The Latest

وحدت نیوز(لاہور) عالم مجاہد و مبارز بانی رہنما ایم ڈبلیوایم علامہ سید حسن ظفر نقوی نے لاہور میں صوبائی سیکرٹریٹ مجلس وحدت مسلمین پنجاب کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو اہم کے مرکزی، صوبائی اور ضلعی رہنماوں سے ملاقات کی۔ سید اسد عباس نقوی مرکزی سیکرٹری سیاسیات مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے علامہ سید حسن ظفر نقوی کو پنجاب اور لاہور کی تنظیمی صورتحال سے آگاہ کیا اورعلامہ سید حسن ظفر نقوی سمیت تمام شرکاء کا صوبائی سیکرٹریٹ آمد پر شکریہ ادا کیا۔

 اسد عباس نقوی نے علامہ سید حسن ظفر نقوی کی استقامت، شجاعت اور مصمم ارادے کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج یوم شہادت حضرت امام موسیٰ کاظم علیہ السلام ہے، میں اپنی طرف سے اور تمام تنظیمی ساتھیوں کی جانب سے امام زمان عجل اللہ فرجہ الشریف، ولی فقیہ رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی امام سید علی خامنہ ای حفظہ اللہ اور قبلہ سید حسن ظفر نقوی کی خدمت تسلیت و تعزیت پیش کرتا ہوں۔ انہوں ںے کہا کہ علامہ سید حسن ظفر نقوی نے ہمیشہ ہماری رہنمائی کی اور ہمیں آگے بڑھنے کا حوصلہ دیا۔
 
انہوں نے کہا کہ وطن عزیز، ملت عزیز پاکستان اور مکتب اہلبیت کو جب کھبی کوئی مشکل اور ضرورت پیش آئی، علامہ حسن ظفر نقوی جس حال میں بھی تھے، ہمیشہ صف اول میں نظر آئے اور قوم کو حوصلہ دیتے رہے، ہمیں ان پر فخر ہے۔ علامہ سید حسن ظفر نقوی نے کہا کہ ہمارا دشمن بزدل ہے، 14 سو سالہ تاریخ گواہ ہے کہ کربلائیوں کو شکست نہیں دی جا سکتی، شرط یہ ہے وہ غدار نہ ہو، امام علی علیہ السلام کا پیروکار کبھی بزدل نہیں ہوتا۔ انہوں ںے کہا کہ غزہ میں شیعہ وسنی نے مل کر فتح حاصل کی ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں پاراچنار کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک سازش کے تحت پاراچنار کے حالات کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش کی گئی، مگر مومنین کرام کی میدان میں حاضری اور استقامت سے دشمن کی یہ سازش بھی ناکام ہوگئی۔ علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا کہ ہمارا سلام ہو شہدائے پارا چنار اور شہدائے غزہ پر جن کے خون پاک  کی طاقت اور برکات سے مکتب اہلبیت (ع)  کامیاب اور سرخرو ہوا۔
 
انہوں نے کہا کہ عزیزان کبھی بھی ہمت نہ ہارنا اوراپنی آنیوالی نسلوں کی تربیت بھی اسی نہج پر کرنا، بڑی طولانی اور نفسیاتی جنگ ہے، جو ہم نے لڑنی ہے، ہمارا ہتھیار میدان میں شجاعت اور استقامت کیساتھ ڈٹے رہنے کا حوصلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ نے ہمیں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی بابصیرت قیادت نصیب فرمائی ہے، ہمیں اس کا ساتھ دے کر اس کو مضبوط بنانا ہے، آپ خود سوچیں وہ کتنے لوگوں کے سامنے مکتب کی ترجمانی کر رہے ہوتے ہیں، اور کس کس محاذ پر ہمارے لئے ہمارے بچوں کیلئے اور آنیوالی نسلوں کیلئے دن رات ایک کرکے ہمارا مقدمہ لڑرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بس ہماری بھی ذمہ داری ہے کہ ہم ان کا دست وبازو بنیں، وطن عزیز پاکستان میں کتنی بڑی آبادی بستی ہے، اور ہمارے رہنما ایک قومی لیڈر کے طور پر تمام مظلوموں کی آواز بن کر دشمن کے سامنے ڈٹ کر کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ کے بہت ہی مظلوم امام حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام اپنے زمانے کے سب سے بڑے مجاہد امام ہیں۔
 
علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا کہ امام علیہ السلام نے زندانوں میں رہ کر سختیاں جھیل کر جہاد نہیں روکا، بادشاہوں سے جہاد، فقہا وقت سے جہاد، زمانے کے مفتیوں اور فلسفیوں سے جہاد، خلاصہ پوری کی پوری زندگی مولا امام موسی کاظم علیہ السلام کی زندگی جہاد کرتے کرتے گزر گئی، ہمیں اپنے آئمہ علیہم السلام کی سیرت کا مطالعہ کرنا چاہیئے اور پھر اس پر عمل پیرا ہونا چایئے، تاکہ ہم زمانے کے امام (ع) کے صحیح معنوں میں ناصر بن سکیں۔ علامہ سید حسن ظفر نقوی سے پہلے علامہ محمد حیات نجفی نے بھی شرکاء سے خطاب کیا۔ تقریب میں سید حسنین جعفر زیدی، شیخ عمران علی، حاجی مرزا امیرعباس، نجم عباس خان، نقی مھدی، رانا کاظم علی، آفتاب علی ہاشمی، یوٹیوبر مرتضی علی، سینئر صحافی تصور شہزاد، ظہیر کربلائی سمیت دیگران بھی موجود تھے۔

وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ پنجاب کے صوبائی سیکریٹریٹ میں اجلاس سے خطاب میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی نے کہا کہ پارا چنار کا مسئلہ کوئی شیعہ و سنی مسئلہ نہیں بلکہ یہ یک طرفہ دہشت گردی ہے، اگر امن معاہدے پر عملدرآمد ہو جاتا تو یہ واقعات رونما نہ ہوتے۔

 انہوں نے کہا کہ کچھ قوتوں نے اسے فرقہ واریت کا رنگ دینے کی کوشش کی، جبکہ مقامی شیعہ اور سنی حضرات نے مل کر اسے ناکام بنا دیا، پارا چنار کے شیعہ اور سنی مل کر رہنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ اگر ہم سب مل کر ایک آواز بنے تو کشمیر بھی آزاد کرایا جا سکتا ہے، مگر کشمیر کی آزادی میں دشمن کی بجائے مسلمان نام نہاد حکمران رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔

وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے رہنما علامہ ظہیر کربلائی نے ادارہ منہاج القرآن کے زیراہتمام انٹرنیشنل معراج النبی کانفرنس(ص)  سے خطاب کرتے ہوئے معراج کو امت  کی رہنمائی  اور آگاہی کا موثر ترین ذریعہ قرار دیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں واقعہ معراج تین پہلو بیان کیے، ایک پہلو مسجدالحرام سے مسجد اقصی، دوسرا پہلو مسجد اقصی سے بیت المامور اور تیسرا پہلو بیت المامور سے سدرہ المنتہی پر روشنی ڈالی۔ علامہ ظہیر کربلائی نے پیغمبراسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ان مشاہدات کو بیان کیا، جن میں انسانوں کی حالت زار کو تمثیل کیساتھ بیان کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ معراج پر نبی کریم (ص) غیبت کرنیوالوں کا کیا حال دیکھا؟ حقوق الناس کی رعایت نہ کرنیوالوں کیساتھ کیا بیت رہی تھی، تارک صلوات، ماں باپ کے نافرمان لوگوں کے عذاب کے بارے بھی رسول خدا صل اللہ علیہ وآلہ وسلم نے تفصیل سے بیان کیا ہے۔

علامہ ظہیر کربلائی نے اپنے خطاب میں غزہ اور پاراچنار کی صورتحال پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں اسرائیل کو عبرتناک شکست ہوئی، وہ اسرائیل جو امریکہ کی مدد سے اپنے طاقت کے زعم میں مبتلا تھا، حماس کے جوانوں نے اس کا یہ زعم خاک میں ملا دیا۔ انہوں ںے کہا کہ فلسطین کے معاملے میں عرب حکمرانوں کی خاموشی افسوسناک اور قابل مذمت رہی، اور اس سانحہ نے حقیقی مسلم اور جعلی مسلمان کی حقیقت آشکار کردی۔ علامہ ظہیر کربلائی نے پارا چنار کے حوالے سے کہا کہ یہ شیعہ سنی کا مسئلہ نہیں، بلکہ ایک منظم سازش ہے، جس کا ادراک ہمارے حکمرانوں اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا جرگے کے فیصلے پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور پارا چنار کے راستوں کو عام عوام کیلئے کھولا جائے۔

وحدت نیوز(قم)مجلس وحدت مسلمین کے پارلیمانی لیڈر اور قائد حزب اختلاف گلگت بلتستان اسمبلی کاظم میثم نے ایک اعلیٰ سیاسی وفد کے ہمراہ قم میں جامعہ روحانیت بلتستان کے دفتر کا دورہ کیا۔ وفد میں ٹیکنوکریٹ ممبر جی بی کونسل شیخ احمد نوری، ممبر اسمبلی حلقہ 3 گلگت سید سہیل شاہ، ممبر اسمبلی حلقہ 3 سکردو وزیر سلیم، صوبائی سکریٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین ڈاکٹر مشتاق حکیمی اور سید محمد صادق رضوی جنرل سیکرٹری وحدت یوتھ پاکستان شامل تھے۔

جامعہ روحانیت کے جنرل سیکرٹری شیخ سجاد شاکری نے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے جامعہ کی خدمات اور کارکردگیوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اپوزیشن لیڈر کاظم میثم کی قومی مسائل پر اعلیٰ ایوانوں میں آواز بلند کرنے کی کاوشوں کو سراہا اور علماء و سیاسی رہنماؤں کے درمیان قومی مسائل کے حل کے لئے باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
 
رکن جی بی کونسل شیخ احمد نوری نے جامعہ روحانیت کے عہدیداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وفد کے اراکین کا تعارف پیش کیا۔ اپوزیشن لیڈر کاظم میثم نے گفتگو کرتے ہوئے جی بی میں شعوری تنزل کی جانب اشارہ کیا اور عوام میں شعوری تبدیلی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے علماء اور سیاسی رہنماؤں کی ذمہ داریوں کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے کی فکری، معنوی اور تعلیمی رہنمائی ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی مسائل کے حل کے لئے علماء اور سیاستدانوں کے مابین تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ علماء کی حمایت کے بغیر سیاسی رہنما کسی بھی قومی اور علاقائی حقوق کے لئے مؤثر جدوجہد نہیں کر سکتے۔ آخر میں جامعہ روحانیت بلتستان کے صدر حجت الاسلام شیخ علی نقی جنتی نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور قومی مسائل کے حل کے لئے ان کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے مہمانوں کی مزید کامیابیوں کے لئے دعا کی۔
 
اس ملاقات میں جامعہ روحانیت بلتستان کے مجلس نظارت کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر لطیف مطہری، ڈاکٹر محمد علی شریفی، مجلس کے نمائندگان حجت الاسلام والمسلمین احمد سعیدی، حجت الاسلام والمسلمین شیر محمد مقدسی، اراکین کابینہ حجت الاسلام والمسلمین مصطفی حلیمی، حجت الاسلام والمسلمین غلام محمد اشرفی، حجت الاسلام والمسلمین جعفر جعفری، محترم جناب شیخ خادم جاوید، محترم جناب اکبر وجری، اور اساتذۂ حوزہ حجت الاسلام والمسلمین فدا علی حلیمی اور حجت الاسلام والمسلمین محمد علی انصاری نے بھی شرکت کی۔

وحدت نیوز(جیکب آباد)جماعت اسلامی ضلع جیکب آباد کے زیر اہتمام سندھ میں جاری بدامنی اغوا برائے تاوان چوری اور ڈاکیتی کی وارداتوں کے خلاف یوم احتجاج منایا گیا۔ ایس پی آفس کے سامنے احتجاج میں جیکب آباد کی سیاسی سماجی اور مذہبی تنظیموں نے حصہ لیا۔ اس موقع پر احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ سندھ میں اغوا برائے تاوان ایک ناسور بن چکا ہے کچے اور پکے کے ڈاکو مل کر عوام کو لوٹ رہے ہیں اور انہوں نے روڈوں اور راستوں کو عوام کے لیے غیر محفوظ بنا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں کسی کی جان و مال محفوظ نہیں ہے۔ گزشتہ دنوں ممتاز قبائلی اور سیاسی شخصیت میر غالب حسین ڈومکی پر حملہ کیا گیا جس میں وہ خود اور ان کی اہلیہ اور محافظ زخمی ہوئے جبکہ ان کے دو محافظ ڈاکوؤں سے لڑتے ہوئے شہید ہو گئے۔ غریب اور مسکین شہری ہر روز اغوا ہو رہے ہیں۔ ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کے نام پر چار ارب روپے کرپشن کی نظر ہو گئے۔ مگر آج بھی ڈاکو راج قائم ہے۔ عوام اپنے بجٹ کا 70 فیصد حصہ سیکورٹی اداروں کو دیتے ہیں اس کے باوجود نہ ان کی جان محفوظ ہے نہ ان کا مال محفوظ ہے۔ گزشتہ دنوں مختلف واقعات میں ایم ڈبلیو ایم ضلع شکارپور کے رہنماؤں کی دو موٹر سائیکلیں دو کاریں اور بھینس چوری ہو گئیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ سندھ میں ڈاکو راج کے خلاف فی الفور فوج اور رینجرز کا مشترکہ اپریشن شروع کیا جائے۔احتجاج احتجاجی دھرنے سے صدر چیمبر آف کامرس میر احمد علی بروہی جماعت اسلامی کے رہنما حاجی دیدار لاشاری ابوبکر سومرو شہری اتحاد کے رہنما ایڈوکیٹ عبدالحئی سومرو عزاداری کونسل کے ضلعی جنرل سیکرٹری سید غلام شبیر نقوی و دیگر نے خطاب کیا۔

 در ایں اثناءعلامہ مقصود علی ڈومکی نے شہری اتحاد جیکب آباد کے زیر اہتمام ناجائز ٹول پلازہ کے خلاف احتجاجی مظاہرے میں حصہ لیا اس موقع پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ جیکب آباد شہر کو یونیورسٹی اور میڈیکل کالج کی ضرورت ہے حکمرانوں نے جیکب آباد کو تعلیمی ادارے اور ترقیاتی منصوبے دینے کی بجائے ان کا خون چوسنے کے لیے ایک غیر قانونی ٹول پلازہ کی بنیاد رکھی ہے۔ حالانکہ بیس کلومیٹر کے فاصلے پر دوسرا ٹول پلازہ پہلے سے موجود ہے۔

وحدت نیوز(شکارپور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی ضلعی صدر اصغر علی سیٹھار ضلعی سیکرٹری نشر و اشاعت عبدالعلی کوہارو کے ہمراہ ضلع کے مختلف یونٹس اور تحصیلوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے مدرسہ جوادیہ پہنچ کر مدرسہ کے پرنسپل ممتاز عالم دین علامہ عبدالمجید بہشتی کو برسی شہداء کی دعوت دی۔

اس موقع پر مختلف مقامات پر گفتگو کرتے ہوئے مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ سانحہ نماز جمعہ جامع مسجد سید الشہداء کربلا امام بارگاہ شکار پور کے شہداء کی دسویں برسی کے موقع پر 30 جنوری بروز جمعرات لکھی در شکارپور میں عظیم الشان اجتماع منعقد ہو گا۔ اس اجتماع سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری علامہ سید ارشاد حسین نقوی علامہ سید باقر عباس زیدی علامہ مختار احمد امامی علامہ ریاض حسین نجفی اور ملک کے جید علماء کرام و ذاکرین خطاب کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ شہدائے نماز جمعہ نے اللہ کے گھر مسجد میں حالت نماز میں اپنے خون کا نذرانہ دے کر مولا علی علیہ السلام کی کی سیرت طیبہ پر عمل کیا۔ انہیں عشق علی علیہ السلام کے جرم میں قتلِ کیا گیا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ برسی شہداء کی مرکزی تقریب میں بھرپور شرکت کریں۔ انہوں نے کہا کہ حسب سابق ضلع شکار پور کی تین تحصیلوں ڈکھن لکھی غلام شاہ اور خانپور سے مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام پیدل قافلے مرکزی اجتماع میں شرکت اور شہدائے راہ حق کو سلام عقیدت پیش کرنے کے لئے نکلیں گے۔انہوں نے کہا کہ ضلع شکار پور میں امن و امان کی ابتر صورتحال پر ہمیں شدید تشویش ہے۔

 ایم ڈبلیو ایم شکار پور کے ضلعی نائب صدر دولہہ دریا خان جتوئی کے گھر سے بھینس اور موٹر سائیکل چوری ہوئی جبکہ تحصیل صدر سید نوید علی شاہ کی موٹر سائیکل چوری کی گئی۔ چوری ڈاکے اغواء برائے تاوان روز کا معمول بن چکے ہیں۔  ایس ایس پی شکار پور ان وارداتوں میں ملوث مجرموں کو گرفتار کریں اور مسروقہ سامان بازیاب کریں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سماج دشمن عناصر اور ڈاکو راج کے خلاف فی الفور فوج رینجرز اور پولیس آپریشن کرے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے پارلیمانی لیڈر اور ضلع کرم سے ممبر قومی اسمبلی انجینئر حمید حسین نے میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں تحصیل چیئرمین آغا مزمل حسین فصیح کی گرفتاری کو بلاجواز قرار دیتے ہوئے انہیں فی الفور رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ مزمل حسین فصیح تحصیل چیئرمین پاراچنار اپر کرم کو ریاستی جبر کے خلاف آواز اٹھانے کے جرم میں گرفتار کیا گیا ہے، آغا مزمل حسین نے ہمیشہ امن وامان اور باہمی رواداری کی بات کی ہے، علاقے اور عوام کی خوشحالی کے لیے بات کی ہے، علاقے کے عوام کے خلاف ہونے والی سازشوں کو بے نقاب کیا ہے، پارہ چنار کرم میں ہونے والی ہر ملک دشمن کاروائی کے خلاف حکومتی ذمہ داران کو متوجہ کرتے رہے ہیں اور اپنا پرامن و قانونی احتجاج ریکارڈ کرواتے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے متاثرہ علاقے کی داد رسی کرنے کی بجائے آئینی دائرہ کار میں رہتے ہوئے صدائے احتجاج بلند کرنے والے رہنما کو گرفتار کرنا سراسر غیر قانونی اور ناانصافی ہے، گزشتہ 4 ماہ سے ضلع کرم کے عوام مرکزی سڑک کی بندش کی وجہ سے محاصرے میں ہیں اور انہوں نے عوام کو مشکلات سے نکالنے کی بات کی ہے، تیس ہزار ووٹوں سے منتخب ہونے والے عوامی نمائندے کو اس بھونڈے انداز سے گرفتار کرنے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، میں اس گرفتاری کے ذمہ دار تمام حکام سے پُرزور مطالبہ کرتا ہوں کہ مولانا مزمل حسین فصیح کے خلاف  لگائے گئے من گھڑت الزامات واپس لیئے جائیں اور انہیں باعزت رہا کیا جائے۔

وحدت نیوز(پاراچنار) مظلومین پاراچنار کے حقوق کی آواز بلند کرنے اور شیعہ سنی وحدت کیلئے آواز اٹھانے کے جرم میں نامعلوم افراد نےپاراچنار میں ایم ڈبلیو ایم کے دفتر میں گھس کر توڑ پھوڑ کی اور قیمتی سامان اپنے ساتھ لے گئے۔

 میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے رہنماؤں مسرت کاظمی ،شفیق مطہری ،ساجد کاظمی، آغا سرفراز اور دیگر رہنماؤں نے بتایا کہ نامعلوم افراد رات کی تاریکی میں ایم ڈبلیو ایم کے پارلیمانی لیڈر ایم این اے انجینیئر حمید حسین اور تحصیل چیئرمین آغا مزمل حسین کے دفتر کا تالا توڑ کر دفتر میں داخل ہوئے اور توڑ پھوڑ کر کے قیمتی سامان اپنے ساتھ لے گئے۔

 رہنماؤں نے کہا کہ نا معلوم افراد واکی ٹاکی سیٹ، سولر اور بیٹریوں کے علاوہ لیپ ٹاپس اور دوسرے قیمتی چیزیں بھی لے گئے اور ایم این اے کے ڈرائیور کا باکس توڑ کر اس سے بھی نقدی اور دوسری چیزیں لے گئے ہیں۔

 رہنماوں نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے، تحصیل چیئرمین آغا مزمل حسین کو تھری ایم پی او کے تحت گزشتہ روز پولیس نے گرفتار کر لیا ہےاور نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے ۔

وحدت نیوز(سکردو)رکن جی بی کونسل و سیکرٹری سیاسیات مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان شیخ احمد علی نوری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ملت کے حقوق کی توانا آواز اور ظلم و زیادتیوں کے خلاف برسرِپیکار مردِ مجاہد آغا سید علی رضوی صدر مجلس وحدت مسلمین جی بی پر  پارا چنار کے محب وطن شہریوں پر کئی مہینوں سے راستے کی بندش، سینکڑوں افراد کی شہادت اور ہسپتالوں میں ادویہ جات کی عدم دستیابی کے باعث چھوٹے چھوٹے بچوں کے جاں بحق ہونے پر ان مظلوموں کی توانا آواز بننے کے جرم میں دائر کی گئی ایف آئی آرز اور دہشتگردی کے دفعات سندھ حکومت کے ظالمانہ، جبر و استبداد اور سفاکیت کا مظہر‌ اور بُزدلی و بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہیں۔ جس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے‌ ہیں۔ ساتھ ہی سندھ حکومت سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ ان ایف آئی آرز کو فی الفور واپس لیا جائے۔

وحدت نیوز(لاہور )شہادت باب الحوائج امام موسی کاظم علیہ سلام کے موقع پر مرکزی صدر ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین محترمہ سیدہ معصومہ نقوی نے اپنے  پیغام میں کہا کہ امام موسی کاظم علیہ سلام  نے تمام تر سختیوں اور مسلسل قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنے کے بعد بھی دین اسلام کو بہترین انداز میں لوگوں تک پہنچایا علم و عبادت اور سخاوت و بردباری میں آپ کا کوئی ثانی نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ امام ہفتم راتوں کو سحر تک بیدار رہتے اور آپ کی شب زندہ داری ہمیشہ استغفار، طویل سجدوں، بہتے آنسووں، کثرتِ مناجات اور دورانِ عبادت مسلسل گریہ و زاری کے ساتھ ہوا کرتی آپ کی مقبولیت سے خائف ہو کر ظالم و جابر حکومت نے طویل عرصہ کیلئے سخت ترین قید و بند میں ڈالا اور بالاخر قید میں ہی زہر دے کر شہید کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ آپ ؑ نے بھی تمام آئمہ معصومین کی طرح اپنی امامت کے ٣٥ برسوں کے دوران دین اسلام کے احیاء اور الہٰی اقدار کے فروغ کے لئے ہر قسم کی مشکلات اور پریشانیوں کا خندہ پیشانی سے مقابلہ کیا اور راہِ اسلام میں صبر و استقامت کو عملی جامہ پہنایا۔

Page 38 of 1565

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree