
Ahsan Mashadi
وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ نصاب تعلیم میں فرقہ وارانہ مواد کی شمولیت ناقابل قبول ہے۔ پاکستان کے کروڑوں محب اہلِ بیت شیعہ و سنی مسلمانوں کے جذبات مجروح ہو رہے ہیں۔ 1975 کے متفقہ قومی نصاب کی طرز پر نیا نصاب تعلیم ترتیب دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں متنازعہ نصاب تعلیم پر ملت جعفریہ کے تحفظات کے حوالے سے صوبائی نصاب تعلیم کانفرنس منعقد ہو رہی ہے۔ جس میں ماہرین تعلیم، اساتذہ، علماء، وکلاء و دیگر اہم شخصیات کو دعوت دی گئی ہے۔
اپنے جاری کردہ بیان میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی نصاب تعلیم کمیٹی کے کنوینئر اور مرکزی سیکرٹری نشر و اشاعت علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ وطن عزیز کے تعلیمی نصاب میں دانستہ طور پر ایسے افکار و مضامین شامل کیے جا رہے ہیں جو تکفیری نظریات کی نمائندگی کرتے ہیں اور اہلِ بیت علیہم السلام سے محبت رکھنے والے کروڑوں پاکستانی مسلمانوں کے عقائد اور جذبات کو مجروح کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ عمل نہ صرف شیعہ مسلمانوں کے لیے باعث اذیت ہے بلکہ وہ تمام اہل سنت برادران جو اہلِ بیت (ع) سے محبت کو ایمان کا حصہ سمجھتے ہیں، ان کے لیے بھی یہ تشویش کا باعث ہے۔ یہ ایک منظم سازش ہے جس کا مقصد نوجوان نسل کو فرقہ واریت کی دلدل میں دھکیلنا اور پاکستان کے وحدت و اخوت کے ماحول کو نقصان پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نصاب تعلیم کا مقصد نوجوانوں کی فکری، اخلاقی اور ملی تربیت ہونا چاہیے، نہ کہ ایک مخصوص مسلک یا مکتب فکر کے خلاف نفرت پھیلانا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں، بالخصوص وزارت تعلیم، فوری طور پر متنازعہ اور فرقہ وارانہ مواد کو نصاب سے خارج کرے اور ایک ایسا متفقہ قومی نصاب ترتیب دے جس میں تمام مکاتب فکر کے بنیادی عقائد اور احترام کو مدنظر رکھا جائے۔
انہوں نے بتایا کہ مجلس وحدت مسلمین اس سلسلے میں مسلسل جدوجہد کر رہی ہے اور اس مسئلے پر علماء، کرام خطباء و ذاکرین، ماہرین تعلیم، تنظیمی ذمہ داران اور مختلف طبقات کے ساتھ وسیع تر مشاورت کا عمل شروع کیا جا رہا ہے، تاکہ قومی سطح پر متفقہ لائحہ عمل طے کیا جا سکے۔ علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ متنازعہ نصاب تعلیم پر ملت جعفریہ کا نقطہ نظر واضح کرنے اور وسیع تر قومی مشاورت اور عوام میں شعور بیداری و آگہی مہم کے حوالے سے ملک بھر کے اہم مقامات نصاب تعلیم کانفرنسوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ اسی سلسلے میں 9 مئی کو کوئٹہ میں متنازعہ نصاب تعلیم پر ملت جعفریہ کے تحفظات کے حوالے سے صوبائی نصاب تعلیم کانفرنس منعقد ہو رہی ہے۔ جس میں علماء کرام، ماہرین تعلیم، وکلاء، معاشرے کے تمام طبقات کے سنجیدہ افراد کو دعوت دی جا رہی ہے۔ انہوں نے تمام محب اہلِ بیت، شیعہ و سنی علماء، اساتذہ، والدین اور دانشوروں سے اپیل کی کہ وہ اس قومی مسئلے پر اپنی آواز بلند کریں اور اس مہم میں مجلس وحدت مسلمین کا ساتھ دیں۔
وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی رہنماء و امام جمعہ کوئٹہ علامہ علی حسنین حسینی نے کہا ہے کہ فارم 47 کے نام نہاد نمائندوں نے ثابت کر دیا کہ وہ نہ صرف غیر منتخب ہیں، بلکہ تہذیب اور اخلاقی اعتبار سے گرے ہوئے ہیں۔ بلوچستان اسمبلی میں نام نہاد نمائندوں کے غیر اخلاقی ریمارکس قابل مذمت ہیں۔ عوامی حلقوں میں شکست خوردہ اور مسترد شدہ عناصر مداری بن کر عوام کا دل نہیں جیت سکتے ہیں۔
اپنے جاری کردہ بیان میں ایم ڈبلیو ایم رہنماء علامہ علی حسنین حسینی نے گزشتہ روز بلوچستان اسمبلی میں ہزارہ ٹاؤن پر مسلط شدہ فارم 47 کے نام نہاد نمائندے کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ پی بی 40 سے پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی رہنماؤں نے خود پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ حلقے پر مسلط کردہ نام نہاد نمائندہ حلقے سے غائب اور عوامی مسائل سے بے سروکار ہے۔ ایسے میں اسمبلی فلور پر سیاسی مخالفین کے لئے توہین آمیز الفاظ کا استعمال نہ صرف فارم 47 کے مسلط کردہ نمائندے کی اخلاقی اقدار اور اصلیت کو عیاں کرتا ہے، بلکہ یہ ثابت کرتا ہے کہ عوامی نمائندگی کے دعویدار غیر مہذب افراد کو بات کرنے کا سلیقہ تک نہیں آتا۔
انہوں نے کہا کہ عوام نے روز اول سے ہی موصوف کو فارم 47 کا جعلی نمائندہ قرار دے کر مسترد کر دیا تھا، آج بھی عوام کا یہی موقف ہے کہ اسمبلی میں بیٹھنے والے جعلی نمائندے اور عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے والے لوگ ہیں۔ انہیں اپنے ذاتی مفادات سے زیادہ کوئی چیز عزیز نہیں ہے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصرعباس جعفری اور صوبائی صدر سندھ علامہ سید باقرعباس زیدی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ ضلعی صدر ایم ڈبلیو ایم ضلع گھوٹکی مولانا معشوق علی قمی کی دادی جان کے انتقال پر تمام سوگوار خانوادہ گرامی کی خدمت میں دلی تعزیت پیش کرتے ہیں، دکھ کی اس گھڑی میں ہم ان کے ساتھ برابر کے شریک ہیں، خدا وند متعال سے دعا گو ہیں کہ مرحومہ کو جناب سیدہ زہرا سلام اللہ علیہا کے جوار رحمت میں جگہ عنایت فرمائے اور تمام پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین یا اللہ
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کے مرکزی وفد نے مرکزی صدر وومن ونگ سیدہ معصومہ نقوی کی قیادت میں چئیرمین مجلس وحدت مسلمین سینیٹر علامہ راجا ناصر عباس جعفری سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی، وفد نے علامہ راجا ناصر عباس حفظہ اللہ کو ایم ڈبلیو ایم کے چئیرمین منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ۔
سربراہ مجلس وحدت مسلمین علامہ راجا ناصر عباس جعفری نے وفد کا شکریہ ادا کیا اور اپنی گفتگو میں نہج البلاغہ و قرآن کریم کے مطالعے اور معاشرے میں ان کی تعلیمات کو عام کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔اس موقع پر علامہ راجا ناصر عباس جعفری کی جانب سے ایم ڈبلیو ایم وومن ونگ کی مرکزی صدر محترمہ معصومہ نقوی کو معطر قرآن پاک کا نادر و خوبصورت نسخہ ہدیہ کیا گیا۔وفد نے زیر تعمیر جامعہ ولایہ بھارہ کہو سترہ میل کی شاندار تعمیرات کا مشاہدہ کیا اور قائد وحدت علامہ راجا ناصر عباس جعفری کی اس علمی دانشگاہ کی منفرد طرز تعمیرکی کاوش کو سراہا۔
وحدت نیوز(اصفہان) ڈاکٹر سید ناصر عباس شیرازی، مرکزی رہنما مجلس وحدت مسلمین پاکستان، حالیہ دورے پر ایران تشریف لے گئے ہیں۔ اس موقع پر 30 ممالک کی نمایاں علمی، سیاسی اور ثقافتی شخصیات، بشمول مسلم و غیر مسلم دانشوروں، نے مختلف کانفرنسوں میں مشرقی تمدن، ثقافت اور عالمی سیاسی صورت حال پر اپنے تحقیقی مقالات پیش کیے۔ ڈاکٹر ناصر عباس شیرازی نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے خطہ مشرق وسطیٰ کے موجودہ چیلنجز اور امکانات پر اپنا تحقیقی مقالہ پیش کیا۔
دورے کے دوران مجلس وحدت مسلمین ایران کے شعبہ اصفہان کے صدر حجت الاسلام سید محسن نقوی اور نائب صدر سید اسرار عباس نقوی نے ڈاکٹر ناصر عباس شیرازی سے خصوصی ملاقات کی۔ اس موقع پر مہمان کی اصفہان آمد پر خیرمقدم کیا گیا اور تنظیمی امور کے حوالے سے گہرا تبادلہ خیال ہوا۔ ملاقات کے اختتام پر مہمان کو اصفہان کی ثقافتی سوغات بطور یادگار پیش کی گئی۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے نومنتخب چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مرکزی کابینہ کے اراکین کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ یہ اعلان ملت کے تنظیمی استحکام اور قومی وحدت کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
نئی کابینہ میں علمی، تحریکی اور انتظامی بصیرت رکھنے والی شخصیات کو شامل کیا گیا ہے تاکہ مجلس وحدت مسلمین کو ایک مضبوط و فعال پلیٹ فارم کے طور پر آگے بڑھایا جا سکے۔نئی مرکزی کابینہ کے اراکین کے اسمائے گرامی درج ذیل ہیں۔
1-وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی 2-مرکزی جنرل سیکرٹری علامہ سید حسن ظفر نقوی 3-مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی 4-ڈپٹی جنرل سیکرٹری سید ظہیر عباس نقوی 5-مرکزی صدر علما ونگ علامہ سید حسین عباس گردیزی 6-سیکریٹری نشر و اشاعت و کنوئیر نصاب کمیٹی علامہ مقصود علی ڈومکی7- سیکرٹری امور خارجہ علامہ شفقت شیرازی8-مرکزی سیکریٹری رابطہ و ترجمان محسن شہریار زیدی 9-مرکزی آ فس سیکرٹری ملک اقرار حسین علوی10- مرکزی سیکریٹری یوتھ علامہ تصور علی مہدی 11-مرکزی سیکرٹری تعلیم کاچو زاہد علی خان 12۔صدر عزاداری ونگ علامہ اقتدارحسین نقوی
چیئرمین راجہ ناصر عباس جعفری نے کابینہ کے اعلان کے موقع پر کہا کہ یہ نئی ٹیم ملت اور وطن کی خدمت، قومی وحدت، اور دینی شعور کے فروغ کے لیے شب و روز کام کرے گی۔ ہم نے باصلاحیت، باکردار اور محنتی افراد کو ساتھ ملا کر ایک مضبوط ادارہ سازی کی بنیاد رکھ دی ہے۔"
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مجلس وحدت مسلمین ایک نظریاتی، عوامی اور متحرک پلیٹ فارم کے طور پر پہلے سے زیادہ فعال کردار ادا کرے گی۔