
Ahsan Mashadi
وحدت نیوز(مظفرآباد)آزاد جموں وکشمیر سے تعلق رکھنے والے نامور شیعہ عالم دین پر قاتلانہ حملے میں ملوث کالعدم سپاہ صحابہ کے دہشت گرد پشاورسے گرفتارکرلئے گئے ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین ریاست آزادجموںوکشمیر کے سابق صدر علامہ سیدتصور حسین الجوادی پر قاتلانہ حملے میں ملوث 2 خطرناک دہشت گردوں کو پشاور سے گرفتار کیا گیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق ایم ڈبلیوایم ریاست آزادجموں وکشمیر کے سابق صدر اور نامور عالم دین علامہ سید تصورحسین جوادی پر قاتلانہ حملے میں ملوث ملک دشمن دہشت گرد جماعت کالعدم سپاہ صحابہ کے 2 سفاک دہشت گردوں کی گرفتاری پشاور سے عمل میں آئی ہے ۔
علامہ تصوررحسین جوادی کو 2017 میں اس وقت فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا تھا جب وہ اپنی اہلیہ کے ساتھ سفر پر تھے ، انہیں کئی گولیاں لگیں تھیں شدید زخمی حالت میں انہیں سی ایم ایچ راولپنڈی منتقل کیا گیا تھا جہاں طویل عرصہ زیر علاج رہنے کے بعد ان کی جان بچائی جاسکی تھی ۔پولیس نے مجرموں کی گرفتاری کی طویل کوشش کی لیکن ناکام رہی ۔ متعدد مشکوک افراد کو گرفتاربھی کیا گیا لیکن اصل مجرم آزاد تھے، گرفتار دہشت گردوں کی موقع واردات پر موجودگی کے واضح ثبوتوں کے بعد ان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔
وحدت نیوز(لاہور)مرکزی سیکرٹری سیاسیات مجلس وحدت مسلمین پاکستان سید اسد عباس نقوی نے کہا ہے کہ آج کے ملکی حالات ثابت کررہے ہیں کہ ہماری سیاسی قیادت نے سقوط ڈھاکہ اور سانحہ آرمی پبلک سکول سے کچھ نہیں سیکھا۔ پاکستان ٹوٹنے کا سبب سیاست دانوں کے داؤ پیچ تھے، جو تب بھی لگائے گئے تھے اور اِس کے بعد بھی لگائے جارہے ہیں، سیاست دانوں کی ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی روش نے قوم کو صدیوں پیچھے دھکیل دیا ہے۔
سید اسد عباس نقوی نے سوال کیا کہ سانحہ آرمی پبلک سکول جن وجوہات کے نتیجے میں پیش آیا کیا وہ ختم ہوگئیں؟ کیا ہم نے دہشت گردوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچادیا ہے؟ انہوں نے کہاکہ خدارا سقوط ڈھاکہ اور سانحہ آرمی پبلک سکول سے سبق سیکھیں وگرنہ ماضی کے ذمہ داران کی طرح آپ کا نام بھی خدانخواستہ کسی سقوط کے حوالے سے تاریخ میں لکھا جائے گا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے پاکستان کی تاریخ کے سیاہ ترین دن 16 دسمبر یوم سقوط ڈھاکہ اور یوم سانحہ آرمی پبلک اسکول کے موقع پر اپنے بیان میں کہا کہسمبر کادن سقوط ڈھاکہ اور آرمی پبلک اسکول جیسے ناقابل فراموش اور دلخراش سانحات کی یاد دلاتا رہےگا۔
انہوں نے کہا کہ جہاں استاد قتل ہونے لگیں بے گناہ اور طالبعلموں کو مار دیا جانے لگے بے گناہ وہ معاشرہ انسانی معاشرہ نہیں رہتا وہ درندوں کا اور جنگلی معاشرہ ہو جاتا ہے ۔پاکستان کی تاریخ کے جو دہشگردی کے واقعات ہیں ان میں سب سے زیادہ ظالمانہ حملہ اے پی ایس کا تھا جس میں معصوم بچے جو تحصیل علم کےلئے گھروں سے نکلے تھے اس جگہ مار دیئے گے جہاں وہ علم حاصل کر رہے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ سانحہ آرمی پبلک اسکول کو آٹھ برس بیت گئے لیکن شہید طلباء کے والدین کے غم آج بھی تروتازہ ہیں۔ افسوس ریاست جوماں کا درجہ رکھتی ہے وہ بھی ان کے زخموں پر مرحم نا رکھ سکی۔ اس سفاکانہ حملے میں ملوث دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو سزا دینا تو دور بلکے انہیں ریاستی تحویل سے فرارکروادیا گیا ۔
انہوں نے مزید کہا کہ جہاں سانحہ آرمی پبلک اسکول ہماری قومی تاریخ پر بدنماداغ ہے وہیں یوم سقوط ڈھاکہ بھی ایک ایسا زخم ہے جو کبھی نہیں بھرسکتا۔ اس روز پاکستان پر کاری وار کرکے اس کو دو حصوں میں کاٹ دیا گیا، حب الوطنی اور غداری کے سارٹیفکیٹس کی تقسیم کا وہ سلسلہ شروع ہوا جو آج تک نہ تھم سکا۔ یہی وہ بدقسمت دن تھا کہ جب مشرقی پاکستان کی علیحدگی کی خبر سن کر میرے والد بزرگوار صدمہ برداشت نہ کرسکے اور مجھے یتیم چھوڑ گئے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے قائدین نے جامعہ علمیہ باب النجف جاڑا ،ڈیرہ اسماعیل خان کے مہتمم اعلیٰ ،أستاد العلماء حجت الاسلام والمسلمین علامہ غلام حسن نجفی کی رحلت پر دلی افسوس اور رنج کا اظہار کیا ہے ۔
چیئرمین ایم ڈبلیوایم علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہاکہ علامہ غلام حسن نجفی جاڑا صاحب کی رحلت نے حلقہ علم و ادب اور مومنین کو سوگوار کردیا۔مرحوم نے پوری زندگی سادگی کے ساتھ خدمت اسلام و مسلمین میں گزاری ۔ آپ نہایت متواضع، با عمل، با تقوی اور خوش اخلاق عالم دین تھے۔ ایسے عالم دین کے وجودِ با برکت سے محرومی بیشک ایک ناقابل تلافی نقصان ہے ۔ خداوندمتعال بحق محمد وآل محمد ﷺ مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور جوار معصومین علیہم السلام میں ابدی و سرمدی سکون عطا فرمائے۔
ایم ڈبلیوایم کے وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی نے کہا کہ بزرگ عالم دین علامہ غلام حسن جاڑا کی وفات پر دلی افسوس اور گہرے صدمے کا اظہار اور خانوادہ کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں دکھ کی اس گھڑی میں ہم انکے ساتھ کھڑے ہیں اور دعا گو ہیں اللہ تعالیٰ صدقہ چہاردہ معصومین علیہم السلام انکی مغفرت فرمائے اور درجات بلند فرمائے لواحقین کی صبر جمیل عطا فرمائے۔
وحدت نیوز(ڈی آئی خان) مجلس وحدت مسلمین سیلاب متاثرہ ہم وطنوں کی بحالی کیلئے تاحال سرگرم عمل ہے، ڈیرہ اسماعیل خان میں سیلاب سے متاثرہ عوام میں بیتِ امام علیؑ پراجیکٹ کے تحت 17 گھروں اور 2 مساجد کے لئے دوسری قسط کی رقم تقسیم کردی گئی۔
انجمن حسینیہ خواجگان ناروولی لاہور اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر انتظام گاؤں فتح میں سیلاب متاثرین میں 17 گھروں اور 2 مساجد کے لئے دوسری قسط کی رقوم تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔ جس میں تنویر عباس مہدی، شفقت خان اور عتیق خان بلوچ نے 17 گھروں کی تعمیر نو کیلئے 75000 روپے کی دوسری قسط کے چیکس تقسیم کئے۔
وحدت نیوز(جیکب آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی نے ضلع جیکب آباد کے گوٹھ سردار دریا خان جکھرانی کا تبلیغی دورہ کیا اور وہاں ایام فاطمیہ کی مناسبت سے سیدہ کائنات حضرت فاطمہ الزہراء سلام اللہ علیہا کی شخصیت کے موضوع پر خطاب کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ سیدہ کائنات خاتون جنت کی ذات گرامی عالم بشریت کے لئے راہنما ہے۔ آپ کی ذات گرامی سے حضرت سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پاکیزہ کردار کی خوشبو آتی تھی آپ کی ذات اقدس رسول اسلام (ص)کے کردار کا آئینہ تھی۔ آپ کے دامن عصمت میں جن ھستیوں نے تربیت پائی وہ عالم انسانیت کے رہبر و رہنما قرار پائے۔
اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے فلاحی ادارے ہو از حسین کے تعاون سے متاثرین سیلاب اور مستحقین میں گرم کپڑے اور کمبل تقسیم کئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں معاشرے کے محروم اور مستضعف لوگوں کو ضرور یاد رکھنا چاہیے شدید سردی کے موسم میں غریب لوگوں کو سوئیٹر اور کمبل کی ضرورت ہے ان کی مدد باعث اجر و ثواب ہے۔اس موقع پر انہوں نے گوٹھ دریا خان جکھرانی میں زیر تعمیر مسجد کا معائنہ کیا جسے حالیہ بارش و سیلاب میں نقصان پہنچا۔