The Latest

وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان ملتان کے قائمقام سیکرٹری جنرل محمد عباس صدیقی نے کہا ہے کہ امریکہ'اسرائیل اور بھارت پاکستان میں شدت پسندوں کو پرموٹ کرتا ہے، حکمرانوں کی انتہاپسندی پر ایکشن کی بجائے خاموشی ملک کے مستقبل پر بھی بہت بڑا سوالیہ نشان ہے، پاکستان کو بیرونی سے زیادہ اندرونی امن دشمن قوتوں سے خطرات لاحق ہو چکے ہیں، باقاعدہ منصوبہ بندی اور سازش کے تحت پاکستان میں بھی داعش جیسی عالمی دہشت گرد تنظیم بھی اپنی جڑیں پھیلا رہی ہے، ملک میں اتحاد ویکجہتی کے ذریعے ہی امن اور پاکستان دشمن قوتوں کے عزائم کو خاک میں ملایا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ہفتے کے روز چہلم امام حسین علیہ السلام کے حوالے سے منعقدہ تنظیمی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 

ذمہ داران سے خطاب کرتے ہوئے شوری نگران کے سربراہ علامہ قاضی نادر علوی نے کہا کہ امریکہ، اسرائیل اور انڈیا نے ہمیشہ پاکستان میں شدت پسندوں کو پرموٹ کیا ہے اور یہ تینوں ملک پاکستان میں امن نہیں چاہتے اور دنیا میں اسلام کے خوبصورت چہرے کو انتہا پسندی کے ذریعے داغدار کرنا ان کا مشن ہے لیکن ہم اتحاد ویکجہتی کے ذریعے انکی تمام سازشوں کو ناکام بناسکتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام مکاتب فکر کے علماء تکفیریت کو بے نقاب کریں اور سادہ لوح مسلمانوں کو ان کے چنگل سے آزاد کرانے میں اپنا کردار ادا کریں اور سب کو کافر اور خود کا مسلمان کہنے والے قاتل اور دہشت گردوں کو جہاد اور اسلام کانام بدنام کر نے سے روکیں۔ اجلاس میں ملتان، شجاع آباد، جلالپورپیروالا کے تنظیمی عہدیداروں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مجلس وحدت مسلمین کا وفد جلد مقامی انتظامیہ سے ملاقات کر کے مسائل سے آگاہ کرے گا۔

وحدت نیوز (اسکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے ڈپٹی سیکرٹری سیاسیات کاچو ولایت علی خان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے اپنے پانچ سالہ دور میں وطن عزیز پاکستان کے خزانے کو کرپشن کے ذریعے غیر معمولی نقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ عالم برج بلتستان کی شہہ رگ ہے اس پل کے ٹوٹنے کے واقعہ نے حکومت اور این ایچ اے کی کارکردگی کا پول کھول کے رکھ دیا ہے۔ عالم برج اور شہید پل اسکردو کی میعاد ختم ہو چکی ہے اور ان دونوں پلوں کو از سر نو تعمیر کرنے کی ضرورت ہے اگر ان دونوں پلوں پر کوئی حادثہ پیش آ جائے تو تمام تر ذمہ داری موجودہ حکومت پر عائد ہوگی۔ کاچو ولایت علی نے اپنے بیان میں کہا کہ گلگت بلتستان میں پلوں اور سڑکوں کی حالت نہ گفتہ بہ ہے اور سڑکیں قبرستان کا منظر پیش کر رہی ہیں۔ کھرمنگ میں تاریخی اور افسوسناک سانحہ سانحہ کمنگو بھی سڑکیں ناقص ہونے کے باعث پیش آیا ہے۔ سانحہ کمنگو پر اب تک کسی تحقیق کا سامنے نہ آنا اور انکوائری نہ ہونا اس بات کی دلیل ہے کہ ان سانحات کی ذمہ دار حکومت اور متعلقہ ادارے ہیں۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) سید طاہرعلی شاہ ایڈووکیٹ نے چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کی حیثیت سے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں گلگت بلتستان کے آئندہ انتخابات کے لئے چیف الیکشن کمشنر کا حلف اٹھا لیا گیا۔ سید طاہر علی شاہ ایڈووکیٹ کا حلف سپریم ایپلٹ کورٹ کے چیف جج جسٹس رانا ارشد نے لیا، اس موقع پر گورنر گلگت بلتستان سید پیر کرم علی شاہ کے علاوہ جی بی کی اہم شخصیات موجود تھیں۔ ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کو ماہانہ 8 لاکھ روپے تنخواہ اور بھاری بھر کم مراعات سے نوازا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ الیکشن کمشنر کی تقرری کے بعد جی بی کے سیاسی حلقوں میں شدید تحفظات کا اظہار کیا جا رہا ہے اور سید طاہر علی شاہ کو مسلم لیگ نون کے فعال عہدیدار ہونے کی وجہ سے مسترد کیا جا رہا ہے۔ تمام سیاسی پارٹیوں کی جانب سے ایک غیر جانبدار چیف الیکشن کمشنر کا مطالبہ کیا جا رہا ہے اور موجودہ الیکشن کمشنر کی تقرری کو آئندہ الیکشن کو یرغمال بنانے کی سازش قرار دیا جا رہا ہے۔

وحدت نیوز(ہری پور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخواکےسیکریٹری جنرل علامہ سبطین حسینی نےمرکزی امام بارگاہ ہری پورمیں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ، اسرائیل اور بھارت پاکستان میں شدت پسندوں کو پرموٹ کر رہے ہیں، حکمرانوں کی انتہا پسندی پر ایکشن کی بجائے خاموشی ملک کے مستقبل پر بہت بڑا سوالیہ نشان ہے، پاکستان کو بیرونی سے زیادہ اندرونی امن دشمن قوتوں سے خطرات لاحق ہوچکے ہیں، باقاعدہ منصوبہ بندی اور سازش کے تحت پاکستان میں بھی داعش جیسی عالمی دہشت گرد تنظیم اپنی جڑیں پھیلا رہی ہے، ملک میں اتحاد و یکجہتی کے ذریعے ہی امن اور پاکستان دشمن قوتوں کے عزائم کو خاک میں ملایا جاسکتا ہے۔ ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کو امن و محبت اور بھائی چارے کا گہوارہ بنانا چاہتے ہیں اور ہم نے ہمیشہ امن اور محبت کی بات کی ہے، لیکن بدقسمتی سے جہاں بہت سے بیرونی قوتیں پاکستان میں امن کی بجائے دہشت گردی اور افراتفری چاہتی ہیں، وہیں ان ملک دشمن قوتوں کے کچھ آلہ کار پاکستان کے اندر بھی کام کر رہے ہیں، جن کی وجہ سے ملک میں انتہا پسندی اور شدت پسندی کو فروغ مل رہا ہے، مگر ان سے نمٹنے کیلئے حکومت کی جو ذمہ داری ہے وہ اس کو پورا کرنے میں ابھی تک مخلص نظر نہیں آتی، جس کی وجہ سے ملک میں مزید خطرات پیدا ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ، اسرائیل اور انڈیا نے ہمیشہ پاکستان میں شدت پسندوں کو پرموٹ کیا ہے اور یہ تینوں ملک پاکستان میں امن نہیں چاہتے اور دنیا میں اسلام کے خوبصورت چہرے کو انتہا پسندی کے ذریعے داغدار کرنا ان کا مشن ہے، لیکن ہم اتحاد ویکجہتی کے ذریعے انکی تمام سازشوں کو ناکام بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام مکاتب فکر کے علماء تکفیریت کو بے نقاب کریں اور سادہ لوح مسلمانوں کو ان کے چنگل سے آزاد کرانے میں اپنا کردار ادا کریں اور سب کو کافر اور خود کا مسلمان کہنے والے قاتل اور دہشت گردوں کو جہاد اور اسلام کا نام بدنام کرنے سے روکیں۔

وحدت نیوز (اسلام آباد ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی بیرون ملک دورہ مکمل کر نے کے بعد وطن واپسی۔ تفصیلات کے مطابق علامہ راجہ ناصرعباس جعفری ایران کے شہر قم المقدسہ میں تکفیریت کیخلاف عالمی کانفرنس میں شرکت ‘ مختلف اسلامی رہنماوُں سے ملاقا توں اور قم مقدس،تہران اور مشہد مقدس میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کے بعد وطن واپس پہنچے تو ایئر پورٹ پر مجلس وحدت مسلمین کے رہنماوُں علامہ اصغر عسکری، اختر حسین ،ملک اقرار حسین ،علامہ ضیغم عباس سمیت دیگر نے انکا شاندار استقبال کیا ہے۔واضح رہے کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ امین شہیدی ، ناصر شیرازی اور محمدمہدی بھی دورہ ایران پر علامہ ناصرعباس جعفری کے ہمراہ تھے۔

وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین پنجاب صوبائی آفس کے مسؤل زاہد حسین مہدوی نے میڈیا سیل کو بتایا کہ مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے شعبہ تربیت کے زیر اہتمام فیصل آباد میں مورخہ 26,27,28دسمبر 2014کو تین روزہ تربیتی وتنظیمی معرفت ولایت ورکشاپ کا اہتمام کیا جا رہا ہے ورکشاپ میں مختلف،روحانی ،اخلاقی اور حالات حاضرہ کے عنوانات پر علمائے کرام،سینیئر بردران،اور قائدین خطاب کریں گے۔جس میں پنجاب بھر کے تمام اضلاع سے کارکنان شریک ہوں گے۔اس حوالے سے انتظامات کے لیے صوبائی آفس اور مرکزی شعبہ تربیت کی طرف سے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے ۔

وحدت نیوز (قصور) مجلس وحدت مسلمین تحصیل چونیاں کے زیر اہتمام چھانگا مانگا میں ایک تقریب تقسیم اسناد درس قرآن منعقد کی گئی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین ضلع قصور کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید علی عمران نقوی نے کہا کہ ہمیں اپنے بچوں کو دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم دلوانی چاہیے جو ہماری نئی نسل کے لیے بے حد ضروری ہے۔لہذا والدین کو چاہیے وہ اپنے بچوں کو دینی تعلیم کے لیے ایسے تعلیمی اداروں میں بھیجیں ۔جہاں بچوں کو بہتر روحانی اور اخلاقی ماحول مل سکے۔انہوں نے درس قرآن میں اول آنے والے بچوں اور بچیوں میں درس قرآن کی تعلیمی اسناد تقسیم کیں اور بچوں میں انعامات تقسیم کیے۔تقریب میں مجلس وحدت مسلمین ضلع قصور کے میڈیا سیکرٹری سید علی حسین نقوی۔سید غازی عباس بخاری سیکرٹری تنظیمی امور تحصیل چونیاں ۔حسنین حیات جعفری سیکرٹری امور نوجوان قصور ۔مولانا حسن عباس شمسی سیکرٹری جنرل سٹی چونیاں نے شرکت کی۔

وحدت نیوز(خیر پور) پیپلز پارٹی کے گڑھ اور وزیراعلیٰ سندھ کے شہر خیرپور میں غیر ملکی تکفیری دہشت گرد تنظیم داعش کی جانب سے پمفلٹس تقسیم کئے گئے ہیں، یہ پمفلٹس گھر وں اور ضلعی انتظامیہ کو بھی پہنچائے گئے ہیں، پمفلٹس میں کہا گیا ہے کہ ہم اسلامی قانون نافذ کرنا چاہتے ہیں، کسی بھی غیر اسلامی حرکت کو برداشت نہیں کیا جائے گا، اگر اس میں کوئی ادارہ رکاوٹ بنے گا تو اس کے خلاف کارروائی کریں گے، پمفلٹس میں لکھا ہے کہ ڈی سی اور ایس ایس پی بھی ہماری نظروں میں ہیں، ہمارے ایجنٹ پورے شہر میں پھیلے ہوئے ہیں جو سب پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔

وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان اورممتازعالم دین علامہ حسن ظفر نقوی نے لاہور میں امام بارگاہ گلستان زہرا میں مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کی حمایت میں ٹی وی چینلز پر زمین آسمان کے قلابے ملانے والے اور قوم کو دہشت گردوں سے ڈرانے والے اب کہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کلین شیو دہشت گردوں نے ایک طوفان اٹھا رکھا تھا کہ وزیرستان میں اگر دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا گیا تو وہ شہروں پر حملے کریں گے، حساس تنصیبات کو نشانہ بنائیں گے لیکن جب پاک فوج کے عظیم جوانوں نے آپریشن ضرب عضب شروع کیا تو دہشت گردوں کے غبارے سے ہوا نکل گئی اور اب وہ منہ چھپاتے پھر رہے ہیں۔

 

 علامہ حسن ظفر نقوی کا کہنا تھا کہ ظالم حکمرانوں کا عبرت ناک انجام بہت جلد قریب ہے، تھر میں معصوم بچوں کی ہلاکتیں، لاہور میں نابینا افراد پر تشدد وہ نشانیاں ہیں جن سے واضح ہوتا ہے کہ جابر و ظالم حکمران اپنے انجام کو پہنچنے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے حکمران امریکہ کی چوکھٹ پر سجدہ ریز ہوتے ہیں اور اپنے اقتدار کی بھیک امریکہ سے مانگ رہے ہوتے ہیں لیکن اسی امریکہ کو شام نے ناکوں چنے چبوا دیئے ہیں اور شام میں دہشت گردوں کی شام ہونے والی ہے۔ علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا کہ ان ظالم حکمرانوں نے عوام کو جینا دوبھر کر رکھا ہے، آئے روز عوام مسائل کی دلدل میں دھنستے چلے جا رہے ہیں اور ان کا کوئی پرسان حال نہیں، کفر کی حکومت تو قائم رہ سکتی ہے ظلم کی نہیں، اور ظالم حکمران بہت جلد اپنا عبرت ناک انجام دیکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قوم ثابت قدم رہے، دہشت گرد اس قوم کی استقامت کے سامنے بری طرح ناکام ہوں گے، اس قوم کو 1400 سال سے مٹانے کی کوشش کی جا رہی ہے، لیکن یہ قوم زندہ ہے اور اس کے مٹانے والے مٹ گئے ہیں۔

وحدت نیوز (کراچی) عزاداری امام مظلوم کربلا انسانیت کا درس دیتا ہے،آج کے پر آشوب حالات میں سید شہداء امام حسینؑ سے عقیدت و محبت رکھنے والے ہر صاحب فکر و شعور فرد عالم اسلام کے حقیقی علمائے کرام ،دانشور میبر حسینی کے خطباء و ذاکرین اور صاحبان قلم پر امام مظلوم کربلا کا حق یہ ہے کہ آپؑ کے قیام کے مقاصد کو دنیا پر واضح و روشن کریں، ایام عزائے حسین کربلا میں دنیا کو اسلام کا وہ اصلی چہرا دکھائیں جس پر اسلام دشمن و منافق داعش طالبان القائدہ نے اپنے مزموم مقاصد کے کی تکمیل کے لئے ظلم و بربریت کے گہرے دلبزیر پردے ڈال دئیے ہیں ،ان خیالات کا اظہار علامہ اظھر حسین نقوی نےمجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکریٹریٹ  وحدت ہاؤس سولجربازار میں ہفتہ وارمجلس عزاء سے  خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 

انہوں نے مذید کہا کے ملت جعفریہ کے لئے کراچی و اندرون سندھ کی سرزمین کو تنگ کیا جارہا ہے،شیعوں کے بہتے ہوئے ناحق خون پر حکمرانوں، مذہبی و سیاسی تنظیموں کی خاموشی اور قاتلوں کی عدم گرفتاری شعیت کے لئے لمحہ فکریہ ہے، سرزمین پاکستان کو ملت جعفریہ کا قتل گاہ بنادیاگیا ہے آئے روز پر امن کارکنان، ڈاکڑ، انجنئیر، وکلاء،دانشور اور علمائے کرام کو بے دردی سے شہید کیا جارہا ہےحکومت ہمارے شہدا کے قاتلوں کو گرفتار کرنے میں ناکام ہوچکی ہے،بلکہ قاتل ملک بھر میں سعودی نواز حکومت کی سرپرستی میں دندناتے پھر رہے ہیں انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ شہدا کے قاتلوں کی گرفتاری کے لئے اس خود نوٹس لیں۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree