وحدت نیوز (مشہد مقدس) مجلس وحدت مسلمین شعبہ مشہد مقدس میں بحرین کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر دفتر ایم ڈبلیو ایم میں خصوصی نشست کا اہتمام کیا گیا، نشست میں علمائے کرام اور طلاب نے خصوصی شرکت کی، نشست سے معروف اسکالر آقائی علی رضا کمیلی نے خصوصی خطاب کیا۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم مشہد مقدس کے سیکرٹری جنرل آقائی عقیل حسین خان، حجتہ الاسلام والمسلمین آزاد حسین، حجتہ الاسلام والمسلمین عارف حسین تھہیم، حجتہ الاسلام والمسلمین خواجہ سلیم محمدی، حجتہ الاسلام والمسلمین ظہیر عباس مدنی، حجتہ الاسلام والمسلمین عمران نجمی، حجتہ الاسلام والمسلمین الفت حسین جوئیہ اور دیگر موجود تھے۔

آقائی علی رضا کمیلی نے اپنے خطاب میں کہا کہ مظلوم بحرینی عوام کو سات سال سے ظلم کی چکی میں پیسا جا رہا ہے، آئے روز جوانوں کو شہید کیا جا رہا، اس کے علاوہ ہزاروں کی تعداد میں لوگوں کو جیلوں میں ڈالا جا رہا ہے، اُنہوں نے کہا کہ مظلوموں کی آواز کو عالمی سطح پر دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے، بحرین میں عوام پر ظلم و بربریت اور آیت اللہ شیخ عیسی کی نظربندی کے خلاف اور بحرینی شیعیوں کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔

 اُنہوں نے مزید کہا کہ بحرینی عوام کے آئینی حقوق کی تحریک، علمائے کرام وعوام کی قربانیاں انشاءاللہ رنگ لائیں گی، واضح رہے کہ بحرین میں آل خلیفہ حکومت کی جانب سے بحرین کے مظلوموں پر جاری مظالم کے خلاف تحریک جاری ہے، گزشتہ دنوں 14فروری کو اس تحریک کی ساتویں سالگرہ کے موقع پر بحرین بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے پاک فوج کے دستوں کو سعودی عرب بھیجے جانے کے اعلان پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی داخلی و خارجی صورتحال تناطر میں پاک فوج کو کسی اور ملک میں بھیجے جانے کا فیصلہ کسی بھی طور پاکستان کے حق میں نہیں ہے،پاکستان کو بھارتی اور داعشی دہشت گردی کے خطرات میں پاک فوج کی سعودیہ عرب میں تعیناتی خلاف عقل ہے،ارض پاک اس وقت نہ صرف داخلی سطح پر دہشت گردوں سے جنگ میں مصروف ہے بلکہ پڑوسی ملک بھارت کی شرپسندی کے سبب آئے روز لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیاں بھی کی جا رہی ہیں۔دوسری طرف افغانستان کے سرحدی علاقے کو بھی دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ ان حالات سے نمٹنے کے لیے پاک فوج مختلف محاذوں پر مخالف قوتوں سے بر سر پیکار ہے۔ایسی صورتحال میں پاک فوج کو کسی دوسرے ملک کی مدد کے لیے بھیجا جانا اپنی عسکری قوت میں کمی کرنے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ جمہوری طرز حکومت میں اس نوعیت کے فیصلے ایوان کو اعتماد میں لے کر کیے جاتے ہیں۔پارلیمنٹ ایک مقتدر ادارہ ہے ۔جس کا احترام تمام دیگر اداروں پر لازم ہے۔ریاستی اداروں کو آئینی حدود میں رہتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنا ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی جنگ یہودی و نصاری کی بجائے مسلم ممالک کو زیر کرنے کے لیے لڑی جا رہی ہے ۔سعودی عرب اور یمن کے مابین محاذ آرائی میں پاکستان کو فریق بننے کی بجائے ثالثی کا کردار ادا کرنا چاہیے۔ہمیں ذاتی تعلقات کی بجائے قومی وقار کو مقدم رکھنا ہو گا۔انہوں نے وزیر پاکستان شاہد خاقان عباسی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے مطالبہ کیا ہے کہ پاک فوجی کو سعودی قضیے سے دور رکھا جائے اور پاک فوج کے دستے بھیجنے کے فیصلے کو واپس لیا جائے ۔

وحدت نیوز (سہیون شریف) مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے زیراہتمام شہدائے سہیون  کی پہلی برسی  کا اجتماع درگاہ لعل شہباز قلندر ؒ کے احاطے میں منعقد ہوا،  برسی کے اجتماع سے  مرکزی ترجمان علامہ مختار امامی ،صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ مقصو علی ڈومکی ،گدی نشین درگاہ لعل شہباز قلندر ڈاکٹر سید مہدی رضا ،علامہ صادق جعفری ،علامہ مبشر حسن ،علامہ  نشان حیدر ساجدی و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ درگاہ لعل شہبازقلندر میں خودکش حملہ وہ المناک سانحہ ہے جسے کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔اس روز سو سے زائد قیمتی جانوں کو دہشت گردی کے عفریت نے نگل لیا۔دہشت گردوں نے ایک ولی اللہ کے مزار کو خاک و خون میں نہلا کر اس بات کا ثبوت دیا کہ ان دہشت گردوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اولیاء اللہ کے مزارات امن و محبت کے مراکز ہیں۔جہاں اتحاد و اخوت اور امن کا درس ملتا ہے۔جو مذموم عناصر ملک عبادت گاہوں اور شعائر اللہ کونشانہ بنا کر ملک میں انتشار اور بد امنی پھیلانا چاہتے ہیں ان کے خلاف بھرپور کاروائی کی جانی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے خاطر فیصلہ کن مراحل میں داخل ہو چکی ہے۔ ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے۔ تاہم دہشت گردوں کے لیے درد دل رکھنے والے سہولت کار اوران سے فکری ہم آہنگی رکھنے والے عناصر وطن عزیز کے لیے مستقل خطرہ ہیں۔ان کے خلاف گھیرا تنگ کر کے ہی ملک و قوم کو امن کی ضمانت دی جا سکتی ہے۔انہوں نے سانحہ سیہون کے شہدا کی بلندی درجات اور اہل خانہ کے صبر کے لیے دعا بھی کی۔

وحدت نیوز(کوئٹہ)  وزیراعلیٰ  بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو اور صوبائی وزیر جنگلات آغاسید محمد رضا (رہنما مجلس وحدت مسلمین  ) نے وزیراعلیٰ  سیکرٹریٹ کے احاطے میں کوئٹہ پائن کا پودا لگا کر صوبے میں موسم بہار کی شجر کاری مہم کا باقاعدہ آغاز کیا،سابق صوبائی وزیر میر فائق علی جمالی، ڈپٹی کنزرویٹر کوئٹہ سٹی نیاز محمد کاکڑ اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیراعلٰی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ درخت حیاتیاتی بقاء کے لئے ناگزیر ہیں اور شجر کاری مہم میں ہر ذی شعور انسان کو بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیئے۔ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے اور دنیا میں بڑھتے ہوئے موسمی تغیر اور حدت کو برقرار رکھنے کے لئے ہمیں زیادہ سے زیادہ درخت لگانا چاہیئے۔ یہ شعور ہمیں اپنے بچوں میں اسکول کی سطح پر پیدا کرنا چاہیئے۔ شجر کاری مہم کو محض فوٹو سیشن تک محدود نہ رکھا جائے، بلکہ شجر کاری مہم کو صوبہ بھر میں کامیاب کرنے کے ساتھ ساتھ پودوں کی نشوونما پر خصوصی توجہ دی جائے۔وزیراعلٰی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے مزید کہا کہ ہر سال شجر کاری مہم کا آغاز بڑی دھوم دھام سے کیا جاتا ہے۔ لیکن کوئٹہ شہر سمیت دیگر علاقوں میں درختوں کی تعداد میں مسلسل کمی باعث تشویش ہے۔ اس سلسلے میں متعلقہ محکمے خصوصی توجہ دیں۔ وزیراعلٰی نے ہدایت کی کہ شجر کاری مہم کو کامیاب بنانے کے لئے ضلعی سطح پر بھی اقدامات کئے جائیں۔
 
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  صوبائی وزیر جنگلات سید محمد رضا نےکہا کہ موسم بہار میں شجر کاری مہم میں صوبہ بھر میں 10 لاکھ سے زائد پودے لگائے جائیں گے، انہوں نے  والدین، اساتذہ کرام سے اپیل کی کہ وہ بچوں میں درختوں کی اہمیت اور ضرورت کے حوالے سے شعور بیدار کریں۔ اس کے علاوہ میڈیا بھی شجر کاری مہم میں حصہ لینے کے لئے عوامی شعور بیدار کرنے میں کردار ادا کرے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ ہم اپنی بقاء کے ساتھ ساتھ آنے والی نسلوں کی خاطر زیادہ سے زیادہ پودے لگا کر ان کو ایک پاک اور صاف ستھرا ماحول فراہم کرسکتے ہیں۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے لائن آف کنٹرول بٹل سیکٹر پر بھارتی فوج کی طرف سے سکول وین کو نشانہ بنانے کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے سفارتی آداب کی بدترین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے مکروہ عزائم سے خطے میں بے چینی پیدا کر رہا ہے۔پاکستان کے داخلی معاملات میں مداخلت اور سرحدی علاقوں میں بلا اشتعال فائرنگ کے واقعات عالمی امن کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔بھارت حکمران اور فوج کسی بڑے مغالطے کا شکار ہیں۔کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کے لیے پاک فوج کے ساتھ پر بیس کروڑ عوام بھی شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور عالمی قوتیں بھارتی جارحیت کے خلاف خاموش اختیار کر کے اپنے کردار کو متنازع بنا رہی ہیں۔اقوام متحدہ پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی وحشیانہ کاروائیوں اور سرحدی علاقوں کی خلاف ورزی کا سختی سے نوٹس لیں۔عالمی قوتیں ایک طرف انسانی حقوق کی معمولی سی خلاف ورزی پر بھی آسمان سر پر اٹھا لیتی ہیں جبکہ دوسری طرف مسلمانوں کے بہتے ہوئے خون کو دانستہ طور پر نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔ان قوتوں کا یہ دوہرا معیار امت مسلمہ کے خلاف متعصبانہ رویہ پر دلالت کرتا ہے جو ناقابل قبول بھی ہے اور لمحہ فکریہ بھی۔ انہوں نے بھارتی حملے کے نتیجے میں ڈرائیور کی شہادت پر افسوس کا اظہار اور اہل خانہ کے لیے صبر کی دعا بھی کی۔

وحدت نیوز (کوئٹہ) وزیراعلٰی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس وزیراعلٰی ہاؤس کوئٹہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایجنڈے میں شامل مختلف امور کا جائزہ لیتے ہوئے ان کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے صوبے کے دور دراز علاقوں میں استاتذہ کی کمی کو فوری طور پر دور کرنے کے لئے کنٹریکٹ بنیادوں پر استاتذہ کی تعیناتی کی منظوری دی اور صوبائی کابینہ نے متعلقہ محکمے کو ہدایت کی کہ بھرتی کے نظام میں میرٹ اور شفافیت کو مقدم رکھا جائے۔ کابینہ نے ہدایت کی کے ایم پی اے فنڈز سے تعمیر شدہ پرائمری سکولوں کے ایس این ایز کو بھی فوری طور پر منظور کیا جائے، تاکہ تعمیر ہونے کے فوراً بعد وہاں تدریسی عمل کو شروع کیا جاسکے۔ صوبائی کابینہ نے صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے پہلی بار پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ ایکٹ کی منظوری بھی دی، جس سے صوبے میں مختلف شعبوں میں سرکاری اور نجی شراکت داری سے صوبے میں ترقی آئے گی۔ صوبائی کابینہ نے سوئی ٹاؤن میں پینے کا صاف پانی مہیا کرنے کے منصوبے کی منظوری دے دی، تاکہ سوئی ٹاؤن کے ایک لاکھ سے زائد آبادی کو پینے کا صاف پانی میسر ہو۔ کابینہ نے صوبے میں معذور افراد کو خود کفیل اور کار آمد شہری بنانے کے لئے خصوصی فنڈز قائم کرنے کا فیصلہ کیا۔ کابینہ نے شہری دفاع کو ڈویژنل سطح پر پھیلانے اور ان کے دفاتر قائم کرنے کی منظوری بھی دی۔

کابینہ کو متعلقہ سیکرٹری نے صوبے میں گندم کی موجودہ اسٹاک کے حوالے سے بریفنگ دی اور موجودہ اسٹاک کو فوری طو پر سبسڈی ریٹ پر فلور ملز کو دینے کی منظوری دے دی۔ کابینہ نے گوادر جوڈیشل کمپلیکس کی تعمیر کے پی سی ون کی منظوری دی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلٰی نے کہا کہ ہم نے پہلے ہی بہت وقت ضائع کیا ہے، ہمیں تیزی سے کام کرنا ہوگا۔ عوام کا پیسہ اور وسائل عوام پر خرچ ہونے چاہئیں۔ اس سلسلے میں تمام محکمے اپنی کارکردگی میں بہتری لاکر عوام کو تبدیلی کا احساس دلائیں۔ اجلاس میں مجلس وحدت مسلمین سے تعلق رکھنے والے صوبائی وزیر قانون وپارلیمانی امورآغا سید محمد رضا  سمیت  صوبائی وزراء میر سرفراز بگٹی، میر عاصم کرد گیلو، سردار سرفراز چاکر ڈومکی، شیخ جعفر خان مندوخیل، عبدالماجد ابڑو، طاہر محمود خان، میرعامر رند، حاجی غلام دستگیر بادینی، محمد آکبر آسکانی، منظور کاکڑ، پرنس احمد علی، میر ضیاء لانگو، ڈاکٹر رقیہ سعید ہاشمی، محترمہ راحت جمالی، وزیراعلٰی کے مشیر کہدہ بابر، اراکین اسمبلی، میر حمل کلمتی چیف سیکرٹری بلوچستان اورنگزیب حق، ایڈیشنل چیف سیکرٹری (منصوبہ بندی و ترقیات) نصیب اللہ بازئی، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری قانون، سیکرٹری مواصلات اور دیگر متعلقہ حکام شریک ہوئے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree