
Ahsan Mashadi
وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ وطن عزیز پاکستان میں مجلس وحدت مسلمین نے اقتدار کی بجائے اقدار کی سیاست کو فروغ دیا ہے مجلس وحدت مسلمین اور پی ٹی آئی کے درمیان جو معاہدہ تشکیل پایا ہے وہ وطن عزیز پاکستان میں اقدار اور اصولوں کی سیاست کی عکاسی کرتا ہے۔ امریکی غلامی سے نجات اور وطن عزیز پاکستان کا استقلال و آزادی ہر محب وطن شہری کے دل کی آواز ہے۔
قائد شہید علامہ عارف حسین الحسینی رحمۃ اللہ علیہ نے پاکستان میں جن اقدار کے تحفظ کی جدوجہد کی تھی قائد شہید کے باوفا بیٹے ان مقدس اھداف کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے اور پاکستان میں سامراجی مداخلت کے آگے بند باندھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان غاصب اسرائیل کو تسلیم کرنے کی سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی اور کسی کو ملک و قوم اور امت مسلمہ کے ساتھ خیانت کی اجازت نہیں دیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں امریکہ کے خلاف عوامی غیض و غضب کو صحیح سمت دے کر وطن عزیز کے استقلال اور آزادی کی بنیاد رکھنی ہے۔ امریکی غلاموں کے بے نقاب ہونے پر ان کی ذلت و رسوائی میں مزید اضافہ ہوگا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ کرم ایجنسی کےشیعہ نوجوان کے قتل میں وہ استعماری ایجنٹ ملوث ہیں جو شیعہ سنی فسادات برپا کرنا چاہتے ہیں۔پاراچنار ایک حساس علاقہ ہے۔امریکہ، اسرائیل اور بھارت مل کر پاکستان کے ساتھ بھیانک کھیل کھیل رہے ہیں۔ان حالات میں شیعہ سنی کو دانش و بصیرت کا ثبوت دینا ہو گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریاست ان ملک دشمن امریکی ایجنٹ تکفیری عناصر کی بیخ کنی کرے جنہوں نے ارض پاک کو تباہی کے دھانے پر پہنچا دیا ہے۔۔ہم سب کا بہترین مستقبل محفوظ پاکستان سے مشروط ہے۔شیعہ سنی بھائیوں نے مل کر اس ملک کی حفاظت کرنی ہے اور شرپسند عناصر کی سازشوں کو ناکام بنانا ہے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کا تین سالہ مرکزی کنیزان امام عصر عج کنونشن 25 اور 26 جون بروز ہفتہ اور اتوار مرکزی امام بارگاہ شکریال میں منعقد ہوگا۔ کنونشن کے آخری روز مرکزی صدر ایم ڈبلیوایم پاکستان شعبہ خواتین کا انتخاب عمل میں لایا جائےگا۔
تفصیلات کے مطابق ایم ڈبلیوایم شعبہ خواتین کے مرکزی کنونشن کے سلسلےمیں رابطہ مہم مکمل کرلی گئی ہے، مرکزی کنونشن میں ملک بھرمیں خواتین عہدیداران شریک ہوں گی اور آئندہ تین سال کیلئے مرکزی صدر شعبہ خواتین کا انتخاب کریں گی۔
ایم ڈبلیوایم شعبہ خواتین کی جانب سے جاری اعلامیئے کے مطابق کنونشن کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوگا، کنونشن کے مختلف سیشنز سے ایم ڈبلیوایم کےچیئرمین علامہ راجہ ناصرعباس جعفری، مرکزی رہنما علامہ سید احمد اقبال رضوی، اسدعباس نقوی، ناصر شیرازی، نثار علی فیضی ، سید ہ زہرا نقوی، سیدہ معصومہ نقوی، سیدہ نرگس سجاد ودیگر خطاب کریں گے ۔
ایم ڈبلیوایم کی ملک بھر سے آنے والی خواتین عہدیداران کنونشن کے آخری روز خفیہ رائے شماری کے ذریعے آئندہ تین سال کیلئے مرکزی صدر ایم ڈبلیوایم شعبہ خواتین کا انتخاب کریں گی، چیئرمین ایم ڈبلیوایم علامہ راجہ ناصرعباس جعفری ان کے نام کا اعلان کریں گے اور ان سے حلف لیں گے۔
وحدت نیوز(پاراچنار)مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے صوبائی رہنما اور تحصیل چیئرمین علامہ مزمل حسین فصیح نے صدہ بائی پاس کے قریب شیعہ نوجوانوں کی گاڑی پر دہشت گردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ دن دیہاڑے ایم بی بی ایس کے طالب علم کو شہید کیا جانا سیکورٹی اداروں کی غفلت ہے۔ پاراچنار انتظامیہ کو کرم کے امن کے حوالے سے ہم نے بارہا آگاہ کیا ہے مگر انتظامیہ اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں سے مجرمانہ غفلت برت رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضلع کرم کے شیعہ سنی امن چاہتے ہیں مگر کچھ ملک دشمن عناصر شرانگیزی میں مصروف ہیں وہ شعیہ سنی کو متحد نہیں دیکھ سکتے۔ پاراچنار میں گزشتہ مہینے سے طے شدہ منصوبے کے تحت دانستہ طور پر حالات خراب کئے جارہے ہیں۔ کبھی شیعہ نوجوان شاہ حسین کو قتل کیاجاتا ہے تو کھبی اہلسنت کے نوجوان کا قتل کیا جاتا ہے۔ کھبی اہلبیت اطہار ع کی شان میں بدترین گستاخی کا ڈھٹائی کے ساتھ ارتکاب کیا جاتا ہے۔ اب ان سارے واقعات کے باوجود حکومتی اداروں کی طرف سے مسافروں کے لئےسیکورٹی نہ دینا سمجھ سے بالاتر ہیں۔ صدہ بائی پاس پر فائرنگ انتہائی افسوس ناک واقع ہے اگر حکومت نے زمہ داران کے خلاف کاروائی نہ کی تو حالات خراب ہونے کی تمام تر زمہ داری پاراچنار انتظامیہ پر ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ہم ذیشان حیدر کی شہادت پر سراپا احتجاج ہیں۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مرکزی رہنما مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ ڈاکٹر یونس حیدری کے چچایوسف علی ابن وزیر غلام محمد دار بقاء کی طرف کوچ کر گئے۔
ایم ڈبلیوایم کے چیئرمین علامہ راجہ ناصرعباس جعفری سمیت دیگر مرکزی و صوبائی رہنماؤں نے مرحوم کے انتقال پر دلی افسوس و رنج کا اظہار کیا ہے ۔
رہنماؤں نے تعزیتی پیغام میں کہا کہ خدا مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور جوار آئمہ میں جگہ عنایت فرمائے ۔ تمام احباب سے سورہ فاتحہ کی تلاوت اور دعائے مغفرت کی التماس کی جاتی ہے۔
وحدت نیوز(پشاور) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پشاور ڈویژن اور مجلس وحدت مسلمین پشاور کے زیر اہتمام پشاور پریس کلب کے سامنے گستاخِ اہلبیتؑ سلطان گل کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر گستاخ آل رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے خلاف نعرے درج تھے۔
مقررین کا کہنا تھا کہ پاراچنار ایک حساس علاقہ ہے، ایسے علاقہ میں سلطان گل جیسے ملعون نے مسلمانوں کی دل آزادی کی، حکومت وقت کو چاہئے کہ سلطان گل کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزاء دی جائے۔ اگر سلطان گل کو گرفتار نہ کیا گیا تو امن کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر ہوگی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے رہنماء علامہ سید عالم شاہ کا کہنا تھا ملعون سلطان گل کی گرفتار تک احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا، احتجاجی مظاہرے سے امامیہ جرگہ کے رہنما مظفر علی آخونزادہ، عنایت طوری اور اہلسنت پاراچنار کے نمائندہ عبد الحالق پٹھان نے بھی خطاب کیا۔