The Latest

وحدت نیوز (نصیرآباد) شکار پور واقعہ میں شہید ہونے والے لوگوں کے قاتلوں کی عد م گرفتاری اور سندھ بھر میں فوجی آپریشن کا دائرہ نا بڑھانے خلاف سندھ بھر کی طرح ضلع قمبر شہداد کوٹ کے تمام تحصیل نصیرآباد، وارہ، شھدادکوٹ ،قمبر، میروخان میں شٹر ڈاؤن ہڑتال ،شٹر ڈاؤ ن ہڑتال کی کال مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے دی گئی تھی،شٹر ڈاؤن ہڑتال کے باعث شھر کی تمام کاروباری مراکز مکمل طور پر بند ہیں،جن میں ریشم گلی،موبائل مارکیٹ،المدینہ مارکیٹ سمیت نجی بئنکس اور سرکاری بئنکس بھی بند ہیں،جب کے ضلعی سیکریٹری تنظیم سازی حبدار علی لغاری ،اور ضلعی سیکریٹری جنرل سید اختر عباس نقوی اور دیگر کی رہنمائی میں احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا ، رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کے سندھ بھر میں فوجی آپریشن کیا جائے اور نااہل وزیر اعلیٰ سندھ کو ہٹایا جائے ، کارکنوں جانب سے ہڑتال کو کامیاب بنانے کے لیئے شھرمیں موٹر سائیکلوں پر مارچ کیا گیا۔ ُ ُُُُُُُُُُ

وحدت نیوز (دیپالپور) مجلس وحدت مسلمین کا اجلاس و تقریب حلف برداری سید احسان علی کاظم تحصیل رینالہ خورد کے جنرل سیکر ٹری منتخب،حیات آباد امام بارگاہ میں بم دھماکوں کی شدید مذمت انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار ،تفصیلات کے مطابق مجلس وحدت مسلمین کی ضلعی کابینہ کا اجلاس زیر صدارت سید انوار الحق زیدی ضلعی جنرل سیکر ٹری تاج محل ہوٹل میں منعقد ہوا جس میں تمام عہدیداران نے سالانہ پروگرام کا جائزہ لیاتمام عہدیداران نے متفقہ طور پر سید احسان علی کاظم کو تحصیل رینالہ خورد کے لئے ایم ڈبلیو ایم کا جنرل سیکرٹری منتخب کیا جس سے ضلعی جنرل سیکرٹری سید انوار الحق زیدی نے حلف لیا اجلاس میں حجرہ شاہ مقیم سے تعلق رکھنے والے سید کاشف علی نقوی کی بلا جواز گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور رہائی کا مطالبہ کیا اس موقع پر سید انوار الحق زیدی نے کہا کہ شیعان حیدر کرار ؑ پورے ملک میں دہشت گردوں کے نشانے پر ہیں حیات آبادامام بارگاہ میں دہشت گردانہ حملہ بزدلانہ فعل ہے ہم اس کی پر زور سخت مذمت کرتے ہیں ملت جعفریہ ؑ کو دہشت گرد نشانہ بنا رہے ہیں اور انکی ٹارگٹ کلنگ کی جا رہی ہے جبکہ دوسری جانب حکومت نہائیت ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہمارے کارکنان کی سکیورٹی کی بجائے انکی بلاجواز گرفتاریاں کر رہی ہے انہوں نے پاک فوج کے سپہ سالار جنرل راحیل شریف نے ضرب عضب آپریشن شروع کر کے ملت جعفریہ کے دل جیت لئے ہیں اس آپریشن کو ملک کے دیگر علاقوں میں بھی دہشت گردوں کے معاون و مددگاروں کے خاتمہ کے لئے بھی وسیع کرنے کی ضرورت ہے تاکہ پورے ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ممکن بنایا جا سکے اس موقع پر ضلعی سیکر ٹری اطلاعات و نشریات مظہر عباس چوہدری بھی موجود تھے۔

وحدت نیوز(گلگت) نواز حکومت کے دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کے بلند بانگ دعوے صرف دکھاوے کے ہیں عملی طور پر دہشت گردوں کے خلاف وفاقی حکومت موثر کاروائی سے گھبراہٹ کا شکار ہے۔سول حکومتیں عوام کو دہشت گردوں کے حملوں سے تحفظ دینے میں ناکام ہوچکی ہیں، عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے پاک فوج کو ٹیک اور کرنا چاہئے۔اس ملک کے عوام آرمی پبلک سکول کے واقعے کے غم میں ڈوبی ہوئی تھی کہ اچانک سانحہ شکار پور اور پھر آج حیات آباد کا دلسوز سانحہ کسی مصیبت سے کم نہیں۔ حکمران صرف مذمتی بیان تک ہی محدود رہتے ہیں ان نام نہاد حکمرانوں سے دہشت گردوں کے خلاف کسی کاروائی کی توقع رکھنا عبث اور فضول ہے۔

 

ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین گلگت ڈویژن کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل شیخ عاشق حسین ناصری نے شہید کیپٹن ضمیر حسین چوک گلگت پر سانحہ پشاور کے خلاف احتجاجی مظاہر ے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومتوں کا کام مذمت کرنا نہیں بلکہ دہشت گردوں کی مرمت کرنا ہوتا ہے، ہمارے حکمران ایک عام آدمی کی طرح کسی بھی واقعے کے فوراً بعد ایک مذمتی بیان دیکر خاموش ہوجاتے ہیں حالانکہ حکومت کا اصل کام عوام کے جان و مال کی حفاظت کرنا ہے جس سے یہ حکمران دانستہ چشم پوشی کرتے آئے ہیں اور اپنے مفادات کے تحفظ کی خاطر درپردہ دہشت گردوں سے مراسم بناکے رکھے ہیں۔نواز حکومت کی ملک دشمنی کسی سے پوشیدہ نہیں اس کے باوجود آنکھیں بند کرکے ان کے اقتدار کو مزید طول دینا ملک دشمنی کے مترادف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج از خود نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کرتے ہوئے پورے ملک میں موجود دہشت گردوں اور ان کے سیاسی و مذہبی ہمدردوں جن کی رسائی ایوانوں تک ہے کے خلاف بے رحمانہ آپریشن کرے نیز لال مسجد کے خطیب جیسے بہت سے ملک دشمن ملا پورے ملک میں کھلے عام دہشت گردوں کی حمایت کررہے ہیں کے خلاف موثر کاروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آیا کہ پاک فوج اپنا کردار ادا کرے اور ایسی سول حکومتوں سے جو عوام کو جان ومال کے تحفظ میں ناکام ہیں ہمیشہ ہمیشہ کے لئے نجات دلوائے تو قوم پر بہت بڑا احسان ہوگا۔

وحدت نیوز (لاڑکانہ) مجلس وحدت مسلمین ضلع لاڑکانہ کی جانب سے مرکزی امام بارگاه جعفریہ سے نماز جمعہ کے بعد شکارپوراور پشاور کے المناک سانحوں کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی. جس کی قیادت ضلعی سیکریٹری جنرل طارق حسین بدوی, دیگر ضلعی مسئولین اور جعفری امام بارگاه کے متولی سجاد جعفری نے کی. ریلی پاکستان چوک سے ہوتی ہوئی پریس کلب لاڑکانہ  تک آئی, جہاں مقررین نے دہشت گرد حملوں  کی سخت مذمت کرتے ہوئے اپنے خطابات میں کها کہ ان دھشتگردی کے واقعات  میں ملوث تمام عناصر کو بے نقاب کر کے کیفر کردار تک پهنچایا جائے, آخر ان انتھا پسندوں کو اتنی ڈھیل کیوں دی جا رہی ہے. انهوں نے مزید کہا کہ ہماری تمام امام بارگاہوں اور مساجد کو خاطر خواه سیکیورٹی فراہم کی جائے دوسری صورت میں حکومت خود ذمہ دارہوگی۔

وحدت نیوز(پشاور) حیات آباد کے علاقے فیز فائیو میں یکے بعد دیگرے تین بم دھماکے ہوئے جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے جبکہ ایک دھماکا مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے دوران بھی ہوا۔ ذرائع کے مطابق پشاور کے علاقے حیات آباد میں مختلف مقامات پر تین دھماکے ہوئے جس میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق 30 افراد زخمی ہو گئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دو دھماکے امامیہ مسجد کے اندر نماز جمعہ کے دوران ہوئے جس میں 3 افراد شہید اور 30 سے زائد زخمیوں کی اطلاعات ہیں۔ ذرائع کے مطابق کچھ لوگوں نے امام بارگاہ سے متصل مسجد میں گرینڈوں سے حملہ کرنے کے بعد فائرنگ کی جبکہ ٹی وی نیوز کے مطابق حملہ خودکش تھا۔ ایس ایس پی آپریشنز ڈاکٹر میاں سعید کے مطابق ایک دھماکا مسجد کے قریب جبکہ دوسرا دھماکا پاسپورٹ آفس کے قریب ہوا اور تیسرے دھماکے کا تعین کیا جارہا ہے۔ دھماکے کے فوری بعد امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ کی جانب روانہ ہوگئیں جبکہ دھماکے میں زخمیوں کو حیات میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دیا گیا ہے۔

وحدت نیوز (پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل علامہ سید سبطین الحسینی نے انقلاب اسلامی ایران کی 36ویں سالگرہ کے موقع پر کہا ہے کہ انقلاب اسلامی آج بھی مظلومین جہاں کیلئے امید کی کرن کی مانند ہے، استعماری طاقتوں کی لاکھ کوششوں اور سازشوں کے باوجود یہ انقلاب اپنی پوری طاقت سے قائم و دائم ہے۔ وحدت ہاوس پشاور سے جاری ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ عالم اسلام میں آج پائی جانے والی بیداری انقلاب اسلامی ایران کا ہی اثر ہے، رہبر کبیر امام خمینی کی یہ تحریک صرف اور صرف خدا کی رضا اور مظلومین کو انکا حق دلانے کیلئے تھی، اس خلوص کی وجہ سے اللہ تعالیٰ نے انقلاب اسلامی کی صورت میں وہ کامیابی عطا فرمائی جو آج بھی مظلومین جہاں کیلئے نجات کا راستہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسی انقلابی فکر کی بدولت برادر اسلامی ملک ایران عالمی پابندیوں کے باوجود ایک رول ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے، پاکستان کے حکمران بھی برادر اسلامی ملک کے حکمرانوں کی طرح اپنے پیروں پر کھڑے ہوں اور اپنی ملت کو وقار بخشیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایران کی جانب سے بجلی اور گیس منصوبوں کے حوالے سے کی جانے والی پیش کش پر مثبت جواب دینا چاہئے، اور ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں اس موقع سے بہتر انداز میں فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔تحریک انصاف حکومت کو بھی تجارتی روابط مزید بہتر بنا نا چاہئے۔

وحدت نیوز (اسکردو) سالگرہ انقلاب اسلامی ایران کی مناسبت سے مجلس وحدت مسلمین بلتستان کے ڈویژنل سیکرٹریٹ میں ایک تقریب کا اہتمام ہوا جس میں کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سالگرہ انقلاب اسلامی ایران کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین بلتستان ڈویژن علامہ آغا علی رضوی نے خطاب کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایران اور پاکستان نہ صرف سرحدی حد تک ملحق ہے بلکہ نظریاتی طور پر مربوط اور ملحق ہے۔ پاکستان ایران کا نظریاتی اور اسٹریٹیجک پارٹنر ہے جو امریکہ اور دیگر اسلام دشمن طاقتوں کے لیے قابل برداشت نہیں۔ ہم ملت اسلامیہ کو سالگرہ انقلاب اسلامی پر ہدیہ تبریک پیش کرتے ہیں۔ اسلام دشمن طاقتیں نہیں چاہتیں کہ اسلامی ممالک متحد ہو کر اپنا اقتصادی نظام بنائیں جبکہ یورپی اقوم کی اقتصادی، سماجی، ثقافتی اور دفاعی پالیسیاں مشترک ہیں اسکے برعکس اسلامی ممالک بچھڑے ہوئے ہیں۔ تمام اسلامی ممالک کو مشترکات پہ جمع ہو کر ایک عظیم اقتصادی، سماجی اور دفاعی پالیسی بنا کر اسلام دشمن طاقتوں کے خلاف قیام کرنا چاہیئے۔ پاکستان کو اسلام کے دشمن امریکہ کی غلامی ترک کر کے اور امریکن پول سے نکل کر امریکہ مخالف پول کے ساتھ رہنا چاہیئے۔

 

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سابقہ خارجہ پالیسی ناکام رہی ہے اور اس میں سب سے زیادہ ہاتھ امریکہ کا ہے۔ پاکستان کو خارجہ پالیسی میں تبدیلی کر کے واضح پالیسی بنانی چاہیئے اور سات سمندر پار ممالک کو گلے سے لگانے کی بجائے ان اسلامی ممالک کے ساتھ روابط بڑھانا چاہیئے جو پاکستان کے حقیقی دوست ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے دنیا کے سامنے واضح کر دیا کہ امریکہ سے مدمقابل رہ کر ہی ملت اسلامی کامیابی سے ہمکنار ہو سکتی ہے۔ پاکستان کو بھی اپنے پاوں پر کھڑا ہو کر جامع پالیسی کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیئے اور پاکستان کے حقیقی دوست جیسے ایران، چین، افغانستان اور دیگر اسلامی ریاستوں کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانا چاہیئے۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء نے سالگرہ انقلاب اسلامی ایران کی پرمسرت موقع پر کیک بھی کاٹے۔

وحدت نیوز (سندھ) سانحہ شکارپور کیخلاف شہداء کے ورثاء پر مشتمل کمیٹی نے اندرون سندھ شٹر ڈاؤن کی کال دی ہے، مذاکرات پر عمل درآمد نہ ہونے کے خلاف پندرہ فروری کو لانگ مارچ کا اعلان بھی کردیا۔ سانحہ شکارپور کے شہدا سے اظہار یکجہتی اور سندھ بھر میں تکفیریوں کیخلاف آپیشن کے مطالبہ کی حمایت میں سکھر، روہڑی، کندھرا، صالح پٹ، بدین، ٹنڈو محمد خان، نوشہرو فیروز، شہدادکوٹ، شکارپور سمیت دیگر اندرون سندھ بیشتر شہروں میں شٹر ڈاؤن ہے۔ شہداء کمیٹی کے چیئرمین علامہ مقصود ڈومکی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے مذاکرات پر عمل درآمد کیلئے تاحال کوئی اقدام نہیں اٹھایا، اگر اب بھی عمل نہیں کیا گیا تو پندرہ فروری کولانگ مارچ شروع کیا جائے گا اور سترہ مارچ کو سندھ کے وزیر اعلیٰ ہاؤس کراچی کا گھیراؤکریں گے۔

 

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت دہشت گردوں کے خلاف کاروائی سے قاصر ہے، سندھ بھر میں کالعدم گروہوں کے دفاتر کھلے ہیں اور صوبہ بھر میں سانحہ کے بعد سے اب تک دہشتگردوں کی تشہیری مہم میں مسلسل اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے، جس کے خلاف حکومت اور ریاستی ادارے کوئی ایکشن نہیں لے رہے ہیں۔ سکھر میں ہڑتال کے موقع پر شہر کے تمام پٹرول پمپس اور کاروباری مراکز بند ہیں، سڑکوں پر ٹریفک بھی معمول سے کم ہے۔ تحریک انصاف، جمعیت علماء اسلام، جماعت اسلامی اور سندھ کی تمام قوم پرست جماعتوں نے ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ واضح رہے کہ شکار پور میں امام بارگاہ میں خود کش دھماکے میں 71 سے زائد شہید ہوگئے تھے۔

وحدت نیوز (مظفرآباد) سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین آزاد جموں و کشمیر علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے کہا ہے کہ پشاور حیات آباد میں نماز جمعہ کے دوران فائرنگ ، دھماکے، مجلس وحدت مسلمین آزاد جموں و کشمیر شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتی ہے، منظم انداز میں ایک مکتب کے افراد کی نسل کشی، حکومتیں کس لیئے ہیں ، نااہل حکمران عوام کے جان و مال کا تحفظ نہیں کر سکتے ، فوراً اقتدار سے الگ ہوں، مملکت خداداد پاکستان میں خون کی ہولی آخر کب تک برداشت کی جائے، ادارے سنجیدگی کا مظاہرہ کریں ، بڑے بڑے سانحات کے بعد بات صرف کمیٹیوں تک محدود کر دی جاتی ہے ، ایسا کیوں ؟ نیشنل ایکشن پلان تو بنا دیا گیا ، مگر عمل درآمد کون کرے گا معلوم نہیں؟ پلان کے ایک ایک نقطے پر عمل کیا جاتا تو دہشتگردوں مزید کاروائیوں کی جرأت نہ ہوتی، کیا تنظیموں کو صرف نام کی حد تک کالعدم کرنا ہے؟ ایسا چلتا رہا تو حکمران خود بھی محفوظ نہ رہ پائیں گے، ناسوروں ،دہشتگردوں کے مقابلے کے لیئے پوری قوم نے ایک آواز بن کر گورنمنٹ کی حمایت کی ، لیکن حکومت نے کیا کیا ؟ ہمیں بتایا جائے، ہم ایک دفعہ پھر اپنے مطالبے کو دہراتے ہوئے کہتے ہیں کہ ملک گیر آپریشن کے ذریعے درندوں کا صفایا کیا جائے، ایسا نہ ہوا تو وہ وقت دور نہیں کہ جب فیصلہ کن مرحلے کے لیئے جدوجہد کا آغاز کریں گے ، ہم پرامن شہری ہیں ، ملک میں امن چاہتے ہیں، مگر ہمارے جان و مال کا تحفظ کون کرے گا ، ہمیں بتا یا جائے۔کیا نماز پڑھنا جرم ہے؟ نمازیوں پر حملے یہود و ہنود کے ایجنٹ ، نام نہاد مسلمان، مسلمانیت کا لبادہ اوڑھے پاکستان و اسلام کو بدنام کررہے ہیں ، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ اس ملک کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کے محافظ شیعہ سنی عوام کو تحفظ دیا جائے۔

وحدت نیوز (لاہور) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے سابق مرکزی صدر اور ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری سیاسیات سید ناصر عباس شیرازی نے لاہور ڈویژن کے زیراہتمام آئی ایس او کے مرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں انقلاب اسلامی ایران کی سالگرہ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انقلاب اسلامی ایران جب سے شروع ہوا، تب دنیا 2 بلاکوں میں تقسیم تھی، ضروری تھا کہ روس کے ساتھ رہیں یا امریکہ کے ساتھ، دنیا میں چلنا ان کے بغیر ناممکن تھا، یہ دونوں سسٹم حالت جنگ میں ہونے کے باوجود دین کے مخالف تھے۔ اُن کا کہنا تھا کہ انقلاب اسلامی نے باطل قوتوں کو روند ڈالا اور باطل پرست شاہ کو، جو امریکہ کی آس لگائے بیٹھا تھا، ملک چھوڑ کر بھاگنا پڑا۔ انہوں نے مزید کہا حزب اللہ لبنان کی کامیابی انقلاب اسلامی کی بدولت ہے، امام خمینی کا انقلاب دنیا بھر کے مستضعفین کے لئے مشعل راہ اور امید ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ دنیا کے مظلوم آج بھی پرامید ہیں کہ ان میں بھی کوئی نہ کوئی خمینی ضرور اٹھے گا اور باطل قوتوں کے تخت الٹ کر انصاف کا بول بالا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین ہو یا کشمیر، چیچنیا ہو یا بوسنیا ہر جگہ کے مظلوموں نے انقلاب اسلامی ایران کے چراغ سے روشنی لے کر اپنی جدوجہد آزادی کو دوام بخشا، کچھ کامیاب ہوئے اور کچھ کا سفر جاری ہے، لیکن کامیابی ان کے مقدر میں لکھ دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ قومیں جو اپنے اسلاف کے نقش قدم پر چلتی ہیں، وہ ناکام نہیں ہوا کرتی۔ امام خمینی نے امام حسین علیہ السلام سے درس حریت لیا اور ایران کی سرزمین پر یہ نعرہ بلند کیا کہ ’’ہے ہماری درس گاہ کربلا کربلا‘‘ اور اسی کربلا کے طفیل آج ایران قوم پوری دنیا میں فخر سے جی رہی ہے اور استعمار اپنی تمام تر سازشوں کے باوجود ناکام و نامراد ہے اور انقلاب کے خلاف اس کا کوئی حربہ کامیاب نہیں ہو رہا، بلکہ انقلاب روز بروز مضبوط سے مضبوط تر ہوتا جا رہا ہے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree