
Ahsan Mashadi
وحدت نیوز(اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ولایت و امامت کے آٹھویں تاجدار حضرت امام علی ابن موسیٰ الرضا علیہ السلام کی شہادت کے موقع پر حجت دوراں حضرت امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف،مقام معظم رہبری اور تمام محبان محمد و آل محمد علیہم السلام کی خدمت میں تعزیت و تسلیت عرض کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شاہ خراسان مولا رضا علیہ السلام عطوفت و محبت اور تواضع و انکساری کا پیکر تھے، آپ علم و معرفت کا بحرِ بیکراں تھے جس سے تشنگان حق وصداقت سیراب ہوتے اور جہل و نادانی کی ظلمتوں سے نجات پاتے تھے، فکری و اعتقادی مباحث میں امام رضا علیہ السلام نے بڑا قیمتی کردار ادا کیا ہے، آپ کا زمانہ علمی و ثقافتی سرگرمیوں کے اعتبار سے ایک آزاد فضاء کا حامی تھا، لوگ اپنے عقائد و نظریات بیان کرنے میں بالکل بے باک تھے، لہذا اس وقت اسلامی حقائق و معارف سے آشنا مسلمان دانشوروں کی ذمہ داریاں بہت بڑھی ہوئی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے وارث اہلبیت علیہ السلام کے نمایاں ترین فرد اور ملت اسلامیہ کے پیشوا کی حیثیت سے امام رضا علیہ السلام نے اس وقت قرآنی معارف کے تحفظ میں نمایاں کردار ادا کیا، آپ کا روز شہادت ہم سب اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ اپنی زندگیوں کو ویسے ڈھالیں جیسے خدا و رسول اور اہلبیت علیہم السلام کو پسند ہو، ہمیں اس راہ پر گامزن رہنے کا اعادہ کرنا چاہیے کہ جس راہ کی ان برگزیدہ ہستیوں نے تعلیم دی ہے اور جس راہ پر انہوں نے اپنی زندگیوں کو قربان کر دیا ہے، تا کہ دنیا و آخرت دونوں میں کامیاب ہو سکیں۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری سید ناصر عباس شیرازی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ملک میں لا اینڈ آرڈر کی صورتحال انتہائی خراب ہے، بڑھتی ہوئی بد امنی اور اغواء برائے تاوان کی وارداتوں نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے، جس کی تاذہ مثال مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی کے بھانجے کا اغواء ہے، عاطف علی ڈومکی کو آج صبح کندھ کوٹ سے اغواء کیا گیا ہے، جس کی بازیابی کو فوری طور پر یقینی بنایا جائے، ضلع کشمور میں اغواء برائے تاوان کی وارداتیں روز کا معمول بن چکی ہیں، مقامی انتظامیہ نے بد امنی کی اس سنگین صورت حال میں عوام کو تنہاء چھوڑ دیا ہے، جبکہ کشمور کے ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ مغوی کو گھوٹکی سے اغواء کیا گیا ہے۔ جب کریڈٹ لینا ہو تو فوراً بیان دیئے جاتے ہیں کہ ڈاکوؤں کو ہم نے مارا ہے لیکن اب ذمہ داری نبھانے سے قاصر نظر آتے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ ملکی اقتصادی صورتحال کئی ماہ سے ابتری کا شکار ہے، جسے سنبھالنے کی بجائے مزید خرابی کی طرف دھکیلا جارہا ہے، انتظامیہ کی جانب سے عوام کی زندگیوں کو اجیرن بنانے والے سماج دشمن عناصر کی بیخ کنی کرنے کی بجائے، اپنے فرائض منصبی سے پہلو تہی کی جا رہی ہے، ملکی سیاسی و معاشی صورتحال اس قدر زبوں حالی کا شکار ہے کہ اس طرح کی وارداتوں میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے، لیکن افسوس ناک پہلو یہ ہے کہ عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہے، لوگوں کی جان و مال کے محافظ ادارے مٹھی بھر عناصر کے سامنے مکمل طور پر بے بس نظر آتے ہیں۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ نگران حکومت بجلی کے بلوں میں بھاری بھرکم اضافہ واپس لے، اضافی ٹیکسز غریب عوام کے لیے بہت بڑا بوجھ ہیں، بلوں میں ہوشربا اضافے سے عوام بلبلا اٹھے ہیں، مہنگائی کی چکی میں پسے عوام کے لیے بجلی کے بھاری بل ناقابل برداشت ہیں، حکمرانوں کی ناعاقبت اندیشی ملک کو سول نافرمانی کی طرف دھکیل رہی ہے، مہنگائی کے ہاتھوں مجبور و نادار لوگ آئے روز خود کشیاں کر رہے ہیں، غربت و بے روزگاری سے تنگ عوام 15 پر کالز کر کے راشن کی دہائیاں دے رہےہیں۔
انہوں نے کہا کہ نگران حکومت بھی عوام کو ریلیف دینے میں مکمل ناکام نظر آتی ہے، دیہاڑی دار مزدور طبقہ اپنی آمدن اور تنخواہوں سے اضافی بلوں کی ادائیگی کیسے کریں گے، مہنگے بجلی کے بلوں سے عوام کی چیخیں نکل گئیں، پندرہ روپے فی یونٹ پر اضافہ انتہائی ظالمانہ اقدام ہے، جسے سختی سے مسترد کرتے ہیں، ملک میں پہلے ہی اشیائے خوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، آٹا، دال ،چاول اور چینی کی قیمت روز بروز بڑھ رہی ہے، غافل اشرافیہ اپنی عیاشیوں میں مصروف ہے، پی ڈی ایم کا ریلو کٹا ٹولہ سولہ ماہ میں ملک کا خون چوس کر دوبارہ لندن فرار ہو گیا ہے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) ثقافتی قونصلیٹ سفارت اسلامی جمہوریہ ایران و مجلس وحدت مسلمین اسلام آباد کے زیر اہتمام کانفرنس بعنوان تکریم قرآن کریم دیگر ادیان و مزاہب کی نگاہ میں کا انعقاد کیا گیا، جس سے مختلف ادیان و مزاہب کے نمائندگان اور مکاتبِ فکر ہائے اسلام کے دانشوروں و علمائے کرام نے خطاب کیا،
جمہوری اسلامی ایران اسلام آباد کے ثقافتی کونسلر حسان خزاعی نے کانفرنس کے ابتدائی کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ محفل قرآن مجید کی بے حرمتی اور توہین کے خلاف منعقد کی گئی ہے، جس میں تمام مذاہب و مکاتب فکر کے علمائے کرام و دانشور حضرات کی شرکت لائق تحسین ہے، جس کے لیے ہم بے حد مشکور ہیں، ہم اس کانفرنس کے انعقاد میں خصوصی تعاون پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری و جنرل سیکرٹری سید ناصر عباس شیرازی اور ضلعی صدر اسد اللہ چیمہ کا دلی شکریہ ادا کرتے ہیں، رہبر معظم نے فرمایا کہ آزادی اظہار کی آڑ میں قرآن مجید کی توہین کو روکنے کے لیے مسلمین جہان کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے کیونکہ اس کی مقبولیت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے، شکر خدا ہے کہ دونوں اسلامی ممالک ایران و پاکستان حرمت قرآن الحکیم کے لیے سرگرم عمل ہیں۔
کانفرنس کے شرکاء سے مہمان خصوصی آیت اللہ ڈاکٹر احمد مبلغی رکن مجلسِ خبرگان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک عظیم الشان پروگرام جو کہ قرآن کریم کی حرمت کے لیے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے غیور عوام کی طرف سے ہے، ہماری سب سے بڑی ذمہ داری ہے کہ ہم سب مسلمان متحد ہوں، قرآن مجید کے بارے ہماری مشترک رائے ہے کہ اس بارے ہم کسی اہانت کو برداشت نہیں کریں گے کیونکہ یہ ایک آسمانی و آفاقی کتاب ہے، لہذا یہ جو قرآن مجید کی توہین ہوتی ہے یہ ہر عنوان سے جرم و جنایت ہے، ہمارا فریضہ ہے کہ ہر فورم پر اس بات کو باور کرایا جائے کہ قرآن مجید ہماری ریڈ لائن ہے اور ہمیں تمام مذاہب کے مقدسات کا احترام روا رکھنا چاہیے۔ شیعہ و سنی کوئی کسی مقام یا عہدہ پر ہو سب کو چاہیے کہ ایک دوسرے کے مقدسات کا احترام کریں، دونوں اسلامی ممالک کا قرآن مجید کی اہانت کے خلاف سب سے آگے کھڑا ہونا انتہائی اہمیت کا حامل ہے، یہ بھی نہ ہو کہ اسلام کو مسیحیت کے سامنے لا کھڑا کیا جائے۔
سفیر جمہوری اسلامی ایران اسلام آباد ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے کہا کہ صاحبان علم کی محفل میں شریک ہو کر دلی خوشی ہوئی ہے جنہوں نے اس پروگرام کو کامیاب بنایا انکی کاوش قابل ستائش ہے، توہین قرآن مجید سے دنیا کے دو ارب مسلمین کے جذبات کو مجروح کیا ہے، پھر مغرب کی حکومتی چھتری تلے یہ مذموم حرکت شرمناک اور آفسوس ناک ہے، اس توہین کے خلاف تمام ممالک کے دانشوروں اور صاحب الرائے افراد کی طرف سے مذمت قابل تعریف ہے۔ بین الاقوامی قانون کے مطابق آزادی اظہار رائے کی آڑ میں قرآن پاک کی توہین کرنا خود انکے اپنے بنائے گئے قوانین کے خلاف ہے۔
مسیحی برادری کی نمائندگی کرتے ہوئے کرسٹوفر شیرف نے کہا کہ بحیثیت مسیحی ہم قرآن مجید کی ڈنمارک، سویڈن اور پاکستان میں ہونے والی بے حرمتی پر افسردہ ہیں، ہم اس بات پر یقین رکھتے ہیں، ہم باہمی احترام اور مذہبی رواداری کے ساتھ ملکر رہنے کے قائل ہیں، میں واضح کرتا چلوں کہ مسیحیت اپنے پڑوسی کے مذہبی عقائد ونظریات کا احترام کرنے کی ترغیب دیتی ہے اور ہم زور دیتے ہیں کہ ملک پاکستان میں بھی اس طرح کے واقعات نہیں ہونے چاہئیں جس میں عیسائی اقلیت کے خلاف سنگین اقدامات کیے جاتے ہیں۔
ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے سیکرٹری جنرل سید ناصر عباس شیرازی نے کہا کہ یہ مسئلہ یہودیت اور عیسائیت کا نہیں ہے، جڑانوالہ والا واقعہ کو کسی مسلمان یا حکومتی نمائندوں نے جسٹیفائی نہیں کیا، اس پر بحیثیت مسلمان ہم شرمندہ ہیں لیکن جو سویڈن اور ڈنمارک میں قرآن مجید کی توہین ہوتی ہے اسے حکومت کی تائید حاصل ہے، جہاں ہم تمام مذاہب و آسمانی کتابوں کا احترام کرتے ہیں، تو پھر کسی قسم کی توہین کو مغربی ممالک میں حکومتی سرپرستی حاصل نہیں ہونی چاہیے۔
شیعہ علماء کونسل پاکستان کے نائب صدر علامہ عارف واحدی نے کہا کہ آج کے دور میں قرآن مجید کی حرمت کے لیے ایک خوبصورت محفل سجائی گئی ہے، قرآن مجید ایک مکمل ضابطہ حیات ہے اور انسان ساز کتاب ہے جو سب کے لیے روشنی اور ظلمت سے نکالنے کا ذریعہ ہے۔
عراق کے سفیر ڈاکٹر رمیز الراعی آج یہاں ہم اس لیے جمع ہوئے ہیں کہ دنیا کے مختلف ممالک میں ہونے والی قرآن الحکیم کی بے حرمتی کی مذمت کریں، شام میں تمام مذاہب کے لوگ رہتے ہیں جہاں حکومت شام کی طرف سے اس بات کو یقینی بنایا جاتا ہے کہ تمام انسانوں کے مذہبی عقائد و مقدسات کا احترام کیا جائے۔
پنڈت جے رام نمائندہ ہندو کمیونٹی راولپنڈی نے کہا کہ کسی انسان کو مت ستاؤ کسی کے دل نہ دکھاؤ کہ تمھارا خدا ناراض نہ ہو جائے میں قرآن مجید ہونے والی توہین کی شدید مذمت کرتا ہوں، اپنے پڑوسیوں کے ساتھ اس انداز محبت سے رہو کہ کوئی دشمن آپ کے خلاف کوئی حرکت نہ کر سکے۔
سجادہ نشین دربار عالیہ موہڑہ شریف پیر مجتبی فاروق گل بادشاہ نے کہا کہ اسلامی ریاست کا تصور یہ ہے کہ اس میں مسلمان سمیت تمام مذاہب کے لوگ ملکر رہتے ہیں، بلا تفریق سب کے مال جان اور عزت کا تحفظ ریاست اسلامی کی ذمہ داری ہے۔
کانفرنس سے علامہ سید افتخار حسین نقوی، علامہ اقبال بہشتی، علامہ محمد شفاء نجفی، میر اشتیاق احمد میر اور شاعر سید تنویر نقوی و دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔
وحدت نیوز(راولپنڈی) قائدین ملت جعفریہ کی جانب سے یکم ربیع الاول کی مناسبت سے مشاورتی اجلاس حیدر شاہ ضلعی صدر مری کی رہائش پر اجلاس منعقد ہوا ۔
جس کی صدارت صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ اکبر علی کاظمی نے اجلاس کی صدارت کی ۔ اجلاس میں ضلعی کابینہ کے علاوہ برادر سید نجیب الحسن نقوی صوبائی سیکرٹری تعلیم ،علامہ اعوان علی شاہ ضلعی صدر ضلع راولپنڈی شریک تھے ۔
اس موقعہ پر تجاویز دی گئیں کہ قائدین کی کال پرسب سے پہلے اربعین حسینی( چہلم امام حسین ع) کو پرشکوہ انداز میں منعقد کیا جائے گا جس میں ہزاروں شیعیان حیدر کرار متنازعہ ترمیمی بل کو پاوں کی نوک ٹھوکر مار کر مسترد کردیں گے ۔
یکم جولائی کی تاریخ کو دہرایا جائے گا اور لاکھوں فرزندان توحید و ولائت شرکت کر کے تاریخ رقم کر دیں گے ان شاءاللہ اس حوالے سے عوامی رابطہ مہم چلائی جائے جا رہی ہے ۔
وحدت نیوز(جھنگ سٹی ) صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ پنجاب جھنگ سٹی میں ماتمی و نوحہ خواں سنگت (سپاہ عباس ع ) کے صدر جناب عابد حسین زیدی مرحوم کی مجلس ترحیم میں پہنچے اور لوگوں سے خطب کیا ۔ جھنگ میں ماتمی سنگتوں کے سالاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ناموس صحابہ بل میں تنقید اور توہین میں فرق ہوناچاہیئے ۔ صحابہ کی تشریح ہو خود اہلسنت کے نزدیک صحابہ کی تعریف مختلف ہے ۔
مکتب اہلبیت (ع) میں صحابہ کی ایک ہی تعریف ہے ۔ جو نبی پاک(صل اللہ علیہ وآلہ وسلم ) پر ایمان لایا اور مرتے دم تک اس ایمان پر قائم رہا وہ صحابی ہے ۔
جب تک ان سارے تحفظات کو دور نہیں کیا جاتا اور علماء کی رائے کو اس میں شامل نہیں جاتا یہ بل قابل قبول نہیں ۔
مجلس ترحیم کے بعد مرحوم عابد حسین اور زوار حیدر گیلانی کی پھوپھی مرحومہ کے لئے بھی اجتماعی فاتحہ خوںی کی گئی ۔