The Latest
وحدت نیوز(بھکر)بھکر کے حلقہ پی پی- 48 میں ضمنی انتخابات کے سلسلے میں پولنگ آج 29 نومبر کو ہو رہی ہے۔ صوبائی اسمبلی کی یہ نشست مسلم لیگ نواز کے ممبر صوبائی اسمبلی، نجیب اللہ خان نیازی کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔ حلقہ میں رجسٹرڈ ووٹرز کی کل تعداد 153698 ہے، جن کے لیے 144 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔ PP-48 کی نشست پر کل سات امیدوار ایک دوسرے کے مدمقابل ہیں مگر پی ٹی آئی کے نذر عباس کہاوڑ، اور مسلم لیگ نواز سے تعلق رکھنے والے دو آزاد امیدوار انعام اللہ خان نیازی اور احمد نواز نوانی کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔ واضح رہے کہ نذر عباس کہاوڑ کو ایم ڈبلیو ایم، سنی اتحاد کونسل، مسلم لیگ (ق)، اور پاکستان عوامی تحریک کی بھی حمایت حاصل ہے۔ مذہبی اور دیگر سیاسی جماعتوں کی حمایت کی وجہ سے تجزیہ نگار نذر عباس کی کامیابی کی پیشگوئی کررہے ہیں۔ ڈسٹرکٹ ریٹرنگ آفیسر مہر عابد حسین کے مطابق پولنگ عملہ میں سامان تقسیم کرکے انہیں پولنگ اسٹیشن پر پہنچا دیا گیا ہے۔ ڈی سی او زمان وٹو کے مطابق پولنگ کے دوران سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں اور انتخابی حلقے تعطیل ہوگی۔
وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان جنوبی پنجاب کے اضلاع ملتان، خانیوال، وہاڑی، بہاولنگر، بہاولپور اور مظفرگڑھ کا مشترکہ اجلاس ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پنجاب علامہ اقتدارنقوی کی زیرصدارت وحدت ہاؤس ملتان میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ملتان، خانیوال، وہاڑی، بہاولنگر، بہاولپور اور مظفرگڑھ کے ضلعی سیکرٹری جنرلز اور ضلعی کابینہ کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں خانیوال میں عزادروں پر بنائے گئے بے بنیاد مقدمات اور خانیوال امن کمیٹی کے رہنما مبشرعباس بھٹہ کے خلاف کاروائی کی شدید مذمت کی گئی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار نقوی کا کہنا تھا کہ ڈی پی او خانیوال رانا ایاز سلیم عزادروں کے خلاف عبدالحکیم، موہری پور، باگڑ سرگانہ اور سرائے سدھو میں بے بنیاد مقدمات درج کرکے بے گناہوں کو امام حسین علیہ السلام کا غم منانے کے جُرم میں گرفتار کرارہا ہے،جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں ۔
اُنہوں نے آئی جی پنجاب، ہوم سیکرٹری، اور آر پی اوملتان سے مطالبہ کیا کہ ڈی پی او کے خلاف کاروائی کی جائے جس کی وجہ سے نہ صرف خانیوال بلکہ پورے جنوبی پنجاب میں ملت جعفریہ میں تشویش پائی جارہی ہے، علامہ اقتدار نقوی کا مزید کہنا تھا کہ عزاداروں کے خلاف بنائے گئے جھوٹے مقدمات کو فوری خارج نہ کیا گیا اور چہلم کے جلوسوں میں کسی قسم کی کوئی رُکاوٹ ڈالی گئی تو پورا جنوبی پنجاب ڈی پی او آفس خانیوال کے باہر دھرنا دے گا۔ مجلس وحدت مسلمین خانیوال کے سیکرٹری جنرل مہرانصرسرگانہ کا کہنا تھا کہ کبیروالا کے رہنما مبشر بھٹہ کے خلاف قائم کیے گئے جھوٹے مقدمات فوری ختم کیے جائیں ، مبشر بھٹہ ایک پُرامن اور محب وطن شہری اور ملت جعفریہ کا رہنما ہے پوری قوم مبشر بھٹہ کے ساتھ کھڑی ہے۔ اجلاس میں قائمقام سیکرٹری جنرل ملتان محمد عباس صدیقی، سیکرٹری جنرل بہاولپور رضا نقوی، بہاولنگر اعجاز بخاری، مہر سخاوت اور مختار حسین سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں متفقہ طور پر عزاداروں اور عزاداری کے خلاف کی جانے والی سازشوں کے خلاف قرداد مذمت منظور کی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ اگر آئی جی پنجاب اور ہوم سیکرٹری نے ڈی پی او خانیوال کے خلاف کاروائی نہ کی گئی تو چہلم کے جلوسوں میں دھرنے دیے جائیں گے۔
وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبائی سیکریٹریٹ سندھ وحدت ہاؤس سولجر بازار میں مجلس ترحیم بیاد شہید علامہ دیدار علی جلبانی، شہید علامہ آفتاب حیدر جعفری شہید علامہ نواز عرفانی شہید حیدرعباس اور شہید سرفراز بنگش کا انعقاد کیا گیا، مجلس عزاء سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سید عروج حسین زیدی نے کہا کہ شہادت سے بڑھ کر کوئی اور سعادت نہیں ہے،ہر نیکی کے اوپر ایک نیکی ہے شہادت سے بڑھ کر کوئی اور نیکی نہیں ہے، آج ہم اپنے آپکو شیعان علیؑ کہتے ہیں لیکن اسلام دشمن طاقتوں و ظالموں کے خلاف آواز حق بلند کرنے سے ڈرتے ہیں کہ ہمیں قتل نہ کیا جائے، شہادت ہماری میراث ہے جو ہماری ماؤں نے ہمیں دودھ میں پلایا ہے، آج ملت جعفریہ کے اکابرین و عوام کو چاہیے کہ وہ متحد ہو کر وحدت کے راستے پہ چلتے ہوئے تکفریت اورداعش کے خلاف جدوجہد کریں اور پاکستان سے ظالموں و دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ایک انچ پیچھے نہ ہٹیں، ملت جعفریہ کا استحصال کرنے والوں کو اپنے فکری شعور و وحدت کے ساتھ نشان عبرت بنا دیں، آج وحدت کا پیغام لوگوں کے گھر گھر و قریہ قریہ پہنچ گیا ہے، انہوں نے مزید کہا کے ملت جعفریہ سے ہمیشہ دہشتگردی کے خلاف علم جہاد بلند کیا اور اس راہ میں ہماری قیادت شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی ،علامہ شہید دیدار علی جلبانی،شہیدعلامہ آغا ضیاءدین رضوی، شہید علامہ نوازعرفانی، شہید ڈاکڑ محمد علی نقوی و دیگر شہدائے ملت جعفریہ نے تکفیری و سمراجی آلہ کار دہشتگردوں کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر اٹھ کھڑے ہوکر جام شہادت نوش کیا، ایک قراداد کے ذریعے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف سے مظالبہ کیا کہ کراچی،لاہور، پیشاور، کوئٹہ اور دیگر شہروں میں بھی تکفیری و کالعدم تنظیموں کے دہشتگردوں کے ٹھکانوں واسلام دشمن ملاؤں کے خلاف بھی فی الفور فوجی آپریشن کر کے ملت جعفریہ کے قتل عام میں ملوث دہشتگردوں کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزاء دیجائے۔
وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات مظاہر شگری کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے 30 نومبر کے جلسے کی باضابطہ دعوت مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر عباس شیرازی کو ملی ہے تاہم مجلس وحدت مسلمین اپنے اتحادی جماعتوں پاکستان عوامی تحریک ،سنی اتحاد کونسل کیساتھ مشاورت کے بعد آج اپنے فیصلے کا باضابطہ اعلان کریگی اسی حوالے سے اتحادی جماعتوں کا آج(29/11/2014)کو مجلس وحدت مسلمین کی درخواست پر اجلاس طلب کرلیا گیا ہے۔
وحدت نیوز (پشاور) مجلس وحدت مسلمین اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پشاور کے زیر اہتمام اسلام آباد میں پارا چنار کے معروف عالم دین علامہ شیخ نوازعرفانی کی مظلومانہ شہادت کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، اس موقع پر مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے، جن پر دہشتگردی اور حکومت کیخلاف نعرے درج تھے، مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے آئی ایس او پشاور ڈویژن کے صدر توحید علوی اور مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی رہنماء ارشاد حسین بنگش نے کہا کہ علامہ شیخ نوازعرفانی کا اسلام آباد جیسے اہم شہر میں قتل اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ ملک بھر میں نواز شریف کی نہیں بلکہ دہشتگردوں کی حکمرانی ہے، اسلام اور پاکستان کے دشمن یہ دہشتگرد جب چاہیں، جہاں چاہیں کسی کو بھی نشانہ بناسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پارا چنار کی اہم شخصیت اور معروف عالم دین علامہ شیخ نواز عرفانی کی جان کو شدید خطرات لاحق تھے، اور دہشتگردوں کی جانب سے دھمکیاں بھی دی گئی تھیں، تاہم حکومت کی جانب سے ان کی سکیورٹی کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے۔
انہوں نے کہا کہ نواز حکومت بیرونی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، اور عوام کو تحفظ دینے کی بجائے مسلسل دہشتگردوں کو ریلیف دینے میں مصروف ہے، اب نواز شریف کو اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں، انہوں نے مزید کہا کہ اگر ٹارگٹ کلنگ اور شیعہ نسل کشی کا یہ سلسلہ نہ رکا تو ہم یہ سمجھنے پر مجبور ہوجائیں گے کہ دہشتگردوں کیخلاف کارروائی محض دکھاوا ہے، کالعدم تنظیمیں اس طریقہ سے آزادنہ اپنی مزموم سرگرمیوں میں مصروف ہیں، جس سے یہ تاثر ملتا ہے کہ ملک میں دہشتگرد نواز حکومت قائم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے صبر کا مزید امتحان نہ لیا جائے، ہم مزید نعشیں اٹھانے کے متحمل نہیں ہوسکتے، ہم حکومت کو متنبہ کرنا چاہتے ہیں کہ اگر قتل و غارت گری کا سلسلہ نہ رکا تو ہم اپنے نوجوانوں کو کنٹرول نہیں کر پائیں گے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے فلاحی شعبہ خیرالعمل فاﺅنڈیشن کی طرف سے جھنگ اور سرگودھا میں سیلاب سے متاثرہ 31 خاندانوںمیں مکانات کی تعمیر کے لیئے چیک تقسیم کر دیئے گئے ،خیر العمل فاﺅنڈیشن کے ہیڈآفس سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ روزمتاثرہ خاندانوں میں مکانات کی تعمیر کے لیئے چیک تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی جس میں خیرالعمل فاﺅنڈیشن کے دائریکٹر ایڈمن تہور عباس ، مجلس وحدت مسلمین شعبہ سیاسیات کے نمائندہ آصف رضا،خیرالعمل فاﺅنڈیشن پنجاب کے نمائندہ تقی رضا نے متاثرہ خاندانوں میں چیک تقسیم کیے اس موقع پر خیرالعمل فاﺅنڈیشن کے ڈائریکٹر ایڈمن تہور عباس نے خیرالعمل فاﺅنڈیشن کے فلاحی کاموں کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ خیرالعمل فاﺅنڈیشن اسوقت ملک بھر میں مختلف اضلاع میں فلاحی منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیرالعمل فاﺅنڈیشن شروع دن سے ہی سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے اور انشاءاللہ آخری فرد کی بحالی تک اپنا کردار ادا کرتی رہے گی سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے آج کی یہ تقریب بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ شعبہ خواتین کی جنرل سیکریٹری خانم زہراءنجفی حالیہ دنوں میں ہونے والی ٹارگٹ کلنگ کے حوالے سے اپنے مذمتی بیان میں کہاکہ نواز حکومت نے ظلم کی ہرحدعبورکرچکی ہے ۔عوام کا قاتلِ عام ہورہا ہے مگر یہ ظا لم حکمراناندھے، گونگے بہرے ہو گئے ہیں جن کو دہشت گردی دیکھائی نہیں دے رہی ہیں یا یہ خود اس طرف توجہ نہیں دے رہے۔ ہر روز پورے ملک میں بلخصوص کراچی،پراچنار،کوئٹہ میں ملت تشیع سے تعلق رکھنے والوں کو بے دردی سے شہید کیا جا رہا ہے مگر حکومت مذمت تو دوراب تو اس قدر بے حسی کا مظاہرہ کر رہی ہے کے اگر ہم اپنے اوپر ہونے والے ظلم کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرتے ہیں تو یہ ہمارے ہی خلاف جھوٹی ایف۔ آئی۔آر کاٹ دیتے ہیں۔حالیہ دنوں میں ھنگورجہ سندھ میں علامہ شفقت عباس جن کو دہشت گردوں نے شہید کردیا مگر سندھ حکومت کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف کوئی کاروائی عمل میں نہیں لائی گئی بلکہ اس کے بر عکس سندھ حکومت مسلسل کالعدم جماعتوں کوسندھ کی سرزمین پر تحفظ فراہم کررہی ہے جس کی تازہ مثال علامہ شفقت عباس مطہری کے قاتلوں کی نامزدگی کے بادجود عدم گرفتاری ہے اور جب اس پر ہم نے احتجاج کیا تو ہمارے ہی خلاف ایف۔آئی۔آر کاٹ لی گئی ۔
انہوں نے مذید کہاکہ یہ سلسلہ صرف سندھ تک ہی محدود نہیں بلکہ اگر ہم کوئٹہ میں دیکھے تو وہاں ہر روز ہمارے مومنین کو بے دردی سے شہید کیا جارہا ہے حکومت کی خاموشی اور دہشت گردی کو روکنے کے حوالے سے غیر سنجیدہ طریقہ کار کی وجہ سے دہشت گردی میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے یہ ظالم اب معصوم بچوں کو بھی اپنے ظلم کا نشانہ بناں رہے ہیں سحربتول جس معصوم بچی کو بے دردی سے شہید کیا گیا مگر افسوس کے دہشت گردوں کے خلاف سخت کاروائی نہیں کی گئی۔افسوس کے ہر طرف ہمارے خون سے سرزمین پاک وطن سرخ ہے اسلام آباد جہاں آج کل تمام سیکورٹی ادارے ،ایجنسیاں ،ادارے سب الر ٹ ہیں پولیس فورسز کی بھی بڑی تعداد موجود رہتی ہے اس کے باوجود دہشت گرد بہت آرام سے آتے ہیں اور پارچنارسے تعلق رکھنے والے پارا چنار کی مرکزی جامع مسجد کے خطیب علامہ شیخ نواز عرفانی کو دہشت گردی کا نشانہ بناکر چلے جاتے ہیں۔شہید خطیب علامہ شیخ نوازعرفانی جن کا شمارعلماءحق میں سے تھا، جو بے حد مخلص،شجاع،اور فرض شناس اور ہمیشہ ملت کی خاطر میداں میں سب سے آگے رہنے والے تھے انکی مظلومانہ شہادت اس بات کا ثبوت ہے کہ اب سیکورٹی ادارے مظلوم عوام پر جو اپنے لیے انصاف ےا اپنے جائزحقوق طلب کریں ان معصوم لوگوں کو گولیاں مارنے اور گرفتار کرنے کے لیے رہ گئے ہیں یہ معصوم اور مظلوموں کو پکڑنے میں اتنے مصروف ہوگئے ہیں کے دہشت گرد آرام سے جب جہاں چاہتے ہیں لوگوں کو گولیوں کا نشانہ بنا کر چلے جاتے ہیں ت۔تو پھر سچ یہ ہے کے یہ حکومت ہے ہی دہشت گردوں کی جس میں دہشت گرد آزاد اور عوام ان ظالموں کے ہاتھوں محصور ہو کر رہ گئی ہے مگر ہم ذلت کو قبول کرنے والے نہیں ہیں ہمارے صبر کو ہماری کمذوری نہیں سمجھنا حکومت وقت کی نہ سمجھی ہے ظلم کے خلاف پرامن احتجان کرنا سب کا بنیادی حق ہے لہذا حکومت نے اگر پھر سے پر امن احتجاج کرنے والوں کے خلاف کاروائی کی تو اسکی ذمدار خود خکومت ہوگی۔آخر میں مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ شعبہ خواتین کی جنرل سیکریٹری خانم زہراءنجفی نے حکومت سے علامہ شفقت عباس،علامہ شیخ نواز عرفانی کے قاتلوں کی گرفتاری کا مطا لبہ کیا ۔
وحدت نیوز (قم المقدسہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ قم کے دفتر میں "پاکستان کے موجودہ حالات، داعش، تکفیریت اور تشیع کی نظر سے" کے عنوان سے ایک اہم فکری نشست کا اہتمام کیا گیا۔ اس فکری نشست سے ڈپٹی سیکرٹری جنرل شعبہ قم حجت الاسلام والمسلمین میثم ہمدانی اور مہمان خصوصی ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل حجت الاسلام والمسلمین امین شہیدی نے خطاب کیا۔ حجت الاسلام سید میثم ہمدانی نے اپنے خطاب میں رسول خدا (ص) کی مشہور حدیث "من اصبح و لم یھتم بامور المسلمین فلیس بمسلم" سے استناد کرتے ہوئے حالات سے آگاھی، درپیش مشکلات کی چارہ جوئی اور انکے راہ حل کی شناخت کی اہمیت کے حوالے سے بات کی۔ انہوں نے ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ امین شہیدی کو شہر مقدس قم میں تشریف آوری پر خوش آمدید کہا اور طلاب دینی کے اس فکری پروگرام میں تشریف لانے پر شکریہ ادا کیا۔
اس فکری نشست سے اپنے خطاب میں حجت الاسلام والمسلمین امین شہیدی نے پاکستان کے حالات کا مفصل جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ آج جو کچھ بھی ہمارے ملک میں ہو ریا ہے، وہ اس بین الاقوامی کھیل کا حصہ کا ہے جو پوری دنیا میں جاری ہے اور اس کے ذریعے استعمار اپنے مخصوص اہداف تک پہنچنا چاہتا ہے۔ امریکہ اور سعودی عرب شدت پسند گروہوں کی حمایت میں متحد ہیں اور پاکستانی حکومت بھی اس سلسلے میں ان کا ساتھ دے رہی ہے۔ انہوں نے تحریک جعفریہ پاکستان سے پابندی ہٹائے جانے کو خوش آیند قرار دیا اور کہا کے ملت تشیع کے اس پلیٹ فارم پر پابندی لگانا شروع سے ہی غلط تھا لیکن اب اس بہانے دوسرے شدت پسند گروہوں کو آزاد کرنا بھی صحیح نہیں ہے اور حکومت کا یہ اقدام پاکستان میں دوبارہ کسی بڑی شدت پسندانہ لہر کے ایجاد کا عندیہ دے رہا ہے۔
علامہ امین شہیدی کا مزید کہنا تھا کہ آج دنیا میں تمام لوگ اور پارٹیاں متحد ہو رہی ہیں، ہم بھی تقسیم کار کے ذریعے متحد ہوسکتے ہیں۔ اگر پاکستان میں ہر کوئی، جو جس کام کو اچھے انداز میں انجام دے سکتا ہے، وہ اس کام کو اپنے ذمہ لے لے لیکن تمام کاموں کی جہت ایک ہو اور ایک عالی ہدف کی خاطر تمام جماعتیں اور شخصیات کام کریں تو اتحاد کی صورت پیدا ہوسکتی ہے۔ پاکستان میں بہت سے مواقع ایسے سامنے آئے تھے، جن کے بہانے اتحاد کے امکانات فراہم ہوسکتے تھے لیکن ہم نے ان کو مواقعوں کو ہاتھ سے نکال دیا ہے۔
وحدت نیوز (بلتستان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ گلگت بلتستان انتظامیہ ہوش کے ناخن لے اور یہاں کی محروم عوام کے کیساتھ مذاق کا سلسلہ بند کرے۔ حالیہ حکومت اپنے پانچ سال کا طویل عرصہ گزارنے کے باوجود نہ لوڈشیڈنگ میں کمی کر سکی ہے اور نہ گلگت اسکردو روڈ کی تعمیر کرا سکی ہے۔ گلگت اسکردو روڈ منظور شدہ منصوبہ ہے اور موجودہ حکومت کی نااہلی اور گلگت بلتستان انتظامیہ کی بدنیتی کے سبب تاخیر کا شکار ہوا ہے۔ بلتستان کی باشعور عوام اپنے حقوق کے لیے گھروں سے نکلنے کو تیار رہیں۔ بعید نہیں کہ ایک عظیم الشان تحریک گلگت اسکردو روڈ کی تعمیر کے لیے اور بجلی لوڈشیڈنگ کے خلاف اور دیگر عوامی مسائل کے حل کیلئے چلانی پڑے۔ اس حکومت میں جب تک حقوق کے لیے سڑکوں پہ نہ نکلا جائے اور چھین نہ لیا جائے کوئی حق نہیں ملنے والا۔ گلگت اسکردو روڈ کی تعمیر کے حوالے سے آڑے آنے والے تمام حکمرانوں کو عوام کے سامنے بے نقاب کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بیوروکریسی گلگت بلتستان کو پاکستان کا حساس ترین خطہ اور عوام کو امین عوام سمجھ کر ان کی ترقی و فلاح کے لیے سنجیدگی سے کام لیں۔ بیوروکریسی، سکیورٹی ادارے، حساس ادارے گلگت بلتستان کو مشکوک اور متعصب نگاہ سے دیکھنے کا رویہ ترک کریں، یہاں کی عوام پاکستان کی سب سے باوفا عوام ہے۔ ہماری وفاداری پر شک کی نگاہ سے دیکھنا ریاست سے غداری کے مترادف ہے۔ ہم وہ ہیں جنہوں نے اپنی قوت بازو سے اس خطے کو آزاد کرکے پاکستان میں شامل کرایا جس پر ہمیں فخر ہے۔ ہماری شرافت کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔
ایٹمی معاہدہ ہو یا نہ ہو، اسرائیل روز بروز ناامن ہوتا جائے گا،امام خامنہ ای کابسیج کے اجتماع سے خطاب
وحدت نیوز (تہران) ایرانی دارلحکومت تہران میں جمعرات کے روز ایرانی رضاکار فورس "بسیج" کے مسئولین کے ساتھ ملاقات میں رہبر انقلاب اسلامی کا کہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کو امریکہ یا امریکی قوم کے ساتھ کوئی مسئلہ نہيں ہے، انکا کہنا تھا کہ ملت ایران کو امریکی حکومت کی منہ زوری اور زیادہ طلبی پر اعتراض ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے الہی و انسانی احساس ذمہ داری اور بصیرت کو "بسیج" کے منطقی تفکر کی دو اصلی بنیادیں قرار دیا ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے جمعرات کے روز تہران میں ایرانی رضاکار فورس "بسیج" کی سپریم کونسل اور اس کے مختلف شعبوں کے نمائندوں سے ملاقات میں "بسیج" کی فعالیت کے میدان کو وسیع اور لامتناہی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملکی دفاع، تعمیر و ترقی، سیاست، اقتصاد، فن، علم، سائنس و ٹیکنالوجی اور مذہبی آرگنائیزیشن وغیرہ بسیج کی موجودگی اور فعالیت کا میدان ہیں۔ انہوں نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ آج عراق، شام، لبنان اور غزہ میں "بسیجی" یعنی رضاکارانہ فکر کا مشاہدہ کیا جاسکتا ہے، کہا کہ یہ فکر مستقبل قریب میں، بیت المقدس میں مسجدالاقصٰی کو بچانے میں بھی نمایاں کردار ادا کرے گی۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے ملت ایران کی اکثریت کے "بسیجی" ہونے کو اسلامی جمہوری نظام کے ناقابل شکست ہونے کا ثبوت قرار دیا۔ انہوں نے تاکید کی کہ اسلامی نظام کی اصلی جہت و سو سامراج کا مقابلہ ہے اور اس جہت میں سستی یا غلطی پیدا نہيں ہونے دینا چاہئے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے اس بات پر تاکید کی کہ اسلامی جمہوریہ ایران کو امریکہ یا امریکی قوم کے ساتھ کوئی مسئلہ نہيں ہے، انکا کہنا تھا کہ ملت ایران کو امریکی حکومت کی منہ زوری اور زیادہ طلبی پر اعتراض ہے۔
انقلاب اسلامی کے سربراہ نے ایران کی ایٹمی مذاکراتی ٹیم کی منطقی و مدلل، سنجیدہ اور بھرپور کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ حق اور انصاف تو یہ ہے کہ ایرانی وفد، گروپ پانچ جمع ایک کے ساتھ ایٹمی مذاکرات میں زور و زبردستی کی منطق کے سامنے ڈٹا ہوا ہے اور فریق مقابل بالخصوص امریکہ کے برعکس ہر روز اپنی بات اور موقف تبدیل نہیں کرتا۔ رہبر انقلاب اسلامی آيت اللہ العظمٰی خامنہ ای کا کہنا تھا کہ مذاکرات کا نتیجہ خيز نہ ہونا سب سے زيادہ امریکیوں کے نقصان ميں ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کے روز بروز بڑھتے ہوئے مسائل اور اس ملک کی عوام اور حکومت کے درمیان گہرے اختلاف کے پیش نظر امریکی حکومت کو ایران کیساتھ ایٹمی مذاکرات کی صورت میں ایک بڑی کامیابی کی اشد ضرورت ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے ایٹمی مذاکرات کے ذریعے اسرائیل کی سکیورٹی کے تحفظ کی ضرورت کے بارے میں بعض امریکی حکام کی تاکید کے حوالے سے کہا کہ ایٹمی معاہدہ ہو یا نہ ہو، اسرائیل روز بروز ناامن ہوتا جائے گا۔ انکا کہنا تھا کہ امریکی حکام درحقیقت اپنے مفاد کی فکر میں ہیں نہ کہ اسرائیل کی سکیورٹی کے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے کہا کہ امریکی حکام کا اصلی مقصد صیہونی سرمایہ داروں کے عالمی نیٹ ورک کو خوش رکھنا ہے کیونکہ یہ نیٹ ورک انھیں رشوت، پیسہ اور عہدہ دیتا ہے اور اگر وہ اس نیٹ ورک کے مطالبات کی مخالفت کریں گے تو ڈرائے، دھمکائے، رسوا حتٰی قتل کر دیئے جائيں گے۔