The Latest

وحدت نیوز(سکردو) علمائے امامیہ شگر کا ایک وفد نے حجت الاسلام سید طٰہٰ موسوی کی سربراہی میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کی جانب سے جاری دھرنا کیمپ میں پہنچ گئے اور دھرنے کی مکمل حمایت اور اظہار یکجہتی کیا۔ علمائے شگر کی نمائندگی کرتے ہوئے حجت الاسلام سید طٰہٰ موسوی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے جاری احتجاجی دھرنے کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اور بلتستان میں آغا علی رضوی کی قیادت میں جاری دھرنا استقامت کی ایک عظیم مثال ہے۔ ملک بھر میں جاری مظالم کے خلاف اٹھنے والی آواز انسانی بنیادوں پر ہے اور اسکی تائید و حمایت کرتے ہیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آغا علی رضوی نے کہا کہ شگر سے تعلق رکھنے والے متدین اور علماء کی بڑی تعداد میں کیمپ میں آمد پر انکا خیر مقدم کرتے ہیں اور شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شگر کے برجستہ علمائے کرام کی تائید و حمایت سے ہمارے حوصلے بہت بلند ہوئے ہیں اور مطالبات کی منظوری کے لیے پہلے سے زیادہ پرعزم ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شگر کے علماء و عمائدین اور عوام نے کبھی عوامی مسائل اور مظالم پر خاموشی اختیار نہیں کی ہے گندم سبسڈی کے خاتمے کے وقت عوامی ایکشن کمیٹی کی تحریک ہویا دیگر مراحل اہلیان شگر نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے اور ملک و قوم کے لیے آپکی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ آغاعلی رضوی نے کہا کہ وفاقی حکومت مجلس وحدت کے جائز مطالبات پر توجہ کرنے کے لیے تیار نہیں ہے، جو مطالبات وفاقی حکومت سے جاری ہے وہ دراصل ریاست کی اپنی ذمہ داری تھی لیکن ریاست اپنی ذمہ داری ادا کرنے میں غفلت سے کام لے رہی ہے، ریاستی اداروں میں موجود افراد شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں۔ ہمار ا سفر جناح اور اقبال کے پاکستان کے طرف ہے اس راہ میں ہر طرح کی مشکل قبول کرنے کیلئے تیار ہے۔

وحدت نیوز(سکھر) مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل اور وارثان شہداء کمیٹی کے چیئرمین علامہ مقصود علی ڈومکی، وائس چیئرمین علامہ عبدالمجید بہشتی، علامہ سید عالم شاہ موسوی، علامہ علی بخش سجادی، سکندر علی دل، سید ریاض علی شاہ  نے سانحہ جیکب آباد اور شکارپور کے سلسلے میں پیپلز پارٹی کے رہنماء، صوبائی وزیر خوراک سید ناصر حسین شاہ سے ملاقات کی۔ اس موقعہ پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ ڈیڑھ سال قبل سندھ حکومت نے وارثان شہداء کمیٹی سے ایک باقاعدہ معاہدہ کیا جس میں یہ طے کیا گیا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف اپیکس کمیٹی کی زیر نگرانی پولیس اور رینجرز کا مشترکہ آپریشن ہوگا۔ اور سانحہ شکارپور کے مقدمات فوجی عدالتوں میں بھیجے جائیں گے، مگر وارثان شہداء کو انصاف نہ ملا جبکہ سانحہ کے زخمی آج بھی علاج کیلئے پریشان ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ المیہ یہ ہے کہ رحیم آباد میں سینکڑوں کلو گرام بارود ی مواد اور خودکش جیکٹس ملیں، مجرم رنگے ہاتھوں پکڑے گئے مگر انہیں ریاستی اداروں نے سزا دینے کی بجائے باعزت بری کر دیا۔ اس وقت بھی ضلع شکارپور سمیت سندھ بھر دہشت گردوں کے اڈے، ٹریننگ کیمپس اور تربیتی مراکز جاری ہیں۔ مگر ان کے خلاف کوئی ایکشن نہیں ہو رہا۔ نیشنل ایکشن پلان کے باوجود ملک کے چپے چپے پر دہشت گردوں اور کالعدم جماعتوں کے پرچم اور نفرت انگیز سر گرمیاں سوالیہ نشان ہیں
، شکارپور، جیکب آباد ،خیرپور، شھداد کوٹ و دیگر اضلاع میں دہشت گردوں کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں پر ہم تشویش کا اظہار کرتے ہیں، اس موقع پر صوبائی وزیر سید ناصر علی شاہ نے مسائل کے حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے وارثان شہداء کے وفد کو آئندہ ہفتے کراچی آنے کی دعوت دی، جہاں مسائل کے حل کے لئے باضابطہ اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ اور سندھ حکومت کو مسائل کے حل میں ہونے والی تاخیر پر پریشانی ہے اور ہم معاملات حل کرنا چاہتے ہیں، تاخیر کا ازالہ کریں گے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) تحریک منہاج القرآن کے سربراہ علامہ طاہر القادی نے اپنے اعلی سطح وفد اور کثیر تعداد کارکنوں کے ہمراہ مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے ایم ڈبلیو ایم کے بھوک ہڑتالی کیمپ میں ملاقات کی ۔میڈیا کے نمائندوں اورشرکا سے خطاب کرتے ہوئے علامہ طاہر القادری نے کہا کہ پاکستان میں جاری دہشت گردی میں موجود حکمران فریق ہیں۔موجودہ حکومت دہشت گردوں کو وسائل اور معاونت فراہم کرتی ہے۔پاکستان میں موجود ایک مخصوص مسلک کے باصلاحیت افراد کی صرف اس لیے مسلسل ٹارگٹ کلنگ کی جار ہی ہے کہ حکمرانوں کو ان سے اختلاف ہے۔پاکستان کے حکمران فرعونیت، قارونیت اور یزیدیت جیسی تین صفات کا مجموعہ ہیں۔پاکستان میں عدل و انصاف کے پرخچے اڑائیں جا رہے ہیں۔ملک کے با اختیار اداروں کو چاہیے کہ وہ عوام پر ہونے والی اس حکومتی ظلم و بربریت کا نوٹس لیں۔ اگر پاکستان کے مظلوموں کی آواز نہ سنی گئی تو وطن عزیز کی بقا و سالمیت خطرے میں پڑ جائے گی۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین عشروں سے ملک فرقہ واریت کی لپٹ میں ہے۔خطے میں فرقہ وارانہ قتل سے شروع ہونے والے اس فضا نے دہشت گردی کی شکل اختیار کر کے پوری امت مسلمہ کومنتشر اور بدامنی کا شکار کر رکھا ہے۔تحریک منہاج القرآن کے سربراہ نے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے تمام مطالبات کی مکمل تائید کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملت تشیع کے رہنما کی بھوک ہڑتال کو دو ماہ مکمل ہو گئے ہیں اور حکمران شرمناک بے حسی کامظاہرہ کر رہے ہیں۔ ہم مجلس وحدت مسلمین کے دست و بازو ہیں۔ہمیں جہاں پکارا جائے گا ہم وہیں اپنی پوری تحریک کے ہمراہ ایم ڈبلیو ایم کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔31جولائی کو لاہور میں قومی مشاورت کے لیے تمام قوتوں کو بلایا جا رہا ہے جس کی میزبانی تحریک منہاج القران اور مجلس وحدت مسلمین کرے گی۔ظالم حکمرانوں کے خلاف آئندہ لائحہ عمل اور قومی مشاورت میں طے کیا جائے گا۔علامہ ناصر عباس ایک صاحب کردار ،با تدبر اور با حکمت شخصیت ہیں۔ان کے فیصلے قوم و ملت کے لیے یقیناًبہترین ہوں گے۔

علامہ ناصر عباس نے علامہ ڈاکٹر طاہر القادری، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد اور دیگر شخصیات کا ہڑتالی کیمپ آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم ظالم حکمرانوں کے خلاف یہاں گزشتہ دو ماہ سے بھوک ہڑتال پر بیٹھے ہوئے ہیں۔ہمارا احتجاج پاکستان کی بیس کروڑ مظلوم عوام کے لیے ہے۔ہمارے حکمران بے حس ہیں ۔دہشت گردی کے خلاف جاری ضرب عضب کو ناکام بنانے کے لیے نیشنل ایکشن پلان کے نام پر انتقامی کاروائیاں کی جا رہیں ہیں۔ہمارے شیعہ نوجوان کو دہشت گردی اور حکومتی بربریت کی بھینٹ چڑھایا جا رہا ہے۔ہم دو ماہ سے بھوک ہڑتا ل پر ہیں ۔پاکستان سمیت دنیا بھر میں مجلس وحدت مسلمین سے اظہار یکجہتی کے لیے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے لیکن موجودہ حکومت بے حس بنی ہوئی ہے۔17 جولائی کو پاکستان کے مختلف شہروں میں ایم ڈبلیو ایم کی خواتین احتجاج کریں گی۔22 جولائی کو ملک کی تمام اہم شاہراوں پر اپنے مطالبات کے حق میں دھرنے دیے جائیں گے ۔

اس موقعہ پر شیخ رشید احمد نے کہا کہ علامہ ناصر عباس جعفری کی اس ملک کو ضرورت ہے۔ ہم ان سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنی بھوک ہڑتال کو ختم کریں۔ ہمارے حکمران بے حس ، ظالم اور اخلاقیات سے عاری ہیں۔وہ مہذب احتجاج کی زبان نہیں سمجھتے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) معروف سماجی کارکن عبدالستار ایدھی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ملک بھر کی طرح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی تعزیتی تقریبات جاری ہیں ، مجلس وحدت  مسلمین کی  جانب سے عبدالستار ایدھی کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں۔ مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس کی قیادت میں نیشنل پریس کلب کے سامنے شمعیں روشن کی گئیں اور عبدالستار ایدھی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ علامہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ ایدھی کی انسانیت کے لیے خدمات کو کبھی بھلایا نہیں جا سکتا،ایدھی صاحب کی صورت میں پاکستان کی سرزمین سے ایک ایسا شخص رخصت ہواہےجسکی تمام زندگی سادگی اور زہد کا عملی نمونہ تھی، جویتیموں اور بیوائوں کے لئے شفیق باپ کی حیثیت رکھتا تھا، وہ ایسا شخص تھا جس نے شب وروز اس ملک کے غریبوں اور دردمندوں کی دکھوں کو بانٹے کی کوشش کی جو ہم سب کے لئے رول ماڈل تھا، ملک کو ایسی شخصیات کی اشد ضرورت ہے، شرکاء کی جانب سے عبدالستار ایدھی کے لیے دعائے مغفرت بھی کی گئی۔

وحدت نیوز(مظفرآباد) ملی تنظیمات کے زیر اہتمام شہید سیدشاہد شیرازی کی مظلومانہ شہادت اور ملک بھر میں جاری منظم شیعہ ٹارگٹ کلنگ کے خلاف مرکزی امامبارگاہ پیر علم شاہ بخاری سے احتجاجی ریلی نکالی گئی ، ریلی کے اختتام پر احتجاجی جلسے سے علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیوایم آزادکشمیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم حکومت پاکستان کے ساتھ ساتھ آزاد کشمیر کی حکومت سے بھی ہوش کے ناخن لینے کا مطالبہ کرتے ہیں کیوں کہ ابھی تک کسی قسم کا بھی ردعمل ظاہر نہیں کیا گیا ، انہوں نے کہا کہ ایڈووکیٹ شاہد شیرازی کی مظلومانہ شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ملت جعفریہ آزاد کشمیر بھرپور مذمت کرتی ہے ، ملک بھر میں جاری منظم شیعہ ٹارگٹ کلنگ نہیں رک رہی ، پرامن ملت کے صبر کا پیمانہ لبریز ہونے لگا ہے ، انصاف حکومت ڈیرہ اسماعیل خان میں انصاف فراہم کرے اگردہشتگردوں کی نرسریوں کوفنڈزفراہم کیئےجائیں گے تو شاہدشیرازی جیسے معصوم ونہتے شہری قتل ہوتےرہیں گے،ہمیں دہشت گردی والاپاکستان نہیں بلکہ بابائے قوم حضرت قائداعظم کے خوابوں کی تعبیر کاحامل خوشحال اور پرامن پاکستان چاہیے ، نیشنل ایکشن پلان کہاں ہے؟ کہ جب پرامن اور محب وطن شہری سڑکوں پر چوکوں میں چوراہوں میں مارے جارہے ہیں ، یہ برداشت نہیں ، قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی بھوک ہڑتال ظلم کے خلاف ایک آواز ہے جواب ایک تحریک کی صورت اختیار کرچکی ہے اور جب تک بے حس حکمران معاملات کے حل کی طرف نہیں بڑهتے احتجاجی تحریک کے ذریعے  نیندکی گولیاں کهاکرسونےوالےحکمرانوں کے اعصاب پرسواررہیں گے ۔

انہوں نےمزیدکہاکہ چن چن کے ہمارے پروفیشنلز اور مملکت خداداد پاکستان کے قابل بیٹوں کو مارا جارہا ہے،ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ شہید شاہد شیرازی کے قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کرتے ہوئے انہیں ان کے انجام تک پہنچایا جائے ، وارثان شہداء کو انصاف مہیاجائے ،دہشتگردوں اوراقتدارکےایوانوں میں بیٹهے دہشتگردوں کے سرپرستوں اورملک کے گوش وکنار میں پهیلے دہشتگردی کے اڈوں کے خلاف مربوط اور یکبارگی آپریشن اب وقت کی ضرورت اور مسلح افواج پاکستان کے کاندهوں پربهاری بوجه بن چکاہے لہذاہم بہادراورجری افواج پاکستان کے سپریم کمانڈرسے مطالبہ کرتے ہیں کہ دہشت گردوں اور قاتلوں کو نیست و نابود کرنے کے اقدامات کیئے جائے ،انہوں نے کہا کہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے تمام مطالبات پر فوری عمل درآمد ہی ایک پرامن پاکستان جیسی منزل کی تکمیل کر سکتا ہے۔اس موقع پر علامہ مفتی کفایت حسین نقوی،ریجنل ناظم امامیہ آرگنائزیشن برادر قمرنقوی،ڈویژنل صدرآئی ایس او برادر رضی عباس اور دیگرعمایدین بهی موجودتهے۔

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر ڈیرہ اسماعیل خان میں شیعہ وکیل شاہد شیرازی کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف جمعہ کو یوم احتجاج منایا گیا۔ اس حوالے سے شہر قائد کی مختلف جامع مساجد خوجہ مسجد کھارادر، نور ایمان، دربار حسینی، اسٹیل ٹاؤن میں جمعہ اجتماعات کے بعد احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ مظاہروں سے ایم ڈبلیو ایم، شیعہ ایکشن کمیٹی سمیت آئی ایس او کے رہنماؤں علامہ باقر زیدی، علامہ مرزا یوسف، مولانا غلام محمد فاضلی، علامہ نشان حیدر، علامہ علی انور جعفری، علامہ اظہر نقوی، میثم عابدی، احسن عباس، زین رضا، رضی حیدر سمیت دیگر رہنماؤں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں ہونے والی شیعہ نسل کشی کے خلاف اپنے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخواہ ملت تشیع کی قتل گاہ بن چکی ہے، مختلف شعبوں میں موجود ہمارے ماہرین کو چن چن کر نشانہ بنا یا جا رہا ہے، دہشت گردی کے خلاف عمران خان کے وعدے محض سیاسی طفل تسلیاں ثابت ہوئیں، خیبر پختونخواہ کے وزیر اعلی صوبے میں امن و امان کے قیام سمیت تمام انتظامی معاملات میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان وکیل کی دن دیہاڑے ٹارگٹ کلنگ سمیت صوبے میں دہشت گردی کے دیگر واقعات قومی سلامتی کے اداروں کی بے بسی کو ظاہر کر رہے ہیں، عید کے دن ہمارے نوجوان کو شہید کرکے پوری قوم کو اضطراب میں مبتلا کر دیا گیا ہے، عمران خان کو ملک کے دیگر صوبوں میں بدامنی دکھائی دیتی ہے لیکن اپنے صوبے میں ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بننے والے قوم کے معماروں کے گھروں میں تعزیت کے لیے جانے کا وقت نہیں ملتا، ہمارے قاتلوں کی مکمل سرپرستی اور ہماری نسل کشی کی جاری ہے، وفاقی و صوبائی حکومتیں نیشنل ایکشن پلان کے نام پر عوام کو بیوقوف بنارہی ہیں جبکہ صوبائی حکومت دہشت گردی کے مراکز کے لیے بجٹ میں رقم مختص کرنے کے نتائج ملت تشیع بھگت رہی ہے، شہر میں سفاک دہشتگرد دندناتے پھر رہے ہیں اور جنگل کا قانون ہے جس پر وفاقی حکومت، عدلیہ، سکیورٹی ادارے صرف خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

رہنماوں نے مطالبہ کیا کہ خیبر پختونخواہ کے وزیر اعلی کو برطرف کیا جائے، ایمرجنسی نافذ کرکے ڈیرہ اسماعیل خان میں پیشہ ور قاتلوں کے خلاف بھرپور آپریشن کیا جائے، جس علاقہ میں شیعہ ٹارگٹ کلنگ ہو وہاں کے ایس ایچ او اور ڈی پی او کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا جائے، ڈیرہ اسماعیل خان میں شہید شاہد شیرازی ایڈووکیٹ سمیت دیگر پروفیشنلز کے قتل عام میں ملوث دہشتگردوں کی فوری گرفتاری عمل میں لائی جائے، ڈیرہ اسماعیل خان سمیت صوبے کے کسی بھی حصہ میں شیعہ کلنگ کا دوبارہ واقعہ رونما ہوا تو پھر وزیر اعلی کی برطرفی ہمارا یک نکاتی مطالبہ ہوگا جس کے لیے بھرپور تحریک چلائی جائے گی۔ مقررین نے مطالبہ کیا کہ ڈی آئی خان کی انتظامیہ کو فوری طور پر برطرف کیا جائے۔ انہوں نے خیبر پختونخوا حکومت کی طرف سے ایک متنازعہ مدرسہ کے لیے بجٹ میں تیس کروڑ روپے مختص کرنے پر بھی کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب حکومتیں دہشت گرد ساز اداروں کی مالی معاونت کرنا شروع کر دیں تو پھر امن و امان کے قیام کے لیے حکومتی کوششیں عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے سوا کچھ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کی افادیت کو دانستہ طور پر زائل کیا جا رہا ہے جو ضرب عضب کے مطلوبہ نتائج کے حصول میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔

وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیراہتمام ڈیرہ اسماعیل خان میں ایڈووکیٹ شاہد شیرازی کے قتل کے خلاف نواں شہر چوک (ملتان) پر تین گھنٹوں کا علامتی دھرنا دیا گیا۔ دھرنے کی قیادت مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد عباس صدیقی، یافث نوید ہاشمی اور آئی ایس او کے ڈویژنل صدر قاسم ہاشمی نے کی۔ دھرنے کے شرکاء نے نماز مغربین باجماعت چوک نواں شہر میں اداء کی۔ دھرنے کے شرکاء سے آئی ایس او کے ڈویژنل صدر قاسم ہاشمی، سابق مرکزی صدر یافث نوید ہاشمی، محمد عباس صدیقی اور علامہ اقتدار حسین نقوی نے خطاب کیا۔ رہنمائوں نے اپنے خطاب میں خیبر پختونخوا حکومت اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا، رہنمائوں نے کہا کہ عمران خان اس وقت طالبان اور قاتلوں کی ہمدرد اور خیرخواہ ہیں، پاکستان کے سکیورٹی ادارے اور ایجنسیاں جس مدرسے کو طالبان کی نرسریاں کہہ چکی ہیں، اُسے کروڑوں کا فنڈ دے کر ثابت کر دیا ہے کہ اس حکومت کا اور طالبان کا ایک ہی ایجنڈا ہے۔ رہنمائوں نے کہا کہ اگر قائد وحدت کے مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو 17 جولائی کو ملک بھر میں خواتین احتجاج کریں گی اور 22 جولائی کو ملک بھر کو 8 گھنٹوں کے لئے جام کر دیا جائے گا۔

وحدت نیوز(لاہور) ڈیرہ اسماعیل خان میں جاری شیعہ ٹارگٹ کلنک کیخلاف مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر ملک گیر احتجاجی مظاہرے ہوئے، چاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں بعد ازنماز جمعہ احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ لاہور میں مجلس وحدت مسلمین کے کارکنوں نے لاہور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا، احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم لاہور علامہ حسن رضا ہمدانی نے کہا کہ ڈی آئی خان میں ایڈووکیٹ سید شاہد شیرازی کی شہادت میں ملوث دہشتگردوں کی گرفتاری تحریک انصاف کی حکومت پر قرض ہے، عمران خان کی کے پی کے ٹیم عوام کی جان و مال کے تحفظ میں ناکام ہو چکی ہے، اپنی شکست کو دیکھتے ہوئے تحریک انصاف کی حکومت دہشتگردوں کو بھتہ دینے پر مجبور ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں جاری مکتب تشیع دشمن پالیسیوں کیخلاف انشااللہ ہم 22 جولائی سے سڑکوں پر نکلیں گے اور اس احتجاجی تحریک کے سلسلے کو مزید آگے لے کر جائینگے۔ مظاہرین ہاتھوں میں دہشتگردی کیخلاف پلے کارڈ اٹھائے حکمرانوں کی نااہلی کیخلاف نعرے لگاتے رہے۔ مظاہرے میں علامہ ناصر مہدی، نجم الحسن، سید حسنین زیدی، سید حسین زیدی، افسر حسین خاں، نوید ترمذی، حسن رضا سمیت دیگر رہنماوں نے شرکت کی اور خطاب کیے۔

وحدت نیوز (لاڑکانہ) مجلس وحدت مسلمین ضلع لاڑکانہ کی طرف سے ڈی آئی خان میں عید کے دن شھید ھونے والے شھید شاھد عباس شیرازی ایڈووکیٹ کے قتل کے خلاف ضلعی سیکریٹری جنرل مولانا محمدعلی شر کی زیر قیادت مرکزی امام بارگاہ جعفریہ سے بعد نماز جمعہ پریس کلب تک ریلی نکالی گئی،جس میں ضلعی عہدیداران ممتاز علی کھیڑو، مشتاق علی میمن، اعجاز علی سولنگی، جاوید فاضل حسینی سمیت دیگر مومنین نے شرکت کی،اس ریلی سے مولانا محمدعلی شر اور مولانا سید شاہد عباس شمسی نے خطاب کیا۔

وحدت نیوز(کراچی) ڈیرہ اسماعیل خان میں عید الفطر کے روز تکفیر ی دہشتگردوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے ایڈوکیٹ شاہد شیرازی کی کے قتل کے خلاف ایم ڈبلیوایم ضلع ملیرکے تحت  احتجاجی ریلی مرکزی مسجد جعفرطیار سوسائٹی سے غازی چوک تک نکالی گئی، ریلی میں مومنین کی کثیر تعداد نے شرکت کی جبکہ اس ماتمی احتجاجی ریلی سے خطاب مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما علامہ باقر زید ی نے کیا ، انہوں نے شاہد شیرازی ایڈوکیٹ کی شہادت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مصیبت میں صبر کرنا اوراور ظلم کےسامنے ڈٹ جانا ہم نے کربلا والوں سے سیکھا ہے لہذا ہم ہمیشہ ظلم کی مخالف اور مظلوم کی حمایت کرتے رہیں گےیہی درس کربلا ہے، ریلی کے آخر میں مجلس وحدت مسلمین ضلع ملیر کے اعزازی ڈپٹی سیکریٹری جنر ل علامہ غلام محمد فاضلی نے دعا کروائی۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree