The Latest

وحدت نیوز (سکردو) مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان ضلع شگر کے رہنماء ظہیر عباس نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ شگر سمیت بلتستان کی عوامی اراضی پر ناجائز قبضہ کرنے نہیں دیں گے۔ اخبارات کو جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بلتستان کی زمینیں کسی سکھ سرکاری کی نہیں بلکہ یہاں کے عوام کی ملکیت ہے جس پر قبضہ پورے خطے کے خلاف سازش ہے جسے کامیاب ہونے نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی اداروں کو ضرورت کی زمینیں چھین کے لے جانا آئین پاکستان اور روح پاکستان کے منافی عمل ہے۔ بلتستان کی زمینوں کو متنازعہ قرار دینے والی حکومت کس منہ سے یہاں کی زمینوں کو انتظامیہ کی زمین سمجھتی ہے۔ حکومتی اقدامات سے عوام میں سخت مایوسی اور احساس محرومی کا اضافہ ہو رہا ہے ۔ شگر کی زمینوں پر خالصہ سرکار کے نام پر قبضے کی کوششوں کے خلاف آواز بلند کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اگر حکومت کو زمین کی ضرورت پڑتی ہے جس طرح دیامر کی زمینوں کو معاوضہ دے کر حاصل کیا اسی طرح یہاں کی زمینوں کا بھی معاوضہ ادا کرے ۔ ایک ہی خطے میں دو طرح کے قانون کا اطلاق مختلف سوالات کو جنم دیتے ہیں۔ حکومت اور انتظامیہ کو چاہیے کہ اس طرح کے ہتھکنڈوں سے باز رہے اور عوام دوست فیصلے کر کے خطے کو استحکام کی راہ پر گامزن کرے۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کا ایک تعزیتی اجلاس مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں سانحہ پارا چنارپر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے ہوئے شہدا کی بلندی درجات کے لیے دعا کی گئی۔اجلاس میں مرکزی و صوبائی رہنماؤں سمیت کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا ہے کہ پارا چنار بم دھماکے نے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ کی کامیابی کے حوالے سے قوم کو تذبذب میں مبتلا کر دیا ہے۔پاراچنار جیسے حساس علاقے میں دہشت گردی کا حالیہ واقعہ امن و امان کے ذمہ دار اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔دہشت گرد عناصر کی ان کاروائیوں کا مقصد ذمہ دار اداروں کو یہ باور کرانا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کا اعلان محض لفاظی ہے۔وہ اپنی ملک دشمن کاروائیاں جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے پوری قوم پاک فوج کی پشت پر کھڑی ہے۔وطن عزیز کی سالمیت و بقا ہمیں ہر شے پر مقدم ہے۔دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت کی ہر مثبت کوشش کی مکمل طور پر تائید کی جائے گی۔پاک فوج اور قومی مفاد کے خلاف عسکری کاروائیوں میں مصروف کالعدم جماعتیں ہی دہشت گرد نہیں بلکہ ہر وہ قوت دہشت گردکے زمرے میں آتی ہے جو مالی، فکری یا جسمانی طور پر ملک دشمن طاقتوں کی تقویت کا باعث ہے۔

انہوں نے کہا پارا چنار کے عوام نہ صرف محب وطن ہیں بلکہ ملک و قوم کے نڈر محافظ اور پاکستان کا مضبوط دفاع ہیں۔ ملک کی سلامتی و استحکام کے لیے ان کا کردار ہمیشہ مخلصانہ رہا ہے۔حکومت کو چاہیے کہ ان کو مکمل طور پر تحفظ فراہم کرے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پارا چنار بم دھماکے کے شہدا کے وارثوں کو معاوضے فراہم کیے جائیں اور زخمیوں کو علاج معالجے کی سہولتوں میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔اجلاس میں پاک فوج ،ملت تشیع اور دہشت گردی کی بھینٹ چڑھنے والے دیگر شہدا کی بلندی درجات کے لیے فاتحہ خوانی اور وطن عزیز کی سلامتی و استحکام کے لیے دعا بھی کی گئی۔

وحدت نیوز (کراچی) شہر قائد کے علاقے قصبہ کالونی میں گزشتہ شب تکفیری دہشتگردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے شیعہ جوان سید ذوالفقار عابدی کی نماز جنازہ جعفریہ امام بارگاہ قصبہ کالونی میں مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے رہنما مولانا صادق جعفری کی زیرِ اقتدا ادا کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے قصبہ کالونی میں گھر کے قریب موٹر سائیکل سوار تکفیری دہشتگردوں نے فائرنگ کرکے شیعہ جوان سید ذوالفقار عابدی ابن سید مختار عابدی کو شہید کر دیا تھا۔ گزشتہ شب ذوالفقار عابدی کی شہادت کے بعد سے ایم کیو ایم اور مصطفیٰ کمال کی پاک سرزمین پارٹی نے شہید ذوالفقار عابدی کو اپنا کارکن ظاہر کرکے کوشش کی کہ نماز جنازہ سیاسی جماعت کے جھنڈے تلے ادا کی جائے، جسے شہید کے لواحقین نے شہریوں کے ساتھ ملکر ناکام بنا دیا، اور واضح اعلان کیا کہ شہید کا کسی بھی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں تھا، لہٰذا سیاسی جماعتیں شہید کی لاش پر سیاست نہ کریں، جس کے بعد آج بعد نماز ظہرین لبیک یاحسینؑ کے جھنڈے تلے شہید ذوالفقار عابدی کی نماز جنازہ جعفریہ امام بارگاہ کے سامنے مرکزی سڑک پر ایم ڈبلیو ایم کراچی ڈویژن کے رہنما مولانا صادق جعفری کی زیرِ اقتدا ادا کی گئی۔ بعد ازاں شہید ذوالفقار عابدی کا جسد خاکی وادئ حسین قبرستان سپر ہائی وے لے جایا گیا، جہاں ان کو آہوں و سسکیوں کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔

وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ سیکرٹری سیاسیات علی حسین نقوی نے وحدت ہاوس سولجر بازار میں پولٹیکل کونسل کئے جلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان لاکھوں بہادر لوگوں کی جانی و مالی قربانیوں کا حاصل ہے، یہ قربانیاں ایک عظیم مقصد کے لیے دی گئی، وہ عظیم مقصد خطے کے حصول کے لیے تھا، جس پر اسلام کے سْنہری اور پاکیزہ حصول کا عملی اجرا کیا جا سکے، بد قسمتی سے پاکستان اور اسلام دشمن عناصر نظریہ پاکستان پر ضرب لگانے لے لیے عالمی طاقتوں کے ایماء پر پاکستان کو، گروہی لسانی، مذہبی گروہ بندیوں میں اس حد تک تقسیم کر رہا ہے کہ نظریہ پاکستان کی روح دھندلا جائے۔ آزادی کے بعد سے اب تک پاکستان نے بہت سی مصیبتں برداشت کیں اور یہ سفر اتنا ہی مشکل اور کٹھن تھا جتنا پاکستان بننے میں تھا، اس سرزمین کے باوفا بیٹے اس پاک سر زمین کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ دیتے آئے ہیں اور دیتے رہیں گئے۔

انہوں نے مزید کہاکہ مجلس وحدت مسلمین اور ملک بھر میں محبت کرنے والے شیعہ، سنی عوام اس ملک کا حقیقی نظریاتی و جغرافیائی دفاع ہیں۔ یہ وجہ ہے کہ بد ترین دہشت گردی اور ظلم و ستم کے باوجود دشمن کامیاب نہیں ہو سکا، کیونکہ اس پاک وطن کی مٹی میں شہیدوں کا لہو شامل ہے، اگر کوئی اس ملک سے غداری کرنا بھی چائے تو شہدوں کا لہو اسکی حفاطت کرتا ہے۔مملکت پاکستان کی ترقی کے لیے تمام مذہبی، سیاسی، ثقافتی ہم آہنگ جماعتیں ملکر قومیت کے بْت توڑ دیں، ہمیں یک جان ہو کر دہشت گردی کے کینسر کے خلاف اعلان جنگ کرنا ہو گا۔ ہمارا عہد ہے کہ خون کے آخری قطرئے تک ہم پاک فوج کے شانہ بشانہ اس وطن کا دفاع کریں گئے۔

وحدت نیوز (ملکوال) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سینٹرل پنجاب کے سات روزہ تنظیمی دورے پر آج ملکوال منڈی بہاوالدین پہنچ گئے،منڈی بہاوالدین پہنچے پر کارکنوں کی بری تعداد نے ان کا استقبال کیا،ملکوال میں مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام پیغمبر امن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ دشمن انتہا پسندی اور دہشتگردی کے ذریعے اسلام اور پاکستان کو دنیا میں بدنام کرنے کی کوشش میں ہے،کالعدم شدت پسندی کو فروغ دینے والوں کو ملک میں کھلی چھٹی دے کر حکمرانوں نے یہ ثابت کیا ہے کہ ملکی و عوامی مفاد سے زیادہ انکو اپنے ذاتی اور سیاسی مفادات مقدم ہے،پاراچنار میں مظلوم محب وطن شہریوں کو خاک و خون میں نہلایا گیا ،افسوس سیاسی اشرافیہ ٹس سے مس نہیں ہوئے،دہشتگردوں کے سہولت کارو اور سیاسی سرپرستوں کیخلاف حکمرانوں کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے،پاکستان میں داعش کے وجود سے انکار کرنے والے ملک و قوم کے دشمن ہیں،داعش کا وجود پاکستان میں ہے،اور یہ دہشتگرد گروہ منظم ہو رہے ہیں،پاراچنار میں کاروائی داعشی دہشتگردوں کا شاخسانہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشتگردوں کیخلاف کاروائی کرنے کی بجائے پرامن شہریوں اوردورد وسلام پڑھنے والوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے،بیلنس پالیسی کے یہ غیر منصفانہ عمل دہشتگردی کے خلاف جھنگ کو متاثرکرنے کی سازش ہے،پنجاب میں ہمارے بہت سے علماء اور پڑھے لکھے نوجواناں عرصہ دراز سے لاپتہ ہیں،ہمیںبتایا جائے ہمارا جرم کیا ہے؟ظالم اور مظلوم کو ایک ہی لاٹھی سے ہانکنے کا یہ عمل قابل قبول نہیں، دراصل یہ عمل ایک سازش کا حصہ ہے،علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مزید کہا کہ کرپشن کے پیداوار چاہے حکومت میں ہوں یا اپوزیشن میں ان کا بے رحمانہ احتساب کیے بغیر ملک میں ترقی  اور امن کا قیام ممکن نہیں۔

وحدت نیوز (کوہاٹ) سانحہ پاراچنار کے تناظر میں کوھاٹ، ھنگو،اورکزئی پر مشتمل وحدت کونسل کااجلاس ہوا،جسمیں علاقہ کے علماء وعمائدین سمیت مجلس وحدت مسلمین صوبہ خیبر پختونخوا کے سیکریٹری جنرل علامہ محمد اقبال بہشتی نے خصوصی شرکت کی، اجلاس میں دھشتگردی اورملکی وعلاقائی صورتحال پربات چیت ہوئی۔فورسز کی طرف سےشیعہ قبائل کو اسلحہ جمع کرانے کے سلسلے میں قومی مشران نے مناسب فیصلے کیئے ہیں ۔

وحدت نیوز (قم) مجلس وحدت مسلمین شعبہ  قم کی جانب سے پاکستان سے آئے ہوئے مشهور و معروف ذاکرین عظام کی دفتر مجلس وحدت مسلمین قم میں دفتر کے مسؤل اور دیگر علماء سے اہم ملاقات ہوئی جس میں ذاکر اہلبیت جناب حاجی ناصر عباس نوطق. جناب سید ذریت عمران شیرازی. جناب سردار وسیم عباس خان بلوچ. جناب اسحاق حسین ترابی و دیگر چند اور ذاکرین کے ہمراہ ممبر صوبائى اسمبلی پنجاب جناب سردار قیصر عباس خان مگسی بهی شامل تهے. ملاقات میں ایم ڈبلیوایم  کے سیکرٹری امور خارجہ حجت السلام والمسلمین ڈاکٹر سید شفقت عباس شیرازی نے حالات حاضره پاکستان اور پاراچنار میں ہونے والے حالیہ بم دهماکہ اور اس سے پیدا ہونے والی صورتحال کو بیان کیا. مسؤل ایم ڈبلیوایم قم حجت السلام والمسلمین ڈاکٹر گلزار احمد جعفری  نے کہا کہ ملت کے تمام طبقات کو مل کر کام کرنے کى ضرورت ہے. ذاکرین عظام نے اس خواہش کا اظہار کیا که اسلام آباد. لاہور اور بھکر میں ذاکرین،خطباء اور واعظین کے لیے تحقیقی سينٹر اور لائبریری کا قیام عمل میں لایا جانا چاہئیے ،ذاکرین نے ملی مسائل  میں مجلس وحدت مسلمین  کی بهرپور حمایت کے عزم کا اعاده کیا. آخر میں شرکاء کے اعزاز مین عشائیہ دیا گیا۔

وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین صوبہ بلوچستان کی شوری کا اجلاس ڈویژنل سیکریٹریٹ کوئٹہ میں منعقد ہوا، اجلاس کی صدارت مرکزی معاون سیکریٹری امور تنظیم سازی علامہ اصغر عسکری نے کی،اجلاس میں تمام اضلاع کے عہدیداران سمیت مرکزی رہنما علامہ ہاشم موسوی اور رکن بلوچستان اسمبلی آغا رضا کی خصوصی شرکت، اجلاس کے اختتام پر تین ماہ قبل تشکیل کردہ صوبائی آرگنائزنگ کمیٹی کو تحلیل کر دیاگیا اور دستورکے مطابق اراکین صوبائی شوریٰ نے کثرت رائے کے زریعے مولانا برکت علی مطہری کو آئندہ تین سال کیلئے مجلس وحدت مسلمین صوبہ بلوچستان کا سیکریٹری جنرل منتخب کرلیا، علامہ اصغر عسکری نے نو منتخب صوبائی سیکریٹری جنرل سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) چار مزید لاپتہ افراد کے والدین میڈیا کے سامنے آگئے۔ چنیوٹ، کبیروالہ اور فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے شیعہ لاپتہ افراد کے والدین نے وزیراعظم نواز شریف اور چیف جسٹس آف پاکستان سے اپنے بچوں کی بازیابی کی اپیل کی ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مزید چار لاپتہ افراد کے والدین نے بتایا کہ شیعہ نوجوان راغب عباس خان ثاقب کو اکیس ستمبر دو ہزار سولہ کو فیصل آباد سے، اختر عمران اور وقار حیدر کو بائیس اگست دو ہزار سولہ کو چنیوٹ سے اور اسد آہیر کو سرگودھا سے اٹھا لیا گیا، لاپتہ افراد کے والدین نے الزام عائد کیا کہ پولیس اور سی ٹی ڈی کے یونیفارم میں ملبوس اہلکاروں نے تمام بچوں کو چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے گھر سے اٹھایا، جن کا تاحال کچھ پتہ نہیں لگ سکا۔ اہل خانہ کا کہنا تھا کہ چاروں لاپتہ افراد کو ابتک کسی عدالت میں پیش کیا گیا، نہ ہی کوئی کیس درج ہوا ہے۔ والدین کے مطابق ان کے بچے کسی دہشتگردی کے واقعہ میں ملوث نہیں رہے۔ عدالتوں کا دروازہ کھٹکٹایا ہے، لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی، وہ چیف جسٹس آف پاکستان اور وزیراعظم سے اپنے بچوں کی بازیابی کیلئے اپیل کرتے ہیں۔

وحدت نیوز (ڈیرہ اسماعیل خان) جامعہ مسجد شیعہ لاٹو فقیر میں مجلس وحدت مسلمین کی طرف سے ایک اہم میٹنگ کا انعقاد ہوا، جس کا مقصد کوٹلی امام حسینؑ کو اوقاف اور دیگر قابضین کے ناجائز قبضے سے آزاد کرانا تھا۔ میٹنگ کی صدارت ایم ڈبلیو ایم کے ضلعی سیکرٹری جنرل سید غضنفر عباس شاہ نے کی۔ اس اہم میٹنگ میں ایم ڈبلیو ایم صوبہ خیبر پختوںخوا کے نمائندے تہور عباس شاہ کے علاوہ علاقہ کے شیعہ رہنماء علمدار حسین ہاشمی سٹی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم، آئی ایس او کے ڈویژنل صدر محرم علی شیر، ملک انوار حسین دھپ، نیئر عباس متولی کوٹلی امام حسینؑ، مشتاق حسین میمن، محمد اسلم، شیخ محمد اظہر ممبر کونسلر، سید عابد حسین شاہ، سید تحسین حسین علمدار نائب ناظم، اسد عباس زیدی چاہ سید منور شاہ، خادم حسین سابق ڈویژنل انجینئر پی ٹی سی ایل، اشفاق حسین، محمد سلیمان، بلال عباس شاہ ایم ڈبلیو ایم میڈیا سیکرٹری، محمد سبطین رابطہ سیکرٹری ایم ڈبلیو ایم، منیر حسین، سید نجم الحسن شاہ جنرل سیکرٹری مرکزی کمیٹی کوٹلی امام حسینؑ، مطیع اللہ، فیاص حسین بخاری، بشیر حسین جڑیا، سید فرحت عباس شاہ متولی مرکزی امام بارگاہ، سید سجاد شاہ شیرازی ناظم اور دیگر شخصیات شریک تھیں۔

شرکاء میں سے سید اسد عباس کا کہنا تھا کہ ہم نے پہلے بھی اس مسئلے پر میٹنگ کی ہے، یہ زمین جاگیر علی اکبرؑ ہے، زمین کا کل رقبہ 367 کنال 9 مرلے ہے اور ہم اوقاف کو اس میں سے ایک مرلہ بھی دینا گوارہ نہیں کرتے، یہ ہماری قوم کی زمین ہے، کسی کو حق حاصل نہیں کہ اس پر اپنا اختیار جتائے۔ اگر اس زمین کی آزادی کیلئے ہمیں بھوک ہڑتال بھی کرنی پڑی تو ہم کریں گے، ہمیں موت آجائے پرواہ نہیں ہے، کچھ لوگ اپنے مقاصد حاصل کرنے کیلئے انتظامیہ کے ساتھ ملے ہوئے ہیں، ان شاء اللہ ہم انکا گھناؤنا چہرہ سامنے لائیں گے۔ ہماری کوئی اور دوسری رائے ہے ہی نہیں، سوائے اس کے کہ کوٹلی امام کی زمین صرف اور صرف قبرستان اور عزاداری کیلئے استعمال ہو۔ سید سجاد شاہ شیرازی کا کہنا تھا کہ ایک ساتھ چلنے سے مقصد جلد اور آسانی سے حاصل ہوگا، اکیلے اکیلے رہے تو اُلٹا ہمیں ہی نقصان ہوگا۔ سب سے پہلے ہمیں یہ طے کرنا ہے کہ ہمارا اگلا لائے عمل کیا ہے، ان شاء اللہ ہم پوری کوشش کریں گے کہ ہمارا حق ہمیں ملے۔

اشفاق حسین کا کہنا تھا کہ ہمارے ہوتے ہوئے اگر امام حسینؑ کی زمین کا ایک انچ بھی قبضہ میں ہے تو ہم سب امامؑ کے سامنے جواب دہ ہیں۔ کوٹلی امامؑ کی زمین کا سودا ہم کسی صورت بھی قبول نہیں کریں گے۔ کوٹلی امام کی سابقہ کمیٹی کے کچھ ممبران نے حکومت کے ساتھ مل کر اس زمین کے سودے کئے اور مارکیٹس بنائیں، ہم ان سب کی مخالفت کرتے ہیں، کوٹلی امامؑ کی نئی کمیٹی بنائی جائے۔ سید فیاص حسین بخاری نے کہا کہ کوٹلی امام حسینؑ کی ذمہ داری اوقاف سے لے لی جائے اور بنائی گئی نگران کمیٹی ممبران اس زمین کہ حفاظت کریں گے، 2013ء میں سابق وزیراعلٰی کہ سامنے یہ مسئلہ پیش کیا گیا، تاہم انہوں نے اس مسئلے کو حل کرنے کی یقین دھانی کرائی تھی، لیکن افسوس کہ انہوں نے اس وعدے کو پورا نہ کیا، جبکہ اب پی ٹی آئی کے دور میں یہ زمین دھوکے کے ساتھ اوقاف نے اپنے نام وقف کر دی۔ ہمیں ایم پی اے علی امین سے یہ شکوہ ہے کہ انہوں نے بھی اس حوالے سے کوئی تعاون نہیں کیا۔

1954ء سے لے کر اب تک ہم شیعہ قوم نے اس زمین میں اپنے اثاثے بنائے ہیں، جبکہ اوقاف ساری آمدن لے رہی ہے، محکمہ اوقاف کو چاہیے کہ ہمیں اس کا مکمل حساب دے، اس کے علاوہ محکمہ اوقاف نے اس زمین میں 2000 روپے میں کنالوں کے پلاٹ لوگوں کو ٹراسنفر کئے اور اس کے ثبوت ہمارے پاس موجود ہیں۔ ہم نے کمشنر کے سامنے یہ ثبوت پیش کئے، لیکن انہوں نے بھی کوئی ایکشن نہیں لیا۔ ہمیں دھمکیاں بھی دی گئی، پیسے کا لالچ دیا گیا، ڈرایا گیا، مگر ہم ڈرنے اور بکنے والوں میں سے نہیں ہیں، میرا جینا اور مرنا اس زمین کیلئے ہے۔ اس میٹنگ میں مجلس وحدت مسلمین کی طرف سے قراداد پڑھی گئی۔ تمام رہنماوں نے اس قرارداد پر اتفاق کیا کہ کوٹلی امام حسینؑ کی زمین شیعہ قوم کی زمین ہے اور ایک انچ بھی اوقاف کو نہیں دیں گے۔ ساتھ ہی ضلعی انتظامیہ کو خبردار کیا کہ اب تک جو ناجائز قبضہ کرکے چند لوگوں نے اپنے مکان تعمیر کئے ہیں، ان کو اس جمعہ سے پہلے پہلے گرایا جائے، اگر انتظامیہ نے یہ مکان نہ گرائے، تو ہم تمام شیعہ قوم مل کر بعد از نماز جمعہ ناجائز قابضین کے گھروں کو گرائیں گے۔ اس صورت میں کسی قسم کا نقصان ہوا تو اس کی ذمہ دار صرف اور صرف ضلعی حکومت ہوگی۔ میٹنگ کا اختتام سید فیاض حسین بخاری کی دعا سے ہوا۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree