آئی ایس او ، ایم ڈبلیوایم کے زیر اہتمام لاہور میں مرکزی آزادی القدس ریلی کا فقید المثال انعقاد

06 اپریل 2024

وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین اور امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے زیر اہتمام لاہور میں مال روڈ پر ناصر باغ سے پنجاب اسمبلی تک یوم القدس کی مناسبت سے القدس ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی رہنما حیدر ثقفی، مجلسِ وحدت مسلمین پنجاب کے صدر  علامہ علی اکبر کاظمی، علامہ حسن رضا ہمدانی، جامعتہ المصطفیٰ کے مولانا سید حسین نجفی، افسر رضا خان، سابق وفاقی وزیر سید منیر گیلانی اور آغا جواد موسوی نے کی۔ قدس ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ یوم القدس، فلسطین، کشمیر، عراق، شام اور یمن کے مظلومین کی داد رسی کا دن ہے۔ حضرت امام خمینی ؒنے دنیا کو متوجہ کیا تھا کہ اسرائیل کا ناپاک وجود اس سرزمین پر ایک ناسور کی مانند ہے۔ عالم اسلام کو چاہئے کہ اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ دے۔

مقررین نے کہا کہ اسرائیلی ناسور کا واحد علاج اس کا خاتمہ ہے، ان شا اللہ یہ سال اس سرطانی پھوڑے کے خاتمے کا سال ہوگا۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ اسرائیل تمام تر طاقت اور مظالم کے باوجود فلسطینیوں کے عزم و  استقلال کو شکست نہیں دے سکا۔ غزہ کی حمایت تمام باضمیر انسانوں ہر فرض ہے، تمام تر جبر کے باوجود فلسطینیوں کے عزم، صبر اور حوصلے کو نہیں توڑ سکا۔ ریلی کے شرکاء نے فلسطین کے پرچم، بینرز، پلے کارڈ اُٹھا رکھے تھے جبکہ جگہ جگہ اسرائیلی اور امریکی پرچم سٹرک پر بچھائے گئے تھے، جن کو شرکاء ریلی اپنے پیروں تلے روند کر امریکہ و اسرائیل کیساتھ اظہار برائت کرتے رہے۔ ریلی کے شرکاء امریکہ اور اسرائیل کیخلاف جبکہ حماس، حزب اللہ اور فلسطینیوں کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے۔ فضا ساڑھے 5 گھنٹے تک مسلسل مردہ باد امریکہ، مردہ باد اسرائیل اور اسرائیل کے ہمدرد مردہ باد کے فلک شگاف نعروں سے گونجتی رہی۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے مزید کہا کہ یوم القدس کی ریلیوں میں ہزاروں افراد نے شرکت کرکے ثابت کر دیا کہ پاکستان میں اسرائیل کے ہمدردوں کی سرگرمیاں ہمیں کسی صورت قبول نہیں۔ مقررین کا کہنا تھا کہ حماس و حزب اللہ اور جہاد اسلامی کا باہمی اتحاد دشمن کی صفوں میں کہرام مچا  رکھا ہے، اسرائیل نابودی کے سفر پر تیزی سے گامزن ہے۔ بیت المقدس کی نجات کا واحد راستہ مسلمانوں کے درمیان اتحاد و یکجہتی ہے۔ مقررین کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل غزہ میں اہل فلسطین کی نسل کشی کر رہا ہے، جس کے ٹھوس شواہد پوری دنیا کے سامنے ہیں۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غزہ کے حوالے سے سیزفائر کی قرارداد پاس ہونے کے باوجود اسرائیل جنگ بندی سے انکاری ہے اور مسلسل سویلین آبادی پر حملے کر رہا ہے، ایسے میں یہ واضح ہو چکا کہ اسرائیل کو واضح طور پر امریکہ کی پشت پناہی کیساتھ عالمی استعمار نے غزہ میں فلسطینی عوام کے قتل کی اجازت دے رکھی ہے، ہم اسرائیل کے جنگی جرائم میں امریکہ، برطانیہ، جرمنی اور فرانس جیسے معاون ممالک کو برابر قصور وار سمجھتے ہیں۔

القدس ریلی سے خطاب کرتے ہوئے علمائے کرام کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں اسلامی مزاحمتی تحریکوں کی جدوجہد اور گریٹر اسرائیل جیسے ناپاک منصوبوں کو خاک میں ملانے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا، اور کہا کہ جبکہ اہل غزہ پر جاری اسرائیلی جارحیت کے جواب میں اسرائیل کا سمندری محاصرہ کرنے کے یمن کے سنہری کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ مقررین نے جنوبی افریقہ کی جانب سے عالمی عدالت انصاف میں اسرائیلی جرائم پر دی گئی پٹیشن کا بھرپور خیرمقدم کیا اور کہا کہ جنوبی افریقہ کے فلسطین کیلئے کردار کو تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی۔ مقررین کا مزید کہنا تھا کہ طوفان الاقصیٰ کی برکات سے پہلی بار مسلم ممالک کے علاوہ دنیا بھر میں  غزہ کے مظلوموں کی حمایت میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر احتجاج، مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئی ہیں۔ اور عوام نے اپنی حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ غزہ میں نسل کشی بند کی جائے۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree