The Latest

وحدت نیوز(اسلا م آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے 13 رجب المرجب جشن ولادت باسعادت مولائے متقیان حضرت امام علی علیہ السلام کے پُرمسرت موقع پر عالم اسلام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وصی پیغمبر، جانشین رسول کریم (ص) حضرت علی علیہ اسلام کی حکمت و تدبر ہر دور کے رہنما اصول ہیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کے باہمی تنازعات کا واحد حل فکر علوی میں مضمر ہے جسے اپنا کر منتشر مسلمان جسد واحد کی حیثیت اختیار کر سکتے ہیں، اقوام عالم میں باوقار مقام حاصل کرنے کے لئے جرات حیدر کرار (ع) کو شعار بنانا ہوگا، اہل بیت اطہار علیہم السلام کی ذوات مقدسہ دنیا و آخرت میں سرخروی کی ضمانت ہیں، اللہ رب العزت نے امت محمدی سے جس اجر رسالت کا تقاضہ کیا ہے وہ مودت فی القربی ہے، اہل بیت علیہم السلام کی خوشیوں میں خوش اور ایام غم میں غمگین ہونا ہی محب ہونے کی دلیل ہے۔

انہوں نے کہا اسلام دشمن طاقتوں نے امت مسلمہ سے محاذ آرائی کا انداز بدل لیا ہے، دور عصر میں افرادی قوت کو نقصان پہنچانے کی بجائے اسلام کی بنیادی تعلیمات اور عقیدوں پر حملے کئے جا رہے ہیں تاکہ مسلمانوں سے ان کا مضبوط ہتھیار ”ایمان“چھینا جا سکے، ثقافتی یلغار کے ہتھیار سے لادینیت کو فروغ دیا جا رہا ہے، خواتین کو تعلیم یافتہ اور باشعور بنانے کی بجائے باغی بننے کی ترغیب دی جا رہی ہے، اسلامی معاشرے میں ایسے کسی نظام کی قطعاََ گنجائش نہیں، یہود و نصاری کی ان سازشوں کا مقابلہ کرنے اور اسلام کے حقیقی نفاذ کے لئے امام علی علیہ السلام کے کردار کو مشعل راہ بنانا ہوگا۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ 13 رجب کے پرمسرت موقعہ پر مجلس وحدت مسلمین کے تمام صوبائی و ضلعی دفاتر اور مرکزی سیکرٹریٹ میں چراغاں وتقریبات کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔

شیعت نیوز: شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی ؒ کی دختر ، مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکریٹری جنرل اور رکن پنجاب اسمبلی سیدہ زہرا نقوی نے اپنے بابا کی 25ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاکہ شھید ڈاکٹر محمد علی نقویؒ وہ عظیم شخصیت ہیں جو قوم کا درد دل میں سموئےہوئے تھے، جنھوں نے جوانوں کو ایک مرکز و محور دیا ، انھیں دین سے قریب لانے اور معاشرے کا مہذب اور فعال رکن بنانے کے لیے بےشمار جدوجہد کیں ان کے افکار کو زندہ رکھنا ہم سب کا فرض ہے ۔

سیدہ زہرانقوی نے مزید کہاکہ اس عظیم شہیدنے اپنی متحرک اور با مقصد زندگی میں وہ اساسی کام سر انجام دیے ہیں کہ جن کے مثبت نتائج آج تک دیکھائی دیتے ہیں، میں فخر کرتی ہوں کہ میں اس عظیم باپ کی بیٹی ہوں جنھوں نے پاکستان میں ملت تشیع کی نظریاتی اور فکری بنیادوں کو مضبوط کیا اور اسے نکھارا ۔ ان شاء اللہ ہم شھید کے حسینی مشن کو تا دم مرگ جاری و ساری رکھیں گے.

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کہا ہے کہ طاغوتی طاقتیں ہمیشہ ان شخصیات سے خائف رہی ہیں جودوسروں کو فکری طور پر بیدارکرنے اور فکر و شعور کی بلندی تک لے جانے کاہنر جانتی تھیں۔ہماری قوم نے ایسے عظیم رہنما پیدا کیے جن پر ہم جتنا بھی ناز کریں کم ہے۔ڈاکٹر محمد علی نقوی کا شمار انہی شخصیات میں ہوتا تھا۔

قائد وحدت علامہ ناصر عباس جعفری نے امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے بانی ڈاکٹر محمد علی نقوی شہید کی 25ویں برسی کے موقع پر اپنے تعزیتی بیان میں کہا ڈاکٹر محمدعلی نقوی قوم کا حقیقی درد رکھنے والے ایک مخلص رہنما تھے جنہوں نے ساری زندگی اپنی قوم کی بے لوث خدمت کی۔ان کے افکار اور جدوجہد ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالم استکبار و استعمار کے اسلام دشمن طرز عمل کے خلاف آپ نے ہمیشہ اپنی آواز بلند رکھی۔ وہ نظریات کے عملی اظہار کے لیے میدان عمل میں رہنے کو ترجیح دیتے۔آپ نے اپنے اقوال کو اپنے عمل سے ہمیشہ سچ کر کے دکھایا۔انہوں نے کہا کہ دور عصر میں ہمیں شہید نقوی کے نظریات، تحرک اور بصیرت سے رہنمائی لے کر باطل قوتوں کا مقابلہ کرنا ہو گا۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کی مرکزی سیکریٹری روابط محترمہ سیمی نقوی نے عالمی یوم خواتین کے موقع پر جاری بیان میں کہا کہ اسلامی تہذیب و تعلیمات کے علاوہ تمام تہذیبوں بالخصوص مغربی تہذیب جو آج عورت کی آزادی اور حقوق کا سہرا اپنے سر باندھنا چاہتا ہے اس معاشرے نے ہمیشہ عورت کے حقوق سبوتاژ کیئے ہیںاور اس کو ذلت و رسوائی کے دھانے پر لاکھڑا کیا ہے۔

محترمہ سیمی نقوی نےمزیدکہاکہ پاکستان میں عورت کی آزادی کے نام پر بیہودہ نعرے لگانے والی خواتین اگر دین اسلام کا مطالعہ کریں تو انھیں معلوم ہوگا کہ خدا نے عورت کو ماں ، بیٹی ، بیوی ، اور بہن کے کردار میں کتنا بلند رتبہ عطا کیا اور اسکے حقوق اور تحفظ کا حکم دیاہے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر شیرازی نے امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے بانی ڈاکٹر محمد علی نقوی شہید کی 25ویں برسی کے موقع پر اپنے تعزیتی بیان میں کہا ہے کہ ڈاکٹر محمد علی نقوی نے ”شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے“ کی حقیقت کو سچ کر دکھایا۔قوم کے لیے ان کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

ڈاکٹر شہید نے اپنی ساری زندگی قومی وقار کی سربلندی کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ان کی زندگی کا مشن اہل بیت اطہار علیہم السلام کی تعلیمات پر حقیقی معنوں میں عمل پیرا ہو کر میدان عمل کا حصہ بننا تھا۔ملت تشیع کی اس سرگرم اور فعال شخصیت کی قوم کے لیے گراں قدر خدمات کا احاطہ ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر محمد علی نقوی جب تک اس ظاہری دنیا میں رہے قوم کے لیے جرات مندانہ کردار ادا کرتے رہے۔انہوں نے نوجوانوں کے فکر و شعور کو بلند کیا اور انہیں ان کی قدر و منزلت سے آگہی دی۔دہشت گرد عناصر نے ڈاکٹرمحمد علی نقوی کو شہید کر کے ملک و قوم کو ایک مخلص ،متحرک اور ولولہ انگیز شخصیت سے محروم کر دیا۔

ڈاکٹرمحمد علی نقوی شہید امام خمینی ? شہید قائد عارف حسینی سے بے حد متاثر تھے اور انہیں طاغوتی طاقتوں کے خلاف ایک ایسی توانا آواز قرار دیتے جسے کسی بھی طریقے سے دبایا نہیں جا سکتا۔سید ناصر شیرازی نے اس موقعہ پر ڈاکٹر علی نقوی کے اہل خانہ اور اقربائ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

وحدت نیوز(ٹنڈومحمد خان) مجلس وحدت مسلمین ضلع ٹنڈو محمد خان کی جانب سے بھارت میں مسلمانوں کے قتل عام اور وحشیانہ ظلم و بربریت کے خلاف آج بروز جمعہ جامع مسجد علیؑ کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرہ ضلعی سیکریٹری جنرل محب علی بھٹو، محمود الحسن، سجاد علی ڈومکی اور دیگر ضلعی رہنمائوں کے سربراہی میں کیا گیا۔

 مظاہرے سے خطاب کرتے محمودالحسن کا کہنا تھا کہ بھارت میں مسلمانوں پر حالیہ ظلم و جبر نے بھارت کا سیکیولر ریاست ہونے کا پردہ چاک کر دیا ہے اور اب وہ ایک مذہبی انتہا پسند ریاست میں تبدیل ہو چکا ہے۔ مقرر ین کا مزید کہنا تھا کہ گائے کے گوشت کے نام پر یہ فتنہ کھڑا کیا گیا ہے۔ دن دھاڑے مسلمانوں کو قتل کیا جا رہا ہے، اسکول کے بچوں کو مارا جا رہا ہے، مسلمان بیٹیوں کی عصمت دری کی جا رہی ہے۔ یہ سب ظلم و استبداد مودی سرکار نی سرپرستی میں کیا جا رہا ہے۔ بھارت نے جو مذہبی انتہا پسندی کا راستہ اختیار کیا ہے وہ خود بھی اس میں جل کر خاکستر ہو سکتا ہے

۔ محمودالحسن کا مزید کہنا تھا کہ ٹرمپ کا بھارت کا دورہ مسلمانوں کے لیے ظلم و ستم کا عندیا تھا۔ٹرمپ اسرائیلی مفادات کے لیے تگ و دو  کر رہا ہے۔ مگر وہ رسوا ہو کر رہے گا۔ مظاہرین نے اقوام عالم اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ مسلمانوں کے قتل و غارت گری پر خاموشی کو ختم کیا جائے اور انڈیا کو پابند کیا جائے اور ظلم کا راستہ بند کیا جائے۔ مظاہرین نے بھارت اور مودی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

وحدت نیوز(کندھ کوٹ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع کشمور ایٹ کندھ کوٹ کی جانب سے "بھارت اور کشمیر " میں مسلمانوں کے قتل عام اور مساجد سمیت دیگر املاک کو نذرِ آتش کرنے کے خلاف مدرسہ ارشاد الثقلین کندھ کوٹ سے پریس کلب تک "احتجاجی ریلی" نکالی گئی. مظاہرین کی جانب سے" بھارت اور کشمیر میں مسلمانوں کے قتل عام اور گجرات کے قصاب بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی، احتجاجی ریلی کی قیادت مجلس وحدت مسلمین کے ضلعی سیکریٹری جنرل میر فائق علی جکھرانی، صابر حسین کربلائی، لالا شبیر سرور پٹھان، عبداللہ چاچڑ اور جاوید احمد میرانی نے کی۔

وحدت نیوز(جیکب آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر ملک گیر یوم احتجاج کے سلسلے میں مرکزی امام بارگاہ جیکب آباد سے احتجاجی ریلی نکال کر پریس کلب پر مظاہرہ کیا گیا۔ ریلی کی قیادت مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی، نذیر حسین دایو، فرزند علی لغاری اورسید اصغر علی شاہ نے کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ ھندوستانی مسلمانوں پر جاری مودی حکومت کے مظالم نے سیکولر انڈیا کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کردیا ہے۔ مودی قاتل کی حکومت نے ھندوستان کے مسلمانوں اور اقلیتوں کا مستقبل خطرے میں ڈال دیا ہے۔ کشمیر اور ھندوستان کے مظلوم مسلمانوں کے حق میں آواز بلند کرکے رھبر مسلمین حضرت آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ حسینی مصلحتوں اور مفاد سے بالاتر ہوکر مظلوموں کا ساتھ دیتے ہیں۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے ضلعی سیکرٹری جنرل نذیر حسین دایو نے کہا کہ قائد وحدت کے حکم پر ملک گیر احتجاج کرکے ہم ھندوستانی مسلمانوں کو پیغام دے رہے ہیں کہ آپ اکیلے نہیں ہیں۔آئی ایس او کے صدر سید اصغر علی شاہ نے کہا کہ انڈین افواج نے کشمیر میں ظلم و ستم کی انتہا کر دی ہے۔ اصغریہ آرگنائزیشن کے صدر فرزند علی لغاری نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین عنقریب آزاد ہوگا۔

وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر ملک کے دیگر شہروں کی طرح ملتان میں بھی امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن اور مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام نماز جمعہ کے بعد بھارتی مظالم کے خلاف احتجاج مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے آئی ایس او ملتان کے ڈویژنل صدر محمد شہریار حیدر کا کہنا تھا کہ نریندر مودی آر ایس ایس کی نازی سوچ خود ہندوستان کے لیے خطرہ بن چکی ہے، مسلم دشمنی میں ہندوستان خود کو دنیا میں تنہا کرتا جا رہا ہے، ہم ہندوستان میں مسلمانوں کے ساتھ روا سلوک اور مساجد کی بے حرمتی کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین ملتان کے سیکرٹری جنرل مرزا وجاہت علی کا کہنا تھا کہ بھارت میں مسلم کشی، مساجد کی بے حرمتی اور اقلیتوں کے ساتھ متعصبانہ رویہ کسی صورت قابل قبول نہیں، پاکستانی عوام اور عالم اسلام بھارت کے ان طالمانہ اقدام کی بھرپور مذمت کرتی ہے، بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ جو سلوک ہو رہا ہے اس کے بعد آج ہر شخص قائداعظم کے دو قومی نظریے کی حمایت کرنے پر مجبور ہوچکا ہے۔ اس موقع پر عابس رضا، شبر زیدی، محسن بھٹی، علمدار حسین، سہیل عابدی، ظفر کھرل اور دیگر موجود تھے۔
 

وحدت نیوز(نیوز ڈیسک) رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے بھارت میں مسلمانوں کے خلاف جاری بدترین مظالم کےخلاف جاری بیان کا صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی ، وزیر اعظم عمران خان، وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری، سابق وزیر خارجہ سینیٹر مشاہد حسین سید ودیگر نے خیرمقدم کیا ہے اوراس کی تائید کی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ ہفتے بھارتی دارالحکومت دہلی سمیت مختلف شہروں میں پھوٹنے والے منظم مسلم کش فسادات کی مذمت میں رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا تھا کہ بھارتی مسلمانوں کی شہادت پر مسلم امت کا دل خون ہو گیا ہے۔ انہوں نے ٹوئٹر پر اپنے اس بیان میں لکھا تھا کہ بھارتی حکومت کو انتہاء پسند ہندوؤں اور انکی حمایت کرنے والی سیاسی جماعتوں کو (مسلمانوں کی منظم قتل و غارت سے) روکنا چاہیئے۔

صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی طرف سے بھارتی مسلمانوں کی نسل کُشی کی مذمت پر مبنی بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں لکھا ہے کہ پاکستان امام خامنہ ای کے اس ردعمل کا خیر مقدم کرتا ہے اور اس بات پر تاکید کرتا ہے کہ (بھارتی مسلمانوں کی منظم قتل و غارت کے) اس خطرناک مسئلے پر (امت مسلمہ کی طرف سے) ایک متفقہ موقف سامنے آنا چاہیئے۔ ڈاکٹر عارف علوی کا لکھنا تھا کہ نازی انتہاء پسندی اور میانمار کی مسلم نسل کُشی کے مدنظر یہ مسئلہ بھارت میں مسلمانوں کی نسل کشی کو جنم دے سکتا ہے۔ اپنے پیغام میں پاکستانی صدر نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مسلم نسل کشی کے اس جیسے متعدد نمونوں کو نظرانداز نہ کرے۔

وزیراعظم عمران خان نے مظالم کا شکار بھارتی مسلمانوں کے حق میں آواز اٹھانے پر رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ خامنہ ای اور ترک صدر رجب طیب اردوان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ اپنے ایک ٹوئٹ میں وزیراعظم عمران نے کہا کہ دونوں سربراہان نے بھارت میں مسلمانوں کے قتل عام اور کشمیریوں پر مظالم کے خلاف زبردست آواز اٹھائی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ افسوس ہے کہ مسلم ممالک کی طرف سےصرف چندایک آوازیں اس کی مذمت کر رہی ہیں، جبکہ مغرب میں ہندو بالادست مودی حکومت کی جانب سے بھارتی مسلمانوں اور کشمیریوں کے قتل عام کے خلاف آوازیں اٹھ رہی ہیں اور اس کی مذمت کی جارہی ہے۔

وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے آیت اللہ خامنہ ای کے بھارتی مسلمانوں کی حمایت میں جاری بیان کوسراہتے ہوئے کہاکہ میں ہندوستان میں جاری مظالم اور مسلمانوں کی نسل کشی کےخلاف سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے بیان کا خیرمقدم حمایت اور تعریف کرتی ہوں ۔

سابق وزیر خارجہ سینیٹر مشاہد حسین سید نے رہبر انقلاب آیت اللہ خامنہ ای کے بیان پر درعمل دیتے ہوئے کہاکہ بھارتی ریاستی دہشت گردی کا شکار بھارتی مظلوم مسلمانوں کے حق میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر کا بیان زبردست اور باہمت بیان ہے، ہندوستان کے مظلوم مسلمان بھارتی حکومت کی جانب سے بھیجےگئے آر ایس ایس کے غنڈوں کے ہاتھوں تعصب ، فاشزم اور اسلامو فوبیا کی بدترین شکل کا سامنا کررہے ہیں!

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree