
Ahsan Mashadi
وحدت نیوز(چنیوٹ) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین چنیوٹ کی جانب سےامام بارگاہ محلہ ٹھٹھی شرقی میں دس روزہ تربیتی ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں محترمہ شبنم زھرا نے نہج البلاغہ اور محترمہ مہک بتول فارغ التحصیل جامعہ بعثت نے احکام کے عنوان پر دروس دیے نماز اور وضو کا عملی طریقہ بھی بچیوں کو سکھایا گیا۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ پنجاب، وحدت سیکرٹریٹ لاہور میں تربیتی کلاسز کے دوسرے دور کا سلسلہ جاری
وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ پنجاب، وحدت سیکرٹریٹ لاہور میں تربیتی کلاسز کے دوسرے دور کا سلسلہ جاری ہے ۔ آج 13 رمضان المبارک کو شیڈول کے مطابق کلاسز کا اجراء ہوا۔
نماز مغربین باجماعت ادا کی گئی ۔ نماز کے بعد وحدت ہاوس کی طرف سے افطار اور کھانے کا اہتمام کیا گیا تھا اس کے بعد ٹھیک ساڑے 7 بجے تربیتی کلاس کا آغاز ہوا 8 بج کر 45 منٹس پر کلاس کا اختتام ہوا اور 15 منٹس سوالات کا سلسلہ جاری رہا ۔
شرکا ء کی جانب سے بہت ہی مثبت اور قابل تحسین فیڈ بیک ملا ہے ۔ کلاس کے شرکاء بڑی دلجمعی ،تسلسل اور رغبت کے ساتھ کلاسز میں شرکت کررہے ہیں ۔ اور کلاسز کے جدید تدریس عمل پر اطمینان کا اظہار کررہے ہیں ۔ کلاس کا باقاعدہ اختتام دعائے امام زمانہ (عج) سے ہوا ۔
وحدت نیوز(سکردو)مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کی صوبائی کابینہ اور ضلعی صدور کا مشترکہ اجلاس ماہ مبارک رمضان اور آئندہ چار ماہ پر مشتمل پروگراموں کے حوالے سے ٹاسک دیا گیا۔اجلاس میں صوبائی کابینہ سمیت ضلع شگر،کھرمنگ،سکردو اور خپلو سے ضلعی مسئولین نے شرکت کی۔مرکز کی طرفسے دئے گئے ایجنڈے کے حوالے سے مشاورت ہوئی اور اضلاع کے صدور نے اپنی کارکردگی کیساتھ آئندہ کے حوالے سے لائحہ عمل سے آگاہ کیا۔
اجلاس کی صدارت مجاھد ملت صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان آغا سید علی رضوی نے کی۔جبکہ اجلاس سے صوبائی نائب صدر شیخ اشرف شگری ،صوبائی سیکرٹری سیاسیات شیخ احمد نوری، رکن مرکزی کردار سازی کونسل شیخ محمدجان حیدری ،ضلع سکردو کے صدر شیخ فداعلی ذیشان، ضلع کھرمنگ کے سیکٹریری جنرل شیخ حسن محمدی،ضلع گنگ چھے کے آرگنائزر کاچو اختر صاحب نے خطاب کیا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)سپریم کورٹ آف پاکستان کے تاریخ ساز فیصلے کا پوری قوم خیر مقدم کرتی ہے، آج کے فیصلے سے آئین کو سبوتاژ کرنے کے تمام تر حربے ناکام ہو گئے ہیں، اعلیٰ عدلیہ کے تاریخی فیصلے سے آئین وقانون کی بالادستی قائم ہوئی ہے، عوام اور آئین وقانون کی فتح ہوئی ہے، ان خیالات کا اظہار چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں کیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ آج نظریہ ضرورت کی ہار اور عوامی بیانیے کی فتح ہوئی ہے، فیصلے پر عملدرآمد کروانا حکومت سمیت تمام اداروں کی آئینی ذمہ داری ہے، عدالتی بینچ پر ریفرنس دائر کرنے کی حکومتی دھمکیاں بھی کارگر ثابت نہ ہو سکیں، حکومت کے دباؤ کو خاطر میں نہ لانے والے بینچ کا فیصلہ لائق تحسین اور اندھرے میں روشنی کی کرن ہے، جس نے ایک تاریخ رقم کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن کو اس پر من وعن عمل کروانا چاہئے نہیں تو الیکشن کمیشن کے ممبران کو اپنے عہدوں سے مستعفیٰ ہو جانا چاہیئے، الیکشن کمیشن نے بروقت الیکشن نہ کروا کر آئین اور عدلیہ کی تحقیر کے ساتھ ساتھ وقت بھی ضائع کیا ہے۔ حکومت کو آئین کی کوئی پرواہ نہیں ہے جسے فورآ مستعفی ہو جانا چاہیے، عدلیہ کے خلاف چلائی گئی باقاعدہ توہین آمیز مہم کی ذمہ دار پی ڈی ایم کی قیادت ہے، جسے وزیر داخلہ کھلم کھلا اسپورٹ کر رہے تھے۔
وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین پاکستان(صوبہ سندھ) کے سیکریٹری سیاسیات سید علی حسین نقوی نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ الیکشن کے لیے فوری فنڈ جاری کرے تاکہ جمہوری اقدار کی پاسداری کی جائے۔ انہوں نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کے انعقاد کے لئے فیصلہ منصفانہ ہے۔
انہوں نے صوبائی سیکریٹریٹ سے جاری اپنے ایک بیان میں کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان یہ امید کرتی ہے کہ ملک کی تمام جماعتیں عدلیہ کی بالادستی ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے عدالتی فیصلے کی تعمیل اور اس پر سیاست سے اجتناب کریں گی۔سیکریٹری سیاسیات نے کہا کہ نگران پنجاب حکومت کو 14 مئی کو الیکشن کروانے کے لئے سنجیدگی کا ثبوت دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کے لیے فنڈ جاری کرنے سے جمہوری اقدار کی پاسداری کی جاسکتی ہے۔
سید علی حسین نقوی نے کہا کہ عدالت عظمی کے فیصلے پر سیاست سے گریز کیا جائے۔ عدالتی فیصلے کی تعمیل اور اس پر سیاست سے اجتناب کرنا ہر محب وطن پاکستانی کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے امید کی کہ پنجاب حکومت ان کے مطالبہ پر عمل کرتے ہوئے الیکشن کو ممکن بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات لے کر 14 مئی کو صوبے میں انتخابات کا کامیاب انعقاد ممکن ہو بنائے گی۔
وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری سید ناصر عباس شیرازی نے کہا ہے کہ ملک کے مسائل کا حل انتخابات میں ہے اور انتخابات وقت مقررہ پر ہی ہونے چاہئیں۔ یہی آئین کا تقاضا ہے کیونکہ ملک میں جاری سیاسی عدم استحکام سے تخریب کاری میں اضافہ ہوا ہے۔ موجودہ حکمران مہنگائی پر قابو پانے میں ناکام رہے ہیں۔ غلط پالیسیوں اور اقدامات کی وجہ سے گزشتہ دو ماہ کے دوران تقریباً 4 کروڑ لوگ سطح غربت سے نیچے چلے گئے ہیں۔ جو ہم سب کیلئے لمحہ فکر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج علامہ مقصود علی ڈومکی، آغا محمد رضا، سید ظفر عباس شمسی، ارباب لیاقت علی ہزارہ، سید ابراہیم آغا سمیت دیگر کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں رجیم چینج لانے والوں نے خود اعتراف کرلیا ہے کہ ہمیں یہ نہیں کرنا چاہیے تھا۔ پی ڈی ایم نے مہنگائی پر قابو پانے کے لئے جو دعوے کئے تھے، وہ پورے نہیں ہوسکے۔ جس کی وجہ سے آج ملک میں تاریخ کی بلند ترین مہنگائی ہے۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی کی وجہ سے دو ماہ کی قلیل مدت میں 4 کروڑ سے زائد لوگ غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے ہیں اور زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں سیاسی عدم استحکام سے تخریب کاری کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ مجلس وحدت المسلمین رجیم چینج کو سیاہ باب قرار دیتی ہے۔ آج ملک میں عوام اپنی جان داؤ پر لگ کر گندم حاصل کررہے ہیں۔ اس حصول میں قیمتی جانیں بھی ضائع ہورہی ہیں۔ پاکستان کو بیچنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ جس کے خلاف ہم عوام کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ پاکستان کے ایٹمی اثاثوں کے ساتھ کھیلا جارہا ہے۔ جو کہ غداری کے مترادف ہے۔
پاکستان کے ایٹمی اثاثوں اور اسرائیل کو تسلیم کرکے ریڈ لائن پر سمجھوتہ کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ ملک بھر سمیت کوئٹہ میں بھی یوم القدس منایا جائے گا۔ ملک میں آئین کو سبوتاژ کیا جارہا ہے۔ عدلیہ کے فیصلوں پر عملدرآمد نہیں کیا گیا تو عوام کے ساتھ مل کر سڑکوں پر نظر آئیں گے۔ ملک میں مقررہ وقت پر انتخابات ہونے چاہئے۔ انتخابات کے سلسلے میں مجلس وحدت المسلمین نے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ انہوں نے کوئٹہ سٹی کے نومنتخب ضلعی صدر ارباب لیاقت علی ہزارہ، ہزارہ ٹاؤن کوئٹہ کے نو منتخب ضلعی صدر سید ابراہیم آغا کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید کرتے ہیں کہ وہ علا قے کی بہتری کے لئے اپنی خدمات سر انجام دیں گے۔