The Latest
وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے زیراہتمام پشاور کی امامیہ مسجد میں ہونے والی دہشت گردی کے خلاف چاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے، مظاہروں میں بڑی تعداد میں خواتین، بزرگ، بچے شریک ہوئے، مظاہرین نے پشاور اور کوئٹہ دہشتگردی کو ملت جعفریہ کیخلاف منظم منصوبہ بندی کے ساتھ شیعہ نسل کشی قرار دیتے ہوئے بلوچستان اور خیبر پختونخواہ حکومت کی مکمل ناکامی کی شدید مذمت کی۔ اتوار کو مجلس وحدت مسلمین نے ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان بھی کیا ہے، ملتان میں نواں شہر چوک پر علامتی احتجاجی دھرنا دیا۔
دھرنے کے شرکا نے نماز مغربین نواں شہر چوک پر ادا کی۔ جس کے بعد رات گئے تک دھرنا جاری رہا، سی پی او ملتان خرم شہزاد حیدر نے دھرنے کا دورہ کیا اور سیکیورٹی کا جائزہ لیا، احتجاجی دھرنے کی قیادت ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی، علامہ قاضی نادر حسین علوی، علامہ وسیم عباس معصومی، علامہ غلام مصطفی انصاری، ڈویژنل صدر آئی ایس او ڈاکٹر جوہر عباس نے کی۔ احتجاجی دھرنے میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے ممبران سمیت کثیر تعداد میں کارکنوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر نواں شہر چوک کو ہمہ قسمی ٹریفک کے لیے بند رکھا گیا، سیکیورٹی کی بھاری نفری تعینات رہی۔
شرکا سے خطاب کرتے ہوئے علامہ اقتدار نقوی نے کہا کہ اس المناک سانحہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ قیمتی انسانی جانوں کا غیر معمولی ضیاع انتہائی افسوسناک ہے۔ ملک دشمن عناصر کو قومی دھارے میں شامل کرنے کی خواہش کے بھیانک نتائج پوری قوم کو بھگتنے پڑ رہے ہیں۔ دہشت گردوں کے ساتھ ریاست کی مفاہمتی پالیسی کا یہ باب ہمیشہ کے لیے بند کیا جائے تاکہ مستقبل میں مزید سانحات سے بچا جا سکے۔ انہوں نے کہا خانہ خدا میں خون کی ہولی کھیلنے والوں کا نہ تو کوئی مذہب ہے اور نہ ہی کوئی وطن ہے۔ دہشت گردوں کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھانا امن وسلامتی کو دانستہ طور پر تباہی کی طرف لے جانے کے مترادف ہے۔
علامتی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے آئی ایس او ملتان کے ڈویژنل صدر ڈاکٹر جوہر عباس نے کہا کہ سیکورٹی اداروں کو مزید چوکنا ہونا ہوگا تاکہ درندہ صفت عناصر کو کسی شرپسندی کا کوئی موقع نہ مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چالیس سال میں دہشت گردی کی سب سے زیادہ شکار ملت تشیع ہوئی ہے۔ اس پرامن اور محب وطن قوم کو مزید آزمائش میں نہ ڈالا جائے۔ انہوں نے مجلس وحدت مسلمین کے کارکنوں کو امدادی کارروائیوں میں فوری حصہ لینے کی ہدایت بھی کی۔ احتجاجی دھرنے میں سلیم عباس صدیقی، انجینیئر سخاوت علی، عاطف حسین، ندیم عباس کاظمی، مرزا وجاہت علی، سید فرخ مہدی، مظہر عباس کات، حسنین انصاری، فخر نسیم صدیقی، مولانا ہادی حسین، جواد جعفری سمیت دیگر موجود تھے۔
وحدت نیوز(پشاور)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کا اعلیٰ سطح وفد مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ سید احمد اقبال رضوی کی سربراہی میں سانحہ جامع مسجد امامیہ کوچہ رسالدار کی خبر موصول ہوتے ہی پشاور پہنچ گیا۔
ایم ڈبلیوایم کے وفد کے اراکین نے لیڈی ریڈنگ اسپتال میں سانحہ میں زخمی ہونے والے نمازیوں کی عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔اس موقع پر صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ حکومت خیبرپختونخواہ شاہ وزیر نے بھی ایم ڈبلیوایم کے رہنماؤں سے ملاقات کی اور تفصیلات سے آگاہ کیا۔
ایم ڈبلیوایم کے رہنماؤں نے کوہاٹی چوک پر سانحہ کے سنگین شہداء کی نماز جنازہ میں بھی شرکت کی اور خانوادہ شہداء سے اس افسوس ناک سانحے پر تعزیت اور تسلیت کا اظہار بھی کیا۔
ایم ڈبلیوایم کے وفد میں مرکز ی ترجمان علامہ مقصود ڈومکی، مرکزی رہنما علامہ اقبال بہشتی، وزیرزراعت گلگت بلتستان کاظم میثم، ملک اقرار حسین، ارشاد حسین بنگش اور دیگر بھی شامل تھے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان نصاب کمیٹی کے کنوینیر علامہ مقصود علی ڈومکی نے جامعہ الرضا پہنچ کر نورالھدی ٹرسٹ کے چیرمین اور ایم ڈبلیو ایم کی شورائے عالی کے معزز سیکریٹری علامہ سید حسنین عباس گردیزی اور مدرسہ کے پرنسپل علامہ سید ثمر حسین نقوی سے ملاقات کی اور انہیں 12 مارچ کو اسلام آباد میں متنازعہ نصاب تعلیم کے حوالے سے ہونے والی شیعہ قومی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئےعلامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ نصاب تعلیم اہم قومی مسئلہ ہے اس لئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے ملک گیر شیعہ قومی کانفرنس طلب کی ہے تاکہ ملک بھر کے شیعہ علماء خطباء ذاکرین مسولین مدارس ماہرین تعلیم اور تنظیمی نمائندے مل بیٹھ کر نصاب پر مشاورت کریں اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں۔
انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین ملت کی نمائندہ قومی جماعت کی حیثیت سے ملت کے حقوق کے حصول کے لئے مسلسل میدان عمل میں ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ سید حسنین عباس گردیزی نے کہا کہ نصاب تعلیم حساس مسئلہ ہے۔ نصاب کے سلسلے میں قومی کانفرنس ملت کی بیداری اور یکجہتی کا باعث ہوگی۔اس موقع پر علامہ سید ثمر نقوی نے کہا کہ نصاب تعلیم سے قوم کا مستقبل وابستہ ہے تعلیمی نصاب میں ملت جعفریہ کو مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا ہے جو کہ افسوس ناک ہے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماؤں پر مشتمل وفد نے سینئر سیاستدان ،سابق وزیر داخلہ رہنما ملک کی رہائش گاہ پر جا کر مرحوم کے بیٹے عمر ملک سے اظہار تعزیت کیا۔
وفد کی قیادت ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود ڈومکی نے کی۔ وفد نے مرحوم کی سیاسی و قومی خدمات کو سراہا۔اس موقعہ پر مرحوم کی بلندی درجات کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔وفد نے غمزدہ خاندان کو مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا تعزیتی پیغام بھی پہنچایا ۔وفد میں علامہ احمد نوری، علامہ ضیغم عباس اور علامہ علی شیر انصاری موجود تھے۔
وحدت نیوز(سکردو)مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل آغا علی رضوی نے پشاور مسجد میں ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں مکتب تشیع دہشتگردوں کا سافٹ ٹارگٹ بنا ہوا ہے اور وطن عزیز بے گناہوں کے خون سے رنگین ہوچکا ہے۔ آج مسجد میں جو المناک واقعہ پیش آیا وہ سکیورٹی اداروں اور حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت اور سانحہ اے پی ایس کے مجرموں اور دیگر دہشتگردوں کو کھلی چھوٹ دینے کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردوں اور تکفیریوں سمیت دہشتگردوں کے لیے نرم گوشہ رکھنے والوں کو مین سٹریم میں لانے کی بجائے عبرت کا نشانہ بنایا جائے۔
آغا علی رضوی نے کہا کہ ریاست دہشتگردوں کو خصوصا تکفیریوں کو لگام دینے میں اب تک نہ فقط ناکام رہا بلکہ انہیں پھلنے اور پھولنے کا موقع فراہم کر رہا ہے جو کہ ریاست اور وطن عزیز کی سلامتی کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔ اس افسوسناک سانحے پر پوری ملت کو تسلیت پیش کرتے ہیں بلخصوص خانوادہ شہدا کو یقین دلاتے ہیں کہ انکی مظلومانہ شہادت ملت بیداری اور دہشتگردوں کی نابودی کا پیش خیمہ بنے گا۔
وحدت نیوز(سکردو)وزیر زراعت گلگت بلتستان محمد کاظم میثم نے نماز جمعہ پہ ہونے والے افسوسناک حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ پشاور انتہائی افسوسناک واقعہ ہے جسکی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر وطن کے پیکر میں پے در پے خنجر گھونپنا شروع کیا ہے اور یہ تسلسل خطرہ کی گھنٹی ہے۔ حالیہ واقعہ دہشتگردوں کی سابقہ روایات کا تسلسل ہے جس میں مسجد و امام بارگاہوں کو نشان اول پہ رکھا گیا اور مکتب تشیع ان کا سافٹ ٹارگیٹ بنا ہوا ہے۔ حالیہ واقعہ سکیورٹی اداروں کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ پوری ملت، شہدا کے لواحقین اور خانوادہ کے غم میں برابر کے شریک ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں اور ملک دشمن عناصر کو جب تک آہنی ہاتھوں سے نہیں نمٹا جاتا کوئی بھی شہری محفوظ نہیں رہ سکتا۔ دہشتگردی کی نئی لہر کو روکنے کے لیے ریاست، سکیورٹی ادارے اور حکومت راست اقدام اٹھائیں اور مظلوموں و شہدا کے لواحقین کے ساتھ کھڑی ہو جائیں اور دہشتگردوں کو قرار واقعی سزا دیں۔ پورا ملک چاہے سندھ ہو، پنجاب ہو، بلوچستان یا کے پی کے مکتب تشیع بلخصوص اور عام شہری بلعموم کے خون سے رنگین ہوچکا ہے۔ کئی دہائیوں سے مکتب تشیع جنازہ اٹھا اٹھا کے تھک چکے ہیں اور مزید امتحان نہ لیا جائے۔ ملک میں اس وطن کے حقیقی فرزندان اور باوفا بیٹوں کو کہیں دہشتگردی کی بھینٹ چڑھایا جا رہا تو کہیں مسنگ کرکے وفاداری کی سزا دی جا رہی ہے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی نےپشاور میں سانحہ امامیہ مسجد کے خلاف دیگر مرکزی رہنمائوں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بروز اتوارملک گیر مظاہروں کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کی حالیہ کارروائی نے پاکستان کے بائیس کروڑ عوام کو اضطراب میں مبتلا کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک پاکستان ایسی ریاست کے حصول کے لیے تھی جہاں مسلمانوں کے تمام مکاتب فکراپنے عقائد کے مطابق آزادنہ زندگی بسر کر سکیں۔دوقومی نظریے کے تحت وجود میں آنے والی ایک خالص اسلامی ریاست کو مسلکی ریاست میں بدلنے کی بھرپورکوشش شروع سے جاری ہے۔ وہ قوتیں جو قیام پاکستان کی سخت مخالف تھیں حصول وطن کے بعد ملک کی سب سے بڑی سٹیک ہولڈر بن گئیں۔ارض پاک میں ان مذہبی جنونی قوتوں کو پروان چڑھایا گیا جنہوں نے تکفیریت کا پرچار کیا اور اخوت و وحدت کی فضا کو خراب کر کے مذہبی منافرت کی بنیاد رکھی۔مقتدر طاقتیں اگر اس فتنے کو دانستہ طور پر نظر انداز نہ کرتیں تو آج وطن عزیز کی یہ حالت نہ ہوتی۔مختلف دہشت گردانہ کارروائیوں کے نتیجے میں ہماری قوم کو اسی ہزار جنازے اٹھانے پڑے۔دہشت گردی کےخلاف مختلف ادوار میں آپریشن جاری رہے لیکن ان شرپسندوں کا مکمل خاتمہ نہ کیا جا سکا۔
انہوںنےکہا کہ اگر دہشت گردی کے اس شجر کو جڑ سے اکھاڑ کر پھینکا جاتا تو آج نتائج مختلف ہوتے۔اس کے برعکس ان قوتوں کو سیاسی میدان فراہم کیا گیا جو دہشت گردی،شیعہ نسل کشی اور تکفیریت میں ملوث رہے۔آج ملک دشمن شر پسند طاقتیں سوشل میڈیا سمیت ہر میدان میں پوری آزادی کے ساتھ زہر اگل رہے ہیں جبکہ پرامن اور محب وطن شیعہ قوم کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی جار ہی ہے۔پشاور کا یہ سانحہ کبھی رونما نہ ہوتا اگر سیکورٹی کے انتظام موثر انداز میں کئے جاتے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ پشاور میں لواحقین سے تعزیت کے لیے جائیں ۔ لیکن شیعہ کمیونٹی کے لیے ان کے پاس وقت نہیں ہوتا ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے ساتھ مجلس وحدت مسلمین کا اتحاد نہیں بلکہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہے۔مجلس وحدت مسلمین کے رہنمائوں نے سانحہ پشاور کے ذمہ داروں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) جامع مسجد امامیہ کوچہ رسالدار پشاورمیں بے گناہ اورنہتے نمازیوں پر حملے کی مذمت کرتے ہیں یہ دھماکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لے سوالیہ نشان ہے۔ ان خیالات کااظھار مرکزی سیکرٹری سیاسیات مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین خانم سیدہ نرگس سجاد جعفری نے دھماکے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کیا ۔
انہوں نے کہا کہ زخمی اورنہتے نمازیوں کاجرم یہ تھا کہ وہ بارگاہ الھی میں سجدہ ریز تھے مجلس وحدت مسلمین ہمیشہ مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہے گزشتہ روز کوئٹہ ہزارہ کے شیعہ جوانوں کو دہشتگردوں کی جانب سے ٹارگٹ کیا گیا اور آج پشاور کی شیعہ جامعہ مسجد و امامبارگاہ ایک بار پھر لہو لہان ہے اداروں کی مجرمانہ غفلت ملک کو تباہی کی طرف دھکیل رہی ہے۔
انہوں نے کہا ملک اس وقت بہت نازک صورتحال سے گزر رہا ہے حکومت کو ٹھوس اقدامات کرنے ہونگے آخر کب تک بے گناہ معصوم جانیں دہشتگردی کے اندوہناک واقعات کا شکار ہونگی۔ انہوں نے مذید کہا اس عظیم جانی نقصان کے ذمہ داران کو فی الفور کیفر کردار تک پہنچایا جاے اور زخمیوں کے علاج معالجے کا بہترین انتظام کیا جائے۔
وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماء اور امام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی، ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ کے سیکرٹری جنرل ارباب لیاقت علی ہزارہ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل شیخ ولایت حسین جعفری اور ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ کے دیگر اراکین نے کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئٹہ شہر میں شیعہ ہزارہ برادری کی ٹارگٹ کلنگ ایک بار پھر شروع ہونا تشویشناک ہے۔ حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ہمیں سکیورٹی فراہم کرے۔
انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز پیش آنے والا واقعہ دردناک ہے۔ سکیورٹی فراہم کرنا حکومت اور اداروں کی ذمہ داری ہے۔ ہمیں سکیورٹی فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سکیورٹی فراہم کرنے میں فیل ہوگئی ہے۔ ہم اپنے حق کے لئے احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم شہیدوں کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔ حکومت ایسے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچائے۔
وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ کے جنرل سیکرٹری ارباب لیاقت علی ہزارہ نے اپنے بیان میں گذشتہ شب فاطمہ جناح روڈ پر واقع ہزارہ شیعہ افراد کی دکان پر حملے اور دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے واقعات رونما ہونا اداروں اور سکیورٹی فورسز کی نااہلی کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہت افسوس کا مقام ہے کہ شہر کے ایک مصروف سڑک پر دہشتگرد ایک دکان میں گھس کر دو افراد پر فائرنگ کرکے شہید کرتے ہیں اور فرار ہونے میں کامیاب بھی ہوجاتے ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ دہشت گردی میں ملوث قاتلوں اور ان کے سہولت کاروں کو جلد از جلد گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جو سی سی ٹی وی فوٹیج بم دھماکے کی ویڈیو منظر عام پر لا سکتی ہے، اس کے ذریعے قاتلوں کی پہچان کیوں نہیں ہو سکتی۔ اس واقعہ میں انتظامیہ نے غفلت برتنے کی کوشش کی تو عوام الناس پر قابو قائم رکھنا دشوار ہوجائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج سے 22 سال پہلے شروع ہونے والے اس سلسلے کو ختم کرنا ہوگا۔ اپنے بیان کے آخر میں انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی اور شہداء کے بلند درجات کیلئے دعا کی۔