وحدت نیوز(گلگت)اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان اسمبلی کاظم میثم نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایک بظاہر سیاسی رہنماء نے سستی شہرت کے لیے بیک وقت ایک مذہبی جماعت اور منرلز سے وابستہ افراد پر بڑا الزام عائد کیا ہے۔ انہیں تھوڑی سی ہمت کرکے ثبوت کے ساتھ اسمبلی میں بات کرنی چاہیے تھی-
انہوں نے معدنیات سے وابستہ گلگت بلتستان کے ہزاروں تاجروں پر رشوت کا الزام عائد کرکے ان کو بدنام کرنے کی کوشش کی ہے۔ کسی بھی مخالف جماعت پہ جھوٹے الزامات عائد کرکے خوش ہوجائیں اور یہ کہتے پھریں کہ جھوٹا الزام لگانا ہمارا فن ہے مخالف نے کہاں کہاں دفاع کرنا ہے؟ لیکن وہ طبقہ جو محنت کرکے اپنی جان جوکھوں میں ڈال کر حلال رزق روزی کمانے والے ہیں ان لوگوں پر رشوت کا الزام قابل مذمت ہے۔ منرلز ایسوسی ایشن اور اس سے وابستہ افراد کو داغدار کرکے نہیں معلوم کس کی خوشنودی حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
مذہبی جماعت کی طرف اشارہ کرکے موصوف نے تمام مذہبی جماعتوں پر سوال اٹھایا ہے۔ اگر موصوف سچا ہے تو ثبوت کے ساتھ اس مذہبی جماعت کا نام لینا چاہیے۔ لگتا ہے اس خبر کا سورس بھی وہی ہے جس خبر میں خالد خورشید کی حکومت گرانے کے بعد انہوں نے وزیراعلٰی بننا تھا۔