
Ahsan Mashadi
وحدت نیوز(لاہور)عالمی یوم القدس کی مناسبت سے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان لاہور چیپٹر کے زیر اہتمام القدس کانفرنس بعنوان ''فلسطین کا دفاع پاکستان کا دفاع ہے''کا انعقاد لاہور کے مقامی ہوٹل میں منگل کے روز مقامی ہوٹل میں کیا گیا۔ کانفرنس سے پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعجاز چوہدری،جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ، مجلس وحدت المسلمین کے وائس چیئر مین علامہ احمد اقبال رضوی، احمد سلمان بلوچ، علامہ اکبر کاظمی اور فلسطین فاونڈیشن کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے خطاب کیا۔سینیٹر اعجاز چوہدری نے کہا کہ اسرائیل کو فلسطین میں ناجائز تسلط کے طور پر قائم کرنے والی مغربی حکومتیں امریکہ، برطانیہ اور فرانس سمیت یورپی ممالک اسرائیلی جرائم میں برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایشیائی اور افریقی ممالک میں جدید نوآبادیاتی نظام کو برقرار رکھنے کے لیے فلسطین کے مقام پر اسرائیل کی ناجائز ریاست کو زبردستی قائم گیا۔تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسئلہ فلسطین کا منصفانہ حل ناگزیر ہے۔ اسلام امن و سلامتی کا درس دیتا ہے۔ ہم دنیا کو بتا رہے ہیں کہ ہم یہود مخالف نہیں بلکہ اسرائیل کو غاصب اور ناجائز تصور کرتے ہیں۔ مسئلہ فلسطین کا پر امن حل فلسطینیوں کی فلسطین واپسی سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی اسرائیلی مظالم پر خاموشی سمجھ سے بالاتر ہے، غلامی سے نکلیں اور اسرائیل کے خلاف بھرپور آواز اٹھائیں، قائد اعظم محمد علی جناح کی پالیسی ہی ہماری پالیسی ہے، ہم اس سے انحراف نہیں کرسکتے۔
شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا کہ موجودہ حکومت کو اسرائیل کی فلسطین پر حالیہ جارحیت پر بھرپور مذمت کرنی چاہیے۔ رمضان المبارک میں ہر سال کی طرح امسال بھی اسرائیل کے فلسطین، بیت المقدس کے تقدس کی پامالی پر حملے ان کی شکست اور بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہیں ۔جماعت اسلامی کے رہنما نے کہا کہ اسرائیل سے تعلقات اور مراسم قائم کرنے کا مطلب اپنے نظریے کی قربانی ہے، جو کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ۲۳ رمضان کو ملک بھر میں یوم القدس منایا جائے گا عوام بھرپور شرکت کریں۔
کانفرنس سے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم اپنے دینی و ملی فریضے پر عمل کرتے ہوئے فلسطین کی آزادی اور اسرائیل کی ناجائز ریاست کے خلاف آواز بلند کریں۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے وائس چیئر مین علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا کہ کسی کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ پاکستان میں اسرائیل کے لئے کام کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین فلسطینیوں کا وطن ہے اور اسرائیل ایک غاصب اور ناجائز ریاست ہے۔ ہم کانفرنس میں پیس کردہ قرارداد کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے احمد سلمان بلوچ نے کہا کہ ہم فلسطین کاز کے ساتھ ہیں ۔ کانفرنس میں فلسطینی طلبا کی بڑی تعداد میں عبدالرحمان سمیت معروف صحافیوں سمیت سوشل میڈیا کارکنان شہباز گیلانی ، تصور شہزاد، ارسلان عزیز، عابد میر، علی رضا، چمن لال، توقیر کھرل، محمد ثقلین، حنین زیدی، سارہ حبیب، حسن نظامی، مریم علی، خولہ رضوی، عبد اللہ منصور اور دیگر موجود تھے۔
وحدت نیوز(لاہور)ایام شہادت امیرالمومنین امام علی علیہ سلام کے موقع پر سینیئر رہنما مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین سیدہ زہرا نقوی نے کہا امام علی علیہ سلام شہید راہ عدالت ہیں آپ نے معاشرے میں موجود ہر طبقہ کو ایک جیسے حقوق عطا کیے اور عین اسلامی اصولوں پر مرتب معاشرہ قائم کیا آپ کی شہادت سے دین اسلام کو بہت خسارہ اٹھانا پڑا جس دن مظہر عدالت لوگوں کے درمیان سے چلا گیا اور اس دلسوز اور مہربان رہبر کی جگہ دوسروں نے لے لی اس دن دین کا شیرازہ بکھرنے لگا۔
انہوں نے کہا امام علی علیہ السلام کے روحانی مقامات ، آپ کی توحیدی معرفت،آپؑ کی عبادت خدا کی بارگاہ میں تقرب و اخلاص اِن مقامات کی گہرائی تک پہنچنا ہماری پہنچ اور طاقت سے باہر ہے۔تمام شیعہ وسنی مسلمان علماء نے حتیٰ غیر مسلم مفکرین نےامیرالمؤمنین علیہ السلام کی شخصیت کو مکمل طور پر سمجھنے سے اپنی عاجزی اورناتوانی کا اظہار کیا ہے موجودہ سیاسی صورتحال سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ مفادات کی سیاست نے ملک کی جڑیں کھوکھلی کر دی ہیں سیاست دان انفرادی سوچ کو چھوڑ کر اجتماعی اور اصولوں پر مبنی سیاست کریں تاکہ ملک و قوم کو موجودہ گھمبیر حالات سے نکالا جا سکے ان کا مزید کہنا تھا حضرت علی علیہ السلام نے روئے زمین پر بہترین حکومت کی۔
انہوں نے اعلی مناصب پر اہل لوگوں کو تعینات کر کے میرٹ کو تقویت دی اور ہر ایک کو اسکا حق دیا آپ علیہ سلام نے باغیانہ سازشوں کو بہترین حکمت عملی سے ناکام بنایا آج پاکستان میں حکمرانوں کو حضرت امیرالمومنین علی علیہ سلام کی حکومت اور اصولوں کو رول ماڈل بنانے کی اشد ضرورت ہے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے شہادت امام علی علیہ السلام کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ماہ رمضان رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے، سعادت وبخشش کا مہینہ ہے، جہاں ہم اس ماہ مبارک میں عبادات کی انجام دہی کرتے ہیں، روزہ رکھتے ہیں، قرآن مجید کی تلاوت کرتے ہیں، وہاں اس مہینے میں اہم مناسبتیں بھی ہیں ان میں اہم ترین اکیس ماہ رمضان کا دن ہے جو مولا کائنات امیر المومنین حضرت امام علی علیہ السلام کی شہادت سے منسوب ہے، اس دن کو پورے پاکستان کے لوگ یوم عزاء کے طور پر مناتے ہیں، مولا علی علیہ السلام کے سر اقدس پر وار کیا گیا، شقی القلب شخص نے یہ ظلم کیا، یہ درحقیقت سچائی پر حملہ تھا، یہ دراصل عدل پر وار ہوا تھا، یہ غیرت و حمیت اور دیانت پر وار تھا یہ اسلام کی مقدس ترین اور عظیم المرتبت ہستی پر مسجد کے اندر سب سے پہلی دہشت گردی تھی۔ جس نے دین اسلام کی بنیادوں کو ہلا کر رکھ دیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ ہماری عزاء کا دن ہے جس دن ظلم عظیم ہوا تھا، دنیا پرستوں کو امام علی علیہ السلام کا زہد اور عدل برداشت نہیں تھا اس لیے انہیں شہید کردیا گیا، پورے پاکستان کے چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں, دیہاتوں میں شہادت امام علی علیہ السلام کی مناسبت سے جلوس نکالے جاتے ہیں اور مجالس عزاء برپا کی جاتی ہیں، حکومت کی زمہ داری ہے کہ وہ ان جلوسوں کو سیکیورٹی فراہم کرے اور فل پروف سیکورٹی کو یقینی بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے، میں تمام عزاداروں اپیل کرتا ہوں اور جوانوں کو بھی کہتا ہوں کہ وہ سامنے آئیں اور سیکیورٹی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور ارد گرد کے ماحول پر بھی نظر رکھیں تاکہ دشمن عناصر اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہ ہوسکیں۔
وحدت نیوز(لاہور) شہادت امیرالمومنین، یعسوب الدین ، مولاے کائنات ،شیر خدا وصی رسول خدا صل اللہ علیہ وآلہ وسلم امام علی علیہ سلام کے پرسوز موقع پر تمام عالم اسلام بالخصوص امام زمانہ عج کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتی ہوں حضرت علی علیہ السلام اس ہستی اور ذات والا صفات کا نام ہے کہ قلم جس کی توصیف سے عاجز اور ناتوان ہیں کیونکہ علی ؑ اس فضیلت کا نام ہے کہ جس کی دنیا کے پیمانوں سے پیمایش نہیں کی جاسکتی، طائر فکر انسانی جس قدر بھی اپنی پرواز بلند کرتا ہے لیکن ذات علی کے سامنے وہ بونا ہی نظر آتا ہے، کیونکہ عقل اور افکار علی کی بے نظیر اور بے مثل ہستی کا احاطہ کرنے سے قاصر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی صدر مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین سیدہ معصومہ نقوی نے یوم علی علیہ سلام کی مناسبت سے کیا۔
انہوں نے کہا اس میں کوئی شک اور دو رائے نہیں ہیں کہ پیامبر خاتم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات والا صفات کے بعد بالاتفاق جس ہستی کا مقام اور مرتبہ عظیم الشان ہے وہ حضرت علی علیہ السلام ہیں امام علی علیہ السلام نے اسلام کی حفاظت اور مشکلات کو دور کرنے کیلئے پچیس سال تک زحمتوں کو برداشت کرنے کے بعد اسلامی حکومت تشکیل دی اور حدود الہی کو قائم کیا ، منحرف لوگوں سے جنگ کی ، ضرورت مندوں اور فقیروں کو ان کا حق دلایا ، مظلوموں کے حق کو پہچنوایا اور بیت المال کو عدالت کے ساتھ تقسیم کرنے کی کوشش کی اگر چہ بعض مسلمان نما لوگوں کو ان کی عدالت پسند نہیں تھی اور اسی وجہ سے ان کو شہید کردیا گیا انہوں نے مزید کہا امیرالمومنین علیہ سلام کی ولایت سے متسمک رہنا اور ان کی محبت سے اپنے دلوں کو منور کرنا ہمارا ایمان ہے لیکن اس محبت اور ولایت کا تقاضا یہ ہے کہ عملی زندگی میں امام علی علیہ سلام کی معرفت حاصل کی جاے اور ان کی سیرت و تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کریں۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری سید ناصر عباس شیرازی ایڈووکیٹ کی سبکدوش ہونے والے برادر اسلامی ملک جمہوری اسلامی ایران کے سفیر محترم سید،محمد علی حسینی کے اعزاز میں دئے جانے والے افطار ڈنر میں شرکت۔ایرانی سفیر سے ملاقات اور پاک ایران دوستی کے لئے ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ نئے آنے والے ایرانی سفیر بھی اسی جوش و جذبہ سے دوستی کے اس سفر کو آگے بڑھائیں گے ۔اس موقع پر فلسطین کی آزادی کے مسئلہ پر مختصر اظہار خیال بھی کیا گیا ۔
دیگر شرکاء میں سابق وزیر مزہبی امور نورالحق قادری ،مفتی گلزار احمد نعیمی، علامہ سید ساجد علی نقوی ،علامہ عارف حسین واحدی ،عبدالغفور حیدری، عبداللہ گل،علامہ افتخار حسین نقوی شامل تھے ۔تقریب کا اختتام فلسطین کی آزادی کی دعا کے ساتھ ہوا ۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے سچ ٹی وی اور چیرمین امام خمینی ٹرسٹ علامہ سید افتخار حسین نقوی کی جانب سے اسلام آباد ہوٹل میں منعقدہ سیمینار و افطار ڈنر سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری سید ناصر عباس شیرازی ایڈووکیٹ کی شرکت اور خطاب۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی بنیاد جس ظلم ہر رکھی گئی وہ نابود ہونے کے لیے ہے ۔مظلوم فلسطینی آزادی حاصل کر کے رہیں گے ۔مزاحمت اور مقاومت کا بلاک بہت مضبوط ہو چکا ہے ۔اسرائیل سیاسی اقتصادی، سیکیورٹی اور دفاعی بحران سے دوچار ہے اور مسلسل انحطاط پذیر ہے ۔آج اسرائیل سے تعلقات کا نتیجہ معلوم ہو چکا ہے جبکہ شام سے تمام عرب ممالک تعلقات استوار کرنے جارہا ہیں۔امریکی استعماریت آخری سانسیں لے رہی ہیں اور امید کا روشن چراغ مزید روشن ہوتا جا رہا ہے ۔
انہوں نے پاکستان کے فیصلہ سازوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں کوئی قوم اپنی نظریاتی اساس سے جدا رہ کر ترقی نہیں کر سکتی ۔پاکستان بھی اپنی نظریاتی بنیادوں کی مضبوطی سے ہی قوی ہو سکتا ہے ۔نظریہ پاکستان ہر وقت مظلوم فلسطینیوں اور کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہونے کا تقاضا کرتا ہے اور ایسی خارجہ پالیسی ہی پاکستان کے عوام کی امنگوں کی ترجمانی کر سکتی ہے ۔اس موقع پر سیاسی راہنما ندیم افضل چن، وزیر اعظم کے معاون خصوصی فیصل کریم کنڈی، تسنیم قریشی ،مسلم لیگ لے ایم این اے جاوید شیرازی، مظہر برلاس سمیت دیگر مقررین نے بھی اظہار خیال کیا ۔آخر میں مولانا افتخار نقوی نے اختتامی کلمات کہے ۔اس موقع پر ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد شریک تھی ۔