
Ahsan Mashadi
وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی اور بلوچستان کے صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی کی قیادت میں ایک وفد نے جمعیت علماء اسلام کے سابق رکن قومی اسمبلی سینیٹر حافظ حسین احمد کی وفات پر جامعہ مطلع العلوم کوئٹہ پہنچ کر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور ان کی علمی و سیاسی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر وفد نے تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات درج کیے۔ علامہ مقصود علی ڈونکی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا:"حافظ حسین احمد پاکستان کی سیاسی و مذہبی تاریخ کا ایک منفرد نام تھے۔ وہ خوش گفتار، اصول پسند سیاسی رہنما اور اتحاد بین المسلمین کے علمبردار تھے۔ وہ فرزند بلوچستان تھے اس لئے انہوں نے بلوچستانی عوام کی محرومیت کی ترجمانی کی۔ مظلوموں کی حمایت اور ملتِ اسلامیہ کے اتحاد کے لیے کوشاں رہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ سید ظفر عباس شمسی نے کہا: مرحوم حافظ حسین احمد نے ملی یکجہتی کونسل اور متحدہ مجلس عمل جیسے پلیٹ فارمز پر مختلف مکاتبِ فکر کے علما کو یکجا کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
صوبائی جنرل سیکریٹری علامہ سہیل اکبر شیرازی نے کہا کہ حافظ حسین احمد اصول پسند سیاست دان تھے۔ مرحوم کے فرزند حافظ منیر احمد نے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ:"والد محترم ایک سچے عوامی نمائندے تھے، متعدد انتخابات میں انہیں عوام نے اپنے اعتماد سے نوازا۔ انہوں نے بلوچستان کے عوامی مسائل پر بھرپور آواز بلند کی، جس کی پاداش میں انہیں انتقامی کارروائیوں کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ ان کے مدرسے کے فارغ التحصیل طلباء نہ صرف بلوچستان بلکہ افغانستان کے مختلف علاقوں میں بھی دینی و تعلیمی خدمات انجام دے رہے ہیں۔"آخر میں علامہ مقصود علی ڈومکی نے حافظ منیر احمد کو عالم اسلام کے جید عالم دین علامہ حافظ جلال الدین سیوطیؒ کی معروف کتاب احیاء المیت فی فضائل اہل البیت کا تحفہ پیش کیا۔
وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے جنرل سیکرٹری سہیل اکبر شیرازی نے بھارت کی جارحیت کے خلاف مذمتی بیان میں کہاکہ ہم، بھارت کی جانب سے پاکستان کے مختلف شہروں پر کی جانے والی حالیہ جارحیت کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ یہ حملے نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں بلکہ خطے کے امن کو سبوتاژ کرنے کی مذموم کوشش بھی ہےپاکستان ایک پرامن، خودمختار اور ایٹمی طاقت ہے جو اپنی سرحدوں کے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ ہم بھارت کو خبردار کرتے ہیں کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
بھارت کو یاد رکھنا چاہیے کہ پاکستان کے عوام اور افواج ہر محاذ پر متحد ہیں، اور مادرِ وطن کی حرمت پر کوئی سمجھوتہ ممکن نہیں۔ہم اقوامِ متحدہ، او آئی سی اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بھارت کی جنگی جنونیت کا نوٹس لیں اور جنوبی ایشیا کو جنگ کی آگ میں جھونکنے سے روکیں۔مجلس وحدت مسلمین بلوچستان اپنے تمام کارکنان، مومنین اور عوام سے اپیل کرتی ہے کہ وہ قومی یکجہتی، سے اظہارِ یکجہتی اور دفاعِ وطن کے جذبے سے سرشار رہیں۔ دشمن کی ہر سازش کو اتحاد و اخوت سے ناکام بنا دیں۔
وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی، مرکزی سیکرٹری سیاسیات اسد عباس نقوی اور علامہ حسن رضا ہمدانی نے ملتان میں جامعہ شہید مطہری کا دورہ کیا۔
صوبائی صدر مجلس علما مکتب اہلبیت جنوبی پنجاب و پرنسپل جامعہ شہید مطہری ملتان علامہ قاضی نادر حسین علوی نے علامہ احمد اقبال رضوی اور دیگر مہمانوں سے ملاقات کی۔ باہمی دلچسی کے امور پہ تبادلہ خیال کیا گیا۔ سربراہ جامعہ شہید مطہری الحاج علامہ قاضی شبیر حسین علوی کے انتقال پر علامہ احمد اقبال رضوی نے اظہار تعزیت کیا، ان کی قومی اور ملی خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی دینی و تدریسی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، بالخصوص آپ کا پر تاثیر اور جازبیت سے بھرا انداز تبلیغ وتقریر لائق تقلید ہے۔
اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین عزاداری ونگ جنوبی جنوبی پنجاب کے صوبائی صدر و ممبر ڈویژنل امن کمیٹی انجینئر مہر سخاوت علی سیال، سابق مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری سلیم عباس صدیقی، صوبائی ترجمان ثقلین نقوی، صوبائی سیکرٹری روابط مولانا غدیر شیرازی، صوبائی رہنما مجلس علمائے مکتب اہلیبیت مولانا علی رضا حسینی اور دیگر موجود تھے۔
وحدت نیوز(قم) مولانا سیدذیشان حیدر حسنی مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم کےنئےمیرکارواں منتخب،علامہ ڈاکٹر شفقت حسین شیرازی سیکرٹری امور خارجہ نےقم میں تنظیمی اجلاس میں باضابطہ اعلان کیا۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر کی طرح ایم ڈبلیوایم کےبیرون ممالک شعبہ جات کی تنظیم نو آغاز ہوچکا ہے، اس سلسلے میں قم المقدسہ میں ایم ڈبلیوایم کے انٹراپارٹی الیکشن میں مولانا سیدذیشان حیدر حسنی کو کثرت رائے سے آئندہ تین سال کیلئےصدر منتخب کرلیا گیا۔
سادہ مگر پروقار تقریب جس میں کارکنان وعہدیداران شریک تھے کے دوران نومنتخب صدر سے ایم ڈبلیوایم کے مرکزی سیکریٹری امور خارجہ علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے حلف لیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل مولانا سید شیداحسین جعفری صاحب اس ذمہ داری پر فرائض انجام دے رہے تھے، نومنتخب صدر ایم ڈبلیوایم شعبہ قم مولانا سید ذیشان حیدر حسنی قائد وحدت علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کے شاگرد رشید ہیں اور جامعہ الولایہ قم المقدسہ میں ذیر تعلیم ہیں۔
وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ نریندر مودی جنگی جنون میں مبتلا ہے۔ مودی خطے کو جنگ کی آگ میں دھکیلنا چاہتا ہے۔ وطن عزیز پاکستان پر بھارتی جارحیت ناقابل قبول ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ پریس کلب میں مرکزی مسلم لیگ بلوچستان کے زیر اہتمام منعقدہ "پاکستان زندہ باد کانفرنس" سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایم ڈبلیو ایم رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ گجرات کا قصائی نریندر مودی اپنے جنگی جنون کے باعث پاکستان اور بھارت کو جنگ کی تباہ کاریوں کی طرف دھکیل رہا ہے۔ مودی نے گجرات میں مسلمانوں کا قتل عام کیا، اور کشمیر میں طویل ترین کرفیو نافذ کرکے انسانی حقوق کی سنگین پامالی کی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور اسرائیل امت مسلمہ کے مشترکہ دشمن ہیں، جو مسلم ممالک کے خلاف گٹھ جوڑ کے تحت کام کر رہے ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ غزہ اور فلسطین میں اسرائیلی مظالم میں امریکہ کے ساتھ ساتھ بھارت بھی شریک جرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان 25 کروڑ غیرت مند مسلمانوں کا ملک ہے۔ جو کسی صورت بھارتی جارحیت اور بالادستی کو قبول نہیں کرے گا۔ پاکستانی قوم متحد ہو کر اپنے وطن عزیز کے چپے چپے کی حفاظت کرے گی اور جارح دشمن کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بنے گی۔ انہوں نے بھارت کی حالیہ جارحیت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی افواج نے جان بوجھ کر سویلین آبادی کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں معصوم شہری شہید ہوئے اور مساجد کو بھی بمباری کا نشانہ بنایا گیا۔ یہ اقدام واضح دہشتگردی اور عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ علامہ ڈومکی نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ پاکستان کے خلاف بھارت کی ریاستی دہشتگردی کا نوٹس لیا جائے اور کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت دلایا جائے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے پارلیمانی لیڈر و رکن قومی اسمبلی انجینئر حمید حسین کی پاکستان تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی زرتاج گل وزیر سے قومی اسمبلی میں ملاقات، جس میں موجودہ ملکی صورتحال سمیت پارا چنار کرم کے مسئلہ پر خصوصی طور پر گفتگو کی گئی اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی پر مبنی اعلی سطح وفد بنایا جائے گا۔
وفد میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان، سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سمیت زرتاج گل وزیر اور انجینئر حمید حسین شامل ہونگے، وفد وزیر اعلی کے پی کے علی امین گنڈا پور سے ملاقات کرے گا اور پارا چنار کرم کی سنگین صورتحال کے حل بارے فوری عملی اقدامات سمیت آٹھ ماہ سے بند راستے کی بندش ختم کرنے کو یقینی بنانے پر زور دے گا۔
بعد ازاں وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور رکن قومی اسمبلی انجینئر حمید حسین کی بھی ملاقات ہوئی جس میں وفاقی وزیر نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ وہ پارا چنار کرم کے مسئلے کو اعلیٰ حکام تک اٹھائیں گے اور اس ایشو کو حل کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔