وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین ضلع ملیر کے صدرسید احسن عباس رضوی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایران اور حماس کے ہاتھوں بدترین اور ذلت آمیز شکست سے امریکہ اور اسرائیل کے تمام منصوبے خاک میں مل گئے ہیں، شہدائے راہ قدس نے عظیم قربانیوں کے نتیجے میں انقلاب ومقاومت اسلامی کو نئی جلا بخشی ہے، سوراخ شدہ امریکی اور اسرائیلی کشی سمندر برد ہونے کے قریب ہے ، چند ناعاقبت اندیش سیاستدان، بیوروکریٹ اور صحافی اس ڈوبتی کشتی میں سواری کے خواہش مند ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ غزہ میں ڈیڑھ برس کے دوران ساٹھ ہزار سے زائد معصوم بچے ،بزرگ ، خواتین اور مرد بے دردی سے قتل کیئے گئے پورے عالم بشریت کا ضمیر اس انسانیت سوز ظلم پر بیدار ہوگیا لیکن افسوس انگشت شمار ضمیر فروش صحافی، سیاستدان، حکمران اور جرنیل اب بھی ان مظلوم مسلمانوں کےخون کا سودا کرنےمیں مصروف ہیں۔ مسلسل ذرخرید میڈیا چینلز پر اسرائیل کو تسلیم کرنے کیلئے رائے عامہ کو ہموار کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، جھوٹی اور من گھڑت تاویلیں پیش کی جارہی ہیں۔
ان کا مزیدکہنا تھا کہ حالیہ پاک بھارت جنگ میں پاک افواج کے ہاتھوں بھارت کی ذلت آمیز شکست اور ایران کے ہاتھوں امریکہ اور اسرائیل کی تباہ کن شکست کے بعد پوری مسلم امہ اور تمام مذاہب کے بیدارعوام عالمی استعمار کے مقابل متحد اور متفق ہیں،اس جنگ کے بعد فرقہ واریت کا جن بھی بوتل میں بند ہوچکا ہے، لیکن شیطانی قوتیں ایک بار پھر وطن عزیز میں آگ اور خون کی تماشہ لگانا چاہتی ہیں۔
احسن عباس نےآخر میں کہا ہےکہ پاکستان کے 25 کروڑ عوام کی غالب اکثریت اسرائیل کو فرعون، نمرود،شدادویزید کے بعد سے زیادہ قابل نفرت سمجھتے ہیں، اگر کسی حکمران نے غلطی سے بھی اسرائیل کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کا سوچا یا ڈونلڈ ٹرمپ ابراھیم اکارڈ منصونے کا حصہ بننے کی کوشش کی تو یہ غیرت مند قوم بلاتفریق رنگ و نسل مذہب ومسلک ان مذموم عزائم کے مقابل آہنی دیوار بن کرکھڑی ہوجائے گی اور پھر امریکہ اور اسرائیل کےغلام حکمرانوں کو کوئی جائے پناہ نہیں ملے گی۔