The Latest

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی سیکرٹری سیاسیات علی حسین نقوی کا حلقہ این اے 240 کے ضمنی انتخابات کے دوران ہونے والی بے ضابطگیوں اور پر تشدد واقعات پر تشویش کا اظہار۔سید علی حسین نقوی نے کہا ہے کہ این اے 240 میں پر امن الیکشن کرانے میں الیکشن کمیشن ناکام ہوگیا ہے۔ الیکشن کمیشن حلقہ این 240 کے ضمنی انتخاب کے دوران ہونے والی بے ضابطگیوں کا نوٹس لے۔ریاستی ادارے حلقہ این اے 240 میں ہونے والی ہنگامہ آرائی کا فوری نوٹس لیں۔

انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات کے مختلف پولنگ سٹیشنز پر جھگڑےاور فائرنگ ریاستی اداروں کی ناکامی ہے۔انتظامیہ ایک ضمنی انتخابی حلقے کو کنٹرول نہ کر سکی۔ اگلے بلدیاتی انتخابات کے دوران پورے سندھ کے حالات کو پُرامن کیسے رکھے گی۔انتظامیہ اپنی آئینی ذمہ داریوں کا درک کرے۔ریاستی ادارے کسی شخص یا جماعت کے غلام نہیں بلکہ ایک ریاست کے امن و سلامتی کا فریضہ ان پر عائد ہوتا ہے۔امن و امان خراب کرنے والے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے صدر علامہ سید باقر عباس زیدی نے کہا ہے کہ بی جے پی کی مسلمان دشمن پالیسیاں پوری دنیا میں عیاں ہوگئی ہیں، بظاہر سیکولر کہلانے والا ملک درحقیقت اسلامو فوبیا کا شکار ہے، بھارت میں پر تشدد واقعات، اموری زندگی میں ہیڈ اسکارف اور برقعے کے خلاف امتیازی سلوک، عبادت کی آزادی اور مساجد کی بے حرمتی جیسے واقعات کو ایک منظم سازش کے تحت ہوا دی جارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار دعا کمیٹی و ایم ڈبلیو ایم سندھ کی جانب سے محفل شاہ خراسان روڈ پر منعقدہ محفل میلاد بسلسلہ ولادت باسعادت حضرت امام علی رضا علیہ السلام اور دسترخوان امام کے پروگرام سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی رہنما کی جانب سے رسول خداؐ کی ذات کو نشانہ بنانے کے عمل کی شدید الفاظ مذمت کرتے ہیں، اس بیان کے بعد عالم اسلام کے ساتھ پاکستان کے مسلمانوں میں بھی شدید غم وغصہ پایا جاتا ہے۔ انہوں نے شام میں اسرائیل کی جانب سے حالیہ بمباری کی بھی مذمت کی۔

دعا و محفل میلاد میں تلاوت قاری فصیح الحسن شیراز نے انجام دیئے جبکہ نظامت ناصر حسینی اور رضا جعفری نے کی۔ اس موقع پر شہر کے معروف شعراء، منقبت خواں حضرات ناصر آغا، ثاقب رضا ثاقب، نسیم الحسن زیدی، عاصم عباس عاصم، کمال امروہی، سید رئیس حیدر انصر، حسین موسیٰ، نقی لاہوتی، علی رضا جعفری، نایاب حسین، علی جلالوی، ظہیر رضوی، ہارون حسین، عرفان رضوی، شیراز زیدی، زوہیب حسن، شعیب مہدی نے بارگاہ امامت میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ مقرریں نے امام علی رضا علیہ السلام کے زندگی اور حیات طیبہ پر روشنی ڈالی۔ پروگرام کے اختتام پر امام رضاؑ کی ولادت کی خوشی میں دسترخوان منعقد کیا گیا، جس میں سماجی، سیاسی مذہبی شخصیات اور مومنین و مومنات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

وحدت نیوز(حیدرآباد) مجلسِ وحدت مسلمین شعبہ خواتین پاکستان کی مرکزی ڈپٹی نائب صدر محترمہ اُم البنین زیدی نے خصوصی دعوت پر مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین حیدرآباد کے زیر انتظام چلنے والا فلاحی پراجیکٹ بیتِ زہرہ کا دورہ کیا، جہاں بیتِ زہرہ کی مختلف شعبوں سے وابستہ ذمہ دار خواہران کی ٹیم سے بھی ملاقات کی گی۔جسکے بعد فلاحی و رفاہ عامہ پر مشتمل، تدریسی و تنظیمی پروجیکٹ کا تفصیلی وزٹ کرتے ہوئے،  اہداف کے حصول کے سلسلے میں  پیش آنے والی مشکلات اور  ان سے نبھرد آزما ہوتے ہوئے، ملنے  والی کامیابیوں پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔

محترمہ اُم البنین نے  بیتِ زہرا سلام اللہ علیھا کی ٹیم کی انتھک محنت کو  انتہائی قابل ستائش اور قابل تقلید طرزِ عمل قرار دیتے ہوئے مزید نیک  توفیقات میں اضافہ کی دعا کیساتھ اس وزٹ پر دعوت دینے کا شکریہ ادا کیا۔ محترمہ اُم البنین نے اپنے دورہ حیدر آباد کے دوران محترمہ سیمی نقوی مرکزی سیکرٹری روابط ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین سے بھی خصوصی ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور آنے والے بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔

وحدت نیوز(لاہور) صدر مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاہور محترمہ حنا تقوی کی زیر سرپرستی شالیمار ٹاون یونٹ رشید پورہ میں سمر کیمپ کا  آج باقاعدہ آغاز کیا گیا ، سمر کیمپ میں حفظ سورہ بروج ، قرآن شناسی ، فقہی مسائل و احکام اور معرفت امام زمانہ عج جیسے موضوعات پر دروس دیے جائیں گے سمر کیمپ میں بچوں کی عمر کے حساب سے تین گروپس بنام فاطمہ ، زینبیون اور سکینہ تشکیل دیے گئے۔

ابتدا میں محترمہ نجبہ علوی نے بچوں کو سورہ بروج کی فضیلت و اہمیت سے آگاہ کیا اور بمع تجوید و ترجمہ سورہ حفظ کروائی ، جبکہ سکینہ گروپ کے بچوں کو خواہر ابیہا اور خواہر انعم نے اصول دین اور بنیادی احکام پر درس دیا

وحدت نیوز(حیدرآباد) مجلسِ وحدت مسلمین شعبہ خواتین پاکستان کی مرکزی نائب صدر محترمہ ام البنین نے محترمہ معصومہ صدرکراچی اور محترمہ نایاب نائب صدر کراچی ڈویژن کیساتھ حیدرآباد ڈویژن کا خصوصی دورہ کیا جہاں ضلع حیدر آباد کی نئی ڈویژنل صدر کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز دعائے توسل سے ہوا، جسکے بعد محترمہ ام البنین نے تمام شرکاء سے مختصر خطاب کیا اور الٰہی تنظیمی کے  اہداف کی اہمیت و افادیت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر اہداف کی جانب خلوصِ نیت کیساتھ سفر کا آغاز کیا جائے تو  الٰہی مقاصد کے حصول میں  کامیابی کے صورت میں خداوند متعال  بہترین انجام عطا فرماتا ہے۔

اجلاس کے دوران انتخاب کا عمل گزشتہ کابینہ سے ووٹنگ کے ذریعے مکمل کیا گیا، جس میں  محترمہ پروین نقوی بطور صدر ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین حیدرآباد منتخب ہوئیں۔ محترمہ اُم البنین نے ان سے حلف لیا اور مبارکباد پیش کی۔دعائے سلامتی امام زمانہ ع کے ساتھ ملک و ملتِ تشیع کی کامیابی و کامرانی کی دعا کیساتھ انتخاب کا عمل اختتام پذیر ہوا۔

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے صدر علامہ صادق جعفری نے کہا ہے کہ سابقہ حکمرانوں کی طرح موجودہ حکمران بھی صرف اور صرف قوم کو لولی پاپ دے رہے ہیں، امپورٹڈ حکمرانوں کو ملک و قوم کی عزت اور تعمیروترقی سے کوئی دلچسپی نہیں ہے، مہنگائی کے سونامی اور عفریت نے قوم کو نگل لیا ہے، اگر مہنگائی کی موجودہ رفتار برقرار رہی تو خطرہ ہے کہ مہنگائی سے تنگ عوام اجتماعی خودکشیاں کرنے پر مجبور نہ ہوجائیں۔ ان خیالات کا اظہار علامہ صادق جعفری نے کابینہ کے اہم اجلاس میں کیا۔ علامہ صادق جعفری نے کہا کہ آٹے و دیگر اشیاء ضروریہ کی قیمت میں اضافے اور نااہل حکومت کی ناقص پالیسیوں اور کارکردگی کی وجہ سے خودکشیاں کرنے پر مجبور ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روزانہ موجودہ امپورٹڈ حکومت کی نااہلی کا ایک نیا کارنامہ دیکھنے کو ملتا ہے، کبھی پتہ چلتا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے، کبھی بجلی اور گیس کے نرخوں میں اضافہ، کبھی روزمرہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ اور اب آٹے کی قیمت بھی عروج پر پہنچی ہوئی ہے۔

علامہ صادق جعفری نے کہا کہ دودھ، پیٹرولیم مصنوعات و دیگر اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ عوام کا معاشی قتل ہے، موجودہ حکومت نے مہنگائی کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے، موجودہ امپورٹڈ حکومت اپنے دور اقتدار میں عوام کو مہنگائی، بے روزگاری، غربت، کرپشن، لوڈشیڈنگ کے سوا کچھ نہ دے سکی، امپورٹڈ حکومت نے عوام کو کرپشن مافیا، ذخیرہ اندوز اور مہنگائی مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے، مہنگائی کی شرح میں دن بدن اضافہ کا مطلب عوام سے جینے کا حق بھی چھیننا ہے، جمہوریت کی دعویدار حکومت نے اپنے دور اقتدارمیں جمہوریت کے چہرے کو مسخ کر ڈالا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی خون پسینے کی کمائی سے حکمران عیاشی کررہے ہیں، حکومت اگر ملک بچانا چاہتی ہے تو کرپشن کو ختم کرے، موجودہ حالات میں عوام خودکشی کرنے پر مجبور ہوگئی ہے۔

وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماء اور سابق صوبائی وزیر آغا رضا نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہزارہ ٹاؤن کے لوگ بجلی کی لوڈ شیڈنگ، ٹینکر مافیا اور واسا کی ملی بھگت کے نتیجے میں پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے بہت کٹھن اور مشکل حالات میں زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔ اوپر سے الیکشن کمیشن کی جانب سے نئی حلقہ بندیاں عوام کو دست و گریباں کرنے کے مترادف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بروقت بجلی اور پانی کے بلوں کی ادائیگی کے باوجود رات دن مسلسل لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے اور پانی کی فراہمی ہمارے لئے کسی خواب سے کم نہیں رہی ہے۔ آغا رضا نے کہا کہ اگر غلطی سے کبھی بجلی آتی بھی ہے تو وولٹیج کی فلکچویشن کی وجہ سے ہمارے گھروں میں بجلی سے چلنے والے سارے آلات جل کر ناکارہ ہو جاتے ہیں۔ اس کی اصل وجہ یہ ہے کہ اگر بجلی آتی بھی ہے تو ہزارہ ٹاؤن کو کیسکو یا واپڈا کی جانب سے بہت کم وولٹیج میں بجلی فراہم کی جاتی ہے۔

عوام جب بھی واپڈا کے عہدیداران کو بجلی کی عدم دستیابی اور کم وولٹیج کے حوالے سے کال کرکے شکایت کرتی ہے تو جواب میں یہ بتایا جاتا ہے کہ آپ کے علاقہ کا بندہ اس کار خیر میں ملوث ہے۔ اب وہ کون ہے، یہ بات تو ایک طرف، حیران کن بات یہ ہے کہ واپڈاء کے ذمہ دار اپنی ذمہ داری صحیح معنوں میں ادا کرنے سے قاصر اور اس ایک شخص یا گروہ کی سننے پر مجبور کیوں ہیں؟ انہوں نے کہا کہ کیسکو اس عمل کے خلاف نوٹس لے اور ہزارہ ٹاؤن کو ریگولر وولٹیج کے ساتھ بجلی فراہم کرے۔ سابق صوبائی وزیر آغا رضا نے سوال کرتے ہوئے کہا کہ اگر بجلی نہیں ہے تو بل کس مد میں لیا جاتا ہے؟ ہمارا مطالبہ ہے کہ عوام کی عاجزی کا فائدہ نہ آٹھایا جائے۔ اگر عوام کو اس سے زیادہ مجبور کیا گیا تو عوام اپنا قانونی حق لینا جانتی ہے۔ ہر شہری کا یہ بنیادی حق ہے کہ اس کو زندگی کی بنیادی ضروریات اور سہولیات بروقت ملیں۔ ہم اپنے بنیادی حقوق کے لیے آپ کے توسط سے صدائے احتجاج بلند کر رہے ہیں۔ بجلی کے علاوہ بھی ہزارہ ٹاؤن میں لوگوں کو ان کی بنیادی ضروریات سے محرم رکھا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہزارہ ٹاؤن میں پانی کا مسئلہ اپنی جگہ کسی قیامت سے کم نہیں ہے۔ پانی زندگی ہے، لیکن پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے لوگوں کی زندگیاں بد سے بدتر ہوگئی ہیں۔ سرکاری فنڈز سے بننے والے ٹیوب ویل بحال نہیں کئے جا رہے ہیں، جس کی وجہ سے ٹینکر مافیا کی چاندی ہے۔ آئے دن ٹینکر مافیاء پانی کی قیمت میں اضافہ کر رہا ہے۔ حکومت وقت کو چاہیئے کہ اس ناجائز اور بے جا دھندے کا نوٹس لے اور واسا کو پابند کرے کہ ہزارہ ٹاؤن کو بروقت پانی فراہم کرے۔ آغا رضا کا کہنا تھا کہ 3 جون 2022ء کو ہزارہ ٹاؤن کی خواتین کی بڑی تعداد نے اپنے بنیادی حق کے لیے مغربی بائی پاس کو بلاک کرکے احتجاج کیا تھا۔ جس پر اے سی کوئٹہ اور واسا کے آفسران نے لکھ کر یقین دہانی کروائی تھی کہ 13 جون 2022ء تک ہزارہ ٹاؤن میں نصب تمام ٹیوب ویلوں کو فعال کرکے عوام کو وقت پر پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

مگر تاحال یہ ممکن نہیں ہو پایا ہے۔ اگر ہوتا تو واٹر ٹینک کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ نہ ہوتا۔ اس سے یہ پتا چلتا ہے کہ سسٹم سے جڑے بعض افسران، واسا کے افسران ٹینکر مافیا کے ساتھ ملے ہوئے ہیں۔ ایم ڈبلیو ایم کے رہنماء آغا رضا نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ اس ناانضافی اور لوٹ مار کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ ہم حکومت وقت کو متنبہ کرتے ہیں کہ اس کا نوٹس لے اور عوام کو مافیا کے شر سے نجات دلائے اور عوام کو ان کی بنیادی ضروریات بروقت فراہم کرے۔ نئی حلقہ بندیوں کے خلاف ہم پہلے ہی اسلام آباد الیکشن کمیشن میں قانونی چارہ جوئی کیلئے وکلاء اور ماہرین کی باقاعدہ ایک ٹیم سے مشاورت کر رہے ہیں۔ ہمیں یہ عوام دشمن نئی حلقہ بندیاں بالکل منظور نہیں ہیں۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) شہید قائد علامہ سید عارف حسین الحسینی ؒ کی 33ویں برسی کے موقع پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیراہتمام مرکزی برسی اجتماع بعنوان تجدید بیعت باامام زمان عج اسلام آباد میں منعقد ہوگی، چیئرمین ایم ڈبلیوایم علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کہا کہ مرکزی کابینہ کے فیصلے کے مطابق شہیدقائد ؒ کی برسی کی مناسبت سے مرکزی اجتماع 24 جولائی بروز اتوار پریڈ گراؤنڈ اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔

 انہوں نے کہاکہ اس وقت دنیا ظلم و جور اور فساد سے پر ہوچکی ہے، بشریت کو درپیش ان مسائل و مشکلات سےنجات دلانے والی ذات پاک فقط امام زمان عج کی ہی ہے ۔ انشاء اللہ اس سال شہید قائد ؒ کی برسی کے مرکزی اجتماع میں ملک بھر سے لاکھوں عاشقان امام زمانہ عج اسلام آباد کی سرزمین پر اکھٹا ہوں گے اور وہ اپنے محبوب قائد کو خراج تحسین پیش کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے امام عصر عج سے تجدید بیعت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر سے جمع ہونے والے عاشقان امام مہدیؑ اجتماعی طور پر عالمی استغاثہ سلام فرماندہ بحضور امام زمانہ عج پیش کریںگے ۔

وحدت نیوز(سکردو) مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی صدر آغا علی رضوی کی قیادت میںوفد نے وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید سے ملاقات کی۔

اس موقع پرگلگت بلتستان کے مختلف ایشوز بالخصوص وی سی بلتستان یونیورسٹی کی تقرری ، ترقیاتی پروجیکٹس، خالصہ سرکار،پانی و بجلی بحران سمیت دیگر ایشوز پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

وفد میں صوبائی صدر سمیت رکن جی بی کونسل شیخ احمد نوری، رکن اسمبلی شیخ اکبر رجائی، منسٹر ایگریکلچر کاظم میثم، علامہ ڈاکٹر مشتاق حکیمی، کاچو ولایت علی خان، الحاج محمد علی، سلیم یاسر ،عقیل احمد ایڈوکیٹ و آغا مدثر موجود تھے۔

 ملاقات میں وزیر اعلی نے آغا علی رضوی کوایم ڈبلیوایم کا صوبائی صدر منتخب ہونے پہ مبارکبادی دی اور ایم ڈبلیو ایم اورپی ٹی آئی کے اتحاد کو مزید تقویت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔

وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم مقصود علی ڈومکی نے ایک وفد کے ہمراہ بلوچستان کمیونٹی اسکولز ٹیچرز ایسوسی ایشن کے احتجاجی کیمپ پہنچ کر ان سے اظہار یکجہتی کیا۔ اس موقع پر وفد میں ان کے ہمراہ مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی ترجمان مولانا سہیل اکبر شیرازی سیکریٹری تبلیغات مولانا ذولفقار علی سعیدی اور شیعہ علماء کونسل بلوچستان کے رہنما مولاناسید محمد رضا اخلاقی ان کے ہمراہ تھے۔

 اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ استاد معاشرے کا انتہائی قابل احترام طبقہ ہے جس کا احترام پورے معاشرے پر لازم ہے۔ وزیراعلی اور وزیر تعلیم اگر آج کسی منصب پر ہیں تو اس میں ان کے استاد کا احسان ہے۔ افسوس کی بات ہے کہ آج بلوچستان کے سینکڑوں اساتذہ حکمرانوں کی بے حسی کے سبب کئی دنوں سے روڈوں پر در بدر نظر آ رہے ہیں۔ پندرہ سال سے  بچوں کو پڑھانے والے تجربہ کار اساتذہ کو مستقل کیا جائے۔ کمیونٹی اساتذہ کو پریشان کرنے کی بجائے انہیں فی الفور ملازمت دی جائے۔ کیونکہ اوور ایج ہونے کے سبب وہ کہیں اورملازمت بھی نہیں کر سکتے۔ بلوچستان جیسے وسیع و عریض صوبے میں 950 اساتذہ کی تعیناتی کوئی مشکل مسئلہ نہیں ہے اگر حکمرانوں میں نیک نیتی اور عوام سے ہمدردی موجود ہو تو عوامی مسائل بہ آسانی حل ہو سکتے ہیں۔

 انہوں نے بلوچستان کے اراکین اسمبلی اور صوبائی اسمبلی میں سیاسی و مذہبی جماعتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ کمیونٹی اساتذہ کے جائز حقوق کے لئے آواز اٹھائیں۔اس موقع پر کمیونٹی اساتذہ ایسوسی ایشن بلوچستان کے صدر رفیع اللہ اور جنرل سیکرٹری ظہور مگسی نے بتایا کہ 950 اساتذہ کئی روز سے اپنے حقوق کے لئے احتجاج کر رہے ہیں مگر کوئی شنوائی نہیں ہو رہی ہے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree