وحدت نیوز(اسلام آباد) معروف سماجی کارکن عبدالستار ایدھی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ملک بھر کی طرح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی تعزیتی تقریبات جاری ہیں ، مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے عبدالستار ایدھی کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں۔ مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس کی قیادت میں نیشنل پریس کلب کے سامنے شمعیں روشن کی گئیں اور عبدالستار ایدھی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ علامہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ ایدھی کی انسانیت کے لیے خدمات کو کبھی بھلایا نہیں جا سکتا،ایدھی صاحب کی صورت میں پاکستان کی سرزمین سے ایک ایسا شخص رخصت ہواہےجسکی تمام زندگی سادگی اور زہد کا عملی نمونہ تھی، جویتیموں اور بیوائوں کے لئے شفیق باپ کی حیثیت رکھتا تھا، وہ ایسا شخص تھا جس نے شب وروز اس ملک کے غریبوں اور دردمندوں کی دکھوں کو بانٹے کی کوشش کی جو ہم سب کے لئے رول ماڈل تھا، ملک کو ایسی شخصیات کی اشد ضرورت ہے، شرکاء کی جانب سے عبدالستار ایدھی کے لیے دعائے مغفرت بھی کی گئی۔
وحدت نیوز(مظفرآباد) ملی تنظیمات کے زیر اہتمام شہید سیدشاہد شیرازی کی مظلومانہ شہادت اور ملک بھر میں جاری منظم شیعہ ٹارگٹ کلنگ کے خلاف مرکزی امامبارگاہ پیر علم شاہ بخاری سے احتجاجی ریلی نکالی گئی ، ریلی کے اختتام پر احتجاجی جلسے سے علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیوایم آزادکشمیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم حکومت پاکستان کے ساتھ ساتھ آزاد کشمیر کی حکومت سے بھی ہوش کے ناخن لینے کا مطالبہ کرتے ہیں کیوں کہ ابھی تک کسی قسم کا بھی ردعمل ظاہر نہیں کیا گیا ، انہوں نے کہا کہ ایڈووکیٹ شاہد شیرازی کی مظلومانہ شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ملت جعفریہ آزاد کشمیر بھرپور مذمت کرتی ہے ، ملک بھر میں جاری منظم شیعہ ٹارگٹ کلنگ نہیں رک رہی ، پرامن ملت کے صبر کا پیمانہ لبریز ہونے لگا ہے ، انصاف حکومت ڈیرہ اسماعیل خان میں انصاف فراہم کرے اگردہشتگردوں کی نرسریوں کوفنڈزفراہم کیئےجائیں گے تو شاہدشیرازی جیسے معصوم ونہتے شہری قتل ہوتےرہیں گے،ہمیں دہشت گردی والاپاکستان نہیں بلکہ بابائے قوم حضرت قائداعظم کے خوابوں کی تعبیر کاحامل خوشحال اور پرامن پاکستان چاہیے ، نیشنل ایکشن پلان کہاں ہے؟ کہ جب پرامن اور محب وطن شہری سڑکوں پر چوکوں میں چوراہوں میں مارے جارہے ہیں ، یہ برداشت نہیں ، قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی بھوک ہڑتال ظلم کے خلاف ایک آواز ہے جواب ایک تحریک کی صورت اختیار کرچکی ہے اور جب تک بے حس حکمران معاملات کے حل کی طرف نہیں بڑهتے احتجاجی تحریک کے ذریعے نیندکی گولیاں کهاکرسونےوالےحکمرانوں کے اعصاب پرسواررہیں گے ۔
انہوں نےمزیدکہاکہ چن چن کے ہمارے پروفیشنلز اور مملکت خداداد پاکستان کے قابل بیٹوں کو مارا جارہا ہے،ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ شہید شاہد شیرازی کے قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کرتے ہوئے انہیں ان کے انجام تک پہنچایا جائے ، وارثان شہداء کو انصاف مہیاجائے ،دہشتگردوں اوراقتدارکےایوانوں میں بیٹهے دہشتگردوں کے سرپرستوں اورملک کے گوش وکنار میں پهیلے دہشتگردی کے اڈوں کے خلاف مربوط اور یکبارگی آپریشن اب وقت کی ضرورت اور مسلح افواج پاکستان کے کاندهوں پربهاری بوجه بن چکاہے لہذاہم بہادراورجری افواج پاکستان کے سپریم کمانڈرسے مطالبہ کرتے ہیں کہ دہشت گردوں اور قاتلوں کو نیست و نابود کرنے کے اقدامات کیئے جائے ،انہوں نے کہا کہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے تمام مطالبات پر فوری عمل درآمد ہی ایک پرامن پاکستان جیسی منزل کی تکمیل کر سکتا ہے۔اس موقع پر علامہ مفتی کفایت حسین نقوی،ریجنل ناظم امامیہ آرگنائزیشن برادر قمرنقوی،ڈویژنل صدرآئی ایس او برادر رضی عباس اور دیگرعمایدین بهی موجودتهے۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں مسلسل ٹارگٹ کلنگ کے خلاف ایم ڈبلیوایم کا کل شہر بھر میں شٹرڈائون ہڑتال کا اعلان
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مختارامامی نے ڈیرہ اسماعیل خان میں شیعہ ٹارکٹ کلنگ کی نا رکنے والی کاروئیوں بالخصوص معروف وکیل اور ایم ڈبلیوایم کے ضلعی کونسل کے رکن شہید ایڈووکیٹ شاہد شیرازی کے بہیمانہ قتل کے خلاف کل شہر بھر میں مکمل شٹر ڈائون ہڑتال کا اعلان کردیا ہے ، میڈیاکو جاری بیان میں انہوں نے کہاکہ ڈیرہ اسماعیل خان میں تواترکے ساتھ جاری ٹارگٹ کلنگ کے خلاف کل تاجر کاروبارمراکزاور ٹرانسپوٹرز ٹرانسپورٹ بند رکھیں، شہید ایڈووکیٹ شاہد شیرازی کی نماز جنازہ کل بعد ظہر کوٹلی امام حسین ؑ میں ادا کی جائے گی، مجلس وحدت مسلمین کی اعلیٰ قیادت نماز جنازہ میں خصوصی شرکت کرے گی۔
وحدت نیوز(اسلا آباد) مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ڈیرہ اسماعیل خان میں ایڈوکیٹ شاہد شیرازی کی تکفیری دہشت گردوں کے ہاتھوں ٹارگٹ کلنگ کی پرزورالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے میڈیا کو جاری بیان میں کہا ہے کہ روز عید الفطر دہشتگردوں نے ملک و قوم کے معمار کو نشانہ بنایا،ڈیرہ اسماعیل خان دہشتگردی کے واقعات کا سلسلہ بدستور جاری ہے ،حکومت عدلیہ اور قانون نافذ کرنے والے آخر کب حرکت میں آئیں گے،شاہد شیرازی ایڈوکیٹ آئی ایس او کے رکن نظارت اور ایم ڈبلیو ایم کے ہمدرد تھے،دہشتگردی کے واقعات خیبرپختو نخواہ حکومت کی سراسر ناکامی ہیں،ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگرد آزاد گھوم رہے ہیں، عوام کی جان و مال کا کوئی محافظ نہیں، جنگل کا قانون ہے،ڈیرہ اسماعیل خان دوماہ میں 3 وکلا دو اساتذہ اور ایک تاجر کو دہشتگردی کا نشانہ بنایا گیا، وفاقی و صوبائی حکومت ،سیکورٹی ادارے دہشتگردی کےسامنے خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں ،ملک دشمن دہشتگرد نیشنل ایکشن پلان کی دھجیاں اڑا رہے ہیں ،عید کےدن قوم کے معمارشاہد شیرازی ایڈووکیٹ کابہیمانہ قتل نیشنل ایکشن پلان پر فاتحہ پڑھ دینے کیلئےکافی ہے،ڈیرہ اسماعیل خان میں ایمرجنسی لگا کر شہر کو فوج کے حوالے کیا جائے، دہشتگردوں کے خلاف فوجی آپریشن کیا جائے،دہشتگرد پروفیشنلز کی ٹارگٹ کلنگ کر کے مسلسل قومی نقصان کر رہے ہیں۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین لاہور کے سیکرٹری جنرل علامہ حسن ہمدانی کا کہنا ہے کہ عید کے روز ملک بھر میں مجلس وحدت مسلمین کے اراکین ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی بھوک ہڑتال اور احتجاج سے اظہار یکجہتی کیلیے عید کی نماز میں بازوں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر شریک ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ راجہ ناصر عباس نے ملک میں جاری شیعہ ٹارگٹ کلنگ کیخلاف گزشتہ 55 دن سے بھوک ہڑتال کر رکھی ہے، ان کا یہ اقدام ملک و قوم کے دشمنوں کیخلاف عملی احتجاج ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تمام بڑی سیاسی و مذہبی جماعتوں نے مجلس وحدت مسلمین کے مطالبات کو اصولی اور وطن عزیز کے استحکام کیلیے اہم قرار دیتے ہوئے یکجہتی کا اظہار کیا ہے لیکن وفاقی حکومت کی طرف سے مسلسل سرد مہری برتی جا رہی ہے جو پاکستان کے 5 کروڑ سے زائد ملت تشیع کی تضحیک ہے۔ علامہ حسن ہمدانی نے بغداد اور قطیف میں دہشتگردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سعودی حکمران اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کریں اور دہشتگردوں کی معاونت بند کریں اس وقت دنیا بھر میں ہونیوالی دہشتگردی کے واقعات کے پیچھے اسی آل سعود کے پالے دہشتگرد ملوث ہیں اور آج انہی خائن حکمرانوں کی نااہلی سے حرم پاک کی تقدس کی حفاظت بھی ان سے ممکن نہیں رہی۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کے سرپرست اب مکافات عمل کا شکار ہیں، خدا امت مسلمہ کو ان خائن حکمرانوں کے شر سے محفوظ رکھے۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی احتجاجی بھوک ہڑتالی کیمپ بالمقابل پریس کلب اسلام آباد میں نماز عید صبح 8 بجے ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اقتداءمیں ادا کی جائے گی،تفصیلات کے مطابق گذشتہ پونے دوماہ سے بھوک ہڑتال پر بیٹھے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری ماہ مبارک شعبان ورمضان کی طرح عید الفطر بھی بھوک ہڑتالی کیمپ بالمقابل نیشنل پریس کلب اسلام آباد گذاریں گے، جبکہ ملک کے مختلف شہروں بالخصوص راولپنڈی اسلام آباد کے عوام کی بڑی تعداد نماز عید الفطر بھوک ہڑتالی کیمپ میں علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی زیر اقتداءادا کرے گی جبکہ عید کے تینوں روزمختلف طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے علامہ راجہ ناصرعباس عید ملنے اور اظہار یکجہتی کے لئے بھوک ہڑتالی کیمپ پر تشریف لائیں گے۔