وحدت نیوز(مانٹرنگ ڈیسک) غیرسرکاری تنظیم فافین نے مطالبہ کیا ہے کہ امیدواروں کے ایک سے زائد حلقے سے الیکشن لڑنے پر پابندی عائد کی جائے، فافین نے قانون میں تبدیلی کرکے الیکشن ٹریبونل کے فیصلوں کو حتمی قرار دینے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ فافین کے نمائندوں نے نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی عمل سے عدلیہ کا کردار مکمل طور پر ختم کیا جانا چاہئے، فافین کے نمائندوں کا کہنا تھا کہ سینیٹ اور قومی اسمبلی میں مخصوص نشستیں سیاسی جماعتوں کو ملنے والے ووٹوں کے تناسب پر دی جانی چاہیں نہ کہ کامیاب نشستوں کے تناسب پر، فافین کے نمائندوں نے مطالبہ کیا کہ عام نشستوں پر انتخاب لڑنے والے امیدواروں کی سکروٹنی کی طرز پر ہی مخصوص نشستوں پر امیدوراوں کی جانچ پڑتال بھی ہونی چاہیے۔ الیکشن کمیشن کے تمام اجلاس میڈیا اور مبصرین کے لئے اوپن ہونے چاہیں۔ فافین نے انتخابی امیدواروں کی اہلیت کے لئے آئینی ترمیم لانے کے ساتھ ساتھ مطالبہ کیا کہ قانون میں تبدیلی کرکے اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کو عدلیہ میں چیلنج کرنے پر پابندی ہونی چاہیے۔

وحدت نیوز (فیصل آباد) چیئرمین سنی اتحاد کونسل پاکستان صاحبزادہ حامد رضا نے فیصل آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ دینی طبقے کا اتحاد حقیقی سیاسی تبدیلی کا دروازہ کھول سکتا ہے۔ اہلسنت رہنما کا فیصل آباد میں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بالادست طبقہ ملکی وسائل پر قابض ہے۔ انکا کہنا تھا کہ قرآن و سنت پاکستان کا سپریم لاء ہے، اس لئے اسلام کے منافی قانون سازی نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت حقوق نسواں ایکٹ پر مذہبی طبقہ کے تحفظات دور کرے۔ انکا کہنا تھا کہ حکومت ایم کیو ایم کے "را" سے روابط کی تحقیقات میں سنجیدہ نہیں۔ سپریم کورٹ ازخود نوٹس لے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی ٹیم بھارت کو شکست دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

وحدت نیوز (سکردو) مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے صوبائی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ آغا سید علی رضوی ، رکن گلگت بلتستان اسمبلی کاچوامتیاز حیدر خان ،بلتستان ایکشن کمیٹی کے عہدیدار آغا سید محمد عباس رضوی،  مولانا حافظ بلال زبیری، شیخ فدا حسن عبادی، آخوند محمد علی ایڈووکیٹ، سابق ڈپٹی سپیکر وزیر ولایت علی ایڈووکیٹ، محمد تقی اخونزادہ، غلام حسین اطہر، محمد بشیر، راجہ زکریا مقپون، نور حسن نے یادگارشہداء اسکردو پر منعقدہ احتجاجی جلسے سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم جان دیں گے، مریں گے، کٹیں گے، مگر آئینی، معاشی، بنیادی اور سیاسی حقوق کی جنگ سے ہرگز پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ہم نے پاکستان کیلئے بے پناہ قربنایاں دیں، ہمارے سینکڑوں بچے یتیم ہوگئے اور کئی ماؤں کی گودیں خالی ہوگئیں متعدد خواتین وطن عزیز کے خاطر بیوہ ہوگئیں۔ 1948 سے لے کر اب تک ہزاروں لوگ وطن عزیز کے اوپر قربان ہوگئے مگر افسوس اس بات پر ہوتا ہے کہ ہماری وفاداری پر بے شمار قربانیوں کے باوجود شک کیا جارہا ہے جو کسی بھی صورت میں ملکی مفاد میں نہیں ہے۔ کراچی، لاہور، پشاور سے غیر ملکی ایجنٹ پکڑے گئے وہاں سے کئی لوگ را کے ایجنٹ نکلے مگر اللہ کے فضل وکرم سے گلگت بلتستان سے اب تک دشمن ملک کی جاسوسی کرتے ہوئے کسی کو پکڑا نہیں گیا، اس کے باوجود بعض قوتیں ہمیں آئینی بنیادی حقوق سے محروم رکھ کر غیرملکی عناصر کے ایجنڈے کی تکمیل چاہتی ہیں۔

اسکردو یادگار چوک پر بلتستان ایکشن کمیٹی کے زیراہتمام اپنے چارٹر آف دیمانڈ کے حق میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ہم ملک کے بڑے وفادار ہیں جو قربانیاں ہم نے دیں کسی نے نہیں دی، مگر سازش کے تحت ہماری قربانیاں فراموش کی جارہی ہیں۔ جس کے بڑے خطرناک نتائج سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم شہدائے گلگت بلتستان کے ساتھ قسم کھاتے ہیں ہم تمام تر اختلافات اور مصلحتوں سے بالاتر ہوکر علاقے کے آئینی، بنیادی اور سیاسی حقوق کی فیصلہ کن جنگ لڑیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں بھی ملک کے دوسرے شہروں کے برابر حقوق دیئے جائیں قومی اسمبلی اور سینٹ میں نمائندگی ملنے تک پیچھے ہٹنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اسکردو روڈ کا افتتاح کیا ہے لیکن حکومتی اراکین اسمبلی ٹینڈر کرانے کی باتیں کر رہے ہیں جب روڈ کا ٹینڈر ہی نہیں ہوا تھا تو وزیراعظم نے روڈ کا افتتاح کس طرح سے کیا۔ اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ وزیر اعظم نے جھوٹا افتتاح کیا تھا اور عوامی مینڈیٹ پر شب خون مارا تھا۔

وحدت نیوز (مظفرآباد /اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین آزادکشمیر الیکشن 2016 ؁ء میں بھرپور حصہ لے گی، تیاریاں شروع ، ڈور ٹو ڈور جائیں گے ، جلد لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا، مظفرآباد وحدت سیکرٹریٹ میں پولیٹیکل کونسل کے اجلاس میں فیصلہ ، بعد ازاں پولیٹکل کونسل کے اراکین نے اسلام آبامرکزی سیکرٹریٹ میں سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور مرکزی انچارج امور سیاسیات سید ناصر عباس شیرازی سے ملاقات کی ، ریاستی سیکرٹری جنرل علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی ،ریاستی سیکرٹری سیاسیات سید محسن رضا جعفری ایڈووکیٹ کے علاوہ پولیٹیکل کونسل کے ذمہ داران بھی کثیر تعداد میں شامل تھے، اس موقع پر سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ محروموں و مظلوموں کے لیے میدان میں اتریں گے ، مقصد اقتدار نہیں اقدار ہیں ، دھونس دھاندلی کے انتخابات قبول نہیں کریں گے ، مجلس وحدت مسلمین پسے ہوئے طبقات کی نمائندہ جماعت ثابت ہو گی ، کشمیر مظلوم و محروم خطہ ہے ، انشاء اللہ کشمیر کی محرومیوں کے خاتمے کے لیے عملی جدوجہد کریں گے ، صحت ،تعلیم ،روزگار، بجلی ان تمام مسائل کے حوالے سے عملی جدوجہد کریں گے ۔

مرکزی سیکرٹری امور سیاسیات سید ناصر شیرازی نے کہا کہ ہمارا مقصد اتحاد امت ہے، کشمیر کے پرامن خطے میں پرامن لوگ رہتے ہیں ، آزاد کشمیر کو ماڈل ریاست بنایا جانا چاہیے ، مجلس وحدت مسلمین انتخابی دنگل میں حصول اقتدار کے لیے نہیں بلکہ خدمت خلق کے لیے اترے گی ، ہم متوسط طبقات کی بھرپور نمائندگی کریں گے، ریاستی سیکرٹری جنرل علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے کہا کہ ہم اس نعرے و مشن کو آگے لیکر بڑھیں گے ، کہ ’’ وحدت کا یہ نعرہ ہے ہر مظلوم ہمارا ہے‘‘ باشعور عوام ساتھ دیں ، خطہ کشمیر میں مہذب سیاست متعارف کروائیں گے ، کارکن تیاریاں شروع کریں ، پیغام وحدت گھر گھر پہنچانا ہے ، مسئلہ کشمیر ہمارے پیش نظر ،جدوجہد میں اپنا حصہ ڈالیں گے ، ریاستی سیکرٹری سیاسیات سید محسن رضا سبزواری ایڈووکیٹ نے کہا کہ جلد تمام اضلاع کا دورہ کر کے تیاریوں کو حتمی شکل دیں ، مرکزی قیادت بھی ہمارے ساتھ ہے ، گھر گھر جائیں گے ، پیغام امن ، پیغام وحدت ، پیغام خدمت پہنچانا ہے ، جلد لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ، بلا تفریق مذہب و مسلک جدوجہد کریں گے ، محروم کا تعلق چاہے کسی بھی قوم ، کسی بھی مسلک ، کسی بھی ذات سے ہو ہم اس کے ساتھی بنیں گے ، اس کی آواز بنیں گے ، انشاء اللہ کشمیری عوام آزمائے ہوئے لوگوں کو مسترد کرے گی ۔

وحدت نیوز (مظفرآباد) سیکرٹری سیاسیات مجلس وحدت مسلمین پاکستان آزاد جموں و کشمیر سید محسن رضا سبزواری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ نئی ووٹر لسٹوں کی تیاری چیف الیکشن کمشنر کا شفاف انتخابات کی جانب پہلا قدم ہے ، قبل ازیں بننے والی ووٹر لسٹیں پسند و ناپسند کی بنیاد پر بنائی گئیں تھیں ، ایک آدمی کا ووٹ کئی جگہوں پر اندراج تھا، جس سے انتخابات میں دھاندلی آسان تھی ، امیدوار اپنے من پسند لوگوں کے ووٹ ایک ہی حلقے میں مختلف جگہوں پر اندراج کروا کر ووٹ کاسٹ کرواتے تھے ، نئی بننے والی ووٹر لسٹوں کی تصدیق باضابطہ نادرا سے کروائی جائے ،تا کہ کسی قسم کی بے قاعدگی عمل میں نہ آ سکے ۔ ان خیالات کا اظہار سیکرٹری سیاسیات سید محسن رضا سبزواری ایڈووکیٹ نے وحدت سیکرٹریٹ مظفرآباد میں ایم ڈبلیو ایم پولیٹیکل کونسل آزاد کشمیر کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر جسٹس غلام مصطفےٰ مغل کی چیف الیکشن کمشنر تعیناتی آزاد کشمیر میں شفاف انتخابات کے لیے حکومتِ وقت کا دانشمندانہ فیصلہ ہے، چیف الیکشن کمشنر نیک ، دیانت دار اور با صلاحیت انسان ہیں ، بطور چیف جسٹس عدالت العالیہ عدلیہ کا وقار بلند کیا ، اب بطور الیکشن کمشنر شفاف انتخابات کروا کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں گے، مجلس وحدت مسلمین ایک سیاسی جماعت ہے ، آزاد کشمیر میں شفاف انتخابات کی خواہاں ہے، شفاف انتخابات کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گی۔ آمدہ الیکشن میں مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر بھرپور حصہ لے گی۔

وحدت نیوز (سکردو) مجلس وحدت مسلمین بلتستان کے رہنماء ڈاکٹر کاظم سلیم نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مسلم لیگ نون اسکردو روڈ کا وزیراعظم سے جعلی افتتاح کروا کر بہت بڑے فراڈ کا مرتکب ہوئی ہے، ایک ایسا فرضی منصوبہ جس کی کوئی بنیاد نہ ہو، صرف انتخابات کے نتیجے پر اثر انداز ہونے کے لئے لاکھوں عوام کی احساسات اور جذبات سے کھیلنا بہت بڑا جرم ہے۔ ملک کا چیف ایگزیکٹیو اس بڑے جرم کا مرتکب ہوا ہے، لہٰذا وزیراعظم سمیت نون لیگ کے صوبائی پالیسی سازوں پر آرٹیکل 63،62 کے تحت مقدمہ قائم ہونا چاہئے۔ یہ بات ایم ڈبلیو ایم کے رہنما ڈاکٹر کاظم سلیم نے اسلام آباد میں’’ ویژن 2020‘‘ کے زیر اہتمام ’’ گلگت بلتستان کا آئینی مستقبل، عوام اور حکومت‘‘ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب میں کہی۔

انہوں نے مزید کہا کہ متمدن معاشروں میں ایسے فراڈ کام سامنے آنے کے بعد حکومتیں مستعفی ہوجاتی ہیں لیکن یہاں جھوٹ پر جھوٹ بولے جارہا ہیں۔ ہم چاہتے ہیں علاقے کی تعمیر وترقی کے لئے حکومت کو کام کرنے دیا جائے، لیکن حکومت کے رویے سے ایسا لگتا ہے کہ ان کا کام کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، بلکہ عوام دشمن اقدامات کے ذریعے اقتصادی راہ داری کیلئے موجود سازگار فضاء کو بھی خراب کرنا چاہتی ہے۔ عوامی ملکیتی زمینوں کو خالصہ سرکار قرار دیکر عوام سے چھیننا، گلگت بلتستان کی قومی یکجہتی کو سبوتاژ کرنے کے لئے علاقے کو تقسیم کرنے کے فارمولے اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ موجودہ حکومت ہر حال میں علاقے میں کشیدگی بڑھانا چاہتی ہے، جو ہمارے ملی اور قومی مفاد کی منافی ہے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree