
Ahsan Mashadi
وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین پاکستان سیکریٹریٹ لاہورمیں تنظیمی برادران کی ایک صمیمی نشست منعقد ہوئی ۔ تنظیمی برادران شہر کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے تھے ۔ تنظیمی نشست میں علامہ سید احمد اقبال رضوی وائس چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان ،برادر سید اسد عباس نقوی مرکزی سیکرٹری سیاسیات مجلس وحدت مسلمین پاکستان وسابق معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ، محسن شہریار مرکزی سیکرٹری روابط ،جناب مولانا راجہ مصطفی حیدر،سید حسن رضا کاظمی صوبائی جنرل سیکرٹری مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ پنجاب، نقی مھدی ضلعی آرگنائزر مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع لاہور، سیدسجاد حسین نقوی ،اسدعلی بلتی ،نجم خان مرزا ، آفتاب ہاشمی ، بابر شاہ ،کاظم جعفری ، کاظم نقوی ،برادرفیضان کے علاوہ دیگر افراد نے شرکت کی۔
اس دوستانہ نشست سے علامہ سید احمد اقبال رضوی نے خطاب کیا اور خالص تنظیمی ،سیاسی اور امام زمان عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کی عصر غیبت میں تنظیمی کارکن کی ذمہ داریاں کے موضوع پر جامع اور مدلل گفتگو فرمائی ۔ جسے برادران نے بہت سراہا ۔ اس قسم کی نشستوں کے جاری رہنے پر تاکید فرمائی ۔
وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین پاکستان لاہور سیکرٹریٹ کے زیر اہتمام ہفتہ وار ثقافتی فعالیت کے عنوان سے لاہور کے مومنین فیملیز کے لئے ایک نشست کا اہتمام کیا گیا جس میں علاقے کے مومنین جوانوں نے شرکت کی اس پروگرام میں ایک بہترین ڈاکومنٹری پروجیکٹر کے ذریعے اسکرین پر دکھائی گئی ۔اس پروگرام میں ساونڈ کوالٹی کا خاص خیال رکھا گیا ۔
ناظرین نے فلم دیکھنے کے بعد اسے بہت سراہا اور اس پروگرام کو جاری رکھنے پر تاکید کی گئی ۔ جدید دور میں نوجواں کو جذب کرنے کا بہترین طریقہ سریال/ڈاکومنٹری ہے ۔ جس سے ہر آدمی جوان ،بوڑھا ۔خواتین سب نہ صرف معزوز ہوتے ہیں بلکہ ان فلم سے سبق اور میسج بھی حاصل کرتے ہیں ۔ اس روش سے پیر وجوان کو اسلام کی طرف اور زمینہ سازی ظہور حضرت امام زمان (ع) جذب کیا جاسکتا ہے ۔
وحدت نیوز(سکردو)گلگت بلتستان کے دریا سے لے کر پہاڑ تک زمینیں عوام کی ملکیت ہیں۔ جی بی کی تمام زمین تقسیم شدہ ہے اس میں سرکار یا کسی اور ادارے کا کوئی حصہ نہیں۔ ان خیالات کا اظہار ایم ڈبلیو ایم گلگت بلتستان کے صدر سید علی رضوی نے لینڈ ریفارمز کمیشن کے حوالے سے بلائے گئے اجلاس میں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ کی کوتاہیوں کی وجہ سے مسئلہ خراب ہو رہا ہے۔ جی بی کی تمام زمین عوامی ملکیت ہیں۔ حکومت عوامی زمینوں کو پبلک ملکیت قرار دے۔ جی بی کی تمام زمینیں عوام کے قبضے میں ہیں۔ موجودہ لینڈ ریفارمز بل پر عوامی تحفظات ہیں جن کو دور کرنا حکومت کی زمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام اپنی ایک ایک انچ زمین کی حفاظت کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ بلتستان میں محکمہ مال کی ملی بھگت سے ہزاروں کنال اراضی غیر مقامی لوگوں کے ہاتھوں چلی گئی ہیں۔ بلتستان میں 1947ء سے اب تک عوامی مرضی کے بغیر کیے گئے تمام الاٹمنٹس کو منسوخ کیا جائے۔ حالیہ دنوں میں چھومک تھنگ میں خفیہ طریقے سے پانچ سو کنال زمین کسی ادارے کو الاٹ کی گئی ہے جو کہ عوامی حقوق پر ڈاکہ ہے۔ حکومت کی جانب سے زمینوں کی خرید وفروخت پر پابندی کے بعد محکمہ مال میں موجود کچھ کالی بھیڑوں نے پرانی تاریخوں پر انتقالات مرنا شروع کیا ہے، کمشنر بلتستان اور ڈپٹی کمشنر نوٹس لے کر انتقالات کو منسوخ کرنے کے ساتھ ملوث ملازمین کیخلاف کارروائی عمل میں لائیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ لینڈ ریفارمز بل غریب کو غریب تر اور امیر کو امیر تر کرنے کی سازش ہے۔ بلتستان میں موجود تمام زمینیں عوام کی ملکیت ہیں اور گاؤں سطح پر تمام تقسیم شدہ ہیں۔ حکومت قانون سازی کر کے مالکانہ حقوق دے۔ حکومتی کمیٹی میں ضلع چیئرمین اور بلدیہ چیئرمین کے علاوہ عوامی منتخب نمائندوں کو شامل کیا جائے۔ وراثتی نمبرداری سسٹم کسی صورت قابل قبول نہیں۔ بلتستان میں کچھ نمبردار گونگے بھی ہیں جن کی جگہ پڑھے لکھے اور عوامی مشاورت سے نمبردار کا انتخاب کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے قانون سازی کی حمایت کرتے ہیں لیکن ماضی کی طرح بیوروکریسی کے تجویز کردہ کسی فیصلے کو ہم قبول کرنے کیلئے تیار نہیں۔ عوامی نمائندے بیوروکریسی کی چالوں میں نہ آئیں بلکہ عوامی حقوق کے تحفظ کیلئے کردار ادا کریں ورنہ عوامی غیض و غضب کا سامنا کرنا پڑے گا۔
وحدت نیوز(پشاور)مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخواہ کے صوبائی جنرل سیکرٹری شبیر حسین ساجدی نے زوالکرم کے پشاور میں سواتی پھاٹک پر بے دردی سے قتل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے، اس واقعے کی شدید مذمت کی ہے اور لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ زوالکرم ایک تاجر تھا اگر مخصوص مسلک سے تعلق کی بنیاد پر کسی کو قتل کیا جائے تو اس طرح تو پھر کوئی بھی اپنے آپ کو پشاور جیسے صوبائی ہیڈکوارٹر میں محفوظ نہیں سمجھے گا۔ ہم پشاور سے اب تک سینکڑوں لاشیں اٹھا چکے ہیں مزید قتل عام کے متحمل نہیں ہو سکتے، لہذا ارباب اختیار سے ہمارا مطالبہ ہے کہ بے گناہ تاجر کے بہیمانہ قتل کے حوالے سے تحقیقاتی کمیٹی بنائی جائے اور دہشت گردی میں ملوث عناصر کو جلد بے نقاب کر کے کیفرِ کردار تک پہنچانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔
انہوں نے کہا کہ اگر صوبائی حکومت نے زوالکرم قتل کے حوالے سے سنجیدہ اقدام نہ کیئے تو احتجاج کا حق محفوط رکھتے ہیں اور پشاور سمیت خیبر پختونخواہ کے دیگر علاقوں میں وقتاً فوقتاً بے گناہ شہریوں کا قتل کر دیا جانا اور اس پر ریاست کی طرف سے کسی قسم کی کاروائی کا عمل میں نہ لایا جانا افسوسناک اور تشویش ناک ہے اور یہ کوتاہی اور غیر منصفانہ سلوک دہائیوں سے ہو رہا ہے لیکن ریاستی اداروں کی جانب سے متاثرہ خاندانوں کے زخموں پر مرہم نہیں رکھا گیا جس سے عوام میں عدم تحفظ کا احساس بڑھ رہا ہے۔
وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صدر علامہ باقر عباس زیدی نے ملکی موجودہ صورتحال پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئین و قانون کی بالادستی اور عوامی حقوق کی خاطر قربانی دینے سے گریز نہیں کریں گے موجودہ ملکی صورتحال کا اصل فائدہ ملک دشمن عناصر کو ہورہا ہے۔اتحادی حکمران جماعتوں کا ہدف ملکی سالمیت و استحکام نہیں صرف سیاسی انتقام ہے بر سر اقتدار اتحادی ملکی آئین اور قانون کی دھجیاں اڑارہے ہیں۔ گزشتہ دس ماہ سے اتحادی حکومت نے ملک کو شدید بحرانوں کا شکارکر دیاو طن عزیز ہر گزرتے دن کے ساتھ سیاسی و معاشی بحران کے دلدل میں دھنستا جا رہا ہے اور غریب مہنگائی کی چکی میں پس رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ زمان پارک ریاستی اداروں کی جانب سے عوام پر تشدد کی مذمت کرتے ہیں محافذ خود عوام پر تشدد کر رہے ہیں ملک میں انارکی پھیلانے والی جماعتوں کا چہرہ عوام کے سامنے عیاں ہوگیا ہے عمران خان پر الزام لگانے والے پورے ملک کو توشہ خانہ سمجھ کر کھا گئے ملکی عدلیہ پہلے گزشتہ دھائیوں میں قومی دولت لوٹنے والے حکمرانوں کی نا جائز دولت کو واپس وطن لائے تاکہ ملک کو معاشی بحران سے نکالا جائے۔
انہوں نے کہا کہ وطن عزیز اب مذید بحرانوں کا شکار نہیں ہو سکتاعوام فرسودہ اور کرپٹ سیاسی جماعتوں کو مسترد کرچکی ہیں کرپٹ اتحادی حکمران جماعتوں کواپنے جرائم کاحساب دینا پڑھے گا۔ مجلس وحدت مسلمین کی قیادت پاکستان تحریک انصاف کے شانہ بہ شانہ کھڑی ہے۔ ہم پاکستان کی بقاء کے لئے اس کی خود مختاری کے لیے میدان میں نکلے ہیں۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین ضلع اسلام آباد کے صدر اسد اللہ چیمہ نے لاہور میں زمان پارک پر پولیس کی جانب سے سیاسی انتقامی آپریشن کی شدید مزمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اس پر تشدد کاروائی میں کوئی بھی جانی یا مالی نقصان ہوا تو نگران حکومت اور اس کے پیچھے پنہاں طاقتیں اس کی ذمہ دار ہوں گی۔ پولیس کا کام قانون کی بالادستی اور عوام کی حفاظت ہے نہ کہ غیر جمہوری طاقتوں کی جی حضوری، ہم پولیس کو متنبہ کرتے ہیں کہ وہ کسی بھی انتقامی کاروائی کا حصہ نہ بنیں۔
انہوں نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان میں دن بدن سیاسی عدم استحکام بڑھتا جارہا ہے جس کا نتیجہ معاشی بدحالی کی صورت میں عوام کو برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔ نگران حکومت کا کام بروقت صاف اور شفاف انتخابات کا انعقاد ہے تاکہ مضبوط عوامی حکومت کے قیام کے ذریعے پاکستان اس گرداب سے نکل سکے۔ اس صورت میں عوام پاکستان قطعاً خاموش نہیں رہیں گے بلکہ قانون کی بالادستی اور وطن کی بقا و استحکام کیلئے میدان میں نکلنا ضروری ہوگا۔