وحدت نیوز(جیکب آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ حضرت امام حسین علیہ السلام نور خدا اور شمع ہدایت ہیں اور مجلس ذکرِ حسین علیہ السلام ہدایت و نجات کا راستہ ہے۔ نور خدا کو دنیا کا کوئی یزید بجھا نہیں سکتا۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آلِ محمدؐ نور خدا ہیں۔ ان کا ذکر نور اور ہدایت ہے، آل احمدؑ کی پیروی نجات اور کامیابی کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سچا مسلمان آل محمد ﷺ سے محبت کرتا ہے آل محمد ﷺ کا ذکر نصابی کتب میں شامل کرکے نئی نسل کی فکری و روحانی رہنمائی کا اہتمام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کربلا انسانیت کو ظلم کے خلاف کھڑا ہونے اور دین خدا کی راہ میں ایثار و قربانی کا جذبہ عطا کرتا ہے۔ اگرچہ کفار اور باطل قوتیں نور خدا کو پھونکوں سے بجھانا چاہتی ہیں، مگر یہ اللہ کا وعدہ ہے کہ وہ اپنے نور کو مکمل کرے گا، اور اس نور کی حفاظت کی ذمہ داری خود خدا نے اٹھائی ہے، جسے دنیا کی کوئی طاقت مٹا نہیں سکتی۔
علامہ ڈومکی نے کہا کہ مجالس عزاء اور ذکر امام حسینؑ ہدایت کا روشن راستہ ہیں، جو ہمیں کربلا کے عظیم مقصد اور دین خدا کی تعلیمات سے جوڑتے ہیں۔ ان مجالس کو روکنے والے بڑی غلط فہمی کا شکار ہیں۔ اگر بنی امیہ اور بنی عباس ذکر امام حسینؑ کو مٹا نہ سکے، تو آج کے حکمران بھی ایف آئی آرز اور جھوٹے مقدمات سے ذکر امام حسین علیہ السلام کو نہیں روک سکتے۔ انہوں نے کہا کہ رہبر معظم حضرت آیت اللہ سید علی خامنہ ای حضرت حجت خدا امام مہدی علیہ السلام کے نائب ہیں۔ ہم حجت خدا امام زمانہؑ سے عہد کرتے ہیں کہ ہم ان کے نائب کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے، کیونکہ ہم حسینی و کربلائی ہیں، کوفی نہیں۔ ہم رہبر معظم سید علی خامنہ ای سے تجدید بیعت کرتے ہیں اور پوری دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ کروڑوں عاشقان اہل بیتؑ اور غیرت مند مسلمان آیت اللہ خامنہ ای کو اپنا رہبر اور رہنماء مانتے ہیں۔ اگر کسی نے ان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو ہم اس آنکھ کو نکال دیں گے۔