The Latest
وحدت نیوز (سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل آغا علی رضوی نے ڈی جی ہیلتھ اور ڈائیریکٹر ہیلتھ بلتستان سے انکے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران کرونا کیخلاف محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اٹھائے جانے والے ہنگامی اقدامات بلخصوص ڈاکٹر حضرات اور پیرامیڈیکس کی جانب سے اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر دن رات ایک کرکے کی جانے والی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا اور شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا اسی جانفشانی کے ساتھ سرگرمی جاری جاری تو اس وبا کے ساتھ دیگر امراض بھی ختم ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا قرنطینہ میں موجود زائرین کی صحت، خوراک، انتظام اور انکی عزت و تکریم کا خصوصی خیال رکھا جائے اور تفتان میں ہونے والی بدسلوکی کے ازالے کی کوشش کی جائے۔
انہوں نے محکمہ صحت سے ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی کرتے ہوئے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کے رضاکار بھی ہمہ خدمات کے لیے تیار ہیں۔ اسوقت بلتستان میں ماسک کی کمی کی شکایت پر رضا کاروں نے دیسی( ہوم میڈ) ماسک بنانا شروع کیا ہے۔ محکمہ صحت کو سینکڑوں کی تعداد میں ابتدائی طور پر ماسک فراہم کیا جائے گا۔ سنیٹائزر بنانے کے لیے بھی ماہرین موجود تھے لیکن شہر میں مطلوبہ کیمیکلز کی کمی کے باعث فوری طور ممکن نہیں ہوسکا۔ عوام الناس کو تمام فلاحی اداروں اور تنظیموں سے بھی گزارش کر رہے ہیں کہ جو معاونت جن جن سے ہوسکتی ہے وہ جاری رکھیں اور آگے بڑھیں۔ اس مہلک وبا سے سب نے ملکر لڑنا ہے اور عوام کو احتیاطی تدابیر پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ آغا علی رضوی کی جانب سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی پر محکمہ کے سربراہان نے شکریہ ادا کیا۔
وحدت نیوز(سکردو)مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل آغا علی رضوی کی خصوصی ہدایت پر بلتستان ریجن میں کرونا کیخلاف مختلف اقدامات کے لیے ایک کمیٹی قائم کر دی ہے۔ اس کمیٹی کے فوکل پرسن ایم ڈبلیو ایم کے رہنما کاظم میثم ہونگے جبکہ ڈاکٹر عرفان کو ان کا معاون خاص نامزد کیا گیا ہے۔ مذکورہ کمیٹی کرونا کیخلاف اٹھانے جانے والے اقدامات بلخصوص زائرین کی خدمت، محکمہ صحت اور انتظامیہ کے ساتھ معاونت اور آگاہی مہم سمیت دیگر ضروری اقدامات اٹھائے گئے۔
اس کمیٹی میں الہدی فاونڈیشن کے چیئرمین علی احمد نوری اور ایم ڈبلیو ایم کے رہنماء مولانا رسول میر رضاکاروں کی سربراہی کریں گے۔
آغا علی رضوی اور شیخ احمد علی نوری کی سربراہی میں روزانہ بنیادوں پہ اس وبا کو شکست دینے اور عوام کی جانوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اجلاس ہوں گے اور اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
آغا علی رضوی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین کے تمام کارکنان رضاکارانہ خدمات کے لیے تیار رہیں اور محکمہ صحت کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے عوام میں آگاہی پھیلائیں۔ انفرادی سطح پر عوام دعا بھی کریں، اجتماعات اور گیدرنگ سے سے بچیں، ساتھ ہی صحت کے ماہرین کی ہدایات پر عمل پیرا ہوں۔
وحدت نیوز (مظفرآباد) مجلس وحدت مسلمین آزاد جموں وکشمیر کی ریاستی کابینہ کا اجلاس ریاستی سیکرٹری جنرل علامہ سید تصور حسین نقوی کی زیر صدارت ریاستی سیکرٹریٹ مظفرآباد میں منعقد ہوا۔اجلاس میں تمام کابینہ ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےریاستی سیکرٹری جنرل علامہ سیدتصور حسین نقوی نے کہا کہ یہ کرونا وائرس کی جو وبا پھیلی ہے اس حوالے سے ہمیں عوام میں ایک آگاہی مہم کا آغاز کرنا ہوگا جس کے زریعے عوام کو احتیاطی تدابیر سے آگاہ کرنا ہو گا۔حفظان صحت کے اصولوں کو اپناتے ہوئے ہمیں اپنے معاشرے کو کرونا وائرس جیسے موزی وبا سے پاک رکھنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرونا وائرس ایک عالمی وبا ہے اس سے جنگ کی صورتحال پیدا ہو چکی ہے اور مجلس وحدت مسلمین کے عہدیداران اور کارکنان اس جنگ کے ہر اوّل دستے کا کردار ادا کریں گے۔مجلس وحدت مسلمین پاکستان میں بھی کام کر رہی ہے اور آزادکشمیر میں بھی اگر ایسی صورتحال پیدا ہوئی تو انشاءاللہ میرے سمیت مجلس وحدت مسلمین کے عہدیداران اور کارکنان عوام اور کرونا کے مریضوں کی خدمت میں پیش پیش ہوں گے۔
علامہ تصور حسین نقوی نے مزید کہا کہ ہم ریاست بھر کےدانشوروں,مذہبی سکالرز,سیاسی و سماجی رہنماؤں اور تمام مکاتب فکر کے آئمہ مساجد و آئمہ جمعہ جماعت سے یہ اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنے ویڈیوز پیغامات اور آڈیو نوٹس جاری کریں تاکہ سوشل میڈیا پر عوامی آگاہی کا سلسلہ شروع کیا جا سکے۔مزید برآں انہوں نے کہا کہ اگر حکومت پاکستان بروقت اقدام کرتی تو ملک میں کرونا وائرس کا وجود ہی نہ ہوتا۔ اسی طرح پاکستان میں چائنہ,سعودی عرب,متحدہ عرب امارات, امریکہ, برطانیہ اور ایران سے لوگ آئے ہیں جن میں کرونا وائرس پایا گیا ہے۔زائرین کو تفتان میں کھلے آسمان تلے چھوڑ دیا گیا جہاں ان کی صحت و صفائی کے لیے انتظام موجود نہیں تھا۔اس وجہ سے وہ کھلے آسمان تلے زکام اور تپ دق میں مبتلا ہو گئے اگر کسی ایک بندے میں کرونا تھا تو وہ دو سو تین سو افراد میں منتقل ہو گیا۔وہ اس لیے کہ جب آپ ہزاروں لوگوں کو اکھٹا چھوڑیں گے اس کا نتیجہ ایسا ہی ہوگا۔ قرنطینہ کا مطلب ایک بندہ ایک کمرہ۔لیکن ہم نے دیکھا کہ تفتان میں ایک خیمے میں آٹھ آٹھ دس دس افراد تھے اب جو ملک کے طول و عرض میں صوبائی حکومتوں کے تاویل میں قرنطینہ سینٹرز قائم کیے گئے ہیں ان میں بھی یہی صورتحال دیکھنے کو ملی اور عادمیت سسک رہی ہےاور انسانیت زندگی کی بھیک مانگ رہی ہے۔لیکن حکمران آج بھی اس موضوع پر سیاست کر رہے ہیں اپنے قرضے معاف کروانے کی باتیں کر رہے ہیں۔عالمی اداروں سے مدد لینے کی بات کر رہے ہیں۔ انہیں عوام کی کوئی فکر نہیں وہ کسی طور بھی عوام کا بھلا نہیں چاہتےہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کرونا وائرس سے نبردآزما ہونے کے لیے ہمیں قومی طور پر کام کرنا ہو گا نہ کہ سیاسی رسہ کشی یاپوائنٹ سکورنگ سے معاملہ حل کیا جا سکتا ہے۔ مزید برآں اجلاس میں ڈپٹی سیکرٹری جنرل آغا طالب حسین ہمدانی,سیکرٹری تنظیم سازی سید فدا حسین نقوی,سیکرٹری ویلفئیر خالد محمود عباسی,کوارڈینیٹر ایمپلائز ونگ ممتاز حسین نقوی,سیکرٹری روابط سید عامر علی نقوی کے علاوہ سید وقارت کاظمی,سید اسد علی بخاری, تنویر مغل ودیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئمہ مساجد اور اضلاع میں رابطہ کاری کا آغاز کیا جائے گاجس کے زریعے لوگوں کو کرونا وائرس سے آگاہی دی جاۓ گی۔
وحدت نیوز(سکردو) مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سربراہ آغا علی رضوی کی قیادت میں ایک وفد نے کمشنر بلتستان ریجن سے ملاقات کی۔ملاقات میں کورونا وائرس کے بچاو کے لیے ملک بھر میں اٹھانے جانے والے اقدامات کے نتیجے میں آنے والی مشکلات بلخصوص پنڈی اسلام آباد سے سکردو آنے والے مسافرین کے لیے ناکافی ٹرانسپورٹ اور بلتستان میں قرنطینہ میں رکھنے والے محترم ذائرین کے تحفظات اور شکایات سے بھی آگاہ کیا۔
آغا علی رضوی نے کہا کہ رستے میں موجود زائرین کو باعزت طریقے سے بھرپور سہولیات کے ساتھ بلتستان پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قرنطینہ میں موجود تمام زائرین کو بھرپور سہولتیں دی جائیں بلخصوص انکو دئے جانے والی طبی سہولت، بجلی کی فراہمی اور اشیائے خوردو نوش میں کسی قسم کی شکایت برداشت نہیں کی جائے گی، نیز انکی عزت و احترام انکے ساتھ مشفقانہ اور تکریمانہ برتاو کو ہر صورت میں یقینی بنائی جائے۔ قرنطینہ میں موجود زائرین، ہوٹل انتظامیہ، ڈیوٹی پر مامور پیرامیڈیکل سٹاف اور پولیس اہلکار کے لیے بھی ماسک،دستانے اور دیگر حفاظتی ضروریات کو یقینی بنایا جائے۔
آغا علی رضوی نے کہا کہ اس مہلک مرض کے خلاف زائرین کی قربانیاں قابل تعریف ہیں علما،سماجی کارکنان،عمائدین،جوان اور عوام حفاظتی اقدامات کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں اور اس چیلنج سے پوری قوم کو مل کر نمٹنا ہوگا۔
وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی خصوصی ہدایت پر ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی رات گئے وفد کے ہمراہ ملتان میں زائرین کے لیے قائم کیے گئے قرنطینہ سنٹر پہنچ گئے، زائرین کی رہائش گاہ کا جائزہ لیا، اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر طیب خان نے اُنہیں قرنطینہ سنٹر کے حوالے سے مکمل بریفنگ دی۔
اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سلیم عباس صدیقی، علامہ قاضی نادر حسین علوی، سیکرٹری سیاسیات مہر سخاوت علی، ثقلین نقوی، ضلعی سیکرٹری جنرل مرزا وجاہت علی، قیصر عباس، فخر نسیم، ڈویژنل صدر آئی ایس او ملتان شہریارحیدر اور دیگر بھی موجود تھے۔
علامہ اقتدار نقوی نے قرنطینہ سنٹر میں زائرین کی رہائش گاہ کا جائزہ لیا اور اطمینان بخش قراردیا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر طیب خان نے اپنی بریفنگ میں بتایا کہ زائرین ہمارے بھائی ہیں اور ملتان میں ان کے لیے بہتر اقدامات کیے گئے ہیں، تمام زائرین کو الگ الگ کمروں میں رکھا گیا ہے اور اُن کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے مکمل انتظامات کیے گئے ہیں۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ بارہ سو سے زائد زائرین کی رہائش اور طعام کا اہتمام کیا گیا ہے، اس کے علاوہ بچوں اور خواتین کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے، طیب خان کے مطابق زائرین کے لواحقین کے لیے بھی خصوصی جگہ بنائی گئی ہے، علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا کہ سکھر اور ڈیرہ غازیخان کی نسبت ملتان میں زائرین کے لیے بہتر اقدامات کیے گئے ہیں، ہم اُمید کرتے ہیں کہ جس طرح سکھراور ڈیرہ غازیخان میں زائرین کے ساتھ سلوک کیا گیا ہے اس طرح کا ملتان میں نہیں ہوگا۔
وحدت نیوز (جیکب آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے عزم و ہمت اور قومی یکجہتی کی ضرورت ہے۔ مشکل وقت میں ہمیں ایک دوسرے کا سہارا بننا چاہئے۔ زائرین کے لئے تفتان بارڈر پر قرنطینہ کے ناقص انتظامات کے باعث ایک طرف زائرین کو شدید تکالیف سے گذرنا پڑا تو دوسری جانب یہ وائرس کے پھیلنے کا باعث بنا۔ حکومت تفتان بارڈر پر انتظامات کو بہتر بنائے۔
انہوں نےکہا کہ مجلس وحدت مسلمین اور ملت جعفریہ کے رضاکار جوانوں نے عزم و ہمت سے زائرین کی خدمت کرکے خدمت کی بہترین مثال قائم کی۔ ایم ڈبلیو ایم کے کارکنوں میں ہر مشکل وقت میں ملک و ملت کی خدمت کا پر خلوص جذبہ موجود ہے۔ انہوں نےکہا کہ مختلف متاثرہ ممالک سے آنے والے مسافروں کے لئے قرنطینہ کا کوئی پروگرام نہیں جبکہ فقط زائرین کے لئے قرنطینہ کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔ جس نے بہت سارے سوالات کو جنم دیا ہے۔ زائرین کے خلاف متعصبانہ رویوں کو ختم کیا جائے۔ حکومت زائرین کے لئے قائم کئے گئے قرنطینہ مراکز میں انتظامی نقائص کو برطرف کرتے ہوئے زائرین کی بہتر خدمت کی مثال قائم کرے۔
انہوں نےکہا کہ ملک میں جاری لاک ڈاون کی صورت میں دھاڑی دار مزدوروں اور خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے والوں کے لئے تین وقت کا کھانا نا ممکن ہوچکا ہے۔ حکومت معاشرے کے غریب اور مستضعف طبقات کے لئے خصوصی اہتمام کرے۔
ہمیں ہر عمل کو خدا کی خوشنودی کے لیے انجام دیتے ہوئے اس کی مدد کا طلبگار رہنا چاہیے، محترمہ حنا تقوی
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین ضلع لاہور کی سیکرٹری جنرل محترمہ حنا تقوی کی زیرصدارت ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین لاھور کی کابینہ کا اجلاس وحدت ہاوس لاھور میں منعقد ھوا۔میٹنگ میں کرونا وائرس کے پیش نظر درپیش مسائل،شعبان المعظم اور رمضان المبارک کا لائحہ عمل طے کیا گیا۔ کابینہ اراکین میں تنظیمی لٹریچر بھی تقسیم کیا گیا۔
کابینہ اراکین سے گفتگو کے دوران فرمان سیدہ کونین بی بی فاطمتہ الزہرا سلام اللہ علیہا بیان کرتے ہوئے محترمہ حنا تقوی کا کہنا تھا جو اپنی خالصانہ عبادت کو اللہ کی بارگاہ میں پیش کرے گا اللہ اپنی بہترین مصلحتوں کا رخ اس کی طرف موڑ دے گا۔
محترمہ حنا تقوی کا کہنا تھا کہ ہمیں ہر عمل کو خدا کی خوشنودی کے لیے انجام دیتے ہوئے اس کی مدد کا طلبگار رہنا چاہیے۔کابینہ اراکین میں ڈپٹی سیکرٹری جنرل محترمہ عظمی نقوی ، محترمہ فرحانہ فصاحت، محترمہ نجبہ،محترمہ فرخندہ، محترمہ حمیرا، محترمہ بشری، محترمہ نسیم، محترمہ عندلیب، محترمہ رضوانہ، محترمہ ساجدہ محترمہ،محترمہ افشین ، محترمہ مشال اور محترمہ عذرا نے میٹنگ میں شرکت کی۔
وحدت نیوز(سکھر) مجلس وحدت مسلمین اور وحدت یوتھ صوبہ سندھ کےدرجنوں رضاکاراپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کرمسلسل 6روز سے سکھرمیں سندھ حکومت کی جانب سے زائرین کیلئے قائم قرنطینہ مرکز میں خدمات کی انجام دہی میں مصروف عمل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے لیبر کالونی سکھرمیں قائم قرنطینہ مرکز جہاں تفتان بارڈر سے زائرین کو لاکر ٹھرایا گیا ہے انتظامیہ کی جانب سے کوروناوائرس کے خطرے کے پیش نظر سرکاری افسران اور انتظامیہ نے زائرین کے قریب جانے اور کھانا پہنچانے سے انکارکردیا تھا ، الحمد اللہ ایم ڈبلیوایم کے رضا کار گذشتہ چھ روز سے اپنی جانوں کی پروا کیئے بغیر ان زائرین امام حسین ؑ اور امام رضا ؑ کی خدمت میں شب وروز مصروف ہیں ۔
حکومتی غفلت اور تفتان بارڈر پر زائرین کے لیئے کیئے گئے غیر مناسب اقدامات کے باعث سکھر قرنطینہ مرکز میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد151تک پہنچ گئی ہے، محکمہ صحت سندھ کے 27ملازمین جن کی ڈیوٹی قرنطینہ سینٹر میں عائد کی گئی تھی موت کے خوف سے ڈیوٹی سے فرار ہوگئے ، سکھر کے محکمہ صحت کے27 اہلکاروں کو فرائض کی عدم انجام دہی پر شوکارز نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔ اس موقع پر ایم ڈبلیوایم صوبہ سندھ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل چوہدری اظہر حسن کی زیر نگرانی وحدت یوتھ کے رضا کاروں نے زائرین کی خدمات کا آغاز کیا جو کہ الحمد اللہ روز اول سے تاحال جاری ہے ۔
سکھر، خیرپور، لاڑکانہ اور نواب شاہ سمیت مختلف اضلاع سے مسلسل وحدت یوتھ کے رضاکار اپنی خدمات کی انجام دہی ہے کیلئے سکھر قرنطینہ کیمپ میں پہنچ رہے ہیں ، آج نواب شاہ سے ایم ڈبلیوایم کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ مختار امامی کی سربراہی میں رضاکاروں کی ایک ٹیم سکھر پہنچی ، اس ٹیم کے ہمراہ مختلف ادویات اور امدادی سامان بھی تھا جو انہوں نے سکھر میں موجود رضاکاروں کے حوالے کیا۔
واضح رہے کہ ایم ڈبلیوایم کے رضا کار قرنطینہ کیمپ کے قیام کے پہلے روز سے ہی چوہدری اظہر حسن کی زیر نگرانی اپنے فرائض انتہائی جاں فشانی اور بھرپور لگن کے ساتھ خوشنودی الہٰی کے لئے انجام دے رہے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا ہے کہ ملک میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ سے بچاؤ کے لیے ضروری اقدامات کے ساتھ ساتھ انتظامی معاملات پر بھی نظر رکھنا انتہائی ضروری ہے۔ملک میں اشیا ئے خورد و نوش کی مصنوعی قلت پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔خریداری کے مراکز میں آٹا اور صابن سمیت گھریلو استعمال کی مختلف اشیاء کی عدم دستیابی کی اطلاعات سے لگتا ہے کہ منافع خور عناصر اورموقعہ پرست مافیا نے اپنی سرگرمیاں تیز کر دیں ہیں۔انہوں نے کہا آفات ناگہانی اور مشکل حالات کا مقابلہ جرات،حوصلے اور ایثار کے جذبے سے کرنا زندہ قوموں کا شعار ہے۔ایسے عناصر کی حوصلہ شکنی کرنا ہو گی جو امتحان کی اس گھڑی میں عوام کے لیے مشکلات کھڑی کرنے میں مصروف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تھوک و پرچون کا کاروبار کرنے والے دکانداروں کو ضلعی انتظامیہ کی طرف سے اس بات کا پابند بنایا جائے کہ وہ اشیا ء فروخت کرتے وقت ذخیرہ اندوزوں سے محتاط رہیں تاکہ گھریلو صارفین کے روپ میں وہ اشیا ئےخوردونوش کی غیر معمولی مقدار حاصل نہ کر سکیں۔انہوں نے کہا کرونا وائرس حکومت کے ساتھ ساتھ عوام سے بھی ذمہ دارنہ طرز عمل کا تقاضہ کرتا ہے۔عوام کو چاہیے کہ وہ ذخیرہ اندوز عناصر پر بھی کڑی نظر رکھیں اور ایسے مذموم عناصر سے ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کریں۔ان ہنگامی حالات میں حکومت کی طرف سے بتائی جانے والی تدابیر پر سختی سے عمل اس مرض کے پھیلاؤ کو روکنے میں مدد دے گا۔
وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری امور سیاسیات اور فوکل پرسن حکومت پنجاب برائے بین المذاہب ہم آہنگی سید اسدعباس نقوی کی صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد سے ملاقات، اسدعباس نقوی نے ڈاکٹر یاسمین راشد کو ڈیرہ غازی خان میں زائرین کیلئے قائم قرنطینہ سینٹر میں مشکلات اور مسائل سے آگاہ کیا۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہاکہ پنجاب حکومت کی جانب سے ڈیرہ خازی خان قرنطینہ سینٹر میں ہرممکن سہولت کو یقینی بنانے کی کوشش کی ہے، انہوں نے اس بات کااقرار کیا کہ قرنطینہ سینٹر میں قیام پذیر زائرین کی رہائش کے درمیان مناسب فاصلوں کا خیال نہیں رکھا گیا، اس حوالے سے میں نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی ہے کہ اس مسئلے کو فوری حل کیا جائے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہاکہ مزید آنےوالے زائرین کو بہاولپور میں قائم قرنطینہ سینٹر میں رکھنے کیلئے انتظامات مکمل کرلیئے گئے ہیں اور ڈیرہ غازی میں سامنے آنے والی خامیوں پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ،ہماری پوری کوشش ہے کہ زائرین کو کسی قسم کی کوئی پریشانی یا مشکل قرنطینہ مراکز میں پیش نا آئیں۔انہوں نے کہاکہ ڈیرہ غازی خان قرنطینہ سینٹر میں موجود تمام زائرین کی اسکریننگ کا عمل جاری ہے ، منفی رپورٹس کے حامل افراد کوعلیحدہ اور مثبت رپورٹس کے حامل مریضوں کو بلکل علیحدہ آئسولیشن میں رکھا جارہاہے۔
اسدعباس نقوی نے پیر ودھائی اسلام آباد میں ٹرانسپورٹ کی مشکلات کےشکار گلگت بلتستان کے طلباءکی پریشانی سے بھی ڈاکٹر یاسمین راشد کو آگاہ کیا جس پر انہوںنے فوری طور پر کمشنر راولپنڈی سے رابطہ کرکے اس مسئلے کے حل کی بھی یقین دہانی کروائی ۔