The Latest

وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا متنازعہ کردار اور متعصبانہ طرز عمل ان کے اقتدار اور امریکہ کی سالمیت کے لیے سخت نقصان دہ ثابت ہو گا۔ صرف اسلامی ممالک پر ویزہ کی پابندی لگا کر امریکی صدر نے یہ باور کرایا ہے کہ ان کی مخاصمت دہشت گرد عناصر سے نہیں بلکہ امت مسلمہ سے ہے۔ عالم اسلام باہمی اخوت و اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے امریکہ سے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کرے تو امریکی صدر کے ہوش ٹھکانے آ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے تیل کے ذخائرسے اربوں ڈالر منافع حاصل کرنے والی استعماری طاقتیں مسلمانوں کو باہم دست و گریبان کر کے اپنے مقاصد حاصل کرنے میں مصروف ہیں۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مزید کہا ہے کہ ہمیں گروہی و مسلکی حدبندیوں سے نکل کر دین محمدی پر باہم ہونے کی ضرورت ہے۔ مسلمان ممالک پر امریکی پابندیاں انسانی حقوق کے منافی اور عالمی قوانین سے متصادم ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر ذی شعور اس حقیقت سے بخوبی آگاہ ہے کہ امریکہ عالم اسلام کا ازلی دشمن ہے۔ افغانستان اور عراق سمیت دنیا کے دیگر مسلم ممالک کے لاکھوں بے گناہوں کے خون سے اس کے ہاتھ رنگے ہوئے ہیں۔ امت مسلمہ کو دوست دشمن کی پہچان کرنا ہو گی وگرنہ یکے بعد دیگر سب کی باری آنی ہے۔ انہوں نے کہا ہمارے حکمرانوں کو جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس امریکی اقدام کی کھل کر مذمت کرنی چاہیے تھی۔ غیر مسلم حکمران تو ٹرمپ کے اس تعصب آمیز رویہ پر اپنا احتجاج ریکارڈ کرا رہے ہیں لیکن مسلم ممالک کی طرف سے خاموشی ہمارے وقار کے لیے سخت دھچکا ہے۔ تاریخ شاید ہے کہ صرف انہی لوگوں کا نام تاریخ میں سنہرے حروف سے رقم کیا جاتا رہا جو باطل قوتوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر حق کا برملا اظہار کرتے رہے۔ علامہ ناصر عباس نے کہا ہے کہ ٹرمپ کو ہوش میں لانے کے لیے ضروری ہے کہ امریکی پالیسیوں کے حوالے سے امت مسلمہ بھی اپنے لائحہ عمل میں نمایاں تبدیلی لائے۔

وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی سے لاہور میں صوبائی سیکرٹریٹ ایم ڈبلیو ایم میں جمعیت علمائے پاکستان کے رہنما ڈاکٹر امجد چشتی و دیگر علماء و مشائخ نے ملاقات کی۔ انہوں نے اہلسنت علماء سے موجودہ ملکی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے امن پسند اور محب وطن علماء عمائدین اور دانشوروں سے مل کر ملک دشمنوں کی سازشوں کیخلاف جدوجہد کریں گے، پاکستان میں شیعہ سنی متحد ہیں، تخریب کاروں اور انتہاپسندوں کا اسلام تو کیا انسانیت سے بھی کوئی تعلق نہیں، حکومت دہشتگردوں کے سہولت کاروں اور سیاسی سرپرستوں کیخلاف ایکشن لے۔ انہوں نے پاناما کرپشن کیس پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاناما کرپشن کیس کے حوالے سے شریف خاندان والے عدالت میں ابھی تک کوئی منی ٹریل نہیں دے سکے بلکہ جب بھی منی ٹریل کی بات کی جاتی ہے کوئی نہ کوئی قطری سامنے آ جاتا ہے، قطری خطوط ہماری قوم اور عدلیہ کی توہین ہیں۔ سید اسد عباس نقوی نے کہا کہ ملکی تاریخ میں کرپشن کا سب سے بڑا کیس عدالت میں زیر سماعت ہے اور حکومتی نمائندوں کا ایک ٹولہ روزانہ کی بنیاد پر عوام کو گمراہ کن باتوں سے مایوس کر رہا ہے، قوم کی قسمت کا فیصلہ اب سپریم کورٹ کے 5 رکنی بینچ کے ہاتھوں میں ہے۔ ڈاکٹر امجد چشتی اور سید اسد عباس نقوی نے بھارتی یوم جمہوریہ پر برج خلیفہ کو ہندوستانی پرچم سے سجھانے کے عمل کو مظلوم کشمیری شہداء اور آزادی کے جدوجہد میں قربانیاں دینے والے کشمیری مسلمانوں کے زخموں پر نمک پاشی قرار دیتے ہوئے کہا کہ عرب ممالک نے ہمیشہ ہمارے خلوص اور جذبات کا ناجائز فائدہ اُٹھایا ہے، مسلم اُمہ کو درپیش مشکلات میں سب سے زیادہ حصہ عرب بادشاہوں کا ہے جو استعماری قوتوں کے ہاتھوں اسیر ہیں۔

وحدت نیوز (پاراچنار) مجلسِ وحدت مسلمین کرم ایجنسی کے رہنماؤں نے پاراچنار بم دھماکے کی جوڈیشل انکوائری کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ ملک کے دیگر علاقوں کی طرح دہشتگردی سے متاثرین کو پانچ سے دس لاکھ روپے دیئے جائیں، پاراچنار میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مجلسِ وحدت مسلمین کے صوبائی رہنما مسرت بنگش، کرم ایجنسی کے سیکریٹری جنرل شبیر ساجدی، شفیق حسین طوری، مزمل حسین طوری اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ پاراچنار میں بار بار بم دھماکے افسوس ناک ہے جس میں بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور علاقے کے امن کو تباہ کیا جا رہا ہے۔

 انہوں نے پاراچنار بم دھماکے کی جوڈیشل انکوائری کرانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ انسانیت کی کی قتل میں ملوث عناصر کو منظر عام پر لانا ضروری ہے. رہنماؤں نے کہا کہ ملک کے دیگر علاقوں میں دہشتگردی میں جاں بحق افراد کے ورثا کو دس لاکھ سے بیس لاکھ روپے دیئے جاتے ہیں جبکہ گزشتہ سال تک پانچ لاکھ کی ادائیگی کے باوجود پاراچنار کے حالیہ بم دھماکے کے شہداء کے ورثا کو تین تین لاکھ روپے دیئے گئے جوکہ ظلم اور ناانصافی ہے لہذا کم سے کم دس لاکھ روپے کے امداد شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کیا جائے،رہنماؤں نے کہا کہ داعش اور دیگر دہشت گرد تنظیمیں افغان سرحد کے اس پار اکٹھا ہو رہے ہیں مگر کرم ایجنسی میں لوگوں کو اسلحہ جمع کرنے کا کہا جا رہا ہے اور عوام سے اپنا دفاع کا حصہ بهی چھیننا جا رہا ہے. حکومت داعش اور دیگر دہشت گرد تنظیموں کی سر گرمیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے محب وطن قبائل کو مزید مضبوط بنائیں۔

وحدت نیوز (کراچی)  مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے ذیلی ادارے خیر العمل فاونڈیشن کے تحت پیپٹائٹسس سے بچاو مہم کے عنوان سے امام بارگاہ صاحب العصر(عج) گلشن حدید اسٹیل ٹاون میں  فری ویکسینشن کیمپ کا اہتمام کیا گیا ،جہاں پربلا تفریق  600 افرادکو ہیپاٹائٹس  بی و سی سےتحفظ کے لئے فری ٹیکے لگائے گئے اور پیپاٹائٹس کی تشخیص کیلئے فری ٹیسٹ بھی کیئے گئے،اس موقع یوسی ناظم گلشن حدیدغلام  رضا جتوئی، مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے رہنما مولانا نشان ساجدی سمیت علاقہ کے معززین و علماء کرام نے بھی میڈیکل کیمپ کا دورہ کیا اور مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے عوام الناس کی  رنگ و نسل و فرقہ کی تفریق کیئے بغیر خدمت کو سراہا،  جبکہ یوسی ناظم گلشن حدید غلام رضاجتوئی نے آئندہ ۱۷ فروری کو لگائے جانے والی فری ویکسینیشن کیمپ میں اپنی  جانب سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی  بھی کروائی۔

وحدت نیوز(شکار پور) سانحہ شکار پور کے شہدا ءکی دوسری برسی کے حوالے سے شہداء کمیٹی کی جانب سے منعقدہ عظمت شہدائے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ سانحہ شکار پور پاکستان کی تاریخ کا وہ سیاہ دن ہے جب ملک دشمن عناصر نے معصوم اور بے گناہ جانوں کو موت کے گھاٹ اتار کر اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل کی۔یہ امر ہمارے لیے اضطراب کا باعث ہے کہ دو سال گزرنے کے باوجود بھی اس واقعے کے ذمہ داران کو انصاف کے کٹہر ے میں نہیں لایا گیا۔فوجی عدالتوں کے قیام کے بعد پوری قوم کو اطمنان تھا کہ اس ملک کو اب دہشت گردی کے عفریت سے چھٹکار ا حاصل ہو جائے گا لیکن بدقسمتی سے چند مخصوص سانحات کے ذمہ داروں کے خلاف فیصلوں کے علاوہ کوئی ایسا قابل ذکر فیصلہ نہ ہوا جس سے شہد ا کے لواحقین کی داد رسی ہوئی ہو۔سندھ حکومت کی طرف سے شہدا کے خاندانوں کے ساتھ کیے گئے وعدے بجا طورپر پورے نہیں کیے گئے۔سانحہ جیکب آباد اورسانحہ شکار پور کی طرح متعدد سانحات کا شکار ہونے والو ں کے غمزدہ وارثان آج بھی انصاف کے متلاشی اور حکمرانوں کی بے حسی پر سراپا احتجاج ہیں۔حکومت عوام کا خون چوسنے میں مصروف ہے۔انہوں نے اپنے مفادات کے سوا کسی سے کوئی غرض نہیں۔حکمرانوں کی ناکام پالیسیوں نے ملک کو بحرانوں کو شکار کر دیا ہے۔جمہوریت کے نام پر جمہوری اقدار کا جنازہ نکال کر رکھ دیا گیا۔ سیاسی جماعتوں میں بھی دہشتگردوں کے سہولت کار موجود ہیں جو کارروائی نہیں ہونے دیتے۔ پاکستان ایساملک بن چکا ہے جس کی دیواریں نہیں، جوچاہتا ہے گھس آتا ہے۔حکومت شکار پور سمیت سندھ بھر میں کالعدم مذہبی جماعتوں کے خلاف بھرپور آپریشن کرے اور ان مدارس پر بھی پابندی لگائی جائے جہاں اسلام کے نام پر تکفیریت کا نصاب پڑھایا جا رہا ہے۔جب تک دہشت گرد ساز اداروں کا خاتمہ نہیں ہو گا تب تک ملک میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔


انہوں نے کہا کہ ملک کی مجموعی صورتحال تشویشناک ہے۔قانون و انصاف کی بجائے اختیارات کی حکمرانی نے ظالم کو مضبوط اور مظلوم کی زندگی کو اجیرن کر رکھا ہے۔ریاست میں قانون نام کی کوئی شے موجود نہیں۔پُرامن سیاسی و مذہبی کارکنوں کو نہ صرف ہراساں کیا جاتا ہے بلکہ غائب کر دیا جاتا ہے جو بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ ہر محکمہ کرپشن کا شکار ہے۔عوام کو اپنے چھوٹے سے چھوٹے جائز کام کے لیے بھی ترلے کرنا پڑتے ہیں۔جس کا بنیادی سبب اعلی حکام کا اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں سے چشم پوشی ہے۔حکومتی وزراء کالعدم جماعتوں کے رہنماؤں سے دوستانہ تعلقات استوار کرنے کے لیے بے چین نظر آتے ہیں۔بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عام آدمی کے لیے دو وقت کی روٹی کا حصول دشوار بنا رکھا ہے۔حکمران اپنی تما م تر توانائیاں عوام کی فلاح و بہبود کی بجائے اقتدار کو بچانے میں صرف کر رہے ہیں۔ قومی اداروں میں کلیدی عہدوں پر نا اہل افراد کو بھرتی کر کے ملک کے نفع بخش اداروں کو دانستہ طور پر تنزلی کی طرف دھکیلا جا رہا ہے تاکہ نجکاری کی راہ ہموار کی جا سکے۔ ملک کے سرکاری اداروں میں اعلی انتظامی عہدوں کی بندر بانٹ نے معاشی طور پر ملک کے تمام اہم اداروں کوعدم استحکام کا شکار کر کے رکھ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن سمیت دیگر بڑی سیاسی جماعتوں کو ان قومی امور پر بھی توجہ دینی چاہیے۔اقتدار کے حصول کی جنگ میں عوامی حقوق کی پرواہ نہ کرنا بدترین ناانصافی ہے۔عوام کے ووٹ کی طاقت سے اسمبلی تک پہنچنے والے اراکین کو عوام مشکلات کا درک کرنا ہو گا۔اس موقع پرمرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی،مرکزی ترجمان علامہ مختار امامی،صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی،علامہ دوست علی سعیدی،عالم کربلائی،مختار دیو سمیت وارثان شہداء شکارپور نے بھی خطاب کیا ۔

وحدت نیوز (قُم المقدسہ) مرکزی صدر امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنایزیشن پاکستان سید سرفراز نقوی جو ان دنوں اسلامی جمہوریہ ایران کے دورے پر ہیں انہوں نے  قم میں قائم  وحدت ہاؤس کا دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے مرکزی سیکر یٹری امور خارجہ علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی اور سیکریٹری جنرل شعبہ قُم علامہ گلزار جعفری سے ملاقات کی اس دوران اہم قومی و ملی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ، اس موقع پر سابق مرکزی صدر آئی ایس او یافث نوید ہاشمی اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

وحدت نیوز (سکھر) مجلس وحدت مسلمین ضلع سکھر کی شوری کا اجلاس  مرکزی امام بارگاہ میں منعقد ہوا،جس میں مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ سید احمد اقبال رضوی اور صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ مقصود ڈومکی نے خصوصی شرکت کی ،ضلعی سیکریٹری جنرل چوہدری اظہر حسن نے ضلعی کابینہ کے اراکین کا اعلان کیا اور صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ مقصودعلی ڈومکی نے  نامزد اراکین ضلعی کابینہ سے حلف لیا، اس موقع پر ضلعی سیکریٹری جنرل چوہدری اظہر کاکہنا تھا کہ ایم ڈبلیوایم ضلع سکھر علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کے فکر اور فلسفے کی روشنی میں ہمیشہ مظلوموں کے حقوق کی جدوجہد جاری رکھے گی۔

وحدت نیوز (شکارپور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع شکارپور کے زیراہتمام دہشتگردی کے خلاف ڈکھن سے 72 حسینیوں کا پیدل قافلہ شہدائے راہ حق سے اظہار عقیدت کے لئے روانہ ہوا۔ قافلے میں صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی، ضلعی سیکرٹری جنرل فدا عباس لاڑک، ڈپٹی سیکرٹری محبوب علی ابڑو، صوبائی مشیر امور شہداء و زخمی مولانا سکندر علی دل، مولانا ظہورالدین میکھو، مولانا عبداللہ مطہری، زوار غوث بخش و دیگر نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ پیدل قافلے کے شرکاء سے علی خان کے مقام پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ پاراچنار اور کراچی سمیت ملک بھر میں دہشت گردی کے سانحات کے خلاف ملک گیر احتجاج منایا گیا۔ مجلس وحدت مسلمین اور اس کے بہادر قائد نے ملت کو بیداری، بصیرت اور قیام کا راستہ دکھایا، کفن پوش جلوس اس بات کی علامت ہے کہ ہم حسینی موت سے نہیں ڈرتے۔

وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویڑن کے سکریٹری جنرل عباس علی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ معزور افراد معاشرے کا مفید شہری بننے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں اگر وہ جسمانی طور پر کسی ایک عضو سے معزور ہیں تو خدا وند عالم ان کے دیگر اعضاء کو دگنی صلاحیت عطا کرتا ہے لہذا انھیں کسی صورت دوسروں سے کم نہیں سمجھنا چاہیئے جس طرح عام انسانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کیلیے مناسب ماحول اور سہولیات کی ضرورت ہے اسی طرح معزور افراد کی صلاحیتوں کو  بروئیکار لانے کیلئے بھی مناسب ماحول کی ضرورت ہے جسے مہیا کرنا حکومت کی زمہ داری ہے  دنیاکے تمام مہزب و ترقی یافتہ ممالک نے معزوروں کو انکے حقوق دیکر انہیں معاشرے کا مفید شہری بنا لیا ہے بد قسمتی سے اسلام کے نام پر بننے والی مملکت عزیز پاکستان میں آج تک ان سپیشل افراد کو فعال ومفید بنانے کے لیے کوئی منصوبہ بندی کی گئی نہ ہی بے حس حکمرانوں نے اس طرف کوئی توجہ دی جس کی وجہ سے معاشرے کے یہ افراد در بدر کی ٹھوکریں کھاتے پھیر رہے ہیں حد تو یہ ہے جب یہ بیچارے اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھاتے ہوئے احتجاج کرتے ہیں تو ان پر بھی لاٹھیاں برسائی جاتی ہیں امید ہے آج ہونے والے معزوروں کے دھرنے پر حکومت بلوچستان لاٹھیاں نہیں برسائے گی. آواز معزوران کی جانب سے آج معزوروں کے حق کے لیے دیئے جانے والے دھرنے کی مکمل حمایت کرتے ہوئے حکومت بلوچستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ سرکاری نوکریوں کے لیے معزور افراد کیلئے مناسب کوٹہ مختص کیا جائے ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے مفت و معیاری تعلیم کا انتظام کیا جائے اور ان کی تیکنکی تربیت کے لئے مخصوص ٹیکنیکل ٹریننگ سنٹر کا قیام عمل میں لایا جائے بلوچستان میں معزوروں کو سپورٹس کے شعبے میں بھی سہولیات فراہم کی جائے۔

وحدت نیوز (ملتان) حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے عوام مشکلات کا شکار ہے،جنوبی پنجاب کے عوام بنیادی انسانی حقوق اور سہولیات سے محروم ہے،میٹرو کے نام پر اربوں روپے کا ضیاع کیا گیا،نشتر ہسپتال اور چلڈرن ہسپتال میں مریضوں کا پرسان حال نہیں،صحت اور تعلیم کا شعبہ ابتری کا شکارہے،جس شہر کے ہسپتالوں میں ایک بیڈ پر تین تین مریضوں کا علاج ہو رہا ہو وہاں میٹرو کے نام پر 29 ارب روپوں کا ضیاع کرنا کہاں کی دانشمندی ہے،ہر دور کے حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کے محروم عوام کا استحصال کیا، ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس نے ملتان میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں کالعدم جماعتوں کیخلاف کاروائی نہ ہونے کے برابر ہے،نیشنل ایکشن پلان کے نام پر سیاسی مخالفین کو نشانہ بنایا جارہا ہے،جمہوری اقدار کو فراموش کر دیا گیاہے، فوجی عدالتیں سپیڈی ٹرائل کیلئے بنائی گئیں لیکن وہ نتائج نہیں دے سکیں۔

علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ سیاسی جماعتوں میں بھی دہشتگردوں کے سہولت کار موجود ہیں جو کارروائی نہیں ہونے دیتے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایساملک بن چکا ہے جس کی دیواریں نہیں، جوچاہتا ہے گھس آتا ہے اور دوسرے ممالک کیلئے یہاں احتجاجی مظاہرے ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ہر شعبہ میں کرپشن ہے، پاکستان کی کمزوری کی وجہ جمہوریت پر شب خون مارنا ہے، یہاں قدم قدم پر جمہوریت کا گلہ گھونٹا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا آئین یہ کہتا ہے کہ ملک میں حاکمیت اعلیٰ اللہ تعالیٰ کی ذات ہے اور عوام کے منتخب نمائندے اسے بطور امانت استعمال کریں گے، لیکن یہاں حکمران آئین کے آرٹیکل 62اور 63پر پورا نہیں اترتے، انہوں نے اپنی اولادیں تیار کی ہوئی ہیں کہ وہ ان کے بعد اقتدار سنبھالیں گی۔

 علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ حکمران عوام کو دھوکادے کر اقتدار میں آتے ہیں، پارلیمنٹ میں جھوٹاخطاب کرتے ہیں، یہ اخلاقی طور پر کمزور لوگ ملک کو بحرانوں سے نہیں نکال سکتے، انہوں نے کہا کہ ہمارے بہت سے کارکن ایک طویل عرصے سے لاپتہ ہیں، لیکن کوئی ان کے بارے میں نہیں بتا رہا، یہ کس قسم کا قانون ہے، ڈی آئی خان سے ایک نوجوان کو غائب کیا گیا، پانچ برس گزر گئے ہیں ناصر حسین کا کوئی علم نہیں کہ زندہ ہے یا مار دیا گیا ہے،پنجاب سے ہمارے علماء اور پڑھے لکھے پرامن نوجوانوں کو غائب کیا گیا ہے،جن کا تاحال کوئی پتہ نہیں،یاد رکھیں حکومتیں کفر سے تو باقی رہ سکتی ہیں مگر ظلم سے نہیں،ہمارے چوبیس ہزار شہداء کے ورثا کو تو انصاف نہیں دے سکے لیکن دہشتگردوں اور ان کے سرپرستوں کی خوشنودی کے لئے ہم پر ریاستی جبر جاری ہیں،علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ انسان کی طرح وطن کی بھی ناموس ہوتی ہے، ملک کے دشمن ، عوام کے بھی دشمن ہوتے ہیں لیکن یہاں ملک کے دشمنوں کو گھربلایا جاتا ہے، مودی بنگلہ دیش میں کھڑے ہوکر تسلیم کرتا ہے کہ پاکستان توڑنے میں اس کا کردار تھالیکن نوازشریف اسے گلے لگاتا ہے،۔ انہوں نے کہا کہ دعویٰ کیا جاتا ہے کہ ملک سے دہشت گردی ختم ہو گئی ہے، لیکن یہ پارا چنار میں پھر دھماکہ ہو گیا، معصوم بچے بھی نشانہ بنے قبائلی علاقوں میں واحد کرم ایجنسی ہے جس کے لوگ سب سے زیادہ محب وطن ہیں، انہوں نے پاکستان کے جھنڈے لگا رکھے ہیں، لیکن ان کا جیناحرام کر رکھا ہے، پولیٹکل انتظامیہ بھی انہیں ریاستی تشدد کا نشانہ بنارہی ہے اور دہشت گردبھی انہی پر حملے کررہے ہیں۔ راستے میں درجنوں چیک پوسٹیں ہیں پھر بھی دہشت گردوہاں پہنچ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان ناکام ہو چکا ہے، ملک میں دہشتگردوں کیلئے کوئی روک ٹوک نہیں، وہ سرعام دندناتے پھر رہے ہیں۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree