The Latest
وحدت نیوز(سرگودھا) مجلس وحدت مسلمین اورآئی ایس او ساہیوال سرگودھاکے زیر اہتمام سانحہ پشاور خلاف احتجاجی ریلی نکالی گی جس میں کثیر تعداد میں عوام نے شرکت کی ریلی امام بارگاہ حسین آباد سے شروع ہوئی اور لاری اڈا پر اختتام پذیرہوئی، شرکائے ریلی نے طالبان مردہ باد، امریکہ مردہ باد، دہشت گردی مردہ بادکےنعرے لگائے جبکہ مولانا اسد رضا قمی مولانا حافظ مطیع الحسنین اور سید انتخاب شاہ نے خطاب کرتے ہوئے سانحہ پشاور کو انسانی تاریخ کا سفاک ترین سانحہ قرار دیتے ہوئے اسلام دشمن ، تعلیم دشمن طالبان اور ان کے حمایتیوں کی پر زور الفاظ میں مذمت کی۔
وحدت نیوز(قمبر شہداد کوٹ) مجلس وحدت مسلمین ضلع قمبر شہدادکوٹ کی جانب نصیرآبادمیں پشاور سانحہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ اور ابو تراب چوک پر دھرنا دیاگیا ۔ مجلس وحدت مسلمین اور اصغریہ اسٹوڈنٹس کی جانب سے پشاور میں ہونے والے المناک سانحے کے شہداء کے لواحقین اور پاک آرمی سے اظہار یکجہتی کے لئے جامع مسجد حسینی سے احتجاجی ریلی نکالی گئی ، مظاہرین شہر کے مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے ابو تراب چوک پرپہنچی جہاں پر دھرنا دیا گیا ، دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے حبدار علی حیدری ، سید اختر عباس ، وزیر علی جعفری ، اختیار علی ، اور دیگر رہنماؤں نے کہا کے طالبان ملک اور قوم کے لئے ناسور بن چکے ہیں ان دہشتگردوں کو جڑ سے اکھاڑنا ہوگا ، بچوں کا قتل تاریخ کی بڑی دہشتگردی ہے اس واقعے کے اصل چہروں کو بے نقاب کیا جائے ، اور انہیں سخت سے سخت سزائیں دی جائیں ، انہوں نے مزید کہا کے ہم ملک سے دہشتگردوں کو ختم کرنے کے لئے پاک آرمی اور حکومت کے ساتھ ہیں ، ان دہشتگردوں اور انکے حامیوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
وحدت نیوز(مشہد مقدس) حجۃ الاسلام والمسلمین عقیل حسین خان سیکریٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین شعبہ مشہد مقدس نے کہا ہےڈاکٹر عثمان اور ارشد کی پھانسی ایک خوش آئند بات ہے کیونکہ اس سے نظام عدل مضبوط ہو گا،لیکن چند مجرموں کو پھانسی لگا دینا کافی نہیں بلکہ اصل فساد کی جڑ کو بھی کاٹنا پڑے گا ۔ جب تک مولوی عبدلعزیز جیسےدھشت گردوں کے سرپرست اسلام آباد کے اندر ڈیرے ڈالے بیٹھے ہوں اور رانا ثناء اللہ جیسے افراد حکومتی ایوانوں میں موجود ہوں اس وقت تک خاطر خواہ نتائج نہیں نکل سکتے ۔اسکے علاوہ سب کو معلوم ہے کہ پاکستان کے اندر دہشت گردی امریکہ اور اسرائیل ،سعودی پیسہ سے چلنے والے مدارس کے ذریعہ سے کروا رہا ہے جس کے لئے پاکستان کو ان ممالک سے تعلقات کے سلسلے میں نظر ثانی کرنی چاہیے ۔اور دھشت گردوں کے خلاف ملک بھر میں بے رحم آپریشن کرنا چاہیے۔سیکریٹری جنرل شعبہ مشہد مقدس نے کہا پوری ملت افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے اور اب وقت ہے کہ ملک کو امن کا گہوارہ بنا یا جائےتاکہ قائد اعظم محمد علی جناح اورعلامہ اقبال کے خواب کی تعبیر ہو سکے۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے دہشت گردوں کو پھانسی دینے کی عمل کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک سزا و جزا کے قانون کو فعال نہیں کرتے دہشت گردوں پر قابو پانا ممکن نہیں انہوں نے فیصل آباد میں دہشت گردوں کو پھانسی دینے کے عمل کو عین شرعی قرار دیتے ہوئے اسے انصاف کی راہ میں پہلا قدم قرار دیا اور حکمرانوں سے امید ظاہر کی کہ وہ ان سفاک دہشت گردوں کا آخری حد تک پیچھا کریں گے ، انہوں نے مذید کہاکہ دہشت گردوں کو سر عام پھانسی دی جائے تو زیادہ مناسب ہوگا، جب تک پوری قوم سزا کے ایسے مناظر براہِ راست نہیں دیکھتی ملک سے قتل و غارت گری کے واقعات میں کمی نہیں آئے گی، جن ممالک میں سر عام پھانسی دینے کا قانون موجود ہے ان ممالک میں جرائم کی شرح انتہائی معمولی ہے، ہم اعلیٰ عدالتوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ سفاک دہشت گردوں کو سر عام پھانسی دینے کیلئے جلد قانون سازی کی جائے،علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے دہشت گردوں کیخلاف آپریشن ضرب عضب کو ملک بھر میں پھیلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس ناسور سے نجات کے لئے ان سفاک قاتلوں کی نرسریاں ختم کی جائیں جہاں ان کو مذہب کی آڑ میں تکفیریت اور درندگی کا درس دیا جاتا ہے انہوں نے کہا قوم اپنی سکیورٹی فورسسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور انشااللہ یہ ملک دشمن اور اسلام دشمن گروہ اپنے منطقی انجام کو پہنچ کر رہیں گے۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے فلاحی شعبہ خیرالعمل فاﺅنڈیشن کے چیئر مین نثارعلی فیضی نے کہا کہ سانحہ پشاور نے دہشتگردوں کی داعش ذہنیت کو پوری قوم کے سامنے آشکار کر دیا ہے تکفیری فکر رکھنے والی قوتیں اسلام بیداری کی لہر سے خوفزدہ ہیں اور اسلام کے چہرے کو مسخ کر کے اسکا راستہ روکنے کے درپے ہیں اس مکروہ اور بزدلانہ ہدف کو حاصل کرنے کے لیئے بر بریت اور سفاکیت کے انتہا تک پہنچ چکے ہیں معصوم جانوں کو بے رحمی سے قتل کر کے ان سفاک دہشتگردوں نے پوری پاکستانی قوم کے ساتھ ساتھ تمام اقوام عالم کو مغموم کیا ہے یہ لہو انشاءاللہ انکی تباہی و بربادی کا باعث بنے گا دوسری طرف اس واقعہ میں شہید ہونے والے اساتذہ و پرنسپل کا کردار مثالی ہے کہ جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دیکر بھی طلباءکی جانوں کو بچانے کی کوشش کی وہ قوم جس میں مستقبل کے معماروں کی حفاظت و نگہداشت کے لیئے ایسا جذبہ موجود ہو اس قوم کو کبھی شکست نہیں دی جاسکتی۔ ان خیا لات کا اظہار انہوں نے خیر العمل فاﺅنڈیشن کے مرکزی آفس میں سانحہ پشاور کے شہداءکے لیئے منعقدہ دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین صوبہ پنجاب کے ترجمان اور خیرالعمل فاﺅنڈیشن کی کور کمیٹی کے ممبر علامہ اصغر عسکری نے کہا کہ سانحہ پشاور تاریخ کی بد ترین دہشتگردی ہے اب پوری قوم کو دہشتگردوں کے خلاف اٹھنا ہو گا اور پاک فوج کا ساتھ دینا ہو گا تاکہ ملک سے اس ناسور کاخاتمہ ہو اور ملک میں امن کی فضا قائم ہو انہوں نے کہا حضرت امام علیؑ نے اپنی وصیت میں فرمایا ہے ظالم کے دشمن اور مظلوم کے حامی بن کر رہو اور وقت کا تقاضہ بھی یہی ہے کہ ہمیں اب کھل کر مظلوم کی حمایت اور ظالم کی مخالفت کرنا ہو گی۔نثار علی فیضی نے کہا مجلس وحدت مسلمین اس مشکل گھڑی میں سانحہ پشاور کے شہداءکے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے آخر میں شہداءکے لیئے فاتحہ خوانی اور بلندی درجات کی دعاکی گئی ۔
وحدت نیوز (گلگت) ملک کے قبائلی علاقوں سے پہلے اسلام آباد سے طالبان کی حمایت اور انہیں لاجسٹک سپورٹ فراہم کرنے والوں کا قلع قمع کیا جائے بصورت دیگر آپریشن ضرب عضب نامکمل رہے گا۔ملک کی مسلح افواج کے عزم و جرات کو سلام پیش کرتے ہیں جو ہمہ وقت اندرونی و بیرونی دشمنوں کی نابودی کیلئے مصروف عمل ہے ۔ مجلس وحدت مسلمین معصوم بچوں کے قاتلوں سے انتقام لینے کیلئے مسلح افواج کے ساتھ ہر قسم کے تعاون کو تیار ہے۔
ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے صوبائی سیکرٹری سیاسیات غلام عباس نے اپنے ایک بیان میں کیا ہے ۔انہوں نے کہا بدنام زمانہ دہشت گرد تنظیم طالبان کے حمایتی آج بھی اسلام آباد میں ریاستی پروٹوکول کے ساتھ گھوم رہے ہیں اور حکومت بے بس تماشائی بنی ہوئی ہے۔ملک کا عدالتی نظام فرسودہ ہوچکا ہے اس نظام کے ہوتے ہوئے کسی دہشت گرد کو پھانسی نہیں ہوسکتی لہٰذا جتنا جلد ممکن ہو عدالتی نظام کو درست کیا جائے ورنہ مسلح افواج کی تمام تر محنتیں اور قربانیاں ضائع ہوجائینگی۔انہوں نے مزید کہا کہ طالبان کے ہمدرد حکومتی اداروں میں گھسے ہوئے ہیں جو دہشت گردوں کو اہم تنصیبات کی معلومات بھی فراہم کرتے ہیں۔بعض شخصیات مذہبی اور سیاسی جماعتوں کے لبادے میں نہ صرف طالبان کی حمایت کرتے ہیں بلکہ ان کیلئے فنڈنگ بھی کرتے ہیں۔حکومت واقعی ملک سے دہشت گردوں کا خاتمہ چاہتی ہے تو معاشرے کے ایسے ناسوروں کو کاٹ کر پھینکنا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد جو پاکستان کا دارالخلافہ ہے اور اس کے مرکز میں واقع لال مسجد کاخطیب جو تنخواہ تو حکومت سے لیتا ہے اور حمایت طالبان اور داعش کی کرتا ہے اور ایسے بدنام زمانہ مولوی کے خلاف حکومت کا کوئی اقدام نہ کرنا انتہائی تشویشناک ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ دہشت گردوں کو مالی اور اخلاقی سپورٹ فراہم کرنے کے جرم میں انہیں فوری گرفتار کرکے سخت سزا دی جائے تاکہ آئندہ کسی کو کھلے عام کسی دہشت گرد تنظیم کی حمایت کی جرات نہ ہو۔
وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین کی شوریٰ عالی کے سربراہ اور ہیئت آئمہ مساجد و علماء امامیہ کے صدر علامہ شیخ محمد حسن صلاح الدین نجفی نے کہا کہ سانحہ پشاور کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، ایسے عناصر جو اس قسم کی کاروائی میں ملوث ہیں وہ مسلمان تو کیا انسان کھلانے کہ بھی حق دار نہیں۔ جعفر طیار سوسائٹی ملیر میں منعقدہ احتجاجی اجتماع سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ جو عناصر اس قسم کے واقعات کی حمایت کررہے ہیں، وہ بھی قومی مجرم ہیں ایسے عناصر سے رعایت نہ برتی جائے اور سخت ترین کاروائی کرکے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
اس موقع پر مولانا نعیم الحسن الحسینی، قاری غلام قاسم، ڈاکٹر عقیل موسیٰ، مولانا محمد حسین رئیسی، مولانا باقر عباس زیدی اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ اب ظلم کی حد ہوچکی ہے اور دہشت گردوں سے تمام حدوں کو پار کرلیا ہے لہٰذا اب حکمرانوں کو دہشت گردوں کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے ان کو پھانسی پر چڑھانا ہوگا کیونکہ ان درندہ صفت حیوانوں نے پورے ملک میں خاک و خون کا بازار گرم کر رکھا ہے اور عوام، سیکیورٹی فورسز اور مذہبی مقامات ان کے نشانے پر ہیں۔
وحدت نیوز (کراچی) پشاور میں آرمی پبلک سکول پر دہشت گردوں کے حملے اور حملے کے نتیجے میں 100 سے زائد بچوں کی شہادت کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی اپیل پرتین روزہ سوگ منایا جارہاہے ملک کے دیگر شہروں کی طرح کراچی میں بھی اْن معصوم بچوں اور اْن کے لواحقین اظہار یکجہتی کے لیے انچولی شاہراہ پاکستان پر احتجاجی مظاہرہ اور شمعیں روشن کی گئیں۔ اس موقع پر پشاور میں شہید ہونے والے کے ساتھ اظہار یکجہتی کی گئی۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ مبشر حسن ،سیکریٹری سیاسیات علی حسین نقوی ،اصغر عباس زیدی ،سیدرضا جلالوی، زین رضا سمیت دیگر رہنما موجود تھے۔ رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ پشاور کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ پشاور میں ہونے والا سانحہ حالیہ تاریخ میں بچوں کا سب سے بڑا سانحہ اور المیہ ہے۔ آپریشن ضرب عضب نے دہشتگردوں کی کمر توڑ دی ہے۔ صرف وزیرستان میں آپریشن کی بجائے پورے ملک میں ان دہشتگردوں کے خلاف کاروائی کی جائے۔ اْنہوں نے کہا کہ ملک میں طالبان عناصر کے سرپرستوں کے خلاف کاروائی کی جائے۔ اسلام آباد کی لال مسجد میں داعش کے حق میں ویڈیوز جاری کی جاتی ہیں لیکن بے غیرت حکومت اْنہیں لگام دینے کی بجائے تحفظ فراہم کر رہے ہیں۔ وزیرداخلہ کی آنکھیں کھل جانی چاہییں حملہ کرنے والے پاکستانی نہیں تھے بلکہ عربی اور انگریزی میں بات کر رہے تھے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ مبشر حسن کا کہنا تھا کہ پشاور میں اسکول پر حملہ علم دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے جس کی ذمہ دار پاکستان حکومت ہے جو کہ اْن دہشتگردوں کے لیے نرم گوشہ رکھتے ہیں۔ اْنہوں نے کہا کہ آج استعمار آنکھیں نہیں رکھتا یا بہرہ ہو گیا ہے آج کتنے بچوں کو شہید کیا گیا۔ پشاور میں شہید ہونے والے بچوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کو کیا معلوم ایک ماں اپنے بچے کو کیسے پروان چڑھاتی ہے، حکومت اگر دہشت گردوں کے سرپرستوں کو حراست میں لے تو اس سانحے کی تہہ تک پہنچا جا سکتا ہے۔
وحدت نیوز (کراچی ) مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکریٹری اطلاعات سید آصف صفوی نے کہا ہے کہ حکومت سزا یافتہ تکفیری دہشتگردوں کو جیل کی چاردیواری کے اندر پھانسی دینے کے بجائے سڑکوں اور چوکوں پر لٹکایا جائے تاکہ معاشرہ عبرت حاصل کرے اور دہشت گرد عناصر کی حوصلہ شکنی بھی ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وحدت میڈیا سیل سے جاری ایک بیان میں کیا۔ آصف صفوی کا کہنا تھا کہ اگر سانحہ علمدار روڈگوئٹہ ،سانحہ عاشورہ کراچی، سانحہ مسجد و امام بارگاہ علی رضا سمیت متعدد سانحات میں ملوث دہشتگردو کو پکڑ کر عبرتناک سزا دی جاتی تو آج سانحہ پشاور رونما نہیں ہو تا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ان دہشتگردوں کو بھی پکڑ کر تختہ دار پر لٹکادیا جائے جن کو حکومت کی سرپرستی حاصل ہے اور جو حکومت ایما ء پر سنگین مقدمات میں بری ہوئے، حکومت اگر واقعی دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کرنے کا عزم رکھتی ہے تو کالعدم لشکر جھنگوی کے سربراہ ملک اسحاق کو گرفتار کرپھانسی دے جنہوں نے اپنے جرم کا کھلم کھلا ااعتراف کیاہے ۔
ان کا مزید کہنا تھاہم مطالبہ کرتے ہیں کہ حکومت فی الفور دہشتگردوں کیخلاف ملک بھر میں بے رحم آپریشن کرے اور دہشتگردوں کو اور ان کے حامیوں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔آصف صفوی نے سوال اٹھایا کہ حکومت قوم کو بتائے کہ ہمارے اصل دشمن کون ہیں، ان کے پیچھے کونسی فکر کارفرما ہے اور کون ہے جو بیگناہ افراد کے قتل کے فتوے دے رہا ہے۔ ہم واضح ہیں کہ اس دہشتگردی کے پیچھے سیکولر لوگ نہیں ہیں، بلکہ وہ لوگ ملوث ہیں جو نعرہ تکبیر لگا کر خود کو پھاڑتے ہیں۔
وحدت نیوز (گلگت) عدالتوں کی جانب سے پھانسی کی سزا پانے والوں پر سے پابندی اٹھانا حکومت کا ایک مستحسن اقدام ہے، حکومت کے اس اقدام سے ہزاروں متاثرہ خاندانوں کوانصاف مل جائیگا اور دہشت گردی کے واقعات میں کمی واقع ہوگی۔ وقت ضائع کئے بغیر انتہائی خطرناک دہشت گردوں کو جنہیں عدالتوں کی جانب سے پھانسی کی سز ا مقرر ہوئی ہے پھندے پر لٹکایا جائے تاکہ دوسروں کو عبرت حاصل ہو۔
ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے اپنے ایک بیان میں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشاور شہر کا حالیہ دہشت گردی کا واقعہ اپنی نوعیت کا انوکھا واقعہ ہے جس کی دنیا کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی اور ننھے منھے پھول جیسے بچوں کو خاک و خون میں نہلادینے والے طالبان سے ہمدردی رکھنے والے اور انہیں لاجسٹک سپورٹ فراہم کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے اور انہیں بھی عبرت ناک سزا دی جائے۔انہوں نے کہا کہ ان دہشت گردوں اور ان کے درپردہ سرپرستوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے بغیر مستحکم پاکستان کا خواب ادھورا رہے گا۔ملک کی مسلح افواج ان دہشت گردوں کے خلاف برسرپیکار ہے جبکہ حکومت نے ان دہشت گردوں کے پشت پناہوں کو اپنے بغل میں چھپایا ہوا ہے جس کی وجہ سے دہشت گردوں کو ملک کے کونے کونے میں آسانی کے ساتھ پناہگاہیں میسر آتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کے دفاع پر معمور سیکورٹی فورسز کی بھی از سر نو صف بندی کی ضرورت ہے اور ان پیرا ملٹری فورسز میں سے ایسے ناسوروں کو کاٹ کر پھینک دیا جائے جن کے درپردہ دہشت گردوں کے ساتھ رابطے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ گلگت شہر میں داعش کی حمایت میں مخصوص جگہوں پر وال چاکنگ گلگت انتظامیہ کی کارکردگی پر ایک سوالیہ نشان ہے۔حکومت فی الفور اس مذموم حرکت میں ملوث کرداروں کو بے نقاب کرے اور انہیں قانون کی گرفت میں لائے بصورت دیگر اس علاقے کا امن کسی بھی وقت تہہ و بالا ہوسکتا ہے۔