
Ahsan Mashadi
وحدت نیوز (اسلام آباد) قائد شھید علامہ عارف حسین الحسینی ؒ کے قریبی ساتھی جنرل (ر)تصورحسین نقوی مرحوم کے فرزند اور ڈاکٹر شھید محمد علی نقوی ؒکے بہنوئی مولاناسید محمد جعفر خوارزمی انتقال فرماگئے۔
مرحوم کے انتقال پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری ، ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی، سید ناصرعباس شیرازی ودیگر مرکزی وصوبائی قائدین نے افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔
مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری مشترکہ تعزیتی پیغام میں ایم ڈبلیوایم کے قائدین نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہم پسماندگان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ رب العالمین بحق محمد و آل محمد علیہم السلام مرحوم کی مغفرت فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
الٰہی آمین
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل نیئر عباس مصطفوی کے سسر کا انتقال ہوگیا ہے۔مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری دیگر مرکزی قائدین اور سیکریٹری جنرل ایم ڈبلیوایم گلگت بلتستان آغا علی رضوی نے افسوس اور رنج وغم کا اظہار کیا ہے ۔
ایم ڈبلیوایم کے قائدین نے مرحوم کے رحلت پر پسماندگان سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مغفرت کی دعا کی اور تمام لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے ۔
وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاہور کی سیکرٹری جنرل حنا تقوی اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل عظمی نقوی نے لاہور کے مومنین کی بچیوں کی شادی کے سلسلے میں موصول شدہ درخواستیں پر علاقہ جات کے دورے کئے اور شادی کے اخراجات میں مخیر حضرات کے تعاون سے انکی معاونت کی لاہور میں اسلام پورہ ،وحدتِ روڈ ،مغل پورہ ، بند روڈ ،پکی ٹھٹی ،ساندہ ،امامیہ کالونی ،مناواں کے علاقوں میں 7 بچیوں کی شادی میں انکی ضرورت کے مطابق فرنیچر، کراکری ،کپڑے ، بستر کا سامان ان کو فراہم کیا اور بچیوں کے اعلیٰ نصیبوں کی دعا کے ساتھ انہیں رخصت کیا۔ محترمہ حنا تقوی نے کہا ہم ان تمام مخیر حضرات کا شکریہ ادا کرتے ہیں جن کے تعاون سے یہ کار خیر انجام دیا گیا ہے ۔ اللّہ سب کے رزق و روزی میں برکت عطا فرمائے آمین یارب العالمین
وحدت نیوز(سکردو) صوبائی وزیر زراعت و رہنما مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان محمد کاظم میثم نے اپنے ایک تعزیتی پیغام میں کہا کہ معروف عالم دین شیخ حسن فخرالدین بلتستان کے نابغہ روزگار شخصیت تھے۔انکی علمی،تبلیغی اور ترویج دین کے لئے کی گئی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ان کی وفات سے علمی حلقے میں جو خلا پیدا ہوا ہے اسے مدتوں پر نہیں کیا جا سکے گا۔ان کی وفات دنیا اسلام کے لئے عظیم نقصان ہے۔انکی وفات پر تمام عقیدت مندوں اور لواحقین کی خدمت میں تسلیت و تعزیت پیش کرتے ہیں اور دعا ہے کہ اللہ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلسِ وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی نے سندھ اسمبلی میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے وفاقی حکومت کے مذاکرات کے خلاف قرار داد کی منظوری کو خوش آئند قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا راستہ روکنے اور آئین کی بالادستی کے لیے ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کو واضح اور ٹھوس موقف اپنانے کی ضرورت ہے،وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور پیپلز پارٹی کی قیادت کو اس نازک صورتحال میں جرات مندانہ موقف اپنا پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں،وطن عزیز سے دہشت گردی کا خاتمہ ہر محب وطن کی ترجیح ہے۔
ان کاکہنا تھا کہ ان شدت پسند عناصر سے قطعاَ کوئی رعایت نہیں برتی جا سکتی جنہوں نے ہمارے سکول جانے والے معصوم بچوں کو ذبح کیا ہے۔جنہوں نے مختلف شعبوں کے ماہرین کو چن چن کر قتل کیا۔جنہوں نے ہمارے مساجد، امام بارگاہوں، میلاد النبی اور مجالس کی تقریبات میں خون کی ہولی کھیلی۔ وہ قوتیں جو پاکستان کے آئین اور وجود کی کھلم کھلا مخالفت کرتی ہیں ان کے ساتھ مذاکرات کا فیصلہ دانش و بصیرت سے عاری اقدام ہے۔معمولی سا سیاسی شعوری اور جمہوری وژن رکھنے والا شخص بھی ایسے کسی فیصلے کی حمایت نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کا وقار اور عوام کے جان ومال کا تحفظ ہمیں ہر شے پر مقدم ہیں اور ہر اس فیصلے کی مکمل طور پر تائید کی جائے گی جس سے وطن عزیز کے دشمنوں کی حوصلہ شکنی ہوتی ہو۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین اسلام آباد کی ذاتی کاوشوں کے تحت بھارہ کہو اسلام آباد کے علاقے میں بے سہارا خاندانوں کو سردیوں کے گرم لباس ، لحاف ،گدے اور راشن بیگز تقسیم کیے گئے ۔ اس کارخیر میں مرکزی مسئول آفس شعبہ خواتین محترمہ بینا شاہ ،ضلعی سیکریٹری جنرل شعبہ خواتین ضلع اسلام آبادمحترمہ صدیقہ کائنات ،ضلعی ڈپٹی سیکریٹری جنرل شعبہ خواتین ضلع اسلام آباد محترمہ نادیہ ظفر نے حصہ لیا ۔
یوں کئی خاندانوں میں سردی سے بچنے کے لئے ان خواہران نے کچھ اپنی مدد آپ کے تحت اور کچھ مقامی مومنین ومومنات کے تعاون سے وسائل اور راشن بیگز تقسیم کیئے ۔ ان خواہران کا کہنا ہے کہ اگلے مرحلے میں اسلام آباد ،راولپنڈی کے مضافات میں پسماندہ علاقوں میں بے سہارا خاندانوں کے اندر راشن بیگز، گرم لباس اور ضرورت کا سامان تقسیم کیا جائے گا ۔ ان شاءاللہ ۔