
Ahsan Mashadi
وحدت نیوز(لاہور) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان شعبہ طالبات اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کے زیراہتمام زن، زندگی اور آزادی اسلام کی نگاہ میں کے عنوان سے سیمینار کل لاہور میں منعقد ہوگا۔ سیمینار کے انعقاد و انتظامات کے حوالے سے لاہور میں اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں مرکزی صدر آٸی ایس او طالبات خواہر طاہرہ ظفر، اراکین مرکزی نظارت خانم زہرا نقوی و خانم سفینہ نقوی، ڈویژنل صدر لاہور ڈویژن خواہر سارہ رضوی اور ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین کی مرکزی صدر خانم معصومہ نقوی نے شرکت کی۔ زن، زندگی اور آزادی اسلام کی نگاہ میں کے عنوان سے سیمینار 4 دسمبر بروز اتوار دن 1:00 بجے دیوان سلمان فارسی آڈیٹوریم، محمدی مسجد حالی روڈ گلبرگ lll لاہور میں منعقد ہوگا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) ایم ڈبلیوایم کراچی کے سابق ڈپٹی سیکریٹری جنرل شہید راہ وحدت علامہ دیدارعلی جلبانی ؒ اور ان کے باوفا محافظ سرفراز بنگش کے نویں یوم شہادت پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصرعباس جعفری سمیت دیگر مرکزی ، صوبائی اور ڈویژنل قائدین نے کہا ہے کہ 9 برس گذر جانے کے بعد بھی شہید علامہ دیدار علی جلبانی ؒ کی یاد آج بھی ہمارے دلوں میں اسی طرح تازہ ہے، شہید علامہ دیدارعلی جلبانی اور ان کے باوفامحافظ کی عظیم قربانی کوہم کبھی فراموش نہیں کرسکتے۔
صوبائی صدر سندھ علامہ باقرعباس زیدی نے کہا کہ ہمارے ناقص نظام انصاف کی وجہ سے طویل عرصہ گذر جانے کے باوجود اب تک شہید دیدار علی جلبانی ؒ کے قاتلوں کو کیفر کردار تک نہیں پہنچایا جاسکا۔ ان کے اہل خانہ آج بھی ریاست سے انصاف کے منتظر ہیں ۔
ڈویژنل صدر کراچی علامہ صادق جعفری نے کہا کہ شہید علامہ دیدار علی جلبانیؒ مردمیدان تھے، ہمیشہ حق بات کہنے بھی مصلحت پسندی کا شکارنہیں ہوتے تھے، ان کی شہادت سے پیدا ہونےوالا خلاء مدتوں پر نہیں ہوسکے گا۔
شہید کے دیرینہ ساتھی صوبائی پولیٹیکل سیکریٹری سید علی حسین نقوی نے کہاکہ شہید جلبانیؒ کےساتھ گذرا مختصر تنظیمی وقت قیمتی سرمایہ ہے، شہید نڈر اور بے خوف شخصیت کے مالک تھے وہ ظالموں کی آنکھ میں آنکھ ڈال کر بات کرنے کی جرائت رکھتے تھے۔
وحدت نیوز(سکردو) خصوصی افراد کے عالمی دن کے موقع پر رکن گلگت بلتستان کونسل و صوبائی سیکرٹری سیاسیات مجلس وحدت مسلمین شیخ احمد علی نوری نے اپنے پیغام میں کہا کہ خصوصی افراد معاشرے کے اہم ستون ہیں،خصوصی افراد کی ہرممکن معاونت کارخیر ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت خصوصی افراد سمیت معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کی فلاح کیلئے کوشاں ہیں جو کہ لائق تحسین ہے۔خصوصی افراد کے لئے سرکاری ملازمتوں میں مختص کوٹے پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانا ہوگا،انہوں نے مزید کہا کہ خصوصی افراد کے ساتھ امتیازی معاشرتی رویے کا سدباب یقینی بنانا ہوگا،خصوصی افراد کی معاونت سے ان کا معاشرتی کردار مؤثر بنایا جاسکتا ہے۔
وحدت نیوز(جیکب آباد) مدرسہ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جیکب آباد میں ادارہ مرکز تبلیغات اسلامی کے زیر اہتمام ایک روزہ اسلام شناسی ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا۔ ورکشاپ میں قرآن کریم حدیث احکام عقائد حالات حاضرہ کے موضوع پر درس ہوئے اس موقع پر امر بالمعروف کے عنوان سے اجتماعی مباحثہ ہوا۔
اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ھدایت انسانی کے لئے ہر دور میں معلم اور کتاب بھیجی وہ معلم انسانیت اس آسمانی کتاب کی مجسم تصویر ہے۔ لہذا دین اسلام میں تعلیم قلم اور کتاب کو بڑی اہمیت دی گئی۔ علم اور کتاب سے دوری معاشرے کے لئے نقصان دہ ہے ۔
انہوں نے کہا کہ دین اسلام دین فطرت ہے جو نجات انسانی کا ضامن ہے۔ دنیا کے مادی مکاتب فکر انسان کی حقیقت کا ادراک نہیں کر سکے اس لئے وہ انسان کے لئے ناقص نظام حیات لے کر آئے جس کی پیروی بشریت کے لئے خسارے پر مبنی ہے ۔ جبکہ دین اسلام مکمل نظام حیات ہے جس کی پیروی عالم بشریت کو دنیا اور آخرت میں عزت و سربلندی اور کامیابی عطا کرتی ہے۔
اس موقع پر اسلام شناسی ورکشاپ میں مجلس علمائے شیعہ کے ضلعی صدر علامہ سیف علی ڈومکی، برادر اللہ بخش سجادی نے بھی درس دیا۔اسلام شناسی ورکشاپ کے شرکاء کو کتابوں کا تحفہ پیش کیا گیا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکریٹری سید ناصرعباس شیرازی نے کہا ہے کہ 3دسمبر معذوروں کے عالمی دن کے موقع پر ہم سب کو بحیثیت قوم ان کے لیے ہمدردی اور تعاون کے سچے اور عملی جذبات کو فروغ دینا چاہیے، ان کے معاشی و سماجی حقوق سے متعلق لوگوں میں شعور و آگائی پیدا کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے تاکہ ان کی زندگی میں آسانیاں پیدا ہوں حکومت کو بھی چاہیے کہ وہ ایسے اقدامات اٹھائے جس سے خصوصی افراد کو ملک کا مفید شہری بنانے میں مدد ملے اور دیگر ایام کی طرح معذوروں کے دن کو بھی ہمیں شاندار طریقے سے منانا چاہیے۔
وحدت نیوز(کراچی)شہید راہ وحدت علامہ دیدارعلی جلبانی ؒاور ان کے باوفا محافظ شہید سرفراز بنگش کوہم سے بچھڑے9 برس بیت گئے۔ شہید کی یاد اور ان کے افکار آج بھی ہمارے دلوں میں روشن چراغ کی مانند تابندہ ہیں ۔
ایم ڈبلیوایم میڈیا سیل سےجاری بیان کے مطابق مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے سابق ڈپٹی سیکریٹری جنرل شہید علامہ دیدارعلی جلبانی ؒ اور ان کے باوفا محافظ سرفراز بنگش کی آج نویں برسی منائی جارہی ہے ۔
شہید علامہ دیدار علی جلبانی ؒ کو 3دسمبر 2013کو ان کے باوفا محافظ سرفرازعلی بنگش کے ہمراہ اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ جامع مسجد الحسینی ؑ ایوب گوٹھ میں نماز ظہرین کی امامت کے بعد اپنی گاڑی میں یونیورسٹی روڈ سے گذر رہے تھے کہ اچانک دو موٹر سائیکلوں پرسوار چار نقاب پوش مسلح دہشت گردوں نے ان کی گاڑی پر اندھادھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں علامہ دیدار علی جلبانی ؒ اور ان کا محافظ سرفراز بنگش موقع پر ہی جام شہادت نوش کرگئے تھے۔
دونوں شہداء کی نماز جنازہ نمائش چورنگی پر علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی زیر اقتداءادا کی گئی تھی جس میں سیاسی، مذہبی وسماجی شخصیات سمیت ایم ڈبلیوایم کے کارکنان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی تھی بعد ازاں سرفراز بنگش کی تدفین چشتی نگر قبرستان میں عمل میں لائی گئی تھی جبکہ شہید علامہ دیدار علی جلبانی ؒ کا جسد خاکی ایئرایمبولنس کے ذریعے ان کے آبائی علاقے ٹھری میرواہ ضلع خیرپورمنتقل کیا گیا تھا جہاں ان کی تدفین عمل میں لائی گئی تھی ۔