وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین،جماعت اسلامی، مرکزی جماعت اہلحدیث، منہاج القرآن، جماعت الدعوۃ کے رہنماوُں کا کہنا تھا کہ مسلم امہ کے اتحاد اور وحدت سے ہی اسلام دشمنوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملائے جاسکتے ہیں، آج سٹی 42 والے مبارکباد کے مستحق ہیں کہ تمام مکاتب فکر کو ایک جگہ جمع کرکے جس اتحاد یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے تمام جماعتوں اور مدارس سمیت ہر ایک کو اس عمل کی تقلید کرتے ہوئے اتحاد وحدت کے پیغام کو قریہ قریہ تک پہنچانا ہوگا۔
 
سعودی عرب اور کویت میں دہشت گردی کے واقعات کے بعد اہل تشیع اور اہل سنت نے دشمن کے عزائم خاک میں ملانے کے لئے مشترکہ نماز کا اہتمام کرکے اسلام دشمنوں کے منہ پر وہ طمانچہ رسید کیا جس کی مثال نہیں ملتی۔ سعودی عرب اور کویت کے بعد شیعہ سنی اتحاد کا مظاہرہ پاکستان کے دل لاہور میں دیکھنے کو ملا، جب ایک ٹی وی چینل نے ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام محمودوں اور ایازوں کو لا کر ایک صف میں کھڑا کر دیا۔ لاہور کے معروف ٹی وی چینل سٹی 42 نے پنجاب یونیورسٹی کے جامع مسجد میں "نماز اخوت" کا اہتمام کیا، جس میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماوُں علامہ سید مبارک علی موسوی، علامہ احمد اقبال رضوی، علامہ محمد اقبال کامرانی، علامہ ابوذر مہدوی، علامہ ناظم رضا عترتی، ایگزیکٹیو ممبر عزاداری سیل ایم ڈبلیو ایم لاہور سید خرم نقوی، مظاہر شگری سیکرٹری اطلاعات ایم ڈبلیو ایم پنجاب اور مدارس جعفریہ پاکستان کے سربراہ علامہ سید حسین نجفی، مولانا حسنین عارف،  شیعہ علماء کونسل پنجاب کے نائب صدر علامہ حافظ سید کاظم رضا نقوی، جامعۃ المنتظر سے علامہ محمد مہدی، جماعت اسلامی کے قائم مقام امیر لیاقت بلوچ، جماعت الدعوۃ کے یحییٰ مجاہد، بادشاہی مسجد کے خطیب عبدالخیر آزاد، داتا دربار مسجد کے خطیب رمضان سیالوی، سمیت تاجروں، صنعت کاروں، سیاست دانوں، حکومتی اور اپوزیشن ارکان اسمبلی نے خصوصی شرکت کی۔ نماز میں مشیر وزیراعلٰی پنجاب خواجہ احمد حسان، پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت خواجہ عمران نذیر، اپوزیشن لیڈر ان پنجاب اسمبلی میاں محمود الرشید، تحریک انصاف پنجاب کے رہنما اعجاز چودھری، پیپلز پارٹی پنجاب کے رہنما شوکت بسرا،سی سی پی او لاہور امین وینس، ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف، ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان، وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر مجاہد کامران سمیت شہریوں کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔

نماز کے بعد تمام مسالک کے علمائے کرام اور دیگر نمازی آپس میں بغل گیر ہوئے اور رقت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے، جماعت اسلامی، مرکزی جماعت اہلحدیث، منہاج القرآن، جماعت الدعوۃ اورمجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ احمد اقبال رضوی کا کہنا تھا کہ اسلام اور مسلمانوں کے دشمن فرقہ واریت کو ہوا دے کر اپنے مذموم مقاصد حاصل کرتے ہیں، ہمیں قرآن و سنت کے پرچم تلے جمع ہونا ہوگا،لاہور میں شیعہ سنی کی نماز اخوت، اسلام دشمنوں کے منہ پر طمانچہ ہے۔ مدارس جعفریہ پاکستان کے سربراہ علامہ حسین نجفی نے کہا کہ شیعہ سنی اسلام کے دو بازو ہیں، ان کے درمیان اختلاف پیدا کرنے والے درحقیقت استعمار کے ایجنٹ ہے۔مسلم امہ کے اتحاد اور وحدت سے ہی اسلام دشمنوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملائے جاسکتے ہیں، آج سٹی 42 والے مبارکباد کے مستحق ہیں کہ تمام مکاتب فکر کو ایک جگہ جمع کرکے جس اتحاد یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے، تمام جماعتوں اور مدارس سمیت ہر ایک کو اس عمل کی تقلید کرتے ہوئے اتحاد وحدت کے پیغام کو قریہ قریہ تک پہنچانا ہوگا۔ وطن عزیز کی سلامتی و بقا کے لئے ضروری ہے کہ ہم ایک دوسرے کے ہاتھ میں ہاتھ ڈال کر آگے بڑھیں، تاکہ دشمن کے ناپاک ادرادوں کو خاک میں ملایا جاسکے۔

جماعت اسلامی کے قائم مقام سربراہ لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ آج شیعہ اور سنی کا یہ اجتماع دشمن اسلام کے لئے بہت بڑا پیغام ہے کہ تو نے جس قوم کا شیرازہ بکھیرنے کے لئے کروڑوں ڈالر صرف کر دیئے، آج وہی قوم ایک امام کے پیچھے اللہ اکبر کے نعرے لگا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کی یہ بھول ہے کہ وہ شیعہ اور سنی کو لڑا سکے گا، شیعہ اور سنی اسلام کے دو بازو ہیں، انہیں جدا نہیں کیا جاسکتا، دشمن جان لے کہ پوری امت مسلمہ یک جان ہے اور اسلام کی سربلندی کے لئے اپنا تن من دھن قربان کرنے کے لئے تیار ہے۔ جماعت الدعوۃ کے رہنما یحیٰی مجاہد نے کہا کہ اسلام کو اس وقت تکفیریت کے آسیب کا سامنا ہے اور تکفیریت کی حوصلہ شکنی کے لئے ایسے اجتماعات سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کے دشمنوں کے لئے آج پنجاب یونیورسٹی کی جامع مسجد سے بہت بڑا پیغام گیا ہے کہ امت مسلمہ متحد ہے اور دشمن کی سازشیں ناکام ہوچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کی بقا کے لئے ضروری ہے کہ تمام امت متحد ہو جائے، تکفیریت کی حوصلہ شکنی کرے اور تمام مکاتب فکر اپنی اپنی صفوں میں موجود کالی بھیڑوں کو محاسبہ کریں۔

لاہور کی تاریخ میں اتحاد امت کے بہترین مظاہرے پر عوامی حلقوں نے اظہار مسرت کیا، شہریوں کا کہنا تھا کہ ایسے اجتماعات سے ایک دوسرے کو برداشت کرنے کا جذبہ ملتا ہے، لہذا حکومتی سرپرستی میں ایسے اجتماعات کا انعقاد کیا جانا چاہیے تھا۔ شہریوں نے ٹی وی چینل سٹی 42 کی انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا، جنہوں نے اس عظیم اجتماع کا اہتمام کیا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ امت مسلمہ متحد ہے، بیرونی اور اسلام دشمنوں کی سازشوں کے باعث ماضی میں شیعہ اور سنی اختلافات کو ہوا دے کر امت کو کمزور کرنے کی سازش کی گئی، مگر اب حالات اور سوچ بدل چکی ہے، اب امت جان چکی ہے کہ شیعہ اور سنی کا کوئی اختلاف نہیں، بلکہ دونوں شجر اسلام کی دو خوبصورت شاخیں ہیں۔ شہریوں نے ملک میں امن و امان کی بہتر ہوتی صورت حال پر اطمینان کا اظہار کیا اور پنجاب حکومت سے دہشت گردوں کے خلاف مزید کارروائیوں کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہی، اتحاد امت کے لئے کسی ٹی وی چینل کی بجائے پنجاب حکومت کی جانب سے ایسی "نماز اخوت" کا اہتمام کیا جاتا تو زیادہ بہتر ہوتا۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ شیخ زاہد حسین زاہدی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ گزشتہ رات گلگت میں اور شاہراہ قراقرم پر پیش آنے والا گلگت بلتستان کے لیے خطرہ کی گھنٹی ہے، گلگت بلتستان انتظامیہ کو مزید ہشیاری دکھانے اور سکیورٹی انتظامات میں مزید سختی کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ رات میں انتظامیہ کی بروقت کاروائی سے دہشتگردی کا جو منصوبہ تھا اس کا ناکام ہونا سکیورٹی اداروں کا احسن اقدام ہے انہیں اس معاملے میں زیادہ ہشیاری دکھانے کی ضرورت ہے۔ علامہ شیخ زاہد حسین زاہدی نے کہا کہ جب سے اکنامک کوریڈور کا قیام عمل میں لانے کا فیصلہ ہوا ہے منفی طاقتوں اور پاکستان دشمن طاقتوں کے لیے پریشانی شروع ہو گئی ہے۔ پاکستان دشمن طاقتوں کے لیے اکنامک کوریڈور کسی صورت قابل قبول نہیں اس لیے انکی طرف سے اس اہم منصوبے کو ناکام بنانے کے لیے ہر طرح کے حربے ہونگے اس میں ایک دہشتگردانہ حملے اور فرقہ وارانہ فسادات ہیں۔ اس وقت تمام مکاتب فکر کو پاکستان کی فلاح و بہبود اور جس دور سے وطن عزیز گزر رہا ہے اس کو مدنظر رکھتے ہوئے اس بات کا خیال رکھنا چاہیے کہ کسی صورت خطے کے دشمنوں کو پنپنے کا موقع نہ ملے۔ انہوں نے کہا کہ اکنامک کوریڈور کا منصوبہ پورے خطے اور سکیورٹی اداروں کے لیے ایک عظیم امتحان ہے اس کے ثمرات ملک کو وسیع پیمانے پر ملیں گے چنانچہ ملکی مفادات کو مد نظر رکھتے ہوئے خطے کے تمام لوگوں کو ہشیار رہنے کی ضرورت ہے۔

وحدت نیوز  (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین نے شہید قائد علامہ عارف الحسینی کی ستائیسویں برسی کے سلسلے میں بیداری امت کانفرنس کی تیاریاں تیز کر دیں۔ 9 اگست کو وفاقی دارالحکومت میں فضل حق روڈ پر ہونے والی اس کانفرنس میں ایک لاکھ سے زائد افراد کی شرکت متوقع ہے۔ تقریب میں ملک کے نامور علماء کے علاوہ مذہبی، سیاسی و سماجی شخصیات بھی شرکت کریں گی۔ بیداری امت کے حوالے سے یہ ایک تاریخی اور شاندار پروگرام ثابت ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ اصغر عسکری نے ایم ڈبلیو ایم راولپنڈی اسلام آباد کابینہ کے ایک مشترکہ اجلاس میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ برسی کے انتظامات تقریباً حتمی مراحل میں داخل ہوچکے ہیں۔ دونوں ضلعی کابینہ کو چاہیے کہ وہ اپنی رابطہ مہم کو زیادہ سے زیادہ فعال کریں اور اپنے اپنے علاقوں کے مومنین کرام کو برسی میں شرکت کے لئے مدعو کریں۔ تنظیم سازی جیسے بنیادی مسائل پر خصوصی توجہ دی جائے، تاکہ تنظیمی سیٹ اپ مضبوط افرادی قوت کے ساتھ اپنی سرگرمیاں جاری رکھ سکے۔

انکا کہنا تھا کہ برسی کے سلسلے میں پنجاب کے مختلف اضلاع کے دورہ جات کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے اور حوصلہ افزا نتائج حاصل ہوئے ہیں۔ چکوال کے دورے کے دوران عمائدین کی بڑی تعداد سے خطاب کرتے ہوئے علامہ عسکری نے کہا کہ قائد شہید کے افکار ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔ شہید نے ہمیشہ امت مسلمہ میں اتحاد و رواداری پر زور دیا اور فرقہ وارانہ تعصب کی حوصلہ شکنی کی۔ ان کی تعلیمات پر عمل کرکے امت مسلمہ تنزلی و محکومی سے نجات حاصل کرسکتی ہے۔ مشترکہ اجلاس میں مرکزی رہنماوں ملک اقرار حسین، نثار فیضی، ایم ڈبلیو ایم راولپنڈی کے سیکرٹری جنرل مولانا علی اکبر کاظمی اور اسلام آباد کے سیکرٹری جنرل ظہیر حسین کے علاوہ دیگر افراد نے بھی شرکت کی۔

وحدت نیوز (سکردو) مجلس وحدت مسلمین کے نو منتخب رکن قانون ساز اسمبلی کاچو امتیاز حیدر خان نے حلقہ ۲ سکردو کے بارے میں سید محمد علی شاہ کے ہتک آمیز بیان کی سختی سے مذمت کی اورواضح کیا کے سکردو حلقہ ۲ کے عوام کو بکائومال نہیں کے کوئی بھی خرید لے، حلقہ ۲ کے عوام انتہائی با شعور اور دین دار ہیں جو علماء کا احترام کرنا جانتے ہیں ، عوام نے الیکشن میں سب کے قابل اور اعلیٰ تعلیم یافتہ امیدوار کو کامیاب کروایا ہے، حلقہ ۲ کے عوام اور علماء کی توہین کسی صورت برداشت نہیں کریں گے، سکردو کے عوام کو اگر بکنا ہوتا تو ماروی میمن کے ہاتھوں بک جاتے،بینظیر انکم سپورٹ کے فارم کی لالچ کس نے دی،ماروی میمن کو گلی گلی کس پارٹی نے پھرایا، راتوں رات پیسے لے لے کر گھر گھر کون گیا ہمارے پاس سارے شواہد موجود ہیں اور کس کس نے پیسے ان کے منہ پر دے مارے ہمیں یہ بھی پتہ ہے، سید صاحب عوام اور علماء پر کیچڑاچھالنے سے بہتر ہے اپنی مشاورتی ٹیم مظبوط کریں ، اچھے لوگوں کو مشاور بنائیں ، سکردو حلقہ ۲ میں ن لیگ کا کوئی ووٹ بنک نہیں ۔

وحدت نیوز (لاہور) دوماہی مجلہ بصیرت کے مدیر جناب ظہیر الحسن کربلائی نے مجلس وحدت مسلمین کے تمام صوبائی اور ضلعی سیکرٹری جنرل حضرات سے درخواست کی ہے کہ وہ مجلہ بصیرت کی ممبر سازی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ۔ جن سیکرٹری جنرلز نے ممبر سازی کا کام مکمل کر لیا ہے انہیں چاہیے کہ ممبران کے کوائف مرکزی شعبہ تربیت کے مندرجہ ذیل ایڈریس پر ارسال کریں ۔

مکان نمبر 603 بلاک Dہائوسنگ سوسائٹی کینال ویو لاہور

انہوں نے اس بار زور دیا ہے کہ اگر کسی ضلع کی طرف سے ممبر سازی مہم میں تاخیر کی گئی تو اس کو مجلہ بصیرت کی ترسیل روک دی جائے گی ۔لہٰذا تمام عہدیداروں اور کارکنان سے درخواست ہے کہ اس مہم میں فعالیت دکھائیں اور اپنی دینی اور الہٰی ذمہ داری کا ثبوت دیں ۔

وحدت نیوز (مشہد مقدس) مجلس وحدت مسلمین شعبہ مشہد مقدس کے وفد نے گزشتہ روز مشہد مقدس میں منعقدہ یوم القدس کے حوالے سے ریلی میں شرکت کی۔ مجلس وحدت مسلمین کے وفد کی قیادت مسئول دفتر مولانا ظہیر الحسن، مولانا سید منور عباس نقوی، مولانا انصاف رضا، سید محمد علی کاظمی اور دیگر نے کی۔ میدان بسیج سے نکالی جانے والی ریلی میں مجلس وحدت مسلمین شعبہ مشہد مقدس کے مسئولین، اراکین، علمائے کرام اور پاکستانی طلاب کی ایک بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے مجلس وحدت مسلمین اور پاکستان کے پرچم اُٹھا رکھے تھے۔ ریلی میں پاکستانی پرچم نمایاں تھا، ریلی اپنے مقررہ راستوں سے ہوتی ہوئی حرم مطہر امام رضا علیہ السلام پر اختتام پذیر ہوئی۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree