
Ahsan Mashadi
وحدت نیوز(لیہ) مجلس وحدت مسلمین ضلع لیہ کی ضلعی شوریٰ کا اجلاس ضلعی آرگنائزر ساجد حسین گشکوری کی زیرصدارت منعقد ہوا، اجلاس میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری سلیم عباس صدیقی، صوبائی سیکرٹری تنظیم سازی سید دلاور عباس زیدی، صوبائی سیکرٹری ایمپلائز ونگ سید اجمل نقوی، مجلس علمائے شیعہ جنوبی پنجاب کے رہنما مولانا ساجد رضا اسدی، سابق ضلعی صدر جمیل خان، صفدر خان، قیصرعباس میرانی، امیر عباس نقوی، مولانا اکبر ترابی اور دیگر نے شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سلیم عباس صدیقی نے کہا کہ ہم نے ہر کام اللہ کے لیے کرنا ہے، عزاداری ہماری جان ہے اس کے فروغ کے لیئے تمام کاوشیں کرنی چاہئے، ہمیں نظام سیاست ہو یا نظام معیشت سب حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم و اہلبیت علیہ السلام سے لینا چاہیئے۔ اجلاس کے اختتام پر اکثریت رائے سے ساجد حسین گشکوری کو دوسری بار مجلس وحدت مسلمین لیہ کا ضلعی صدر منتخب کیا گیا۔ نومنتخب صدر سے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری سلیم عباس صدیقی نے حلف لیا۔ بعدازاں ضلعی صدر ساجد حسین گشکوری نے اپنی ضلعی کابینہ کا بھی اعلان کردیا جس میں سید مودت نقوی، حاجی غلام عباس، مولانا منظور گشکوری، محمد صفدر خان میرالی، ایڈووکیٹ بخت علی سہو شامل ہیں۔
وحدت نیوز(جامشورو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے ضلع جامشورو کے گاؤں کراچی موری کے نوجوانوں اور مومنین سے ملاقات کی اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم ضلع جامشورو کے صدر عبدالکریم میرجت، ضلعی سیکریٹری سیاسیات شھزادہ علی میرجت ،سیکریٹری فنانس آصف علی میر جت اور انجمن کے سربراہ فراز علی ملاح مقامی مسجد کے متولی فدا حسین ملاح و دیگر شریک ہوئے۔
اس موقع گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ حج کے اخراجات میں اضافہ افسوسناک ہے خادم حرمین شریفین کے نام نہاد دعویدار حج جیسی عظیم عبادت کو تجارت نا بنائیں۔ حج کو مہنگا کرکے اسے غریبوں کی پہنچ سے باہر کیا گیا ہے جبکہ ایک سازش کے تحت پاکستانی زائرین کے لئے زیارت کو کمرشلائیز کرکے مہنگا کیا جا رہا ہے۔ متعصبانہ ذھنیت کے حامل وزیر مذہبی امور نے اس وزارت کو فرقہ واریت کا گڑھ بنادیا ہے زائرین کو محدود کرنے کی سازش قبول نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین قوم کی امیدوں کا مرکز ہے جو انقلابی اور نظریاتی بنیادوں پر قوم کی دینی سیاسی و اجتماعی امور میں رہنمائی کر رہی ہے۔اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے ضلع صدر عبدالکریم میرجت اور کراچی موری کے مسوولین کو لائبریری کے لئے کتابوں کا تحفہ پیش کیا جبکہ دینیات سینٹر کے طلباء میں گفٹ تقسیم کئے۔
وحدت نیوز(حب)مجلس وحدت مسلمین ضلع حب کے ضلعی شوریٰ کا اجلاس اور تنظیمی کنونشن کا انعقاد مرکزی حب میں امام بارگاہ جام کالونی میں ہوا۔ جسکی صدارت مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی نے کی۔ جبکہ مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی، سابق صوبائی صدر علامہ برکت علی مطہری اور صوبائی جنرل سیکرٹری سہیل اکبر شیرازی، صدر مجلس علماء شیعہ ضلع جیکب آباد مولانا سیف علی ڈومکی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ ان کے علاوہ ضلعی شوریٰ کے اراکین اور ضلعی کابینہ کے 4 یونٹوں کے عہدیداران بھی اجلاس میں موجود تھے۔ اس موقع پر سید قربان علی شاہ رضوی کثرت رائے سے اگلے تین سال کے لئے ضلعی صدر منتخب ہوئے۔
صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی نے نو منتخب ضلعی صدر سے حلف لیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ شعبہ تنظیم سازی کی جانب سے یونٹس کے لئے نو نکاتی پروگرام تشکیل دیا گیا ہے۔ تنظیمی اضلاع اور یونٹس سالانہ پروگرام پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ اضلاع اور تحصیلوں کی رہنمائی کے لئے رہنمائے مسوولین کتاب مرتب کی گئی ہے۔ تمام مسوولین اس کتاب کا مطالعہ کریں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ سید ظفر عباس شمسی نے کہا کہ تنظیم کو منظم و مضبوط کرنے کیلئے یونٹس کا قیام نہایت ضروری ہے۔ کارکنان و عہدیداران کی کردار سازی کے لئے دعاؤں، اخلاقی دروس اور اسٹڈی سرکل کے پروگرامز کا انعقاد ضروری ہے۔
وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے سیکرٹری سیاسیات مبشر حسن نے شہر قائد میں کے الیکٹرک کی اجارہ داری کے خلاف شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ادارہ کراچی شہر پر ایک عذاب کی طرح مسلط ہے، کسی بھی دور حکومت میں کے الیکٹرک کے سرکش افسران اور عملے کو لگام ڈالنے کی کوشش نہیں کی گئی، کے الیکٹرک کی طرف سے بلوں میں ٹیکسوں کی بھرمار، سلیب ٹیرف کا غاصبانہ نظام، لائن لاسز، فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ناجائز منافع خوری اور اوور بلنگ وہ ظالمانہ اقدامات ہیں جنہوں نے شہر کے متوسط طبقے کی زندگی کو اجیرن کر رکھا ہے، کے الیکٹرک کی طرف سے غریبوں کے خون چوسنے کا عمل بلا روک ٹوک جاری ہے، مختلف سیاسی و سماجی جماعتوں کا احتجاج بھی کے الیکٹرک کی روش کو تبدیل کرنے میں ناکام رہا۔
مبشر حسن کا مزید کہنا تھا کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور متعلقہ عملے کی شہریوں کے ساتھ بڑھتی ہوئی بدمعاشی حکومت کی طرف سے فوری نوٹس لینے کا تقاضہ کرتی ہے، اگر حکومت یا ریاستی اداروں نے کے الیکٹرک کو قابو میں نہ کیا تو پھر عوام احتساب کے لئے خود اٹھ کھڑی ہوگی، کراچی کے مظلوم عوام اور کاروباری طبقات کا صبر و ضبط اب اشتعال میں بدلتا جا رہا ہے، علاقے میں امن و امان کو قائم رکھنے کے لئے ضروری ہے کہ قانون و انصاف کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے، کے الیکٹرک کے غیر قانونی اقدامات کے خلاف حکومت کو کارروائی کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی سالوں سے کراچی کی عوام کو اوور بلنگ کے ذریعے لوٹا جا رہا ہے، عوام کی لوٹی گئی دولت انہیں واپس دلائی جائے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے زمان پارک لاہور میں نہتےسیاسی کارکنان کے خلاف پولیس کردی کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے ۔
میڈیا کوجاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ حکومت ہوش کے ناخن لے زمان پارک میں نہتے عوام پر کسی قسم کا ایڈونچر کرنے سے باز رہے۔خالی ہاتھ کارکنان پر لاٹھی چارج اور واٹر کینن کا استعمال باعث شرم و افسوسناک ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بہیمانہ تشدد سے نگران حکومت اپنی غیر جانبدارانہ حیثیت کھو چکی ہے۔ملکی عدالتوں کو عوام پر جاری تشدد اور حکومتی جبر و نا روا سلوک کا نوٹس لینا چاہیے۔پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان کیخلاف حکومتی مشینری کا بے تحاشا استعمال تعصب پر مبنی ہے۔
وحدت نیوز(حب)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی، صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی نے اعلی سطح وفد کے ہمراہ ضلع حب چوکی بلوچستان کا دورہ کیا۔ اس موقع پر گڈانی اور حب چوکی میں مختلف پروگراموں میں شریک ہوئے۔
وفد میں سابقہ صوبائی صدر علامہ برکت علی مطہری ،صوبائی جنرل سیکریٹری علامہ سہیل اکبر شیرازی، مجلس علمائے شیعہ کے رہنما علامہ سیف علی ڈومکی، ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی رابطہ سیکرٹری سید قربان علی شاہ، ضلع صدر ایم ڈبلیو ایم عمران علی انگاریہ و اراکین ضلع کابینہ ان کے ہمراہ تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ گڈانی ساحلی شہر ہونے کے باوجود حکومتی عدم توجہی کا شکار ہے گڈانی کا ساحل سمندر اور تفریحی مقامات انتہائی خوبصورت ہیں مگر حکومت عدم توجہی اور نا اھلی کے سبب گڈانی بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین نعمت خداوندی ہے جس نے ملک بھر کے لاکھوں عاشقان اہل بیت کو ایک لڑی میں پرویا ہوا ہے۔ ملت کے جوان اور بزرگ آگے بڑھ کر ایم ڈبلیو ایم کے ہاتھ مضبوط کریں۔
اس موقع پر مرکز تعلیم القرآن کے طلباء و طالبات میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ سید ظفر عباس شمسی نے کہا کہ والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کو بچپن ہی سے مسجد اور قرآن کریم و دینی تعلیمات سے آشنا و مانوس کریں۔