
Ahsan Mashadi
وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری اور مرکزی کنونشن کے چیئرمین جناب ناصر عباس شیرازی صاحب کی زیر صدارت صوبائی کابینہ پنجاب کے اجلاس کا انعقاد،وائس چیئرمین جناب حجت الاسلام والمسلمین علامہ سید احمد اقبال رضوی اور مرکزی سیکرٹری سیاسیات جناب سید اسد عباس نقوی کے صوبائی کابینہ اجلاس میں خصوصی شرکت۔
مرکزی کنونشن مجلس وحدت مسلمین پاکستان میں عوامی اور خصوصی شرکت کے بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔مرکزی کنونشن مجلس وحدت مسلمین پاکستان بعنوان بقیہ اللہ 18/19/20 اپریل 2025ء کو اسلام آباد میں منعقد ہورہا ہے جس میں اگلے 3 سال کے لئے نئے چیئرمین کا انتخاب ہوگا ۔
اس انٹرا پارٹی الیکشن میں جو امیدوار زیادہ ووٹ حاصل کرے گا وہی اگلے 3 سال کے لئے پارٹی کو لیڈ کرے گا ۔ صوبائی آفس لاہور سیکرٹریٹ میں ہونے والا اجلاس اس لحاظ سے بھی بہت اہمیت کا حامل تھا کہ یہ صوبائی کابینہ کا جاری سیشن کا آخری اور اہم اجلاس تھا ۔
صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین پنجاب جناب حجت الاسلام والمسلمین علامہ سید علی اکبر کاظمی کے علاوہ صوبائی جنرل سیکرٹری جناب سید حسن رضا کاظمی ،صوبائی سیکرٹری سیاسیات جناب سید حسین زیدی ،صوبائی نائب صدر جناب سید اقبال حسین شاہ صاحب ، صوبائی سیکرٹری تنظیم سازی جناب سید انوار زیدی ، صوبائی نائب صدر جناب حجت الاسلام والمسلمین علامہ سید ملازم حسین نقوی ،صوبائی سیکرٹری فلاح وبہبود جناب شیخ عمران علی ،صوبائی سیکرٹری مالیات جناب فصاحت علی بخاری ، صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری جناب سید منتظر مھدی ، صوبائی آفس سیکرٹری ظہیر الحسن کربلائی بھی اس اجلاس میں شریک تھے ۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی کی زیر صدارت اہم اجلاس مرکزی سیکریٹریٹ اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں نئے تنظیمی سیشن 2025 تا2028 کے آغاز کیلئے منعقدہ مرکزی تنظیمی وتربیتی بقیتہ اللہ کنونشن کی تیاریوں جا ئزہ لیاگیا۔
اجلاس میں مرکزی جنرل سیکریٹری و چیئرمین کنونشن سید ناصرعباس شیرازی نے شرکائے اجلاس کو تفصیلات سے آگاہ کیا اور انتظامی کمیٹیوں کا اعلان کیا۔
اس موقع پر مرکزی کابینہ کے اراکین سمیت مرکزی دفتر کے اسٹاف اراکین اور دیگر بھی موجود تھے۔ تمام شرکاء نے مرکزی کنونشن کے بہترین انتظامات کا عزم کیا ۔
مرکزی کنونشن مجلس وحدت مسلمین پاکستان بعنوان بقیہ اللہ 18/19/20 اپریل 2025ء کو اسلام آباد میں منعقد ہورہا ہے جس میں اگلے 3 سال کے لئے نئے پارٹی چیئرمین کا انتخاب ہوگا ۔
وحدت نیوز(ملتان)مجلس وحدت مسلمین ضلع ملتان کی جانب سے پریس کلب ملتان کے سامنے غزہ میں جاری حالیہ اسرائیلی جارحیت سے شہید ہونے والے فلسطینی بچے، مرد اور خواتین کے لئے چراغاں کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں بچوں کی بڑی تعداد میں شرکت کی جنہوں نے کفن پہن رکھے تھے، شرکاء نے فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے بینرز اور پلے کارڈز اُٹھا رکھے تھے۔
اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے صوبائی صدر علامہ اقتدار حسین نقوی، صوبائی و ضلعی کابینہ کے رہنما، ضلعی صدر ملتان فخر نسیم، آئی ایس او کے ریجنل صدر احتشام اظہر، ضلعی صدر علی مصدق سمیت بچوں اور مومنین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے مردہ باد امریکہ مردہ باد اسرائیل کے نعرے لگائے، اس موقع پر امریکہ اور اسرائیل کے پرچم نذر آتش کیے گئے۔ آخر میں شہدائے غزہ و فلسطین کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں۔
وحدت نیوز(لاہور)ملک بھر کی طرح لاہور میں بھی یوم انہدام جنت البقیع عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ لاہور میں کربلا گامے شاہ سے احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس میں مجلس وحدت مسلمین، شیعہ علماء کونسل، تحریک نفاذ فقہ جعفریہ، تحریک حسینیہ پاکستان سمیت دیگر جماعتوں کے شیعہ سنی قائدین نے شرکت کی اور آل سعود کے اس اندوہناک اقدام کی بھرپور انداز میں مذمت کی۔
ریلی کی قیادت علامہ سید حسن رضا ہمدانی، علامہ سید صبیح حیدر شیرازی،علامہ حافظ کاظم رضا نقوی، شاہ حسین قزلباش، علامہ ظہیرالحسن کربلائی، قاسم علی قاسمی، علامہ سجاد حسین جوادی، مولانا سید عسکری مشہدی، علامہ سید وقارالحسنین نقوی، سید نوبہار شاہ،علامہ دلدار حیدر جعفری، علامہ سید حسن عسکری نقوی، علامہ عرفان علی حسینی،سید تاثیر رضا نقوی، سید ابوالحسن شیرازی، سید ابرار گیلانی،سید انصار حسین شیرازی، پیر ایس اے جعفری، علامہ حسین مصور، محمد محتشم رضا، قاضی علی حسین طاہر، ڈاکٹر سلمان رضا سمیت دیگر نے شرکت کی۔
ریلی کے شرکاء لبیک یا زہراؑ کے فلک شگاف نعرے لگا رہے تھے۔ مظاہرین نے سعودی حکومت سے مطالبہ کیا کہ دختر رسول سمیت دیگر آئمہ اطہار کے مزارات تعمیر کروائے، اگر سعودی حکومت ایسا نہیں کرتی تو پھر ہمیں اجازت دے کہ ہم سیدہ زہرا سلام اللہ علیہا سمیت دیگر آئمہ اطہار کے مزارات تعمیر کروا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حیرت ہے کہ دختر رسولؑ کے قبر اطہر ایک ویرانے میں ہے، جبکہ آل سعود کے محلات روشنیوں میں نہائے ہوئے ہیں۔ مقررین نے مطالبہ کیا کہ سعودی حکومت کو اس حوالے سے واضح پالیسی دینا ہوگی۔
مقررین نے حکومت پاکستان سے بھی مطالبہ کیا کہ سعودی حکومت سے اس حوالے سے بات کرے اور مزار سیدہؑ کی تعمیر کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ریلی کے شرکاء نے فلسطین و غزہ پر اسرائیلی جارحیت کی بھی مذمت کی اور اسرائیل سے فوری حملے بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ رہنماوں نے کہا کہ فلسطین کے معاملے پر امت مسلمہ کی خاموشی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔
وحدت نیوز(کراچی) یومِ انہدام جنت البقیع کی مناسبت سے جامع مسجد حیدری و امام بارگاہ معصومین، اورنگی ٹاؤن سیکٹر 10 میں مجلسِ عزا منعقد کی گئی جس میں مومنین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مجلسِ عزا سے صدر ایم ڈبلیو ایم کراچی علامہ شیخ محمد صادق جعفری اور صدر مجلس علماء مکتبِ اہلِ بیت ضلع کیماڑی مولانا سید عامر رضا زیدی نے خطاب کیا۔ انہوں نے جنت البقیع کی تاریخی و روحانی اہمیت پر روشنی ڈالی اور مسلم امہ کو اتحاد و بیداری کا پیغام دیا۔ مجلس کے اختتام پر ایک پرامن ماتمی ریلی برآمد ہوئی، جس سے سیکرٹری تبلیغات کراچی علامہ حیات عباس نجفی نے خطاب کرتے ہوئے شہدائے بقیع کے تقدس، امتِ مسلمہ کی ذمے داریوں اور وحدت کے پیغام کو اجاگر کیا۔
ماتمی ریلی میں معروف نوحہ خواں ماسٹر زین علی، دانیال حسن موسوی (انجمنِ حیدرِ کرارؑ)، محمد احمد (انجمنِ معرفت الایمان) اور اشتیاق مہدی (انجمنِ کاروانِ عون و محمد قدیمی) نے نوحہ خوانی کی جبکہ سنگت دعائے موسیٰ کاظم کی جانب سے سالار راجہ بھائی کی قیادت میں ماتم داری و سینہ زنی کی گئی۔ یہ پروگرام مجلسِ وحدت مسلمین پاکستان (ضلع غربی) کے زیر اہتمام منعقد ہوا جس میں عزاداروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور اپنے عقیدت و غم کا اظہار کیا۔
وحدت نیوز(جیکب آباد) بڑھتی ہوئی بدامنی، چوری، ڈاکے اور اغواء برائے تاوان کی وارداتوں کے خلاف ریلی نکال کر جیکب آبادپریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی ریلی کی قیادت علامہ مقصود علی ڈومکی، آل ڈومکی اتحاد کے وائس چیئرمین حاجی شاہ مراد ڈومکی، جنرل سیکرٹری عبدالفتاح ڈومکی، ضلعی صدر منصب علی، رحمدل خان ٹالانی، ڈومکی یوتھ ونگ کے صدر مظفر علی ٹالانی، مجلس وحدت مسلمین عزاداری ونگ صوبہ سندھ کے نائب صدر سید غلام شبیر نقوی اور پیپلز پارٹی شہید بھٹو کے ضلعی رہنماء ریاض احمد لاشاری، پاک وطن پارٹی کے مرکزی رہنماء مور خان ڈومکی، مجلس علماء مکتب اہل بیت کے ضلعی صدر علامہ حاجی سیف علی ڈومکی، مجلس وحدت مسلمین عزاداری ونگ کے ضلعی صدر نور الدین گولاٹو نے کی۔
اس موقع پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا جیکب آباد میں آئے روز چوری اور ڈکیتی کی وارداتیں ہو رہی ہیں۔ ہمارے جوانوں سے موٹر سائیکلیں چھینی گئیں اور ان کے کارخانے میں گھس کر شعیب علی گولاٹو کو ڈاکوؤں نے گولیوں کا نشانہ بنایا۔ تین مہینے گذر گئے آج تک پولیس مجرموں کو نا ڈھونڈ سکی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سندھ حکومت اور سندھ پولیس قیام امن کے سلسلے میں سنجیدہ عملی اقدامات کرے۔ ہم قیام امن کے سلسلے میں پولیس اور حکومت سے مکمل تعاون کریں گے۔ لیکن اگر سندھ حکومت اور پولیس ڈاکوؤں اور مجرموں کے سامنے بے بس ہیں تو پھر جیکب آباد کا امن و امان سندھ حکومت باضابطہ طور پر ہمارے حوالے کرے، پھر ہم دیکھتے ہیں کہ کون سا بدمعاش آ کر جیکب آباد کے عوام کو لوٹتا ہے۔ ہم سرعام مجرموں کی ٹانگیں توڑیں گے اور مجرم چور اور لٹیروں کو نشان عبرت بنائیں گے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ جیکب آباد میں سی سی ٹی وی کیمرے ہر چوک اور چوراہے پہ لگائے جائیں تاکہ مجرموں کی بروقت نشاندہی ہو سکے اور جو بااثر لوگ مجرموں کی پشت پناہی کر رہے ہیں انہیں بے نقاب کرتے ہوئے شریک جرم قرار دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال درست نہ ہوئی تو ہم امن و امان پر آل پارٹیز کانفرنس بلائیں گے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آل ڈومکی اتحاد کے جنرل سیکرٹری استاد عبدالفتاح ڈومکی نے کہا کہ آج جیکب آباد کے عوام اور ڈومکی قبائل کے جوان قیام امن کے سلسلے میں روڈوں پر نکلے ہیں۔ ایس ایس پی جیکب آباد مسروقہ موٹر سائیکلیں اور سامان مجرموں سے برآمد کرتے ہوئے اصل مالکوں کے حوالے کریں اور مجرموں کو گرفتار کریں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ضلعی صدر منصب علی ڈومکی نے کہا کہ اگر جیکب آباد کا امن بحال نہیں کیا گیا تو ہم ایک دفعہ پھر احتجاج کے لئے نکلیں گے۔
مظفر علی ٹالانی نے کہا کہ اگر جیکب آباد میں ڈاکو راج کو نا روکا گیا تو ہم اس سے زیادہ سخت احتجاج کا راستہ اختیار کریں گے۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی شہید بھٹو کے رہنماء ریاض احمد لاشاری نے کہا کہ جیکب آباد میں امن و امان تباہ ہو چکا ہے۔ ہندو تاجر غیر محفوظ ہیں۔ ہر شخص غیر محفوظ ہے۔ مجلس وحدت مسلمین عزاداری ونگ صوبہ سندھ کے نائب صدر سید غلام شبیر نقوی نے کہا کہ سندھ حکومت اور سندھ پولیس سندھ کے تباہ ہوتے ہوئے امن و امان کو بہتر بنائیں اور عوام کی جان و مال کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے۔ احتجاجی ریلی میں معززین نیاز علی ٹالانی، جیئند خان ٹالانی، گلبہار ٹالانی، عنایت علی ضلع صدر جعفرآباد، نصیب اللہ گبول، نذیر احمد ڈومکی، میر منیر احمد ڈومکی، حاجی زوار دلدار گولاٹو، ریاض ڈومکی، نوجوان اتحاد کے رہنماء مشرف علی جکھرانی، مولانا ارشاد علی سولنگی و دیگر شریک ہوئے۔