The Latest

وحدت نیوز(سرگودھا) صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ پنجاب جناب حجت الاسلام و المسلمین علامہ سید علی اکبر کاظمی صاحب نے جناب حجت الاسلام و المسلمین علامہ ملک نصیر حسین پرنسپل دارلعلوم محمدیہ سرگودھا کی دعوت پر سرگودھا کا وزٹ کیا جہاں انہوں۔ نے ان سے خصوصی ملاقات کی اور سرگودھا کی تنظیمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔

 اس وزٹ میں  علامہ ظہیر کربلائی صوبائی آفس سیکرٹری بھی صوبائی صدر پنجاب کے ہمراہ تھے ۔ ملاقات میں سرگودھا میں تنظیمی پیشرفت اور فعالیت کا جائزہ لیا گیا اور اس  حوالے سے مشاورت بھی کی گئی اس ملاقات میں سرگودھا کی سماجی شخصیت برادر علی شجاعت بھی موجود تھے ۔  ملاقات تین گھنٹے تک جاری رہی۔

وحدت نیوز(لندن)مظلومین فلسطین کی آواز اب برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں، ہر سال کی طرح اس سال بھی القدس ریلی میں ہر مذہب رنگ نسل کےہزاروں لوگوں کی شرکت۔

 احتجاجی جلوس برطانیہ کی وزارت داخلہ سے شروع ھو کر برطانیہ کی پارلیمنٹ اور بگ بین سے ھوتا ھوا وزیراعظم برطانیہ کے گھر کے سامنے احتجاجی جلسہ میں تبدیل ھو گیا ۔ ہر طبقہ فکر کے مذہبی سیاسی رہنماؤں نے خطاب کیا۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین برطانیہ کے صدر جناب حجت الاسلام مولانا ابرار حسین الحسینی صاحب اور تمام کابینہ و دیگر عہدیداروں نے بھی بھرپور شرکت کی۔

وحدت نیوز(قم) سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم ملت اسلامیہ کے دانشمندوں کا ایک گلدستہ ہے ۔56 ویں سیشن کے میزبان محترم ابراہیم شہزاد تھے۔انہوں نے مہمان شخصیت مرکزی سیکریٹری امور خارجہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان حجۃ الاسلام ڈاکٹر شفقت شیرازی صاحب سے غزہ کی جنگ اور جنگ کے خدشات و امکانات کے مدنظر کئی سوالات کئے۔

تلاوت قرآن مجید کا شرف رفیق انجم صاحب نے حاصل کیا ۔ان کے بعد میزبان نے سیشن کا مقدمہ بیان کیا۔اس کے بعد بلا فاصلہ ڈاکٹر شفقت شیرازی صاحب کے تجزیے کا آغاز ہوا۔انہوں نے کہا کہ یہ بات دنیا میں آشکار ہوچکی ہے کہ دنیا میں جو قوانین بنائے گئے تھے وہ صرف قوی ترین افراد کے لیے ہیں ۔ غزہ میں جو ظلم ہو رہے ہیں ۔ خواتین کا استحصال، انسانیت کا قتل عام ، بچوں کا قتل یہ سب پوری دنیا کے سامنے ہے لیکن سوائے اسلامی جمہوریہ ایران کے کوئی بھی ان مظلومین کے لئے آواز بلند نہیں کر رہا ۔ مسلمان فقط برائے نام آزادہیں ۔ مسلمان حکمران خود کہتے ہیں کہ ہم تو امریکہ کے آگے بے بس ہیں ۔ یہ صورتحال سارے اسلامی ملکوں کی ہے ۔ بہت کم لوگ یا بہت کم ملک ہیں جو فلسطین کے حق میں بول رہے ہیں یا فلسطین کی کوئی مدد کر رہے ہیں ۔ اکثریت اسرائیل کے ساتھ مل کر فلسطین کو نقصان پر نقصان پہنچا رہی ہے ۔ اس کے بعد میزبان نے سوالات شروع کئے:

✨ سوال ۔۔ ایسے وقت میں عام مسلمان کی کیا ذمہ داری ہے ؟
جواب: امت مسلمہ کی ذمہ داری ہے کہ مظلومین کا ساتھ دیں ۔ یہ ہی ہماری امت مسلمہ کا شعار ہے ۔ فلسطینیوں کی مدد مختلف طریقوں سے ہو سکتی ہے ۔ قلم ، خطابت ، سوشل میڈیا ، اور بھی مختلف ذرائع سے فلسطین کی مدد ہو سکتی ہے ۔

✨ سوال. یوم القدس کی اہمیت ؟
جواب: جب انقلاب اسلامی ایران کامیاب ہوا تو پہلے ہی رمضان المبارک میں حضرت امام خمینی نے یوم القدس منانے کا اعلان کیا ۔ یہ صرف ایک دن منانے کی بات نہیں ہے بلکہ ایک تحریک ہے ۔یہ تحریک اعلان کرتی ہے کہ امریکہ و اسرائیل ظالم ہیں اور فلسطینی مظلوم ہیں۔

یوم القدس کی وجہ سے فلسطینیوں نے اسرائیل کے خلاف پتھر اٹھائے اور میدان میں آگئے ۔ اس کے بعد فلسطینی آج تک میدان میں موجود نظر آتے ہیں۔ ورنہ اس سے پہلے تو عرب ممالک فلسطین کا سودا کر چکے تھے ۔ اب ان شاءاللہ اسرائیل تباہ و برباد ہوگا ۔ چاہیے آج تباہ ہو یا کل لیکن اب اسرائیل تباہ ہو کر رہے گا ۔ یہ جنگ صرف اسرائیل کے خلاف نہیں بلکہ امریکہ و برطانیہ سمیت ہر جابر اور استعماری طاقت کے خلاف ہے۔

✨سوال ۔۔ فلسطین کی زمین مسلمانوں نے خلیفہ دوّم کے زمانے میں اپنے قبضے میں لی تھی، اب یہودیوں نے واپس لی تو احتجاج کیسا؟
جواب: دراصل یہ ایک شک اور شُبہ ایجاد کیا گیا ہے تاکہ فلسطینوں کو ان کے حق سے محروم رکھا جائے۔ مسلمان جب فاتح کے طور پر فلسطین میں داخل ہوئے تو انہوں نے مقامی لوگوں کو اُن کی زمینوں سے بے دخل نہیں کیا اور نہ ہی انہیں ہجرت پر مجبور کیا۔ مقامی لوگ رفتہ رفتہ مسلمان ہوتے گئے اور یہ وہی مقامی فلسطینی مسلمانہیں جنہیں آج بے گھر کر دیا گیا ہے۔ قابض طاقتوں نے فلسطینیوں کو فلسطین سے طاقت کے زور پر نکال کر گریٹر اسرائیل بنانے کے لیے ظلم و ستم کی چکی چلائی ہوئی ہے۔ اب تازہ جنگ میں بمباری اور میزائل حملوں سے غزہ کی اسّی فی صد عمارتیں زمیں بوس کر دی گئی ہیں۔ اس وقت پچاس ہزار فلسطینی ہلاک یا زخمی ہیں۔ ان میں غالب تعداد معصوم بچوں اور عورتوں کی ہے۔ فلسطینیوں کی اس نسل کشی پر دنیا کے انصاف پسند عوام اسرائیل کے خلاف ہو گئے ہیں۔

قرآن و حدیث اور گزشتہ تاریخ کے مطابق فلسطین کبھی بھی صہیونیوں کا وطن نہیں رہا ہے۔ فلسطین فلسطینیوں کا ہے۔ صیہونی باہر سے آکر مالک بن بیٹھے ہیں۔ صیہونیوں نے مسجد اقصیٰ کو جعل سازی سے ہیکل سلیمانی اور دیوار گریہ کہنا شروع کر دیا ہے۔ جو سرا سر غلط اور دھوکا بازی ہے۔

✨ سوال : اسرائیل کی کون سی چیزیں اور پروڈکٹس ہیں جو اسرائیل کو فائدہ پہنچا رہی ہیں ۔؟
جواب: آج کل ہر جگہ اسرائیلی اشیا کے اشتہارات موجود ہیں، گوگل پرر سرچ کریں تو فہرست مل جائے گئی۔اصل مقصد یہ ہے کہ ہمیں مسلمان ہونے کے ناطے ، اِنسانیت کے ناطے اسرائیل کی ایجادات کو خریدنے سے پرہیز کرنی چاہیے کیوں کہ اسرائیلی شیا کی خریدوفروخت یہ بھی اسرائیل کے ساتھ مدد اور تعاون ہے ۔ اگر ہم فلسطین کے ساتھ کوئی اور مالی مدد نہیں کر سکتے تو کم از کم اسرائیل کے خلاف یہ جہاد کرنا چاہیے ۔

✨ سوال۔ اس وقت ایران خود اسرائیل کے دباؤ میں ہے ۔ کیا ایران براہ راست اسرائیل سے جنگ کا متحمل ہو سکتا ہے ۔؟
اس وقت تاریخ میں پہلی مرتبہ اسرائیل کے برے حالات چل رہے ہیں ۔ اب تو اسرائیل ، ایران کے بجائے حزب اللہ ، انصاراللہ اور حماس جیسی چھوٹی چھوٹی تحریکوں سے بھی خوف زدہ ہے تو وہ ایران سے خاک جنگ کرے گا۔ ایران ایک مظبوط اور ناقابل شکست ملک ہے کہ جو امریکہ کا مقابلہ کرنے کی بھی سکت اور حوصلہ رکھتا ہے۔


✨ سوال ۔۔ مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین کے حل کے حوالے سے ایم ڈبلیو ایم کی کیا حکمت عملی ہے ۔۔؟
ایم ڈبلیو ایم مظلوموں کی تنظیم ہے۔ ہم تحریک کربلا کا تسلسل ہیں۔ اسی لئے مجلس وحدت مسلمین ہمیشہ ہرمظلوم کے ساتھ تا آخر کھڑی رہتی ہے اور ہمیشہ کھڑی رہے گی۔ مسئلہ فلسطین کے حوالے سے آپ دیکھیں تو جتنا پاکستان میں ایم ڈبلیو ایم کام کر رہی ہے شاہد کے کوئی اور تحریک نظر آئے۔ ملک میں جگہ جگہ پر فلسطین کے حق میں جلسے جلوس ، ریلیاں نکلتی نظر آتی ہیں ۔

مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بھی ایم ڈبلیو ایم کی کوششیں جاری ہیں لیکن اس کے لیے کشمیریوں کو خود بھی مقاومت و حرکت کرنی اور اپنی آواز بلند کرنی ہوگی ۔

تب جا کر کشمیر کا مسئلہ حل ہو سکتا ہے ۔ اگر کشمیری خود مودی جیسے حکمران کو تسلیم کر نا شروع کر دیں اور اُس کی چالوں و سازشوں کا دانشمندی سے مقابلہ کرنے کے بجائے اُس کے ایجنڈے پر کام کرنے لگیں گے تو پھر ہماری بھی کوئی کوشش رنگ نہیں لا سکے گی۔ کشمیری جان لیں کہ آزادی کی تحریکیں ہمیشہ مقامی لوگوں کی مقاومت، دانشمندی اور جدوجہد سے کامیاب ہوتی ہیں۔ کشمیری عوام کو اپنی روشن تاریخ اور اپنے عظیم اسلاف کے راستے کو جاری رکھنا ہوگا۔

✨ سوال ۔ ماہ مبارک رمضان کے آخری جمعہ کو یوم القدس کے عنوان سے منانے، جلسے جلوس نکالنے اور اس طرح کے آنلائن سیشنز کا کیا فائدہ ہے؟
اس کا فائدہ ظالموں کی حوصلہ شکنی اور مظلوموں کی حوصلہ افزائی ہے۔ دشمن جب دیکھتا ہے کہ میرے اتنے مظالم کے باوجود بھی میرے خلاف جگہ جگہ سے آوازیں بلند ہو رہی ہیں اور مظلوم بالکل بھی نہیں دبے تو اس کے ارادہ پست ہوتے ہیں۔ اس سے مظلوموں کی آواز جگہ جگہ پر پہنچتی ہے ۔ اسی طرح ایسے پروگراموں اور سیشنز سے باطل اور جارح طاقتوں کے پروپیگنڈے کا توڑ ہوتا ہے۔
سیشن کے آخر میں سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم کے سیکرٹری جنرل نذر حافی صاحب نے فورم کے شرکا اور مہمانِ خصوصی کا شکریہ ادا کیا۔

وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین اور امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے زیر اہتمام لاہور میں مال روڈ پر ناصر باغ سے پنجاب اسمبلی تک یوم القدس کی مناسبت سے القدس ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی رہنما حیدر ثقفی، مجلسِ وحدت مسلمین پنجاب کے صدر  علامہ علی اکبر کاظمی، علامہ حسن رضا ہمدانی، جامعتہ المصطفیٰ کے مولانا سید حسین نجفی، افسر رضا خان، سابق وفاقی وزیر سید منیر گیلانی اور آغا جواد موسوی نے کی۔ قدس ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ یوم القدس، فلسطین، کشمیر، عراق، شام اور یمن کے مظلومین کی داد رسی کا دن ہے۔ حضرت امام خمینی ؒنے دنیا کو متوجہ کیا تھا کہ اسرائیل کا ناپاک وجود اس سرزمین پر ایک ناسور کی مانند ہے۔ عالم اسلام کو چاہئے کہ اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ دے۔

مقررین نے کہا کہ اسرائیلی ناسور کا واحد علاج اس کا خاتمہ ہے، ان شا اللہ یہ سال اس سرطانی پھوڑے کے خاتمے کا سال ہوگا۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ اسرائیل تمام تر طاقت اور مظالم کے باوجود فلسطینیوں کے عزم و  استقلال کو شکست نہیں دے سکا۔ غزہ کی حمایت تمام باضمیر انسانوں ہر فرض ہے، تمام تر جبر کے باوجود فلسطینیوں کے عزم، صبر اور حوصلے کو نہیں توڑ سکا۔ ریلی کے شرکاء نے فلسطین کے پرچم، بینرز، پلے کارڈ اُٹھا رکھے تھے جبکہ جگہ جگہ اسرائیلی اور امریکی پرچم سٹرک پر بچھائے گئے تھے، جن کو شرکاء ریلی اپنے پیروں تلے روند کر امریکہ و اسرائیل کیساتھ اظہار برائت کرتے رہے۔ ریلی کے شرکاء امریکہ اور اسرائیل کیخلاف جبکہ حماس، حزب اللہ اور فلسطینیوں کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے۔ فضا ساڑھے 5 گھنٹے تک مسلسل مردہ باد امریکہ، مردہ باد اسرائیل اور اسرائیل کے ہمدرد مردہ باد کے فلک شگاف نعروں سے گونجتی رہی۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے مزید کہا کہ یوم القدس کی ریلیوں میں ہزاروں افراد نے شرکت کرکے ثابت کر دیا کہ پاکستان میں اسرائیل کے ہمدردوں کی سرگرمیاں ہمیں کسی صورت قبول نہیں۔ مقررین کا کہنا تھا کہ حماس و حزب اللہ اور جہاد اسلامی کا باہمی اتحاد دشمن کی صفوں میں کہرام مچا  رکھا ہے، اسرائیل نابودی کے سفر پر تیزی سے گامزن ہے۔ بیت المقدس کی نجات کا واحد راستہ مسلمانوں کے درمیان اتحاد و یکجہتی ہے۔ مقررین کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل غزہ میں اہل فلسطین کی نسل کشی کر رہا ہے، جس کے ٹھوس شواہد پوری دنیا کے سامنے ہیں۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غزہ کے حوالے سے سیزفائر کی قرارداد پاس ہونے کے باوجود اسرائیل جنگ بندی سے انکاری ہے اور مسلسل سویلین آبادی پر حملے کر رہا ہے، ایسے میں یہ واضح ہو چکا کہ اسرائیل کو واضح طور پر امریکہ کی پشت پناہی کیساتھ عالمی استعمار نے غزہ میں فلسطینی عوام کے قتل کی اجازت دے رکھی ہے، ہم اسرائیل کے جنگی جرائم میں امریکہ، برطانیہ، جرمنی اور فرانس جیسے معاون ممالک کو برابر قصور وار سمجھتے ہیں۔

القدس ریلی سے خطاب کرتے ہوئے علمائے کرام کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں اسلامی مزاحمتی تحریکوں کی جدوجہد اور گریٹر اسرائیل جیسے ناپاک منصوبوں کو خاک میں ملانے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا، اور کہا کہ جبکہ اہل غزہ پر جاری اسرائیلی جارحیت کے جواب میں اسرائیل کا سمندری محاصرہ کرنے کے یمن کے سنہری کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ مقررین نے جنوبی افریقہ کی جانب سے عالمی عدالت انصاف میں اسرائیلی جرائم پر دی گئی پٹیشن کا بھرپور خیرمقدم کیا اور کہا کہ جنوبی افریقہ کے فلسطین کیلئے کردار کو تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی۔ مقررین کا مزید کہنا تھا کہ طوفان الاقصیٰ کی برکات سے پہلی بار مسلم ممالک کے علاوہ دنیا بھر میں  غزہ کے مظلوموں کی حمایت میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر احتجاج، مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئی ہیں۔ اور عوام نے اپنی حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ غزہ میں نسل کشی بند کی جائے۔

وحدت نیوز(ملتان)تحریک آزادی القدس پاکستان کی جانب سے ملتان میں یوم القدس کے موقع پر مظلوم فلسطینیوں سے اظہار ہمدردی کے لیے نماز جمعہ کے بعد شاہ یوسف گردیز سے گھنٹہ چوک تک مرکزی ریلی نکالی گئی، ریلی میں خواتین اور بچوں سمیت لوگوں کی کثیر تعداد نے اس ریلی شرکت کی، شرکاء ریلی نے اپنے ہاتھوں میں فلسطین کے پرچم اٹھا رکھے تھے۔ ریلی کی قیادت آئی ایس او کے ڈویژنل صدر حسن رضا اور مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی صدر علامہ اقتدار حسین نقوی کر رہے تھے، اس موقع پر ریلی کے شرکا سے خطاب کے دوران علامہ اقتدار حسین نقوی کا کہنا تھا کہ پچھلے چند ماہ سے اسرائیل نے بے گناہ فلسطینیوں پر مظالم کے پہاڑ ڈھائے ہیں اور انسانی قوانین کو اپنے پاوں تلے روندے ہوئے ہیں، اسرائیل کی بمباری سے شھادتوں کی 50000 سے بھی تجاوز کرگئی ہے جس میں بڑی تعداد بچوں اور عورتوں کی ہے لیکن فلسطینی عوام اور مجاہدین نے استقامت کی مثال قائم کردی ہے اور مسلسل مزاحمت کرریے ہیں اور اسرائیل کو ہر محاذ پہ پسپائی کا سامنا ہے۔

ڈویڑنل صدر آئی ایس او حسن رضا کا کہنا تھا کہ آج فلسطین کربلا کا منظر پیش کررہا پے لیکن مسلم ممالک مصلحت کا شکار ہیں اور فلسطینیوں کی کسی بھی عنوان سے واضح مدد نھیں کررہے ہیں، لیکن دوسری جانب انقلاب اسلامی ایران کے زیرنگرانی تمام مزاحمتی گروہ حزب اللہ اور انصاراللہ جنگ آغاز سے ہی اس جنگ کا حصہ بن چکے ہیں اور اسرائیل پر پہ درپہ حملے کررہے ہیں اور اسی طرح شیعان حیدر کرار پاکستان سمیت پوری دنیا میں فلسطینیوں کے حق میں آواز حق بلند کرنے میں پیش پیش ہیں۔

اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری سلیم صدیقی نے بھی خطاب کیا اور انھوں نے کہا کہ ہماری جماعت کے نمائندے نے پارلیمینٹ میں بھی یہ قرارداد پیش کی ہے کہ یوم القدس کو پاکستان میں سرکاری سطح پر منایا جائے، جس طرح یوم کشمیر اور دیگر ایام سرکاری سطح پر منائے جاتے ہیں اور ہم آج کے اجتماع میں پھر یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ یوم القدس کو سرکاری سطح پر منایا جائے۔ ریلی میں سینئر نائب صدر آئی ایس او پاکستان تقی حیدر، مولانا سلطان شاہ، مولانا احسان رضی، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سلیم عباس صدیقی، ایڈووکیٹ فضل نقوی، ایڈووکیٹ یافث نوید ہاشمی اور صوبائی صدر عزاداری ونگ سخاوت سیال نے شرکت کی۔
 

وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ قبلہ اول کی آزادی کے لئے یوم القدس کے موقع پر پوری دنیا کے مسلمان اپنے گھروں سے باہر نکلے ہیں۔ غزہ میں جاری مظالم پر مسلم حکمرانوں کی خاموشی قابل مذمت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں عالمی یوم القدس کی مناسبت سے مظلوم فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے نکالی گئی ریلی کے موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یوم القدس کی ریلی مرکزی جامع مسجد امامبارگاہ کلاں میکانگی روڈ سے نماز جمعہ کے بعد برآمد ہوئی۔ جس کی قیادت بزرگ عالم دین علامہ شیخ محمد جمعہ اسدی، علامہ سید محمد ہاشم موسوی، علامہ غلام حسنین وجدانی، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی، صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی، صوبائی نائب صدر علامہ شیخ ولایت حسین جعفری اور علامہ سہیل اکبر شیرازی کر رہے تھے۔

اس موقع پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ آج پوری دنیا کے مسلمان قبلہ اول کی آزادی کے لئے اپنے گھروں سے نکلے ہیں۔ مسلم حکمران اگر فلسطین اور غزہ کے لئے اپنی افواج نہیں بھیج سکتے تو پھر راستہ دیں دنیا بھر کے لاکھوں غیرت مند مسلمان قبلہ اول کی آزادی کے لئے فلسطین جانے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں جاری نسل کشی پر عرب لیگ، او آئی سی اور مسلم حکمرانوں کی خاموشی قابل مذمت ہے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے علامہ محمد جمعہ اسدی نے کہا کہ 40 سال سے کوئٹہ میں یوم القدس کا جلوس نکلتا ہے۔ حکومت یکجہتی فلسطین ریلی میں رکاؤٹ ڈالنے کی بجائے مکمل تعاون کرے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید ہاشم موسوی نے کہا کہ غزہ میں جاری قتل عام پر مسلم حکمرانوں کی خاموشی افسوسناک ہے۔ پاکستان غزہ میں جاری ظلم و بربریت روکنے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید ظفر عباس شمسی نے کہا کہ فلسطین فلسطینیوں کا ہے۔ اسرائیل غاصب کو ہم ایک انچ زمین دینے کے لئے تیار نہیں۔

وحدت نیوز(بنوں)خیبر پختونخوا کے شہر بنوں میں عالمی یوم القدس کے موقع پر مجلس وحدت مسلمین اور شیعہ علماء کونسل پاکستان کے زیراہتمام آزادی قدس ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی رہنماء نوروز علی کربلائی اور دیگر نے کی۔ اس موقع پر شرکائے ریلی نے امریکہ اور اسرائیل کیخلاف بھرپور نعرہ بازی کی اور مظلومین غزہ کے حق میں صدائے احتجاج بلند کی۔

مقررین کا کہنا تھا کہ دنیا کے نقشے پر ناجائز وجود پانے والی ریاست کو امام خمینیؒ نے مسلمانوں کے قلب میں خنجر سے تعبیر کیا تھا، اور امت کو اس کی آزادی کی راہ جہاد کی صورت دکھائی۔ انہوں نے کہا کہ آج  وہ دن ہے جو امام خمینی کی جدت عمل سے قدس شریف اور مظلوم فلسطینیوں کے بارے میں مسلمانوں کی آوازوں کو ایک لڑی میں پرونے کا ذریعہ بن گیا۔

وحدت نیوز(ملتان) عالمی یوم القدس کے موقع پر امام بارگاہ ابوالفضل العباس سے چوک کمہارانوالہ تک قبلہ اول کی آزادی اور مظلومین فلسطین و غزہ کی حمایت میں مرکزی احتجاجی ریلی نکالی گئی، ریلی کی قیادت مجلس علمائے مکتب اہلبیت جنوبی پنجاب کے صوبائی صدر علامہ قاضی نادر حسین علوی، مجلس اتحاد بین المومنین کے سربراہ علامہ غلام مصطفیٰ انصاری، مجلس وحدت مسلمین عزاداری ونگ کے صوبائی صدر انجینئر سخاوت علی سیال، سید اقبال مہدی ایڈووکیٹ، علامہ قاضی فیاض حسین علوی، وحدت یوتھ پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری تنظیم سازی مرزا وجاہت علی، جواد رضا جعفری، علامہ معید احمد القادری، علامہ وسیم معصومی، ثقلین نقوی نے کی۔

شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے علامہ قاضی نادر حسین علوی نے کہا غزہ کے مظلومین عالم اسلام کی جنگ لڑ رہے ہیں غزہ کی استقامت نے دنیا کو حیران کر دیا ہے، اسرائیل کا بیانیہ دنیا نے مسترد کر دیا، آج دنیا میں غزا و مظلومین فلسطین کے حق میں باتیں ہو رہی ہیں، امریکہ کو شکست ہوئی ہے، اسرائیل کو شکست ہوئی ہے۔ غزہ کے دو پہلو ہیں، ایک اسرائیل کا سیاہ ظالمانہ مکروہ چہرہ سامنے آیا، دوسرا پہلو غزہ کے مظلومین کی استقامت اور بہادری کی صورت میں ہے۔ امریکہ برطانیہ اور اسرائیل ہار چکے ہیں۔

علامہ غلام مصطفیٰ انصاری نے کہا کہ امت مسلمہ کے حکمرانوں کی فلسطینی مسلمانوں پر مظالم پر خاموشی قابل تشویش ہے، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے اسرائیلی کردار نسل کشی قرار دیا جا چکا ہے، مسلم امہ کے ساتھ ساتھ اب تو یورپ اور امریکہ میں بھی فلسطین میں جاری انسانیت سوز و مظالم پر آواز بلند ہونا شروع ہوچکی ہے۔ انجینیئر مہر سخاوت سیال نے کہا کہ فلسطین کی عملی طور پر امداد کے لیے قدم بڑھایا جائے اور فلسطین کے معاملے پر اسرائیل کو دو ٹوک جواب دیا جائے۔

ڈاکٹر علامہ فیاض علوی نے کہا فلسطینی ریاست کے قیام اور قبلہ اول کی آزادی تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی، قبلہ اول پر اسرائیلی ناجائز قبضے کی شدید مذمت کرتے ہیں، یوم القدس تمام مظلوموں کی حمایت کا دن ہے۔ مرکزی احتجاجی ریلی میں علامہ طاہر عباس نقوی، عون رضا گوپانگ ایڈووکیٹ، علامہ ہادی حسین، تیمور حسن، علامہ غلام جعفر انصاری، مظہر عباس کات، ملک عمران حیدر، ڈاکٹر شاہد، علی رضا گیلانی، غدیر عباس شیرازی، فرمان علی، حسن حیدری، احسن رضا، دل شیر خان سمیت مرد و جوان بوڑھے بچے اور خواتین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرین نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے، اس موقع پر اسرائیلی پروڈکٹ کا بائیکاٹ کیا گیا اور پرچم نذر آتش کیا گیا۔

وحدت نیوز(کراچی) تحریک آزادی القدس کے زیر اہتمام کراچی میں مرکزی القدس ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل سیدناصر شیرازی کا کہنا تھا کہ یوم القدس ایسی عظیم تحریک ہے، جس نے سامراج سے مقابلے کی حوالے سے گہرے اثرات مرتب کئے ہیں، پورے عالم میں مسلمان اس دن فلسطین و بیت المقدس کی حمایت و آزادی کیلئے احتجاج کرتے ہیں، جس نے دشمنوں اور ستمگاروں کو رسوا کرنے کے ساتھ ساتھ صیہونی مظالم کو بھی عالمی سطح پر اجاگر کیا اور ہر باشعور و باضمیر انسان کی فکر کو متاثر کیا۔

ناصر شیرازی نے کہا کہ اسرائیل نے غزہ کو مکمل تباہ و برباد کر دیا، لیکن فلسطینی عوام کے حوصلوں کو نہیں توڑ سکا، امریکی اور اسرائیلی جانوروں کے حقوق کی بات کرتے ہیں، لیکن خود جانور سے بھی بدتر ہیں۔

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام پارٹی چیئرمین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر جمعتہ الوداع کو عالمی یوم القدس کے طور پر منایا، اس سلسلے میں ایم ڈبلیو ایم کے زیر اہتمام ملک کے چاروں صوبوں، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں میں قبلہ اوّل کی آزادی اور مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے بعد از نماز جمعہ ریلیاں اور اسرائیلی مظالم کے خلاف مظاہرے کئے گئے، جس میں خواتین، بچے، بزرگوں اور جوانوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اندرون سندھ کے مختلف اضلاع میں القدس ریلیاں نکالی گئیں اور غزہ کے مظلومین کی حمایت اور اسرائیلی بربریت کے خلاف شرکاء نے امریکا و اسرائیل کے پرچم بھی نذر آتش کئے، جبکہ شہر کراچی میں ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے مرکزی احتجاجی مظاہرہ جامع مسجد نور ایمان ناظم آباد کے باہر کیا گیا، جس علامہ باقر عباس زیدی، علامہ مبشر حسن، علامہ حیات عباس نجفی و دیگر نے خطاب کیا، مظاہرین نے امریکا و اسرائیل مردہ باد کے نعرے لگائے اور غزہ جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔

احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے علامہ باقر عباس زیدی نے کہا کہ جمعتہ الوداع یوم مظلومین ہے، اسرائیلی جارحیت کے خلاف حکومتی خاموشی مجرمانہ ہے، قائداعظم محمد علی جناحؒ سے لیکر ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کا فلسطینیوں کیلئے مؤقف واضح تھا، اسرائیل غاصب ریاست ہے، کبھی تسلیم نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا خدا نہیں، ملکی حکمران خوف خدا کریں، پاکستان کو امریکا کی جانب سے کھلی دھمکیوں کی بھرپور مذمت کرنی چاہئے، ملکی حکمران امریکی کاسہ لیسی چھوڑیں، پاکستان کے داخلی خودمختاری میں کسی بھی طاقت کی مداخلت غداری ہے، 1948ء سے قابض اسرائیل آج تک فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے۔

مقررین نے کہا کہ پتھر اور غلیلوں سے لڑنے والے مظلوم آج بھاری اسلحہ سے جواب دے رہے ہیں، ظالم اسرائیل کے خلاف مجاہدین اور فلسطین کی عوام کو سلام پیش کرتے ہیں، ملکی حکمران غزہ جنگ بندی کی قرارداد پیش کریں، حکومت فلسطینی عوام کیلئے بلاتعطل امداد کا اعلان کرے، حکومت عالمی ادارے انصاف میں اسرائیل کے خلاف جنگی جرائم کے مقدمات قائم کروائے۔ مقررین نے امام خمینیؒ کی آواز پر جمعتہ الوداع اتحاد امت اور مظلومین فلسطین سے اظہار یکجہتی کا دن منانے پر ان کو خراج تحسین پیش کیا۔مقررین نے ملک میں اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ سمیت امریکی و برطانیہ سفارتخانہ بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ احتجاجی مظاہرے کے آخر میں امریکا و اسرائیل کے پرچم نذر آتش کئے۔

Page 16 of 1464

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree