امام خمینیؒ نے امت مسلمہ کو طاقتور بننے کا راستہ دکھایا، اللہ کی ذات کے بعد آپ نے ہمیشہ عوامی طاقت پر بھروسہ کیا،علامہ مقصود ڈمکی

03 June 2025

وحدت نیوز(کوئٹہ) خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران کوئٹہ کے زیر اہتمام بانی انقلاب اسلامی، رہبر کبیر حضرت امام خمینیؒ کی 36 ویں برسی کی مناسبت سے ایک پُروقار کانفرنس بعنوان "اقتدار امام خمینی کی نگاہ میں" منعقد ہوئی۔

کانفرنس سے اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصل جنرل جناب آقای علی رضا رجائی، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری نشر و اشاعت علامہ مقصود علی ڈومکی، نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما میران بلوچ جامعہ امام صادق کوئٹہ کے پرنسپل علامہ محمد جمعہ اسدی، اور ڈائریکٹر جنرل خانہ فرھنگ آقا سید ابو الحسن میری سمیت دیگر  مقررین نے خطاب کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ: "دین اسلام نے اہلِ حق اہل ایمان کو طاقت کے حصول کا حکم دیا ہے، جیسا کہ ارشاد باری تعالیٰ ہے: 'اور دشمن کے مقابلے میں جتنی طاقت جمع کر سکتے ہو، کرو۔' ایسی طاقت حاصل کرو کہ دشمن تم سے خوفزدہ ہو۔"
انہوں نے کہا کہ امام خمینیؒ اللہ کی طاقت پر کامل یقین رکھتے تھے، اسی لیے وہ امریکہ، اسرائیل اور عالمی استعمار سے خوفزدہ نہیں تھے۔ آپ فرمایا کرتے تھے: "امریکہ ھیچ غلطی نمی تواند بکند" یعنی امریکہ کوئی غلط قدم نہیں اٹھا سکتا۔

علامہ ڈومکی نے کہا کہ امام خمینیؒ نے امت مسلمہ کو طاقتور بننے کا راستہ دکھایا۔ اللہ کی ذات کے بعد آپ نے ہمیشہ عوامی طاقت پر بھروسہ کیا۔ آپ کا یہ تاریخی جملہ ’’میزان، رائے ملت است‘‘ یعنی "پیمانہ ملت کی رائے ہے"، آج بھی اسلامی جمہوریہ کی سیاست کی بنیاد ہے۔

انہوں نے کہا کہ امام خمینیؒ نے اسلامی افواج کو طاقتور دیکھنا چاہا۔ فلسطین کے نہتے مجاہدین، جن کے ہاتھوں میں صرف پتھر اور غلیل تھے، انہی کے ہاتھوں میں رائفل، میزائل اور راکٹ لانچر دیے تاکہ وہ اسرائیل جیسے غاصب کے مقابلے میں ڈٹ سکیں۔ امام خمینیؒ کی انقلابی فکر نے اسلامی جمہوریہ ایران کو اتنا مضبوط کر دیا کہ آج امریکہ اور اسرائیل اس پر حملہ کرنے سے پہلے سو بار سوچتے ہیں۔

علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ اقتدار اور طاقتور دفاع کی تازہ مثال ہمیں وطن عزیز پاکستان میں دیکھنے کو ملی، جب بھارتی وزیر اعظم مودی نے طاقت کے نشے میں پاکستان پر حملہ کیا، تو پاک فضائیہ کے بہادر جوانوں نے بھارتی جہازوں کو سرنگوں کر کے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔ اگر پاکستان کا دفاع کمزور ہوتا تو دشمن مزید حملوں کا مرتکب ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ امام خمینیؒ کی فکر آج بھی دنیا بھر کے مظلوموں کے لیے امید کا چراغ ہے، اور امت مسلمہ کو چاہیے کہ وہ اپنے دفاع، معیشت، سیاست اور ٹیکنالوجی میں خودکفالت حاصل کرے تاکہ عالم کفر کے سامنے اپنا سر بلند رکھ سکے۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree