
Ahsan Mashadi
وحدت نیوز(دادو)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے ضلع دادو کی تحصیل میہڑ کے سیلاب متاثرہ گاؤں دریانی کا دورہ کیا۔اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم ضلع دادو کے نائب صدر اصغر علی حسینی سابقہ ضلعی سیکرٹری سیاسیات عبداللطیف کاندھڑو مولانا منظور حسین چنہ و دیگر ان کے ساتھ تھے۔ انہوں نے متاثرین سیلاب و مستحقین میں گرم کپڑے تقسیم کئے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان مظلوموں اور محروموں کی حمایت اپنا فرض سمجھتی ہے حکومت نے پٹرول اور ڈیزل سمیت ہر چیز مہنگی کر دی ہے اور مہنگائی کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔ آئی ایم ایف کی فرمائش پر حکومت مسلسل عوام دشمن فیصلے کر رہی ہے۔ عوام پیپلز پارٹی اور ن لیگ سمیت موجودہ کرپٹ نظام سے بیزار ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے ملک گیر توسیع تنظیم مہم کا مقصد عوام کو مجلس وحدت مسلمین کی قومی خدمات اور جدوجہد سے آگاہ کرنا کارکنوں کی تعلیم و تربیت پر توجہ دینا اور یونٹس کی فعالیت میں اضافہ کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ مضبوط تنظیم ہی ملت کے حقوق کی حفاظت کر سکتی ہے۔ قوم کے جوان اور بزرگ آگے بڑھ کر اس الہی تحریک کا ساتھ دیں۔
وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی صدر محترمہ سیدہ معصومہ نقوی نے مرکزی سیکرٹری تبلیغات محترمہ فرحانہ فصاحت کے ہمراہ لاہور کے مختلف یونٹس اور علاقوں کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مومنات سے جشن مولود کعبہ اور رجب کے اعتکاف کے موضوع پر خطاب کیا اس موقع پر مرکزی صدر نے لاہور کی تحصیل صدور محترمہ رباب اور محترمہ صدف کا ان کی زحمات پر شکریہ ادا کیا۔
وحدت نیوز(لاہور)علامہ سید علی اکبر کاظمی صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ پنجاب کی اپنے وفد کے ہمراہ شمالی لاہور میں 3 یونٹس کی تنظیم نو کے پروگرامز اور جشن مولود کعبہ کی مناسبت سے رکھے گئے جشن میلاد میں بھی شرکت ۔شمالی لاہور علاقہ بھنگالی ، واشن لائن میں 3 یونٹس کی تنظیم کی گئی علامہ سید علی اکبر کاظمی نے منتخب ہونے والے یونٹس صدور اور ان کی کابینہ سے حلف لیا ۔
صوبائی صدر ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے ہمراہ علامہ سید حسن رضا ہمدانی سنیئر نائب صدر مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ پنجاب اور برادر سید حسن رضا کاظمی صوبائی جنرل سیکرٹری مجلس وحدت مسلمین صوبہ پنجاب بھی ہمراہ تھے۔
شمالی لاہور میں 3 یونٹس کی حلف برداری میں نجم خان اور ان کی ٹیم کے دوسرے ممبران سید علمدار حسین زیدی اور آفتاب ہاشمی بھی موجود تھے ۔ انہوں نے نئے صوبائی صدر کا استقبال کیا ۔ علامہ سید علی اکبر کاظمی اور علامہ سید حسن رضا ہمدانی نے 13 رجب المرجب کی مناسبت سے منعقدہ محفل جشن سے خطاب بھی کیا ۔
وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین صوبہ خیبر پختون خواہ کے سیکرٹری جنرل شبیر حسین ساجدی نے پشاور میں عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاقانونیت، مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے،اس ابتر صورتحال پر اشرافیہ، بیورکریسی، سیاستدان اور قانون نافذ کرنیوالے ادارے کیوں کر متوجہ نہیں ہیں،حکمرانوں نے ریاست کو گھر کی لونڈی سمجھ رکھا ہے اور ملکی اشرافیہ بالواسطہ یا بلاواسطہ شریک اقتدار بنے ہوئی ہے جو کہ اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے حکومتی فیصلوں پر اثر انداز ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈی آئی خان میں اہل تشیع کی ٹارگٹ کلنگ، گزشتہ روز پولیس تھانے پر دہشتگردوں کا حملہ، پشاور پولیس لائنز مسجد دھماکا، پشاور ماڈل کالج واقعات سمیت کئی لاقانونیت و بدامنی کے واقعات معمول بن چکے ہیں۔ گلی کوچوں،شہروں اور دہہاتوں میں آئے روز لوگ وارداتوں کا شکار ہورہے ہیں، جرائم پیشہ عناصر پہلے تو قانون کی پکڑ میں ہی نہیں آتے اگر کوئی پکڑا بھی جائے تو عدالتوں سے فوری ریلیف مل جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی سے عوام کی اکثریت فاقوں پر مجبور ہے۔ آٹے کی قلعت اور مہنگے داموں سے عوام کا جینا اجیرن ہو گیا ہے، مجبور اور بے بس خواتین آٹے کے ٹرکوں کے پیچھے بھاگنے پر مجبور نظر آتی ہیں، ہر چوک پر درجنوں افراد روزگار کی تلاش میں صبح سے لے کر شام تک راہ تکتے رہتے ہیں کہ کوئی مسیحا آکر دیہاڑی کے لیے لے جائے تاکہ بچوں کے لیے ایک وقت کی روٹی کا بندوست ہو سکے۔ کبھی کام نہ ملنے پر صورتحال فاقوں تک پہنچ جاتی ہے لیکن غریب عوام کا کوئی بھی پرسان حال نہیں ہے۔
وحدت نیوز(جھل مگسی)مجلس وحدت مسلمین ضلع جھل مگسی بلوچستان کی جانب سے مسجد اقصیٰ حسینی محلہ میں اسٹڈی سرکل کا انعقاد ہوا ۔اسٹڈی سرکل میں صوبائی نائب صدرmwm بلوچستان سہیل اکبر شیرازی صوبائی سیکرٹری روابط سید گلزار شاہ بخاری مجلس علماء شیعہ ضلع جھل مگسی کے صدر مولانا علی نواز عرفانی ضلعی صدر گلزار علی کلواڑ ضلعی جنرل سیکرٹری گہنور خان نجف سابقہ ضلعی صدر حبیب اللہ دھکڑ سید اسد اللہ شاہ حسینی سیکرٹری میڈیا حزب اللہ وضلعی کابینہ کے عہدیداران ودیگر کارکنان نے شرکت کی شرکاء نے کہا کہ آیندہ بھی باقائدگی سےاسٹڈی سرکل کی نشستوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔
وحدت نیوز(قم) کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے قم المقدس میں انٹرنیشنل کشمیر کانفرنس کا انعقاد۔ مختلف ممالک کے وفود کی شرکت۔ مسئلہ کشمیر کی حقیقت، اہمیت اور مظلوم کشمیریوں کی مظلومیت پر روشنی ڈالی گئی۔تفصیلات کے مطابق سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم اور صدائے کشمیر فورم کے زیرِ انتظام مدرسہ حجتیہ کے شهید مطهری ؒ ہال میں انٹرنیشنل کشمیر کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔
کانفرنس سے جی بی کونسل کے رکن اور ایم ڈبلیو ایم گلگت بلتستان کے سیاسی امور کے سربراہ علامہ احمد علی نوری کے علاؤہ حجۃ الاسلام جناب آقای مصطفی ملک محمدی (ایران) ، حجت الاسلام و المسلمین جناب آقای شرف علی شاکری، حجۃ الاسلام جناب ڈاکٹر عبدالله بیلم( آفریقا)،حجت الاسلام و المسلمین جناب آقای علی محمد مطهری، حجت الاسلام والمسلمین جناب آقای حسن فاطمی نیز سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم کے سیکرٹری جنرل و صدائے کشمیر فورم کے مرکزی ترجمان حجۃ الاسلام نذرحافی نے خطاب کیا۔ نظامت کے فرائض حجۃ الاسلام مختار مطہری نے انجام دئیے۔کانفرنس کے مہمان خصوصی ڈاکٹر عبداللہ بیلم نے کہا کہ اقوام متحدہ کا کام فقط امریکہ و یورپ کی کارستانیوں پر پردہ ڈالنا رہ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فقط مذمت کرنے سے مسائل حل نہیں ہوا کرتے۔ ساری دنیا میں ایک بیداری اور ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔ دیگر مقررین نے اقوام متحدہ پر عوامی و انسانی دباؤ بڑھانے کی ضرورت پر دیا۔
اس موقع پر فورمز کے ترجمان نذر حافی نے کہا کہ اگر ہم چاہتے ہیں کہ کشمیریوں کے ساتھ ہمارے اس اظہار یکجہتی کا کچھ عملی فائدہ ہو تو پھر ہمیں بھرپور طریقے سے کشمیریوں کی سفارتی و اخلاقی آواز بننا ہوگا۔ کانفرنس کے دوسرے حصے میں سپورٹ کشمیر میگزین کی رونمائی کی گئی۔ حجۃ الاسلام ڈاکٹر شفقت شیرازی نے مجلے کی رونمائی کرتے ہوئے جہاں مسئلہ کشمیر کی انسانی و اسلامی بنیادوں پر گفتگو کی وہیں سپورٹ کشمیر میگزین کی ٹیم کی کارکردگی کو بھی سراہا۔
یاد رہے کہ ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری امورخارجہ حجۃ الاسلام ڈاکٹر شفقت حسین شیرازی اپنی دیگر تمام تر زمہ داریوں اور مسئولیت و مصروفیت کے باوجود مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور ان کی آواز بننے کو اپنا دینی و الہی فریضہ سمجھتے ہیں۔ انہوں نے اپنے خطاب میں جہاں کشمیریوں کی غیر مشروط اخلاقی و سفارتی مدد کیلئے سب کو دعوت دی وہیں سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم و صدائے کشمیر فورم کے زیر انتظام چلنے والے آنلائن سیشنز اور دیگر پروگرامات کو بھی وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔ آخر میں انہوں نے سارے عالم اسلام خصوصا کشمیریوں کیلئے دعائے خیر بھی کی۔