہوگی اور ہمیشہ کی طرح اس بار بھی خدا کے خصوصی کرم اور آئمہ اہل بیت کی خصوصی نظر سے انشاءاللہ سرخرو ہوں گے. لاہور ڈویژن کے لوکل باڈیز الیکشنز میں مجلس وحدت مسلمین اہم کردار ادا کرے گی۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) ناموس رسالتؐ کے لیے دنیا کی ہر چیز قربان کی جا سکتی ہے۔خا تم النبین حضرت محمدؐ کی حرمت و عظمت پر کامل ایمان مسلمان ہونے کی اولین شرط ہے۔ دین اسلام کا تحفظ ہم سب پر واجب ہے۔جو شخص ختمی مرتبت حضرت محمد ﷺکی شان میں گستاخی کا مرتکب ہو وہ اسلام اور اہل اسلام کا کھلا دشمن ہے۔ان خیالات کا اظہار ترجمان مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ مقصود علی ڈومکی نے میڈیا سیل سے جاری بیان میں کیا ۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی طرف سے طاقت کا بےجا استعمال درست نہیں۔قانون وانصاف کی بالادستی کو ہرحال میں مقدم رکھنا آئینی تقاضا ہے انتشاریا تصادم کی طرف جانا ایسی سنگین غلطی ہوگی جس کا خمیازہ نسلوں کو بھگتنا پڑے گا،معاملات کو مذاکرات سے حل کرنے کی ضرورت ہے، تاکہ ملک کے اندر ہیجانی کیفیت کا خاتمہ ہو سکے۔صیہونی و استعماری طاقتوں نے مذہب جیسے حساس معاملے کو ہتھیار کے طور پر استعمال کر کے عالم اسلام میں انتشار پیدا کیا ہے۔یہود و نصاری نے ہمیشہ چنگاری پھینک کر ہمارے گھر کو آگ لگانے کی کوشش کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسلمانوں کی مذہبی وابستگی کو ایندھن سمجھنے والوں کی چالوں سے ہم سب کو چوکنا رہنا ہو گا۔پاکستان میں بسنے والے تمام مسلمان اور ریاستی ادارے سب دین اسلام کے پیروکار ہیں اور ناموس رسالت پر کسی سمجھوتے کے قطعاً قائل نہیں۔جو طاقتیں انہیں ایک دوسرے کے خلاف صف آراءکرناچاہتی ہیں وہ اسلام اور پاکستان کی دشمن ہیں۔موجودہ صورتحال میں دانش وبصیرت کادامن مضبوطی سے پکڑنے کی ضرورت ہے۔

وحدت نیوز (گلگت) مجلس وحدت مسلمین حلقہ 3 گلگت اور آئی ایس او جلال آباد ڈویژن شعبہ طالبات کے زیر اہتمام نوبالغ فرزندان توحید کیلئے بنیادی شرعی مسائل سے آگاہی کیلئے تربیتی ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا،تربیتی ورکشاپ میں جلال آباد کے 20 سے زائد دینیات سینٹرز کے خواہران نے شرکت کی۔

ورکشاپ کے اختتام پر ڈپٹی سیکریٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم گلگت بلتستان شعبہ خواتین محترمہ بی بی سلیمہ صاحبہ کیطرف سے دینیات سینٹرز کے معلمات اور بچیوں میں تحائف اور اسناد بھی تقسیم کیے گئے۔آخر میں دینیات سینٹرز کی معلمات نے مجلس کے اس اقدام کو سراہا اور آئندہ بھی مل کر اس طرح کے تربیتی پروگرامز کرنے کی خواہش کی۔

وحدت نیوز(لاہور ) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا ہے کہ نہتے شہریوں اور عاشقانِ رسول (ص) پر دن دہاڑے گولیاں برسانا کسی بھی زاویے سے جمہوری عمل نہیں ہے. لاہور میں پولیس کی فائرنگ سے قتل ہونے والوں کے ورثاء کو تعزیت پیش کرتا ہوں اس بہیمانہ قتل کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے. ملک میں افراتفری کی صورتحال پر حکومت جمہوری انداز میں حکمت عملی اپنائے نہ کہ ڈکٹیٹر بننے کی کوشش کرے. معاملات غیر جمہوری انداز میں حل کرنے سے نہ ختم ہونے والے مسائل جنم لے رہے ہیں. تمام مکاتب فکر کے علماء سے درخواست کرتا ہوں ناموس رسالت کے معاملے پر سنجیدگی کا مظاہرہ کریں.

انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں نا امنیت عالمی پاکستان و اسلام دشمنوں کا ذخیرہ ہے لہٰذا دشمنوں کیلئے موقع فراہم نہ ہونے پائے اور مل کر حکمت عملی مرتب کریں. ناموس محمد و آل محمد صل اللہ علیہ وآلہ وسلم پر تمام مکاتب فکر و مسالک یکجا ہو جائیں اور منظم انداز میں آئینی و قانونی تقاضوں کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے پاکستان سے توہینِ رسالت کرنے والوں کے خلاف ایک عالمی تحریک کا آغاز کریں۔

وحدت نیوز(جیکب آباد) ماہ مبارک رمضان کے سلسلے میں جامعۃالمصطفی خاتم النبیین جیک آباد میں وارثان شہدا کے اعزاز میں تقریب منعقد ہوئی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ ماہ مبارک رمضان اللہ کا مہینہ ہے جس میں تمام انسان اللہ رب العزت کے مہمان ہیں روزہ خداوند تبارک و تعالی کی عبادت اور بندگی کا نام ہے جو ضیافت الہی کا سبب ہے۔

انہوں نے کہا کہ گرمی کا روزہ عظیم عبادت اور خوشنودی خدا کا باعث ہے۔ ماہ مبارک رمضان میں قران کریم کی تلاوت اور قرآن فہمی کے ذریعے ہمیں کردار سازی پر توجہ دینی چاہئے۔ مساجد اور امام بارگاہوں کے منتظمین کو چاہئے کہ روزانہ تلاوت قرآن کریم اور قرآن فہمی کے حوالے سے خصوصی تقریبات منعقد کریں۔

 انہوں نے کہا کہ شہدا محفل انسانی کی شمع ہیں جو اپنے خون کا نذرانہ دے کر انسانی معاشرے کو روشن رکھتے ہیں۔ ہم اپنے ان شہدا کو کبھی نہیں بھول سکتے کہ جنہوں نے حسینیت کی راہ میں اور عشق امام حسین علیہ السلام میں اپنے مقدس لہو کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی ادارے مزار قائد کے سائے میں بیٹھی ہوئی ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی فریاد کو سنیں۔ ریاست ماں ہوتی ہے جسے اپنے شہریوں کے ساتھ شفقت سے پیش آنا چاہئے۔

اس موقع پر تقریب سے انجمن سپاہ علی اکبر کے ناظم اعلی راجہ سید ریاض علی شاہ بخاری اور مدرسہ المصطفی خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے وائس پرنسپل علامہ حاجی سیف علی ڈومکی نے بھی خطاب کیا۔

وحدت نیوز(کراچی) صوبائی وزراء کی مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکریٹریٹ آمد، ایم ڈبلیوایم رہنماؤں سے ملاقات ، مجلس وحدت مسلمین اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان معاملات طے پاگئے، ایم ڈبلیوایم کے امیدواربرائے حلقہ NA-249 علامہ مبشر حسن کا پی پی پی کے نامزد امیدوار قادر خان مندوخیل کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان ، مشترکہ پریس کانفرنس میں پی پی پی رہنما وقار مہدی کا حلقے میں ایم ڈبلیوایم کے ساتھ مل کر حلقے کے مسائل کےحل کیلئے مشترکہ کوششوں کا عزم ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کےرہنما اور صوبائی وزیربلدیات سید ناصرحسین شاہ ، وزیر تعلیم سعید غنی،مشیر وزیراعلیٰ سندھ وقار مہدی ،پی پی پی کے نامزد امیدوار قادرخان مندوخیل ،فاروق اعوان (ہلال شجاعت، ستارہ شجاعت)،نعیم شیخ ممبر سندھ کونسل نے مجلس وحدت مسلمین کےرہنماؤں سے صوبائی سیکریٹریٹ میں ملاقات کی اس موقع پر صوبائی پولیٹیکل سیکریٹری سید علی حسین نقوی، ڈویژنل سیکریٹری جنرل علامہ صادق جعفری، ایم ڈبلیوایم کے نامزد امیدوار ربرائے حلقہ NA-249 علامہ مبشر حسن، علامہ ملک غلام عباس، سبط اصغر ، کلیم رضا ودیگر بھی موجود تھے ۔

پی پی پی کے رہنماؤںنے علامہ محمد عون نقوی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور فاتحہ خوانی بھی کی، پی پی پی کے رہنما ؤں نے ایک مرتبہ پھر ایم ڈبلیوایم سے ضمنی انتخاب میں اپنے امیدوار کو پی پی پی کے حق میں دستبردار کروانے کی گذارش کی جس پر ایم ڈبلیوایم کی قیادت نے پولیٹیکل کونسل کی مشاورت سے اپنے امیدوار علامہ مبشرحسن کو پی پی پی کے نامزد امیدوار قادرخان مندوخیل کے حق میں دستبردار کروانے کا اعلان کردیا ہے ۔

ایم ڈبلیوایم سندھ کے پولیٹیکل سیکریٹری علی حسین نقوی نے کہا کہ حلقے این اے 249 میں بنیادی کام نہیں ہوئےپاکستان پیپلزپارٹی نے حلقے کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے،ضمنی انتخابات حلقہ این اے 249 میں پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار قادر خان مندوخیل کی حمایت کرتے ہیں ۔حلقے میں ضمنی انتخابات کی کمپین کے حوالے سے پی پی پی امیدوار کے ساتھ ہیں۔

مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران صوبائی وزیر بلدیات سید ناصرشاہ نے کہا کہ مسنگ پرسن کی بازیابی پر مرکزی قائدین کی واضح پالیسی ہے،مسنگ پرسن کی فوری بازیابی کا مطالبہ کرتے ہیں ۔

 پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے صدر وقار مہدی نے کہا کہ حلقہ این اے 249 ضمنی انتخابات میں حمایت پر ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے شکر گزار ہیں، حلقے کے مسائل کےحل کیلئے پاکستان پیپلزپارٹی اور مجلس وحدت مسلمین مشترکہ کوشش کریں گے۔وفاقی حکومت کو کراچی و سندھ سے کوئی دلچسپی نہیں ، عمران خان صرف اعلانات کرتے ہیں کام نہیں ۔

 پی پی پی کے نامزد امیدوار قادرخان مندوخیل نے کہا کہ ضمنی انتخابات این اے 248 میں حمایت مانگے پہلے بھی ایم ڈبلیو ایم کے رہنماؤں کے پاس آئے تھے۔پاکستان تحریک انصاف نے حلقہ این اے 249 میں کوئی ترقیاتی کام نہیں کیا،سندھ حکومت کی جانب سے 2 ارب کابجٹ حلقے میں خرچ کیا گیاحلقے کو شہر کا ماڈل حلقہ بنائیں گے۔ انشاء اللہ حلقے 249 ضمنی انتخابات میں پاکستان پیپلزپارٹی بھاری ووٹوں سے کامیاب ہوگی۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری ، علامہ احمد اقبال رضوی سمیت مرکزی وصوبائی قائدین نے علامہ محمد عون نقوی کے انتقال پرملال پر تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ ملک کےممتاز عالم دین ، خطیب اہل بیتؑ اور داعی وحدت علامہ محمد عون نقوی کے انتقال کی خبر سن کر دلی صدمہ ہوا۔ان کی رحلت مکتب تشیع پاکستان کے لئے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے ۔ مرحوم وحدت واخوت کے داعی اور قوم کا قیمتی سرمایہ تھے ، ان کی دینی ، علمی و مذہبی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا، علامہ محمد عون نقوی مرحوم کی وفات سے پیدا ہونے والا خلاءمدتوں پرنہیں ہوسکے گا۔خدا مرحوم کی مغفرت اور پسماندگان کو صبر جمیل عنایت فرمائے۔

ایم ڈبلیوایم صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ سید باقرعباس زیدی ، کراچی ڈویژن کے سیکریٹری جنرل علامہ صادق جعفری و دیگر رہنماؤں نے بھی علامہ محمد عون نقوی کے انتقال پر افسوس اور رنج کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے ساری زندگی ذکر محمدؐ وآل محمد ؑ کی ترویج واشاعت میںصرف کی، مرحوم شہدائے کربلا ؑ کے فضائل ومصائب کے ذریعے عزاداران حسینی ؑ کے قلوب کو منور کرتے رہے، ان کے انتقال پیدا کونے والا خلاء بامشکل پر ہو سکے گا۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree