The Latest
وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین ضلع ملیر کے صدر سید احسن عباس رضوی نے اپنے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی درخواست پرحلقہ این اے 231 ملیر کے 4 پولنگ اسٹیشنز کی ری کاؤنٹنگ کے دوران شکست کے یقین کے بعد سندھ کی فاشسٹ حکومتی جماعت کے مسلح نقاب پوش دہشت گردوں کے الیکشن کمیشن آفس پر حملے، سرکاری عملے کو ذدوکوب کرنے اور انتخا بی ریکارڈ نظر آتش کرنے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں،پی پی پی کے مینڈیٹ چور ممبر قومی اسمبلی عبدالحکیم بلوچ کو اس جرم میں فالفور نااہل قرار دیکر فارم 45 کے مطابق پی ٹی آئی کے کامیاب امیدوار خالد محمود علی ایڈوکیٹ کی کامیابی کانوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔
قومی اسمبلی حلقہ این اے 231 ملیر میں انتخابی نتائج میں جعل سازی کے باعث پاکستان تحریک انصاف اور عمران خان کے نامزد امیدوار خالد محمودعلی ایڈوکیٹ کی اپیل پر الیکشن ٹریبونل کی جانب سے 4 پولنگ اسٹیشنز کی ری کاونٹنگ کے حکم پر ریجنل الیکشن کمشنر آفس کراچی میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان بھی بطور فریق حاضر ہوئی ، ایم ڈبلیوایم کے ضلعی صدر سید احسن عباس رضوی اور نامزد امیدوار سید عارف رضا زیدی اپنے وکیل حسنین علی چوہان ایڈوکیٹ کےہمراہ الیکشن ٹریبونل کے سامنے پیش ہوئے۔
ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے آغاز سے چند لمحے قبل پی پی پی کےجعلی ممبر قومی اسمبلی عبد الحکیم بلوچ نے الیکشن کمیشن پر عدم اعتماد کااظہارکرتے ہوئے ری کاؤنٹنگ پر اعتراض اٹھادیااسی دوران سندھ کی برسراقتدار فاشسٹ جماعت پی پی پی کےدرجنوں مسلح نقاب پوش دہشت گردوں نےجیئے بھٹو کے نعرے لگاتے ہوئے الیکشن کمیشن کی بلڈنگ میں گھس کرتوڑ پھوڑ کی اور ووٹوں کے بوروں کو باہر نکال کر پیٹرول چھڑ ک کر آگ لگادی۔پولیس اور قانون نافذکرنے والے ادارے اس تمام دہشت گردی میں برابر کے سہولت کاربن کر تماش بین کا کردار ادا کرتے رہے اورپولیس کی ملی بھگت سے مسلح نقاب پوش حملہ آور باآسانی فرار ہونے میں بھی کامیاب ہوگئے۔
سید احسن عباس نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مطالبہ کیا کہ پی پی پی کے مینڈیٹ چور ممبر قومی اسمبلی عبدالحکیم بلوچ کو ریاستی ادارے پر حملے ، سرکاری عملے کو ذدوکوب کرنے اور انتخا بی ریکارڈ نظر آتش کرنے کے جرم میںفالفور نااہل قرار دیکر فارم 45 کے مطابق پی ٹی آئی کے کامیاب امیدوار خالد محمود علی ایڈوکیٹ کی کامیابی کانوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔
وحدت نیوز(سکردو) موقر بین الاقوامی تحقیقی جریدہ oEconomiajournal میں اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان اسمبلی و پارلیمانی لیڈر مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان محمد کاظم میثم اور تحقیقی گروہ کا ریسرچ آرٹیکل ڈبلیو کٹیگری میں شائع ہوگیا۔
ڈبلیو کٹیگری میں جگہ پانا تحقیقی میدان میں بڑا اعزاز ہوتا ہے۔ ریسرچ گروپ میں وائس پرنسپل پبلک سکول اینڈ کالج سکردو گرلز ونگ شازیہ حمید، ڈائریکٹر اکیڈمک یونیورسٹی آف بلتستان سکردو حاجی کریم خان، انسٹرکٹر کالج آف ایجوکیشن انیقہ بانو، لیکچرر جی سی یونیورسٹی فیصل آباد نجف علی، لیکچرار پبلک سکول اینڈ کالج صدیقہ جبین اور لیکچرار پبلک سکول اینڈ کالج شامل تھی۔
اس ریسرچ میں پروفیسر حاجی کریم خان کی خصوصی نگرانی میں ریسرچ اسکالرز نے Determination of Latent Factors Influencing Students’ Dropout in Secondary Schools کے موضوع پر ریسرچ پیپر لکھا جسے بین الاقوامی تحقیقی موقر جریدہ میں جگہ ملی۔
اس ریسرچ گروپ کی گروپ لیڈر وائس پرنسپل پبلک سکول اینڈ کالج سکردو تھی۔ واضح رہے کہ اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان اسمبلی میدان سیاست کے ساتھ تعلیمی و تحقیقی میدان میں بھی یدطولی' رکھتے ہیں اور یونیورسٹی آف بلتستان کے شعبہ تعلیم کے ایم فل سکالر ہیں۔
اس سے قبل بھی بین الاقوامی جریدوں میں انکے تحقیق کو جگہ ملی اور اچھی سائٹیشن رہی ہے تاہم اب کہ بار اہم ترین کٹیگری میں ان کو اور انکے ریسرچ گروپ کو مقام پانے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ سخت ترین سیاسی اور عوامی مصروفیات کے ساتھ ساتھ تخلیق و تحقیق اور تحصیل کو جاری رکھنا نہایت قابل قدر اور نوجوانوں کے لیے حوصلے کا باعث ہے۔
وحدت نیوز(مشہد مقدس) مجلس وحدت مسلمین شعبہ مشہد مقدس کے زیراہتمام شہید مقاومت سید حسن نصراللہ اور شہدائے غزہ کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے تکریم شہداء کانفرنس کا اہتمام کیا گیا۔ کانفرنس میں علمائے کرام اور طلاب کی بڑی تعداد شریک تھی، کانفرنس کا آغاز ذاکر علی اسدی نے تلاوت کلام مجید سے کیا، قاری کاظم علی زیارت عاشورہ کی تلاوت کی، سید ثقلین سلمہ نے منقبت سے شرکاء کے دلوں کو گرمایا، کانفرنس کے مہمان خصوصی اور خطیب مجلس وحدت مسلمین اُمور خارجہ کے سیکرٹری حجتہ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر شفقت شیرازی تھے۔ ڈاکٹر شفقت شیرازی نے خطاب میں کہا کہ شہید ایک ایسی شخصیت تھے جن کی خوبیوں کے دشمن بھی معترف تھے، شہید ایک مخلص ترین انسان تھے جو ولایت کے سچے پیرو تھے، شھید امریکا و اسرائیل کے مخالف تھے اور بہادر ترین انسان تھے، اپنی شہرت کی بلندیوں پر ہونے کے باوجود سادہ ترین انسان تھے جو اپنی ملت کی بہت زیادہ قدر کرتے تھے، پھر ان کی ملت ان کی قوم بھی ان کی حد سے زیادہ معترف تھی، سید جہاں دشمنوں کے لیے سخت تھے اسی طرح اپنوں کے لئے اپنے دل میں مہر و محبت رکھتے تھے۔
اُنہوں نے کہا کہ سید کی دشمن پر بہت گہری ریسرچ تھی اس کی طاقت اور اس کی کمزوریوں سے خوب واقف تھے، شہید اپنی ملت اور مسلمانوں کی وحدت کے بہت بڑے داعی تھے اور اس راہ میں سید مقاومت نے بہت قربانیاں دیں، دشمن چاہتا تھا کہ ملت لبنان میں تفرقہ پیدا کرے لیکن سید نے اپنوں کے ساتھ قربتوں میں بہت اضافہ کیا۔ ڈاکٹر شفقت حسین شیرازی نے کہا کہ سید کی محبت کسی خاص منطقہ تک محدود نہ تھی بلکہ ہر رنگ و نسل سے تعلق رکھنے والے لوگ سید سے عقیدت و محبت رکھتے تھے۔ پروگرام کے اختتام پر مجلس وحدت مسلمین شعبہ مشھد مقدس کے مسئول حجۃ الاسلام عقیل حسین خان نے پروگرام کے شرکا کا شکریہ ادا کیا۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض حجۃالاسلام عارف حسین تھہیم نے انجام دیے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری حفظہ اللہ کی قیادت میں ایم ڈبلیو ایم کے اعلی سطح وفد کا اسلام آبادمیں لبنانی سفارت خانے کا دورہ، لبنانی سفیر نے وفد کو خوش آمدید کہا۔
چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری حفظہ اللہ نے لبنانی سفیر سے ملاقات کی اور انہیں سردار شہداء سید حسن نصراللہؒ و رفقاء کی شہادت پر تعزیت پیش کی-
وفد میں وائس چیئرمین ایم ڈبلیو ایم سید احمد اقبال رضوی، جنرل سیکرٹری سید ناصر عباس شیرازی، سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی بھی موجود تھے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)مرکزی چہلم سید مقاومت شہید سید حسن نصراللہ بمقام جی سکس ٹو اسلام آباد کے حوالے سے رابطہ مہم جاری، مرکزی جنرل سیکرٹری مجلس وحدت مسلمین پاکستان سید ناصر عباس شیرازی کی سید حسنین کاظمی کے گھر عمائدین ملت سے ملاقات، جس میں مرکزی چہلم کے سلسلے میں انتظامات اور اس میں شرکت کے لئے مشترکہ آمادگی کا بھر پور اظہار کیا گیا۔
اس موقع پر علامہ سید زاہد کاظمی، علامہ محمد حسین مدنی سمیت مختلف ماتمی انجمنوں کے سالار، امام بارگاہوں کے متولی اور عزاداری سے مربوط موثر شخصیات موجود تھیں، شہداء قدس کا چہلم تاریخی شرکت اور معنوی ماحول کے اظہار کا دن ہو گا، معروف خطیب علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی دن 11 بجے زیب ممبر ہوں گے جبکہ چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے اختتامی خطاب کے بعد ماتمی دستے عزاداری و نوحہ خوانی کریں گے، چہلم کی تاریخی مجلس عزاء سے علمائے وزاکرین کرام، نامور شعراء وخطباء زکر محمد و آل محمد بیان کریں گے اور شہداء قدس کے لہو اور مقدس مشن سے تجدید عہد کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کریں گے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) برادرحسن عارف مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان کی مرکزی دفتر مجلس وحدت مسلمین پاکستان میں آمد ۔ وائس چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ سید احمد اقبال رضوی سے ملاقات کی ۔
مرکزی صدر آئی ایس او نے علامہ سید احمد اقبال رضوی کو آئی ایس اوکے مرکزی کنونشن میں شرکت کی دعوت دی ۔ اس موقع پر مسئول مرکزی دفتر برادر ارشاد حسین بنگش بھی موجود تھے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) وائس چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ سید احمد اقبال رضوی کی زیر صدارت مرکزی سیکرٹریٹ ایم ڈبلیو ایم میں اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں تنظیمی امور میں نظم و ضبط اور جماعت کی جانب سے جاری کردہ پروگرامات کے انعقاد کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔
اجلاس میں فیصلہ جات اور تنظیم کی جانب سے جاری کردہ پروگرامز کے فالو اپ کے لئے مرکزی مانیٹرنگ ڈیسک کے قیام کی منظوری دی گئی، مرکزی مانیٹرنگ ڈیسک چار افراد پر مشتمل ہو گی، جس کی سربراہی وائس چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ سید احمد اقبال رضوی کریں گے جبکہ اراکین میں ارشاد حسین بنگش، شمس الدین کامل، سید مدثر کاظمی اور سید وسیم الحسن شامل ہونگے۔
وحدت نیوز(کراچی) دعا کمیٹی صوبائی سکریٹریٹ مجلس وحدت مسلمین سندھ کے تحت ہفتہ وار مرکزی اجتماعی دعائے توسّل و مجلس ترحیم بسلسلہ شہید حسن نصر اللہ و رفقاء، شہدائے لبنان، فلسطین، پارہ چنار، شہدائے سولجر بازار، مرحوم سوز خوان محمد نقی لاہوتی کا انعقاد محفل شاہ خراسان روڈ پر کیا گیا۔ دعا کی تلاوت کی سعادت ڈاکٹر نجم الحسن نے حاصل کی جبکہ سلام ناصر آغا، نوحہ خوانی محمد علی جلالوی، عدنان سیفی کربلائی نے کی جس میں مومنین و خواتین نے شرکت کی۔ مجلس ترحیم سے علامہ سجاد شبیر رضوی، ڈاکٹر نجم الحسن، ناصر الحسینی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل فلسطین کے اندر بدترین نسل کشی کا مرتکب ہو رہا ہے، بیت المقدس کے آزادی کیلئے سید حسن نصر اللہ و رفقاء، اسماعیل ہانیہ نے اپنی جانوں کی قربانیاں پیش کی۔ انہوں نے حسن نصر اللہ و رفقاء کی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ سید حسن نصر اللہ اور رفقاء نے 2006ء کی جنگ میں اسرائیل کو شکت دی تھی انشاءاللہ اب بھی جا نثار ران حسن نصر اللہ اسرائیل اور انکے سرپرستوں کو شکست دیں گے ۔
ناصر الحسینی نے رہبر معظم سید علی خامنہ ائ کے بابصیرت فکر و مجاہدانہ کاوشوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا، اس وقت عالم اسلام کا اگر کوئی حقیقی لیڈر و رہبر ہے تو وہ سید علی خامنہ ای ہیں۔ آغا سجاد رضوی نے کہا کہ آج پوری دنیا کو طاغوت امریکہ، اسرائیل کا مقابلہ کرنا ہے تو وہ سید علی خامنہ ای کے لشکر میں شامل ہوجائیں۔ مقررین نے کہا کہ اگر امریکہ، اسرائیل اور ان کے سرپرستوں نے اسلامی انقلاب ایران کو نقصان پہنچانے کا ارادہ کیا تو یاد رکھنا کہ پوری دنیا کے غیرت مند مسلمان مل کر انقلاب اسلامی ایران کی حفاظت کریں گے، دعا و مجلس کے اختتام پر شرکاء میں تبرک تقسیم کی گئی۔ آخر میں لبنان، فلسطین کے مسلمان زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی اور شہدائے ملت پاکستان، لبنان، فلسطین، شہداء سولجر بازار، مرحوم سوز خوان نقی لاہوتی و کل مرحومین کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔
وحدت نیوز(گلگت) قائد حزب اختلاف گلگت بلتستان اسمبلی وایم ڈبلیوایم کے پارلیمانی لیڈرکاظم میثم نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ گلگت بلتستان اور دیگر ساتھیوں پر دہشتگردی کے مقدمات عاقبت نااندیشوں کی گلگت بلتستان کو فیڈریشن سے مایوس کرنے کی کوشش ہے۔ ایسی کارروائیوں کے نتیجے میں گلگت بلتستان کے عوام پاکستان سے بے تفاوت ہوتے جارہے ہیں۔ اس سے قبل جی بی ہاوس جو کہ گلگت بلتستان کا حصہ ہوتا اسے سب جیل قرار دے کر عوام میں سخت مایوسی پھیلائی تھی۔ آج کی وفاقی حکومت گلگت بلتستان جو کہ عالمی سطح پر اور آئین پاکستان کے مطابق متنازعہ خطہ ہے۔ اس متنازعہ خطے کے عوام کو مین سٹریم پالیٹیکس میں جگہ دینے اور حوصلہ افزائی کرنے کی بجائے ان کو دہشتگرد بناکر پیش کرنے کی کوششیں گلگت بلتستان اور پاکستان کے دشمن کے عزائم کو تقویت دینے کا باعث بنے گا۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں رجیم چینج آپریشن، شیڈول فور اور اے ٹی کی اطلاق جو کہ غیرقانونی عمل ہے اس کے بعد عوام میں غم و غصے میں اضافہ ہو رہا ہے۔ گلگت بلتستان کو پاکستان کا آئینی حصہ دیکھنے کے خواہشمند عوام اب متنازعہ حقوق کی طرف بڑھنے لگے ہیں۔ اس حساس ترین اور متنازعہ خطے کے عوام آئے دن مایوس ہوتے جا رہے ہیں۔ ہم فیڈریشن سے مطالبہ کرتے ہیں کہ گلگت بلتستان کی حساسیت اور متنازعہ حیثیت کے پیش نظر عوام دشمن فیصلوں سے باز رہیں۔ ایک وزیراعلٰی کے خلاف دہشتگردی کی دفعہ یہاں کے تمام باسیوں پر دفعہ ہے۔ ایسے مظالم جاری رہیں تو بعید نہیں فیڈریشن کی سیاسی جماعتوں کے لیے گلگت بلتستان نو گو ایریا بنے۔ عالمی طاقتوں کی کوشش ہے کہ گلگت بلتستان کا قضیہ اقوام متحدہ میں پہنچے۔ یہاں کے عوام حقوق کو یقینی بنائی جائے اور مظالم کا سلسلہ بند کرے۔ سابق وزیراعلٰی اور دیگر ساتھیوں پر عائد مقدمات فوری واپس لیا جائے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری حفظہ اللہ کی سربراہی میں مرکزی مجلس چہلم قائد مقاومت شہید سید حسن نصراللہ ؒ کے حوالے سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کےسینٹرل سیکریٹریٹ میں اہم اجلاس منعقد ہوا ۔
مرکزی کابینہ ،ضلع راولپنڈی،اسلام آباد کے عہدیداران سمیت دیگر شخصیات اجلاس میں موجود تھیں۔ اجلاس میں مجلس چہلم کے پرشکوہ انعقاد کے حوالے سے اہم فیصلہ جات کئے گئے۔
اس موقع پر چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شہید سید امت مسلمہ کا لیڈر ہے یہ سب کا شہید ہے یہ کسی تنظیم یا جماعت کا پروگرام نہیں بلکہ پوری ملت اسلامیہ کا پروگرام ہونا چاہئے جس میں تمام تنظیموں ، انجمنوں، ماتمی سنگتوں سب کو شامل کیا جائے اور اس چہلم کی مجلس کو سید کے شایان شان ہونا چاہئے۔
اجلاس میں ابتدائی ورکنگ کمیٹی کو بھی نامزد کیا گیا۔ نشرواشاعت و سوشل میڈیا کمپین شروع کرنے سمیت عوامی رابطہ مہم پر بھی اہم فیصلہ جات کئے گئے۔
واضح رہے کہ شہید سید حسن نصراللہ ؒ کے چہلم کا مرکزی اجتماع وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 10 نومبر کو منعقد کرنے کا باضابطہ فیصلہ کیا گیا ہے ، جگہ کا اعلان آئندہ چند روز میں متوقع ہے ۔