
Ahsan Mashadi
وحدت نیوز(کراچی) یمن میں سعودی اماراتی فوجی اتحاد کی بدترین جارحیت اور مسلمانوں کے بہیمانہ قتل عام کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام فوراً بعد نماز جمعہ جامع مسجد نور ایمان ناظم آباد کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے کے دوران ایم ڈبلیو ایم سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی، صوبائی ترجمان علامہ مبشر حسن و دیگر نے خطاب کیا، اس موقع پر علامہ علی انور جعفری، میر تقی ظفر، آصف صفوی، صابر کربلائی و دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ احتجاجی مظاہرے کے شرکاء نے امریکا، اسرائیل اور آل سعود کے خلاف نعرے بلند کئے، شرکاء نے مظلوم یمنی مسلمانوں کے خلاف سعودی اماراتی اتحاد کی بدترین جارحیت کے خلاف تحریروں پر مبنی مذمتی پلے کارڈز ْبھی اٹھا رکھے تھے۔
علامہ باقر زیدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یمن، فلسطین اور کشمیر محض علاقائی مسئلے نہیں، یہ اسلامی و عالمی مسئلے ہیں، عالم اسلام کو درپیش سنگین مسائل پر امت مسلمہ کو یک زبان ہونے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر، فلسطین، یمن سمیت دنیا بھر کے مسلمان عالم استکبار کے نرغے میں ہیں، اسلامی تعاون تنظیم میں موجود عرب ممالک نے مسلم امہ کو سخت مایوس کیا ہے، دنیا بھر میں مسلمانوں کے قتل عام پر مسلم ممالک کی خاموشی لاتعداد سوالات پیدا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں تناؤ کی یہ صورتحال عالمی امن کیلئے بھی خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مزاحمتی تحریکوں کو امریکا اور حواریوں کے ایماء پر دبانے کی کوششیں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتی۔ احتجاجی مظاہرے کا اختتام دعائے سلامتی امام زمانہ (عج) سے ہوا۔
وحدت نیوز(لاہور) قومی مرکز شاہ جمال میں دعا کمیٹی کی طرف سے ماہانہ دعائے کمیل کا اہتمام کیا گیا جس میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ سید احمد اقبال رضوی نے حالات حاضرہ بالخصوص یمن کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ یمن امام زمانہ عج کے ظہور میں خاص اہمیت کا حامل ہے۔یمنی ایمان،حکمت اور شجاعت میں اپنی مثال آپ ہیں۔یمنی پا برہنہ ہیں لیکن اپنے ایمان کی بدولت عصر حاضر کی سپر طاقتوں کو مغلوب کردیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حوثی رھبر معظم کو اپنا امام مانتے ہیں۔ہمیں جارحین کے مقابلے میں یمنی عوام کی حمایت کرنی چاہئیے ،حوثی باغی نہیں اس ملک کے باوفا بیٹے ہیں،ظہور امام عج یمانی کے خروج سے وابستہ ہے۔یمن میں شکست ظالم اور جارح قوتوں کا مقدر ہے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)صدر انجمن طلاب بلتستانیہ صابر حسین سراج نے وفد کے ہمراہ رکن جی بی کونسل و ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان شیخ احمد نوری سے مرکزی سیکرٹریٹ ایم ڈبلیو ایم میں خصوصی و تفصیلی ملاقات کی۔وفد میں انجمن کے رکن مجلس عاملہ مولانا شریف نفیس،نائب صدر محمد عباس رئیسی اور سیکرٹری اطلاعات و نشریات کاچو مجتبٰی علی خان شامل تھے۔
صدر انجمن نے انجمن کے اہداف و مقاصد اور فعالیت کے حوالے سے شیخ صاحب کی خدمت میں بریفینگ دی۔اس کے بعد گلگت بلتستان کے تعلیمی مسائل پر گفت و شنید ہوئی۔ملاقات میں بلتستان میں میڈیکل کالج کے قیام کے حوالے سے اور دیگر ایشوز پر گفتگو ہوئی.شیخ احمد نوری نے انجمن کی فعالیت کو سراہا اور اس میں مزید بہتری کے لئے اپنے تجاویز اور آراء پیش کئے۔
انہوں نے طلباء کو جدید علوم و ٹیکنالوجی میں مہارت حاصل کرنے اور اپنے آپ کو حالات سے آگاہ رکھنے پر زور دیا۔ ہر کام سے پہلے مکمل منصوبہ بندی کرنے کی تاکید کی۔ انہوں نے انجمن کے ساتھ حتی الامکان ہر لحاظ سے تعاون کرنے کی یقین دہانی کی۔ آخر میں صدر انجمن اور وفد نے ملاقات کے لئے خصوصی وقت دینے پر شیخ احمد نوری صاحب کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
وحدت نیوز (کراچی) دعا کمیٹی اور صوبائی سیکریٹریٹ مجلس وحدت مسلمین سندھ کے زیر اہتمام ھفتہ وار اجتماعی دعائے توسل و محفل میلاد بسلسلہ ولادت باسعادت حضرت خاتون جنت اُم الائمہ حضرت فاطمہ زیرا سلام اللہ علیہا محفل شاہ خراسان روڈ پر منعقد ہوا جس میں مولانا نعیم الحسن نے دعا کی تلاوت کا شرف حاصل کیا ۔
اس موقع پرکرونا سے متاثر افراد، مختلف امراض میں مبتلا مریضوں، بالخصوص دعا کمیٹی کے رکن میجر ریٹائرڈ قمرعباس رضوی کے جلد صحت یابی کیلئے خصوصی دعا کی گئی، مومنین و مومنات کی کثیر تعداد نے اجتماعی دعا و محفل میلاد میں شرکت کی، جبکہ مولانا فضل عباس شیرازی، مولانا نعیم الحسن، ناصر حسینی، ایم ڈبلیو ایم گلگت بلتستان کے رہنما شیخ علی حیدر شریک تھے۔
شہر کے معروف شعرائے کرام و منقبت خواں حضرات نے جناب سیدؑہ کے حضور نذرانہ عقیدت پیش کیا، جس میں عزادار حسین کاظمی، ثاقب رضا ثاقب، سید ناصر آغا، طاہر رضا زیدی، نایاب زیدی، ریاست میر، نقی لاہوتی، مثیم عباس کشمیری، علی رضا جعفری، محمد رضا زیدی، کاشیان،محمد علی جلالوی، وسیم عباس، انتساب، یاور عباس، شعیب، محمد حسنین، علی رضا و دیگر شامل تھے۔
جشن محفل میلاد سے مولانا فضل عباس شیرازی، مولانا نعیم الحسن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی بی سیدہؑ کی شخصیت پر گفتگو کرنا ایسا ہی ہے جیسے سمندر کو کوزے میں بند کرنے کی کوشش کی جائے۔ جس طرح سورہ کوثر کفار پر چھا گئی اسی طرح بی بی زہراؑ کا نور مبارک کم عمر اور قلیل متاع کے باوجود پوری انسانیت پر چھا گیا۔
انہوں نے کہا کہ جب بھی دنیا میں کسی مظلوم کی بات کی جائے گی امام حسینؑ کا نام سب سے پہلے لیا جائے گا۔ امام حسینؑ پر بغاوت کا الزام لگاکر انھیں قتل کیا گیا۔ مولانا نعیم الحسن صاحب کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کی سب سے زیادہ حمایت تشیعوں نے کی جس پر عالم کفر اور عالم اسلام پر سانپ سونگھ گیا۔
وحدت نیوز(سکردو)وزیر زراعت گلگت بلتستان محمد کاظم میثم کی سربراہی میں کمشنر آفس بلتستان میں ایک اہم اجلاس کا انعقاد ہوا۔ اجلاس میں کمشنر بلتستان، ڈپٹی کمشنر، اے ڈی سی سمیت محکمہ برقیات اور محکمہ خوراک کے آفیسران شریک تھے۔ اجلاس میں بجلی کی لوڈشیڈنگ اور آٹے کے بحران کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ لی گئی۔ محکمہ برقیات کے ذمہ داران نے اب تک اٹھائے گئے اقدامات اور موجودہ صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجموعی صورتحال کافی بہتر ہے تاہم کچورا بجلی گھر میں فالٹ آنے کی وجہ سے سپلائی متاثر ہوئی ہے۔ بلخصوص گمبہ سکردو اور ملحقہ ایریاز میں پریشانی تھی جسے فوری طور پر دور کیا جائے گا۔ اس موقع پر وزیر زراعت نے کہا کہ وزیر اعلی گلگت بلتستان کی سربراہی میں صوبائی حکومت نے آٹھ میگاواٹ ڈیزل جنریٹر کے لیے خطیر رقم مختص کی تاکہ بحران کا خاتمہ ہو لیکن تسلی بخش کارکردگی کے لیے محکمہ کے ذمہ داران کو جانفشانی سے کام کرنے اور منصفانہ تقسیم کے لیے مستعد رہنے کی ضرورت ہے۔
صوبائی وزیر زراعت کا کہنا تھا کہ کمپلین پر فوری ردعمل، عوامی ایشوز کے فوری حل کا عوام تقاضا کرتے ہیں اور محکمے کی بنیادی ذمہ داری بھی ہے۔ کہیں لائن کٹ جائے یا کوئی ٹرانسفارمر خراب ہو جائے تو منسٹر کی کال کا انتظار کرنے کی بجائے مینٹننس کے میکنیزم کو بہتر اور ایکٹیو کیا جائے۔ جن جن علاقوں میں اب بھی بحران ہے، ان کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ بلخصوص گمبہ سکردو، کواردو، کتپناہ، رنگاہ، رزسنا اور یونین کونسل چنداہ وغیرہ سے عوام کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے اقدامات ضروری ہے۔ اس موقع پر محکمہ برقیات کے ذمہ داران نے یقین دہانی کرائی کہ بجلی کی ترسیل منصفانہ کی جائے گی اور عوامی ایشوز کو فوری حل کیا جائے گا۔ اجلاس میں محکمہ خوراک کے افسران نے خواراک کی ترسیل اور دیگر ایشیوز پر بریفنگ دی۔
اس موقع پر وزیر زراعت نے کہا کہ جن جن ڈپوز میں گندم کا بحران ہے اس کے فوری حل کے لیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں تاہم دیگر معاملات کے ساتھ ساتھ بلخصوص کوٹے کی منتقلی میں کسی قسم کی مشکل یا تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔ آٹے کی بلیک مارکیٹنگ کی شکایات آ رہی ہیں، اگر کوئی اس گھناونے جرم میں ملوث پایا گیا تو سخت کارروائی کی جائے گی۔ لوکل مارکیٹ میں لوکل فائن آٹا کسی بھی مل سے سپلائی ہوا تو مل کو سیل کر دیا جائے گا۔ اس سلسلے میں مختلف سٹیک ہولڈرز کی میٹنگ طلب کی گئی ہے، جس میں تمام ایشوز کا جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں میں ساڑھے چودہ لاکھ بوریوں سے ِزیادہ گندم کبھی نہیں آئی لیکن اتنا بڑا بحران کھڑا نہیں ہوا، اب پیدا ہونے والے بحران کو ختم کرنے کے لیے ایک ارب روپے سبسڈی میں مزید اضافہ کر کے چھ ارب کی سبسڈی کو نو ارب کر دی گئی ہے۔
وحدت نیوز(نومل) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کے معاون خصوصی برائے معدنیات اور مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی ترجمان محمد الیاس صدیقی نے محکمہ برقیات کے آر ای اور انجنیئرکے ہمراہ 14 میگاواٹ بجلی گھر کا دورہ کرکےمشتعل مظاہرین کو والٹچ کا مسئلہ حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور عوام سے صبر کا دامن تھامے رکھنے کی اپیل کی جس کے بعد مشتعل شہریوں نے پولیس تھانہ نومل کے پاس پیش قدمی روک دی ہے۔
محمد الیاس صدیقی کی بروقت کوششوں سے ایک گھنٹے کے اندر اندر مسلے کو حل کیا گیا،بروقت ایکشن لینے پر نومل کے عوام نے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کے معاون خصوصی برائے معدنیات اور مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی ترجمان محمد الیاس صدیقی کا شکریہ ادا کیا۔