The Latest
المجلس ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل ملتان کی جانب سے دوسرے مرحلے میں ضرورت مندوں کیلئے راشن کی تیاری کا آغاز
وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین کے ذیلی ادارےالمجلس ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل (ADMC) ضلع ملتان کی جانب سے الحمد اللہ اگلے 100 خاندانوں کے لئے راشن کے بیگز کی تیاری کا عمل جاری ہے جو انشااللہ جلد مومنین میں تقسیم کیا جائے گا ۔
ایم ڈبلیوایم ضلع ملتان کے سیکریٹری جنرل وجاہت علی مرزانے کہاکےان تمام مخیرحضرات کے تعاون کے انتہائی مشکور ہیں کہ جنہوں نے مشکل کی گھڑی میںملک و ملت کی خاطر ایثار کو قربانی کی عظیم مثال کو قائم کیا۔ اس وقت مزید راشن کے پیکٹس کے حوالے سے بھی ورکنگ جاری ہے آپ مومنین سے ان نازک حالات میں بھرپور تعاون کی التماس ہے ۔
وحدت نیوز(جیکب آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان مقصود علی ڈومکی نے کرونا وائرس اور لاک ڈاون کی صورت حال پر نظر نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کرونا وائرس کے خطرے کو سنجیدہ لیں کیونکہ کرونا وائرس نے دنیا بھر میں جو تباہی مچائی ہے وہ ہم سے سنجیدگی کا تقاضا کرتی ہے لہذا ہمیں کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنا ہوگا۔
انہوں نےکہا کہ وزیر اعظم اور وزرائے اعلیٰ کی تقاریر اور اعلانات کے باوجود عوام کو کوئی ریلیف نہیں ملا غریب عوام اور مزدور طبقہ فاقہ کشی پر مجبور ہے حکمرانوں کو یہ بات سمجھنی چاہئے کہ محض تقریروں سے غریب کا پیٹ نہیں بھرتا۔ آخر 10 دن سے عوام کو محصور کرنے کے باوجود عوام کو راشن کیوں نہیں دیا جارہا دھاڑی کمانے والے مزدور کے بچے بھوکے ہیں۔ اگر صورتحال پر توجہ نہ دی گئی تو لوگ غربت اور افلاس سے مریں گے۔انہوں نےکہا کہ اراکین اسمبلی اور عوام کے منتخب نمائندے الیکشن مہم پر کروڑوں روپے خرچ کر دیتے ہیں مگر مصیبت کی اس گھڑی میں غریب عوام کی مدد کے لئے آمادہ نہیں یہی اس قوم کا المیہ ہے۔
وحدت نیوز (پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ سید وحید عباس کاظمی نے کے پی کے کی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ قرنطینہ سینٹرز میں اپنے قیام کی مدت پوری کرنے والے افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے جائیں اور جو افراد اس مرض میں مبتلا نہیں ہیں، انہیں ان کو گھروں کی طرف روانہ کیا جائے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ غیر متاثرہ افراد کو محض خدشات کی بنیاد پر غیر معینہ مدت تک قرنطینہ سینٹرز میں ٹھہرانا کسی بھی اعتبار سے درست نہیں۔ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ضروری ہے کہ مریضوں کو صحت مند لوگوں سے دور رکھا جائے۔ صوبائی حکومت کو چاہیئے کہ وہ محکمہ صحت کو اس حوالے سے فوری پالیسی مرتب کرنے کے احکامات صادر کرے، تاکہ قرنطینہ سینٹرز میں موجود ممکنہ متاثرین اور ان کے اہل خانہ کی تشویش میں کمی واقع ہو۔
ان سینٹرز میں بیشتر زائرین ایسے ہیں، جنہیں متعلقہ عملے نے مدت پوری کرنے کے باوجود تشخیصی مراحل سے گزارے بغیر جبری طور پر روک رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عملے کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے کوئی پالیسی جاری نہیں ہوئی، ان سے اب معاشرے کو کوئی خطرہ نہیں۔ صوبائی سیکرٹری جنرل کا مزید کہنا تھا کہ اس طرح کا ناروا اور نامناسب عمل کے پی کے کی حکومت کی ساری کارکردگی کو خاک میں ملا دے گا۔ ملک کے دیگر صوبوں میں ایسے افراد کو گھروں میں بھیج دیا گیا ہے، جن کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔ تاہم خیبر پختوانخوا کے اقدامات اس کے برعکس ہیں۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے کہا ہے کہ اس سلسلے میں زائرین کی مشکلات کا فوری ازالہ کرکے ان کے اضطراب کو ختم کیا جائے۔
وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا ہے کہ کرونا جو کہ ایک چھوٹا سا جرثومہ ہے اس نے پوری دنیا کو بیدار کر دیا ہے، اللہ جو تمام جہانوں کا رب ہے، اگر چاہے تو ایک چھوٹے سے جرثومے سے بڑی سے بڑی طاقتوں کو زیر کر دے اور چاہے تو اپنی مخلوق کو محفوظ کر دے۔
لاہور میں المجلس ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل کے ارکان کو ہدایات دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئیے اپنے رب کی طرف پلٹ جائیں جو کہ شاید ہم سے ناراض ہوگیا ہے اور تیز دوڑتی ہوئی دنیا کو یک دم اپنی جگہ پر روک دیا ہے، سب لوگ اپنے گھروں میں قیدی بن گئے ہیں لیکن ہر عذاب کسی کیلئے عذاب اور کسی کیلئے یاد دہانی بن جاتا ہے۔
علامہ اسدی نے کہا کہ یہ وقت کسی کیلئے سخت تکلیف اور ڈپریشن کا ہے، جبکہ کسی کیلئے اللہ کی طرف رجوع، توبہ استغفار، اپنے اہلخانہ کی خدمت و تربیت اور اردگرد رہنے والے غریب لوگوں کی مدد کا ہے۔ جو لوگ غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کر رہے ہیں ان کے چولہے جلانے کا وقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ اللہ کے بندے جنہیں اللہ نے اپنا کنبہ کہا ہے، اس کنبے کی خدمت کرکے اس وقت کو قیمتی بنائیں اور اپنے اعمال کو اخلاص اور ندامت کے آنسوؤں سے خالص بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین بلاتفریق مذہب و مسلک، انسانیت کی خدمت کیلئے کوشاں ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں بھی مستحقین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
وحدت نیوز (ملتان) قرنطینہ ملتان میں مقیم زائرین سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمیں جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا کہ زائرین اس مشکل وقت میں اپنے آپ کو تنہا نہ سمجھیں، صوبائی اور وفاقی حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے، قرنطینہ کا مقصد زائرین، ان کی فیملیز اور معاشرے کو وبا سے محفوظ بنانا ہے، اپنے ملک کو کورونا وائرس سے محفوظ بنانے کے لیے ہمیں یہ قربانی دینا ہو گی، اس موقع پر صوبائی وزیر ڈاکٹر اخترملک، چیف وہپ ملک عامر ڈوگر، ڈپٹی کمشنر عامر خٹک، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز محمد طیب خان، ہدایت اللہ، اسسٹنٹ کمشنرز شہزاد محبوب اور احمد رضا بھی موجود تھے ۔زائرین نے خطاب قرنطینہ ایریا میں نصب ساونڈ سسٹم کے ذریعے سنا۔
علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا کہ آپ نے انتہائی صبر اور فراست کے ساتھ اس مشکل وقت کو سر کرنا ہے، ہمارا دین ہمیں قانون اور ضابطوں کی پاسداری کا سبق دیتا ہے، قومیں اپنے وطن کے لیے ہمیشہ ہر قربانی دینے کے لیے تیار رہتی ہیں، ہماری فوج اس وقت وطن کے لیے کشمیر کے بارڈر پر سینہ سپر ہے، اس حوالے سے قرنطینہ میں 14 دن کا قیام کوئی بڑی قربانی نہیں، ہم کورونا بارے وزیراعظم عمران خان اور عثمان بزدار کے اقدامات سے مطمئن ہیں۔
اقتدار حسین نقوی نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے قرنطینہ میں بہترین انتظامات کئے ہیں، قرنطینہ کے فوکل پرسن ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد طیب خان 18 گھنٹے ڈیوٹی دے رہے ہیں، اقتدار حسین نقوی نے کہا کہ مجلس وحدت المسلمین، پاک فوج، رینجرز، انتظامیہ اور پولیس کے شکر گزار ہے، ہم سینٹری ورکرز، سول ڈیفنس کے رضاکاروں، ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
وحدت نیوز (آزاد کشمیر) میرپور کے مرکزی جامعہ مسجد کے خطیب سابق امام جمعہ جماعت حجتہ السلام مولانا سید تنویر حسین شیرازی حرکت قلب بند ہو جانے سے انتقال کر گئے ہیں۔مولانا تنویر حسین شیرازی کا تعلق تحصیل مری کے علاقہ بنگروٹ سیداں سے تھا آپ ایک لمبے عرصے سے میرپور میں خطیب اور امام جمعہ جماعت کے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔آپ میرپور میں اتحاد بین المسلمین اور وحدت بین المومنین کے لیے عملی طور پر کوشاں تھے۔
میرپور میں مجلس وحدت مسلمین کے قیام میں آپ نے کلیدی کردار ادا کیا قبلہ مولانا تنویر حسین شیرازی صاحب کافی عرصے سے ذیابطیس اور گردوں کی بیماری میں مبتلا تھے۔وہ ڈائیلائیسز کے دوران آج صبح حرکت قلب بند ہو جانے کی وجہ سے انتقال کر گئے۔ مجلس وحدت مسلمین آزادکشمیر کے سیکرٹری جنرل علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے مرحوم کی وفات پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ مرحوم ایک انتہائی با بصیرت عالم دین تھے مولانا شیرازی کی وفات سے ملت تشیع کاناقابل تلافی نقصان ہو گیا ہے۔ مولانا تنویر شیرازی مرحوم کی میرپور میں جو خدمات ہیں وہ بڑے عرصے تک یاد رکھی جائیں گی۔علامہ تصور حسین نقوی الجوادی نے مولانا شیرازی مرحوم کے خانوادے سے ان کے پسماندگان سے اور میرپور کے مومنین وسادات سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مولانا شیرازی مرحوم کے بلندی درجات کی دعا کی۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ سنگین ترین حالات کے دوران بھی ملک دشمن عناصر شرپسندی کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔کرونا وائرس کے نام پر فرقہ واریت کے زہرکو پھیلانے کی مذموم سازش کرونا کے خلاف اجتماعی جنگ کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلکی منافرت کافروغ کورونا کے پھیلاؤ سے بھی زیادہ خطرناک اور بھیانک نتائج رکھتا ہے۔اس ناسور کو روکنے کے لیے حکومتی سطح پر اقدامات کرنا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ میڈیا میں کورونا وائرس کی خبرکے ساتھ زائرین کا واویلا جس تسلسل سے جاری ہے وہ پاکستان کے پانچ کروڑ سے زائد اہل تشیع کی دل آزاری کا باعث ہی نہیں مختلف مسالک کے مابین نفاق پیدا کرنے کی منظم سازش بھی ہے۔خود ساختہ پروپیگنڈے کے ذریعے ملک میں نفرتوں کو پروان چڑھانے والے کسی بھی طور پر اس ملک کے خیر خواہ نہیں ہیں۔کورونا وائرس کے معاملے میں ذمہ دارانہ صحافتی کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔حکومت کو ان عناصر پر بھی نظر رکھنا ہو گی جو سوشل میڈیا یا دیگر ذرائعوں سے زائرین کے خلاف زہر اگلنے میں مصروف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا پوری قوم کے لیے مشترکہ چیلنج ہے۔ اس کا مقابلہ ایک قوم بن کر کرنا ہو گا ۔جو ملک دشمن قوتیں پاکستانی عوام کو نظریات اور عقیدے کی بنا پر تقسیم کرنے کا سنہری موقعہ سمجھ رہی ہیں وہ مغالطے میں ہیں۔ محفوظ پاکستان اور صحت مند عوام ہمارا اولین ہدف ہے جسے سازشوں کی نذر نہیں ہونے دیاجائے گا۔
وحدت نیوز(ملتان)وحدت مسلمین ضلع ملتان کی ضلعی کابینہ کا اجلاس آج ڈپٹی سیکرٹری جنرل برادر غلام حسنین انصادی کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا جس کی صدارت سیکرٹری جنرل ملتان برادر وجاہت علی مرزا نے کی اجلاس میں کرونا وائرس کی وبا سے پیدا ہوئی صورت حال پر طویل گفتگو ہوئی اور آئندہ کی ورکنگ اور لائحہ عمل کا جائزہ لیااس موقع پر مہم کے پہلے فیز کی تکمیل اور اہداف کی حصولی اور مہم کے دوران برادان کی کاوش کو سراہا گیا ۔ وہیں اب مہم کے فیز 2 کی تیاری اور اہدافات کا تعین کیا گیا جس کے تحت مخیر خضرات اور دیگر آرگنائزیشنز و ورکنگ گروپس سے کوائرڈنیٹ کر کے عوام کے گھروں میں راشن کی تقسیم اور ممکنہ بگڑتی صورت حال کے دوران ہنگامی حکمت عملی جیسے مسائل پر گفتگو ہوئی ۔
اس کے علاوہ شہر کے مختلف علاقوں میں گھر گھر ناشتے کروانے کی مہم کی بھی منظوری دی گئی اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری جنرل برادر حسنین انصاری کو کوائرڈنیٹر کرونا مہم نام زد کیا گیا اور مجلس وحدت مسلمین ضلع ملتان کے ذیلی ادارے المجلس ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل کی فعالیت کے حوالے سے امور کا جائزہ لیا گیا۔۔اس موقع پر مولانا عمران ظفر ،عمران نقوی ،حسنین رضا کربلائی حسن عباس گھلو ،قیصر عباس حسنین رضا انصاری ،نسیم بھائی بھی موجود تھے
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے اب تک نیوز چینل کے پروگرام’ ٹو نائٹ ود فریحہ‘ میں شہید ڈاکٹر اسامہ ریاض کو کرونا وائرس کے خلاف جنگ کرتے ہوئے شہید ہونے پرزبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کی خدمات کو ہرگز فراموش نہیں کرنا چاہیئے ۔
انہوں نے کہاکہ پوری قوم کو کرونا وائرس سے مقابلہ کرنا ہوگا ۔ کرونا وائرس کے اثرات پندرہ روز بعد ظاہر ہوتے ہیں ،جولوگ خود کو صحت مند خیال کرکے مساجد میں جائیں گے ،ممکن ہے کہ وہ کرونا کا شکار ہو اور دوسروں کو اثرات منتقل کرنے کا باعث بن جائے ۔ اس لئے دینی اور قومی مفادات کو سامنے رکھ کر فیصلے کرنے ہوں گے ۔ مراجعین اور عالم اسلام کی بڑی جامعات نے اجتماعات سے منع کردیا ہے ۔ پھر اس کے بعد ایسے فتوؤں کی کوئی جگہ نہیں رہتی جو لوگوں میں اضطراب کا باعث بنے ۔
علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ انسان کی ذمہ داری ہے کہ وہ زند ہ رہے ۔ اسلام نے انسان کی جان کو بہت قیمتی جانا ہے ۔ ایک آدمی کی وجہ سے کوئی بیمار ہوا تو ا س کے علاج کی ذمہ داری پہلے پر ہوگی ۔ مسجد میں نمازجماعت پڑھنا مستحب ہے ،اپنی اور دوسروں کی جان بچانا واجب ہے ۔ مساجد میں لوگوں کو ایک دوسرے سے یقینی خطرہ ہے ۔ اس بناء پر احتیاط پر عمل کرنا ضروری ہے ۔
علامہ ناصرعباس جعفری نے کہا کہ تفتان سرحد پر قرنطینہ سینٹر صحیح تقاضوں کے مطابق نہیں بنایا گیا تاہم الحمد اللہ اس کے باوجود بھی ایران سے آنے والے تاحال محفوظ ہیں ۔ اس طرح کے ابہامات اصل مسئلہ سے دو ر کرنے کا سبب ہے ۔ کورنا وائرس سے لوگوں کی توجہ کو تبدیل کرنا غیر ذمہ دارانہ عمل ہے ۔
وحدت نیوز(کراچی) علامہ کاظم عباس نقوی نے بی بی زینب ؑ کی ولادت باسعادت کے موقع پر آن لائن خطاب کیا ۔ ا س موقع پر انہوں نے کہا کہ بی بی زینب ؑ اپنے زمانہ کی سیدہ تھیں ،خواتین جب یہ سوچتی ہیں کہ بی بی سیدہ زہراؑ کا مرتبہ بہت بلند ہیں ہم کیسے آگے بڑھ سکتے ہیں ؟ تویہ کیفیت حجاب بن جاتی ہے جبکہ بی بی سیدہ اور بی بی زینب کو نمونہ بناکر خدا کا قرب حاصل کرنا زیادہ آسان ہوجاتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ شہید ڈاکٹر شریعتی کے مطابق ہر انقلاب کے دو رخ ہوتے ہیں ۔ ایک رخ خونی ہوتا ہے اور دوسرا پیغام کا رخ ہوتا ہے ۔ امام حسینؑ نے کربلا کا ایک رخ مکمل کیا اور بی بی زینب ؑ نے دوسرے رخ کی تکمیل کی ۔ انہوں نے کہا کہ بی بی زینب ؑ انتہائی باعظمت خاتون تھیں ۔ ایک ایسے موقع پر جب نہضت کربلا کو جس کام کی ضرورت تھی عین اسی موقع پر آپ نے شریکتہ الحسین ؑ بن کر اسے بھرپور سہارادیا ۔ علامہ کاظم عباس نقوی نے کہا کہ جس انقلاب میں زینبی فکر نہیں ہوتی اور خواتین کا کردار نہیں ہوتا وہ انقلاب اپنی بقاء کا ضامن نہیں بن پاتا ۔ انقلاب اسلامی ایران کے لئے خواتین نے زینبی ؑ کردار ادا کیا،جنہیں امام خمینی نے بھی سراہا ہے ۔
علامہ کاظم عباس نقوی نے کہا کہ دین خواتین کو چار دیواری میں مقید نہیں کرتا مگر باہر نکلنے کی وجہ بھی بیان کرتا ہے ۔ خواتین کوباعظمت اور پاکیزہ ہونے کی بناء پر صرف الہی مقاصد کےلئے باہر آنے کی اجازت ہے ۔ انہوں نے حالیہ کرونا وائرس کی وباء کے متعلق گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس کے باعث یہ موقع ہے کہ ہم یمن ،کشمیر اور تمام مظلومین جہاں کی بھوک ،پیاس اور مظالم کا احساس کرلیں ۔ انہوں نے کہا کہ احتیاط ضروری ہے مگر ساتھ خوف کی کیفیت سے باہر بھی آنا ہوگا ۔ جب اشیاء کا خوف دل میں آجائے تو خوف خدا دل سے نکل جاتا ہے ۔ دشمن تین طرح سے حملہ آور ہیں ۔ بائیلوجیکل وار کے ذریعے ،خوف کے ذریعہ اور خوف پھیلانے کے بعد نفسیاتی وار کے ذریعہ ۔
انہوں نے کہا کہ خوف کے ذریعہ حجت خدا سے غافل کیا جارہا ہے ۔ خوف شیطان کا حربہ ہے ۔ خوف کے ذریعہ شیطان ذہنوں اور فکروں کو اغواء کرتا ہے ۔ دشمن کی خواہش ہے کہ ہم میں سوچنے اور سمجھنے کی صلاحیت ختم ہوجائے ۔ کرونا وائرس کے ذریعہ مسلمانان عالم پر ہونے والے مظالم کو چھپادیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کربلا سے قبل کوفہ میں خوف ایجادکرکے کوفیوں کے ذہنوں کو یرغمال بنایا گیا تھا ۔ کربلا کے بعد معاشرے میں خوف مکمل طور پر طاری ہوچکا تھا ۔
انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر بی بی زینب ؑ کی شخصیت کو سمجھنے کی ضرورت ہے جواس خوف کی فضاء میں بھی بالکل خوفزدہ نہ تھیں ،اسی لئے جب ظالم حاکم نے ان سے سوال کیا کہ خدا کو کیسا پایا تو انہوں نے جواب دیا کہ میں نے کربلا میں خدا کو انتہائی جمیل پایا ہے اور ایسا آج تک نہیں پایا ۔ یہ مرحلہ ہے بی بی زینب ؑ کی سیرت پر چلنے کا اور بے خوف ہوکر خوف خدا کو اپنانے کا ۔ جب اس خوف کی کیفیت سے ہم نکل جائیں گے تو ہمیں بی بی کا یہ جملہ کہ انہوں نے خدا کو انتہائی جمیل پایا ہے ،کی صحیح تفسیر بھی سمجھ آجائے گی اور کرونا وائرس سمیت ہر قسم کے مسائل کا حل بھی نظر آنے لگے گا ۔ انہوں نے کہا بی بی زینب کے اس جملہ کو اگر کوفی سمجھ جاتے تو شام جانے کا مرحلہ نہ آتا بلکہ کوفہ میں ہی انقلاب کربلا مکمل ہوجاتا ۔