The Latest
وحدت نیوز(اسلام آباد)پانچ جمادی الاول میلاد شہزادی زینب کبری سلام اللہ علیہا کے موقع پر مرکزی صدر ایم ڈبلیو ایم وومن ونگ سیدہ معصومہ نقوی نے کہا ولادت با سعادت عقیلہ بنی ھاشم جناب زینب بنت علی سلام اللہ علیھا کے پر مسرت موقع پر امام مہدی عجل اللہ تعالی فرجہ شریف ، رہبر معظم سید علی خامنہ ای و تمام پیروان ولایت کی خدمت میں تہنیت و تبریک پیش کرتی ہوں ۔
خواہر امام حسین علیہ السلام سیدہ زینب اللہ علیہا وہ متفکر اور دانشور بی بی تھیں جو بلند قوت فکر رکھتی تھیں وہ کربلا کے واقعے میں اپنے بھائی حسین بن علی علیہ السلام کے ساتھ اور ان کے بعد قافلہ کے ہمراہ شام گئیں اور یزید بن معاویہ کے سامنے فصیح و بلیغ خطبہ ارشاد فرمایا جس نے امیر المومنین علیہ السلام کے خطبوں کی یاد دلا دی اور یزیدی ایوان و دربار کی بنیادوں کو ہلا کے رکھ دیا ۔
انہوں نے کہا اسوہ زینبی تمام خواتین کے لیے نمونہ عمل ہے دور حاضر میں ہماری ماوں بہنوں بیٹیوں کو جناب زینب کبری سلام اللہ علیہا کی عظیم الشان شخصیت کو رول ماڈل بنانا چاہئے تاکہ وہ دین اور دنیا کی عزت اور سعادت مندی حاصل کر سکیں۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) پاراچنار میں ایک ماہ سے جاری محاصرے اور رستوں کی بندش پر سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کے تحفظات ،شکایات اور صوبائی حکومت کی ناقص حکمت عملی پر بانی تحریک انصاف عمران خان کا برہمی کا اظہار، مرکزی جنرل سیکریٹری بیرسٹرسلمان اکرم راجہ اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین خان گنڈا پور کو فوری علامہ راجہ ناصرعباس جعفری سے رابطے اور شکایات دور کرنے کی ہدایت۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے مرکزی جنرل سیکریٹری بیرسٹرسلمان اکرم راجہ اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین خان گنڈا پور کا چیئرمین ایم ڈبلیوایم سینیٹر علامہ راجہ ناصرعباس سے ٹیلیفونک رابطہ ، بیرسٹرسلمان اکرم راجہ نے علامہ راجہ ناصرعباس سے گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ آج اڈیالہ جیل میں کیس کی سماعت کے دوران وکلاء کی جانب سے بانی چیئرمین عمران خان کو بتایا گیا کہ پاراچنار میں قیام امن کیلئے اور محاصرے اور صوبائی حکومت کی ناقص کارکردگی پر آپ کے شکوے شکایات اور لانگ مارچ کے حوالے سے آپ کی حمایت پر مبنی ٹوئٹ سے آگاہ کیا گیا جس پر انہوں نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئےصوبائی حکومت کی سرزنش کی ۔ بیرسٹرسلمان اکرم راجہ نے کہا کہ عمران خان نے مجھے آپ سے فوری رابطے کا حکم دیا اور آپ کے تحفظات کو دور کرنے کی ہدایت دی ، کچھ دیر میں وزیر اعلیٰ خبرپختونخواہ بھی آپ کو فون کریں گے۔
بعد ازاں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور نے سینیٹرعلامہ راجہ ناصرعباس جعفری کو فون کرکے ان کی شکایات کو سنا اور کہا کہ میں نے ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں خصوصی طورپر پاراچنار کے مسائل پر بات کی ہے اور تمام متعلقہ حکام اور اداروں کو پابند کیا ہے کہ فوری طور پر پشاور پاراچنار روٹ پر آمد ورفت کو یقینی بنانے سمیت عوام کی جان ومال کو تحفظ فراہم کرنے اور اشیائے ضروریہ کی فوری فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔
علی امین گنڈا پور نے علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کو پشاور دورے کی دعوت بھی دی اور یقین دہانی کروائی کہ پاراچنار سے مربوط مسائل کے حل کے سلسلے میں صوبائی حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے تمام تر اقدامات سے آپ کو اور بانی چیئرمین کو بروقت آگا ہ بھی کیاجائے گا۔
وحدت نیوز (کوٹلی) اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان اسمبلی و پارلیمانی لیڈر ایم ڈبلیو ایم جی بی کاظم میثم نے یونیورسٹی اور کوٹلی آزاد کشمیر کے طلاب کی دعوت پر یکم نومبر کی مناسبت سے منعقدہ جشن آزادی کی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ انہوں نے گلگت بلتستان کے طلاب کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمارے پرکھوں نے ڈوگروں سے آزادی حاصل کی اورثابت کیا کہ عزم و ارادہ ہو تو کوئی بھی خواب شرمندہ تعبیر ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کا ماضی درخشاں تھا اور مستقبل کو درخشان بنانے کی ذمہ داری طلبا پر عائد ہوتی ہے۔ جس طرح کی بیداری اور جس طرح کا شعور یوتھ میں ہے اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ ہمارا مستقبل بھی انتہائی محفوظ ہاتھوں میں ہوگا اور درخشاں ہوگا۔ گلگت بلتستان سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے صدر اور دیگر ذمہ داروں نے انکی آمد پر انکا شکریہ ادا کیا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے پارہ چنار سے شروع ہونے والے پرامن مارچ کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخواہ صوبائی حکومت کی نااہلی اور سیکورٹی اداروں کی غفلت کے سبب پارہ چنار ضلع کرم کے عوام گزشتہ کئی ماہ سے محصور ہیں، پارہ چنار کے عوام بنیادی انسانی حقوق اور انسانی ضروریات زندگی کو ترس رہے ہیں لیکن ارباب اختیار کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی، ایک ماہ سے قومی شاہراہ بند کی گئی ہے، غذائی اجناس، ایندھن اور ادویات کی قلت سے انسانی المیہ جنم لے رہا ہے اور ملکی سیاہ و سفید پر قابض حکمران ٹس سے مس نہیں ہو رہے ہیں، امریکی صدر کو مبارک دینے والے ناعاقبت اندیش حکمران اپنے نہتے شہریوں کی مشکلات سے آنکھیں چرا رہے ہیں، مٹھی بھر دہشتگردوں نے وہاں کے شیعہ سنی مسلمانوں کو یرغمال بنایا ہوا ہے، خیبر پختونخواہ کے نااہل وزیر اعلی کو صوبے میں عوامی مسائل سے کوئی سروکار ہے اور نا ہی امن و عامہ کے ضامن سیکورٹی ادارے ان دہشتگردوں کو لگام دینے میں مخلص ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج ضلع کرم کے باشعور اور غیرت مند عوام نے اس جبر کے خلاف پر امن لانگ مارچ شروع کیا ہے ہم اس مارچ کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہیں، سب کی نظریں پارہ چنار ضلع کرم کی جانب ہیں، پاکستانی قوم ضلع کرم کے اپنے بھائیوں کے ساتھ ہے اور ہم پارہ چنار کو غزہ نہیں بننے دیں گے، پارہ چنار کے محب وطن عوام نے پارلیمنٹ، سینیٹ، صوبائی و مرکزی حکومت کے ذمہ داران اور مذہبی و سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے اس مسئلے کو حل کرنے کی بارہا اپیل کی، وفاقی دارالحکومت میں دھرنے دیئے گئے اور مسلسل میڈیا ٹاکس ہوتی رہی ہیں لیکن کوئی پرسان حال نہیں ہے، نہتے عوام جن میں بچے بوڑھے اور جوان شامل ہیں اپنے حق کی خاطر گھروں سے نکل پڑے ہیں، حکومت، ارباب اختیار اور سیکورٹی ادارے ہوش کے ناخن لیں کسی بھی حادثے یا ناخوشگوار واقعے کی ذمہ داری "کے پی کے'' کے وزیراعلی اور امن و امان قائم کرنے والے اداروں پر عائد ہو گی۔
وحدت نیوز(پشاور)ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے پارلیمانی لیڈر ایم این اے انجینئر حمید حسین صاحب کی کورکمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل عمر بخاری سے ملاقات۔
ضلع کرم کے موجودہ دہشتگردی کے واقعات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔حالیہ دہشتگردی کے واقعات پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔
ایم این اے انجینئر حمید حسین صاحب نے کہا ضلع کرم میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات کے بعد پیدا ہونے والے صورتحال، ٹل پارہ چنار مین شاہراہ سمت ضلع کرم کے اہم شاہراہوں پر مسافروں کے قتل و غارت کے واقعات رونما ہوئے ہیں جن بچے و خواتین اور مسافرین شامل ہیں۔
پچھلے 27 دنوں سے پارہ چنار روڈ کی بندش کی وجہ سے اشیائے خورد نوش،تیل اور دوائیوں کی قلت پیدا ہوگئی ہے ضلع کرم میں جاری بدامنی و دہشتگردی کے واقعات کی وجہ سے انسانی المیہ جنم لے رہا ہے۔
کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل عمر بخاری نے کہا کہ ضلع کرم میں عوام کی تکالیف کو کم کرنے اور ٹل پارہ چنار روڈ کو محفوظ بنانے کیلئے اقدامات اٹھائیں جارہے ہیں۔
وحدت نیوز(مظفرآباد)صدر عزاداری ونگ مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر سید غفران علی کاظمی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انوار سرکار اپنے اقتدار کو بچانے کہ لیے اوچھے ہتھکنڈے پر اتر آئی ہے ، پر امن احتجاج پر شہری کا بنیادی حق ہے ، ہر شہری کو آئین نے یہ آزادی دے رکھی ہے کہ وہ اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرے ، اس حق پر کسی کو بھی شب خون مارنے نہیں دیں گے. صدارتی آرڈیننس کو ردی کی ٹوکری میں پھنکتے ہیں یہ ایسا قانون ہے کہ اب اپنا حق مانگنے سے پہلے حکمرانوں سے اجازت لینی پڑھے گی۔ انوار سرکار ہوش کہ ناخن لے ایسے کالے قانون جبری نافذ کرنے سے گریز کرے جس پر عمل درآمد کرنا مشکل ہو۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے پارلیمانی لیڈر ایم این اے انجینئر حمید حسین صاحب کا نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے دوران وزیر اعلٰی خیبر پختونخواہ جناب علی آمین گنڈاپور صاحب سے ملاقات،ضلع کرم کے موجودہ تازہ ترین صورتحال پر تفصیلی گفتگو۔آئے روز ضلع کرم کے سڑکوں پر مسافروں کو دہشت گرد،دہشتگردی کا نشانہ بنا رہے ہیں ،کل لوئر کرم اوچت میں واقعہ کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پرصوبائی حکومت کی طرف سے ضلع کرم کے مسائل کے حل کے لئے بننے والے جرگے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وحدت نیوز(جیکب آ باد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ جیکب آباد میں ایک کالعدم دہشت گرد ٹولے کی جانب سے شیعہ سنی مسلمانوں کے درمیان شرانگیزی اور نفرت کا ماحول پیدا کیا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعۃ المصطفی خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ضلع جیکب آباد کے شیعہ اکابرین، علماء، سادات اور قومی تنظیموں کے نمائندگان کے اہم اجلاس کی زیر صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں بزرگ شیعہ رہنماء سید لال شاہ بخاری، سید غلام شبیر نقوی، انجمن سپاہ علی اکبر کے چیئرمین سید احسان علی شاہ بخاری، سید راجہ ریاض علی شاہ، مجلس وحدت مسلمین ضلع جیکب آباد کے صدر نذیر حسین جعفری، تعلقہ صدر ٹھل غلام حیدر برڑو، جعفریہ الائنس پاکستان کے ڈویژنل صدر وزیر علی مشہدی، جنرل سیکرٹری زوار شاہنواز جعفری، وحدت یوتھ ڈویژن لاڑکانہ کے جنرل سیکرٹری اللہ بخش میرالی، اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی رہنماء اویس علی جکھرانی، مجلس علماء مکتب اہل بیت کے ضلعی صدر علامہ سیف علی ڈومکی، مولانا منور حسین سولنگی، نثار احمد ابڑو، سید علی شاہ، مولانا ارشاد علی سولنگی و دیگر رہنماء شریک ہوئے۔
قومی مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ جیکب آباد میں شیعہ سنی مسلمان صدیوں سے آپس میں اسلامی اخوت اور بھائی چارے کے ساتھ رہ رہے ہیں، مگر ایک کالعدم دہشت گرد ٹولے کی جانب سے شرانگیزی اور نفرت کا ماحول پیدا کیا جا رہا ہے۔ اسی دہشت گرد ٹولے نے 2015 میں شب عاشور جلوس عزاء پر حملہ کرکے 29 بے گناہ انسانوں کو شہید، جبکہ 59 معصوم شہریوں کو زخمی کیا تھا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سید احسان علی شاہ بخاری نے کہا کہ ضلع جیکب آباد میں کلعدم دہشت گرد ٹولے کو نفرت انگیزی کی کھلی چھوٹ دی گئی ہے، جس کی وجہ سے ضلع کا امن خطرے میں ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے زوار وزیر علی مشہدی نے کہا کہ جیکب آباد کے پرامن ماحول کو جان بوجھ کر خراب کیا جا رہا ہے۔
نذیر حسین جعفری نے کہا کہ چار دسمبر کو کالعدم ٹولے نے شرانگیزی پر مبنی اجتماع کا اعلان کرکے ضلع کی پرامن فضاء کو خراب کرنے کی کوشش کی ہے۔ چار دسمبر کو ملت جعفریہ جیکب آباد کے شہداء کی یاد میں دہشتگردی کے خلاف تاریخی اجتماع کرے گی۔ اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ 4 دسمبر کو جیکب آباد میں دہشتگردی کے خلاف شہدائے جیکب آباد کی یاد میں تاریخی عظمت شہداء کانفرنس منعقد کی جائے گی۔
وحدت نیوز(گلگت) اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان اسمبلی کاظم میثم نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مورل اتھارٹی نہ رکھنے والے وزیراعظم پاکستان کا دورہ گلگت بلتستان فلاپ شو تھا جہاں عوامی منتخب نمائندوں کی تذلیل کے علاوہ خطے کو کچھ نہیں ملا۔ صوبائی حکومت کو اس دورہ کے دوران لفٹ نہ کرانا ثابت کرتا ہے کہ جمہوری اقدار اور عوامی مینڈیٹ کی ان کے سامنے کیا حیثیت ہے؟ وفاق میں جس پیپلز پارٹی کی بیساکھی کے ذریعے فارم 47 پر بننے والے وزیراعظم اور جی بی کی ٹیم کو خیال تک نہ آیا کہ گلگت بلتستان میں اتحادی حکومت ہے جس کا سب سے بڑا سٹیک ہولڈر پیپلز پارٹی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس اتحادی پارٹی کے قائدین سے خطے کے مسائل پوچھنے کی زحمت گوارا نہیں کی۔ کسی اور پارٹی سے تعلق رکھنے والے وزیراعظم کا دورہ گلگت بلتستان اس طرح خالی ہاتھ آکے کرتا تو اب تک حفیظ الرحمان اور امجد ایڈووکیٹ اس پارٹی کے سربراہان کو اور حکومت پر سخت ترین الزامات لگاتے، نااہلی کے طعنے دیتے لیکن اب ان کو کون سمجھائے کہ جیسے بھی بنا ہوا وزیراعظم ہو ایگزیکٹو پاور تو انکے ہی پاس ہے اور خطے کے مسائل کا حل بظاہر انکے ہاتھ میں ہوتا ہے۔ لیکن مجال صوبائی حکومت سمیت کسی کو توفیق ملی ہو کہ اس دورہ سے استفادہ کرے اور خطے کے عوام کا کوئی بڑا اور اہم مسئلہ حل کرائے۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا پرانی سکیموں پر تختی شوق سے لگوائیں لیکن ایسے دورے سے خاطر خواہ استفادہ نہ کرنے پر ان دونوں پارٹیوں کے رہنماوں سے گلہ ضرور بنتا ہے۔ ان کے ساتھ ساتھ ان کا بھی گلہ بنتا ہے جنہوں نے انجینئرنگ کرکے صوبائی حکومت بنائی جو خطے کا کوئی بھی مقدمہ ڈھنگ سے نہیں لڑ سکا ہے۔ آج گلگت بلتستان کے عوام کا گلہ سیاسی جماعتوں کے ساتھ ساتھ بھان متی کا کنبہ بنانے والے طاقتوروں سے بھی ہے کہ کس طرح کی فیل سکرپٹ لکھی تھی جس کے بعد خطے میں مایوسی میں بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے۔ اور حد تو یہ ہے کہ دونوں اتحادی جماعتوں کے سربراہان اس حکومت کو نااہل، نکمہ اور چور ڈاکو تک کہہ گئے ہیں۔
کاظم میثم کا کہنا تھا کہ جس طرح شہباز شریف وزیراعظم بنا دنیا کے سامنے ہے لیکن جب تک ان کے نام کے ساتھ یہ ٹائٹل ہے تمام حکومتی جماعت کے وزیراعظم ہے۔ لیکن جس انداز میں حکومتی جماعتوں کو اس دورہ کے حوالے سے بے تفاوت رکھا گیا اور بے توقیر کرنے کے ساتھ ساتھ عوامی مسائل کو ایڈریس کیے بنا واپس لے جایا گیا وہ کسی طور قابل تعریف نہیں ہے۔ وزیراعظم کو بریف کرنے اسمبلی کے باہر موجود سیاسی رہنما گلبر ہی کی حکومت کا حصہ بن کر وزیراعظم کو یہ سمجھانے میں کامیاب ہو گیا ہے کہ جون کے بعد گلبر رجیم کو گھر بھیجا جائے۔
گلبر حکومت چغلی کے بجائے اس خطے کا کوئی مسئلہ حل کراتی تو ہم داد دیتے۔ ایسے سمجھانے والوں کو سمجھنا ہوگا کہ سمجھانے سے کچھ نہیں ہونا جب فیصلہ کرانا ہوگا تو وزیراعظم بھی اس فیصلے کے آگے نہیں ٹھہر سکتا۔ اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ پی ایس ڈی پی سکیموں کو تیز کرنے، اضافی بجٹ رکھوانے، نئی سکیمیں شامل کروانے، بجلی بحران، صحت کے مسائل، انفراسٹرکچرکے ایشوز، مالیاتی بحران اور جدید چیلنجز کے حوالے سے اور گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کو سامنے رکھ کر اس دورہ کو دیکھیں تو یہ دورہ شوشا کے علاوہ کچھ نہیں تھا۔
وحدت نیوز(سرگودھا)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ مدارس دینیہ نے دنیا کو عظیم رہنماء دیئے ہیں۔ جن کا ثانی لانا دنیا کی کسی یونیورسٹی کے بس کی بات نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دارالعلوم محمدیہ سرگودھا میں مدرسے کے اساتذہ کرام اور طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبہ پنجاب کے تنظیمی دورے کے موقع پر دارالعلوم محمدیہ کے پرنسپل اور مجلس علماء امامیہ کے صدر علامہ ملک نصیر حسین نے علامہ مقصود ڈومکی کو دارالعلوم کی تاریخ اور دینی خدمات کے حوالے سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر مجلسِ وحدت مسلمین پنجاب کے صوبائی رہنماء مولانا ظہیر الحسن، ضلعی صدر ذوالفقار علی اسدی، مولانا ملک محمد سبطین، علامہ سید ظفر عباس شمسی، علامہ سہیل اکبر شیرازی و دیگر موجود تھے۔
دارالعلوم محمدیہ میں طلباء سے خطاب کرتے ہوئے مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ مدارس دینیہ اور حوزات علمیہ میں جن عظیم انسانوں نے تربیت پائی وہ عصر حاضر میں روشنی اور ہدایت کا مینار ہیں۔ آج جب ہر طرف ظلمت، تاریکی، ظلم اور بربریت کا دور دورہ ہے ایسے میں علوم قرآن و علوم آل محمد (ص) سے مزین یہ حوزات علمیہ اور مدارس دینیہ علوم آل محمد (ص) کی روشنی پھیلا رہے ہیں اور دنیا کو عدل انصاف اور ظلم کے خلاف قیام کا درس دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عصر حاضر کے عظیم انقلابی رہنماء حضرت امام خمینی کسی یونیورسٹی کے نہیں، بلکہ حوزہ علمیہ کے فارغ التحصیل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مدارس دینیہ کے طلباء کو کبھی احساس کمتری کا شکار نہیں ہونا چاہئے۔ مدارس دینیہ نے دنیا کو شہید علامہ سید عارف حسین الحسینی، آیت اللہ سید باقر الصدر، شہید مرتضیٰ مطہری، شہید سید حسن نصر اللہ، علامہ ابراہیم زکزاکی اور رہبر معظم جیسے عظیم رہنماء دیئے، جن پر عالم انسانیت کو ناز کرنا چاہئے۔ جن کا ثانی لانا دنیا کی کسی یونیورسٹی کے بس کی بات نہیں۔ در ایں اثناء علامہ مقصود علی ڈومکی نے مدرسہ امام صادق علیہ السلام اور گاؤں کی مسجد و امام بارگاہ کا وزٹ کیا۔