The Latest
وحدت نیوز(کھرمنگ) انٹرکالج کھرمنگ میں یوم دفاع کی تقریب، پارلیمانی سکریٹری و ضلعی صدر مجلس وحدت مسلمین شیخ اکبر علی رجائی نے شہداء اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معزز رکن اسمبلی نے انٹر کالج کھرمنگ کے طلبہ کی بورڈ ایگزامز میں بہترین کارکردگی پر کالج کے پرنسپل پروفیسر عسکری صاحب اور اساتزہ کرام کو داد و تحسین کا مستحق قرار دیا۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ علاقے کے طلبہ کے روشن مستقبل کیلئے کامیابی کے اس سلسلے کو جاری رکھنے میں تمام اساتذہ اور ایڈمنسٹریٹو اسٹاف سمیت، خود طلبہ ، انکے والدین اور علاقے کے تمام اسٹیک ہولڈرز کو توجہ اور محنت کی ضرورت ہے جس میں بطور رکن اسمبلی اور ذمہ دار فرد ِمعاشرہ انکی خدمات حاضر رہیں گی۔ اس موقع پر پرنسپل کالج کیطرف سے کالج بلڈنگ کی مختلف تعمیراتی ضروریات سے آگاہ کیا گیا جس کیلئے پارلیمانی سکریٹری کی جانب سے فوری طور پر کام محکمہ ایل جی اینڈ آر ڈی کے ذریعے شروع کروانے کا اعلان کیا گیا۔
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے فلاحی شعبہ المجلس ویلفیئر آرگنائزیشن کی جانب سے مسلسل بارش و سیلاب متاثرین کی امداد کا سلسلہ جاری ہے۔ مختلف مقامات پر سیلاب میں پھنسے ہوئے لوگوں کو پانی سے نکالا جا رہا ہے، سندھ کے دور دراز علاقوں میں راشن کی تقسیم کا عمل بھی جاری ہے اور متاثرین کے لئے مختلف مقامات پر مفت میڈیکل کیمپس کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے۔
المجلس ویلفیئر آرگنائزیشن ضلع ملیر کی جانب سےناد علیؑ اسکوائر جعفرطیار ملیر پر تین روزہ مرکزی امدادی کیمپ لگایا گیا جہاں مخیر خواتین و حضرات کے تعاون سے جمع کردہ کئی لاکھ روپے مالیت کا امدادی سامان کپڑے، خشک اجناس، منرل واٹر، بسکٹ، برتن، خیمہ و دیگر اشیائے ضروریہ ضلع جامشورو کے گاؤں بیگوخان میر جت، علی آباد، انٹرپور، منجھند ،منظور آباد امداد حسین گوٹھ،ضلع دادو کی مختلف تحصیلوں جھانگارہ، لکی صدر، سہیون، حیدر گوٹھ، آمری قاضی احمد روڈ پر موجود سیلاب متاثرین میں تقسیم کی گئیں۔
وحدت نیوز(ڈیرہ اسماعیل خان)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری سید ناصر عباس شیرازی نے سیلاب متاثرہ ڈیرہ اسماعیل خان کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، انہوں نے تحصیل پہاڑ پور کے گاؤں بستی سیدان میں متاثرہ جامعہ مسجد میں نمازیوں سے خطاب کیا۔ انہوں نے ایم ڈبلیو ایم کے ضلعی صدر مولانا غضنفر نقوی سمیت عمائدین سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ اس موقع پر مرکزی سیکرٹری تعلیم عارف علی جانی، ضلعی عیدیداران سید تہور زیدی، ارتضیٰ، مولانا اظہر ندیم، سید ظہیر نقوی اور سید سبط حسن بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ناصر عباس شیرازی ایم ڈبلیو ایم ضلع اسلام آباد کے صدر اسد اور نوجوانوں کی بڑی تعداد کے ہمراہ امدادی سامان کی 6 گاڑیاں لیکر ڈیرہ اسماعیل خان آئے، جو سامان متاثرین میں تقسیم کیا گیا۔
اس کے علاوہ ناصر شیرازی نے بستی فتح میں بھی متاثرہ گھروں کا دورہ کیا، علاقہ عمائدین سے خطاب کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ دکھ اور مشکل کی اس گھڑی مین اپنے عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے حکم پر تعمیر نو کے مرحلے میں بھی جائیں گے لیکن اولین ترجیح فوری ریلیف کی فراہمی ہے۔ اس کے علاوہ ناصر شیرازی نے چاہ سید منور شاہ ڈیرہ اسماعیل میں مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام کنٹرول سنٹر کا بھی وزٹ کیا۔ سیلاب سے متاثرہ گاؤں حاجی مورہ کے دورہ کے دوران انہوں نے مقامی مرکز برائے تقسیم امداد زیر اہتمام مجلس وحدت مسلمین کا معائنہ کیا۔ ناصر عباس شیرازی نے بہترین ریکارڈ مرتب کرنے اور منظم و بلاتفریق متاثرین کی مدد کرنے پر مقامی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔
وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے صدر علامہ باقر زیدی نے المجلس میڈیکل ایڈ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت سیلاب زدگان کیلئے ہنگامی بنیادوں پر خوراک اور رہائش کی اشد ضرورت ہے، جسے منظم انداز میں پورا کرنا وفاقی و صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔اس موقع پرڈاکٹر فرحت عباس، ڈاکٹر صابر،ڈاکٹر سید مدثر،ڈاکٹر عباس،سمیت دیگر زمہ داران موجود تھے۔
علامہ باقر زیدی نے اس بات پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ کچھ ہی دنوں میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں عوام کے لیے جو مسئلہ سب سے زیادہ پریشانی کا باعث بن سکتا ہے وہ وبائی امراض کا پھوٹنا ہے جو کہ سندھ اور بلوچستان کے علاقوں میں شروع ہو چکا ہے، جس کی وجہ سے اب روزانہ دو سے چار اموات ہیضہ، ملیریا، ڈینگی بخار اور سانپ و بچھو کے کاٹے سے ہونا شروع ہو گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وبائی امراض کے تدارک کے لیے حکومت کو چاہیے کہ بروقت اقدامات کرے تاکہ انسانی جانوں کے زیاں سے بچا جا سکے۔ متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپس اور موبائل میڈیکل ٹیموں کا پہنچنا عوامی خدمت اور وبائی امراض سے تحفظ کا باعث بنے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اور قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے سیلاب زدگان کے لئے ملنے والی بیرونی امداد کی تقسیم کے دائرہ کار کو زیادہ سے زیادہ پھیلائیں اور اعداد و شمار کو بھی روزانہ کی بنیاد پر جاری کریں، جس سے شفافیت کے ساتھ ساتھ عوامی اعتماد میں بھی اضافہ ہو گا۔
وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات اور وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی سید اسد عباس نقوی نے کہا ہے کہ سیلاب زدگان کی امداد وبحالی ہمارا قومی و دینی فریضہ ہے، ملک سیلاب کی زد میں ہے عوام فلاحی سرگرمیوں میں دل کھول کرمدد کریں۔ انہوں نے کہا کہ وحدت یوتھ کے رضا کار سیلاب متاثرین کے دکھوں کا مداوا کرنے کیلئے ہمہ وقت مصروف عمل ہیں۔
رواں ہفتے امدادی سامان کی بڑی کھیپ جنوبی پنجاب روانہ کی جائے گی۔ دوسرے مرحلے میں بلوچستان اورسندھ میں امدادی سامان بھیجا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہورمیں سیلاب متاترین کیلئے فنڈر یزنگ کرنیوالے وحدت یوتھ کے رضاکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اسد نقوی نے مزید کہا کہ حالیہ غیر معمولی بارشوں کے نتیجہ میں آنیوالے سیلاب نے بڑی تعداد میں جانی و مالی نقصان کے علاوہ سڑکوں اور سرکاری عمارتوں کو بھی بھاری نقصان پہنچایا ہے جن کے ازالہ کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہو گا۔ بے آسرا و مصیبت زدہ سیلاب متاثرین کی دل کھول کر امداد کریں، پاکستانی قوم ہمیشہ سے ایسے حالات و واقعات میں بڑھ چڑھ کر اپنا کردار ادا کرتی ہے، اس وقت ہم سب کوایک بڑے انسانی المیے اور اموات سے بچنے کے لیے اپنی کوششیں تیز تر کرنا ہوں گی۔
وحدت نیوز(جیکب آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ قوم پاک وطن کے ان بہادر سپاہیوں کو سلام عقیدت پیش کرتی ہے جنہوں نے وطن عزیز پاکستان کی عزت و سربلندی اور وقار و آزادی کے لئے اپنے لہو کا نذرانہ پیش کیا۔ پاک فوج کے جوانوں نے جذبہ حب الوطنی اور شوق شہادت میں اپنے سے بڑے دشمن کا شجاعت و بہادری سے مقابلہ کیا اور ہر مشکل وقت میں ملک و قوم کی حفاظت کی۔ پوری قوم اپنی بہادر افواج پر فخر کرتی ہے اور اپنی بہادر افواج کی پشت پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئین و دستور کسی بھی ملک و قوم کے اتحاد اور ترقی کا ضامن ہے۔ پاکستان اسلامی جمہوریہ ہے۔ جس کا دستور قرآن و سنت کی روشنی میں اسلامی قوانین کے مطابق نظام مملکت چلانے کا پابند کرتا ہے۔ جبکہ دستور کے مطابق حق حاکمیت عوام کے منتخب صالح نمائندوں کو حاصل ہے۔ ایک جمہوری ملک میں فوجی آمریت کا کوئی جواز نہیں۔ آئین پاکستان نے فوج کے لئے جو ذمہ داریاں مقرر کی ہیں انہی حدود میں رہنے والی فوج ہی عوام کی محبت کا مرکز ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے ان عظیم شہداء کو ہم سلام عقیدت پیش کرتے ہیں جنہیں حیدر کرار مولا علی مرتضیٰ علیہ السلام کی شجاعت اور شہادت کی پیروی کے باعث نشان حیدر سے نوازا گیا۔ پاکستانی قوم اپنے شہداء کے پاکیزہ خون کو ضائع ہونے نہیں دے گی۔ اور قرآن و سنت کی روشنی میں ایک ایسی اسلامی جمہوریہ کا خواب شرمندہ تعبیر کرے گی جس کا خواب بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح رحمتہ اللہ علیہ مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح اور حکیم الامت حضرت علامہ محمد اقبال رحمۃ اللہ علیہ نے دیکھا تھا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) یوم دفاع پاکستان شہداء کے پاکیزہ لہو اور ارض پاک سے عہد و پیماں کا دن ہے،یہ ہماری استقامت و قومی ایثار کی سنہری تاریخ ہے آج وطن عزیز کوماضی کی طرح سے پھر قومی استقامت اور و ایثار کی ضرورت ہے آ ج ہمارے ہم وطن ہمیں پکاررہے ہیں وہ ہمیں مدد کے لئے بلا رہے ہیں ہم سب کی ترجیح صرف اور صرف سیلاب متاثرین کی مشکلات کو حل کرنے پر مرکوز ہونی چاہیں ۔ان خیالات کا اظہار چیئرمین مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے یوم دفاع پاکستان کے موقع سنٹرل سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں کیا۔
انہوں نے کہا ستمبر کے دن پاک افواج کے بہادر سپوتوں نے ہندوستان کے ناقابل تسخیر ہونے کے دعوے کو خاک میں ملا دیا، اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے دشمن کے ناپاک عزائم کوخاک میں ملانے والے فوجی جوانوں کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں آج وطن عزیزکوماضی کی طرح سے پھر قومی استقامت اور و ایثار کی ضرورت ہے آ ج ہمارے ہم وطن ہمیں پکاررہے ہیں وہ ہمیں مدد کے لئے بلا رہے ہیں ۔سیلاب کی اس بڑی آفت میں اب تک سرکاری سطح پر ریلیف کے موثر اقدامات نظر نہیں آرہے جو کہ افسوس ناک ہے ۔
انہوں نے مذید کہا کہ جہاں بھی کوئی بھی ادارہ جو امدادی کاموں کے لئے کوششیں کر رہا ہے ہم سب کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور قوم سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ وہ مشکل کی اس گھڑی میں اپنے مصیبت زدہ بہن بھائیوں کی بھر پور مدد جاری رکھیں تاکہ سیلاب زدگان کی جلد از جلد بحالی ممکن ہو سکے ۔ اس وقت مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے اپنے فلاحی ادرے المجلس ویلفئیر آگنائزیشن کے تحت ملک بھر میں امداری کیمپ قائم کر رکھے ہیں جس کے تحت سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی کاروائیاں جاری ہیں ۔ہم اپنے پریشان حال سیلاب زدہ پاکستانی بہن بھائیوں کو ہرگز تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے وائس چیئرمین علامہ احمد اقبال رضوی نے میڈیا سیل سے جاری بیان میں کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں عوامی مسائل کے حل کے لیے ہمارا ملک گیر امدادی آپریشن جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہمارے صوبائی صدور اپنی کابینہ اور انتھک کارکنان کے ساتھ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں شب و روز مصروف عمل ہیں۔
المجلس ویلفیئر آرگنائزیشن کے تحت جاری امدادی آپریشن میں راشن ،صاف پانی اور خصوصا وبائی امراض سے بچاؤ کیلئے ادویات کی فراہم سیمت خیمہ بستیوں کا قیام ہماری ترجحات میں شامل ہے ۔ سیلاب زدہ متاثرین کے لئے بڑے پیمانے پر تیار گھروں کی فراہمی کے حوالے سے کوششیں جاری ہیں جوکہ سیلاب کے پانی کے اترتے ہی مختلف علاقوں میں شروع کیے جائیں گے ۔
انہوں نے مذید کہا کہ اس وقت جنوبی پنجاب کے ڈیرہ غازی خان ڈویژن اور اضلاع میں صوبائی صدر علامہ اقتدار نقوی اندرون سندھ میں صوبائی صدر علامہ سید باقر زیدی اور صوبہ بلوچستان میں مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی کی زیر نگرانی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، گلگت بلتستان میں امدادی سرگرمیوں کو صوبائی صدر آغا علی رضوی اور مشیر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان الیاس صدیقی اور صوبہ خیبرپختونخوا کے مختلف متاثرہ علاقوں میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں راشن تقسیم کرنے کا کام صوبائی صدر علامہ جہانزیب جعفری انجام دے رہے ہیں۔
وحدت نیوز(ڈی جی خان)مجلس وحدت مسلمین ملتان کے وفد کی ضلعی صدر علامہ وسیم عباس معصومی کی قیادت میں ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد انور بریار سے ملاقات، ملاقات میں ایم ڈبلیو ایم ملتان کے نائب صدر مولانا ہادی حسین، ممبر ڈویژنل امن کمیٹی و رہنما ایم ڈبلیو ایم انجینئر سخاوت علی سیال، محمد رضا مومن، غلام رضا عابد، عاصم زیدی اور دیگر موجود تھے۔ ملاقات کے دوران موجودہ سیلابی صورتحال اور اس کے بعد متاثرین سیلاب کی بحالی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان نے کہا کہ حالیہ سیلاب گزشتہ برسوں کی نسبت زیادہ نقصان دہ تھا جس نے بستیوں کی بستیاں اجاڑ دی ہیں، پنجاب حکومت ان متاثرین کے لیے ہر ممکن مدد کر رہی ہے۔ علامہ وسیم عباس معصومی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین متاثرین سیلاب کے ساتھ ہے اور ہر ممکن تعاون کر رہی ہے۔ ضلع ڈیرہ غازی خان کے مختلف علاقوں میں ہماری ٹیمیں کام کر رہی ہیں اور ریلیف کے بعد اب انہیں گھروں میں واپسی کا مرحلہ ہے، عارضی اور مستقل رہائش گاہوں کی تعمیر جلد شروع کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان نے مجلس وحدت مسلمین کے وفد کو خوش آمدید کہا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ملاقات کا اہتمام ممبر ڈویژنل امن کمیٹی انجینئر سخاوت علی سیال کی جانب سے کیا گیا تھا۔
وحدت نیوز(ملتان)مجلس وحدت مسلمین ملتان کے ضلعی صدر علامہ وسیم عباس معصومی، ضلعی رہنما و ممبر ڈویژنل امن کمیٹی انجینئر سخاوت علی سیال نے کہا ہے کہ یوم دفاع پر اس ملک کی خاطر قربانی دینے والے غازیوں اور شہداء کی یاد کو زندہ رکھتے ہیں، ملک کی خاطر قربانی دینے والے ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں، پوری قوم شہداء کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ یہ ملک کلمہ طیبہ کی بنیاد پر قائم ہوا تھا، پاک فوج، پولیس اور سیکیورٹی فورسز ملک کی سرحدوں کی محافظ ہیں، 6 ستمبر ہمیں ان شہداء کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے اس مادر وطن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔