The Latest

وحدت نیوز(جیکب آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ فلسطین و غزہ پر ڈھائے جانے والے مظالم نے پوری انسانیت کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ آج وقت کا تقاضہ ہے کہ دنیا بھر کے مظلوم متحد ہو کر ظالموں کے خلاف میدان عمل میں آئیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیکب آباد میں فلسطین کے مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے برآمد ہونیوالی احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انجمن محبان اہل بیت جیکب آباد کے زیر اہتمام فلسطین اور غزہ کے مظلوم مسلمانوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک پرامن احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس میں بچوں نوجوانوں نے بھرپور شرکت کی۔

 ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر اسرائیلی مظالم اور عالمی خاموشی کے خلاف نعرے درج تھے۔ ریلی کے دوران بچوں نے غزہ میں شہید ہونے والے بچوں کے علامتی جنازے اٹھا کر اسرائیلی جارحیت پر شدید احتجاج کیا اور اقوامِ عالم کی بے حسی پر سوالات اٹھائے۔ پریس کلب جیکب آباد کے سامنے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ فلسطین و غزہ پر ڈھائے جانے والے مظالم نے پوری انسانیت کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ آج وقت کا تقاضہ ہے کہ دنیا بھر کے مظلوم متحد ہو کر ظالموں کے خلاف میدان عمل میں آئیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ غزہ کی استقامت نے اسرائیل جیسے ظالم قوت کو ہزیمت سے دوچار کیا ہے۔ آج اسرائیل ظلم و بربریت کی علامت بن چکا ہے۔ مگر افسوس کہ ابھی تک افغانستان کے طالبان نے اس ظلم کے خلاف احتجاج میں لب کشائی نہیں کی۔ جبکہ اردن کے شاہ، مصر کے جنرل سیسی، ترکی کے اردوغان اور سعودی حکمران سبھی امریکا و اسرائیل کے سہولت کار بنے ہوئے ہیں۔ اس موقع پر انجمن محبان اہل بیت کے صدر سید مظہر علی شاہ نقوی نے کہا کہ ہم غزہ میں جاری ظلم و بربریت کے خلاف مسلسل احتجاج کر رہے ہیں۔ اسرائیل کے خلاف رہبر معظم سید علی خامنہ ای کی قیادت میں اھل حق مصروف پیکار ہیں۔ ہم رہبر معظم کے ساتھ تجدید عہد کرتے ہیں۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے ضلعی امیر محمد ابوبکر سومرو، اور مجلس وحدت مسلمین یوتھ ونگ کے ڈویژنل صدر سید کامران علی شاہ بخاری نے بھی خطاب کرتے ہوئے فلسطینی عوام کے ساتھ بھرپور اظہارِ یکجہتی کیا۔

وحدت نیوز(گلگت)مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کا صوبائی کنونشن و انٹرا پارٹی الیکشن 3، 4 مئی کو گلگت میں منعقد ہو گا۔ جس میں آئندہ تین سالوں کیلئے نئے صدر کا انتخاب عمل میں لایا جائیگا۔ ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی وائس چیئرمین احمد اقبال رضوی اور سید اسد عباس نقوی مرکزی سیکرٹری سیاسیات خصوصی شریک ہونگے۔

تفصیلات کے مطابق مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کا دو روزہ صوبائی کنونشن و انٹرا پارٹی الیکشن تین اور چار مئی 2025ء کو ہوگا۔ جس میں تمام اضلاع سے صوبائی شوری کے اراکین شریک ہونگے۔ تمام پونٹس اپنی کارکردگی رپورٹ پیش کریں گے اور نئے صوبائی صدر کیلئے اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ مرکزی عہدیداران کے سامنے  ووٹنگ ہو گی اور نئے میر کارواں کا اعلان بھی ہو گا۔

وحدت نیوز (پاراچنار) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے پارلیمانی لیڈر و رکن قومی اسمبلی انجینئر حمید حسین طوری کا چیف سیکرٹری خیبر پختونخواہ اور آئی جی خیبر پختونخواہ کے ہمراہ پارہ چنار ضلع کرم کا دورہ،اس دوران انجینئر حمید حسین طوری نے گورنر کاٹیج پاراچنار میں ایک اہم جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹل پارہ چنار روڈ صرف ایک سڑک نہیں بلکہ ہماری شہ رگِ حیات ہے۔ اس کی سلامتی اور بحالی ہمارے لیے قومی وقار اور عزت کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ چپھری سے لے کر تری منگل تک تمام راستوں کو مکمل طور پر محفوظ بنایا جائے اور فوری طور پر بحال کیا جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو سکے۔

انہوں نے چیف سیکرٹری خیبر پختونخواہ، سیکرٹری ہیلتھ، کمشنر کوہاٹ ڈویژن اور دیگر افسران کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پارہ چنار کا دورہ بھی کیا اور ہسپتال اپگریڈیش، ادویات کی فراہمی، آکسیجن پلانٹ و دیگر سہولیات کی فوری فراہمی پر تفصیلی گفتگو کی، ایم این اے انجینئر حمید حسین نے چیف سیکرٹری خیبر پختونخواہ سید شہاب علی شاہ، آئی جی خیبر پختونخواہ ذوالفقار حمید اور دیگر فوجی و سول آفسران کے ہمراہ لوئر کرم صدہ میں منعقدہ جرگے میں بھی شرکت کی۔ انجینئر حمید حسین نے مرکزی امام جمعہ والجماعت آغائے فدا حسین مظاہری سے ملاقات کی اور انکی احوال پرسی اور عیادت بھی کی۔ ضلعی آفس میں عمائدین اور مشران سے بھی ملاقات اور مسائل پر تفصیلی گفتگو۔

وحدت نیوز(لاہور) بانی امام خمینیؒ فاؤنڈیشن پاکستان سید امیر علی شاہ کی نماز جنازہ علامہ سید امتیازعباس کاظمی کی زیراقتداء  امامیہ مسجد سمن آباد نزد شباب چوک لاہور میں ادا کی گئی۔

نماز جنازہ میں سید مروت علی شاہ سابق( IG )  خواجہ محسن عباس، سید اسد عباس نقوی مرکزی سیکرٹری سیاسیات مجلس وحدت مسلمین پاکستان،  امیر عباس مرزا رہنما مجلس وحدت مسلمین پاکستان،خواجہ میثم عباس  فخرایشیانویدشاہ ،ظہیرشاہ  موسوی ، صوبائی سیکرٹری فلاح وبہبود شیخ عمران علی ،صوبائی سیکرٹری مالیات سید فصاحت علی بخاری ،ضلعی صدر مرزا نجم عباس خان ،ضلعی جنرل سیکرٹری برادر نقی مھدی ،ضلعی ڈپٹی جنرل سیکرٹری سید سجاد حسین نقوی ، برادر شعیب ، علامہ ظہیر کربلائی صوبائی آفس سیکرٹری مجلس وحدت مسلمین پاکستان ،سید تاثر رضا نقوی عدنان علی ،عمار نقوی ،سید خرم عباس نقوی و دیگرنے شرکت کی۔

وحدت نیوز(مری) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس کا اجلاس، مری و لاہور میں سرکاری اراضی پر قبضوں کا تفصیلی جائزہ

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس کا اجلاس گورنمنٹ ہاؤس کشمیر پوائنٹ مری میں منعقد ہوا، جس کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر ناصر بٹ نے کی۔

 اجلاس میں سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، سینیٹر بلال مندوخیل، سینیٹر حسنہ بانوسمیت وزارتِ ہاؤسنگ کے اعلیٰ حکام، ڈی جی اسٹیٹ، کمشنر راولپنڈی، ڈپٹی کمشنر مری، اسسٹنٹ کمشنر مری، ڈی پی او مری، ڈی جی پی ڈبلیو ڈی اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں مری کے کشمیر پوائنٹ اور لاہور کی وفاقی کالونی میں سرکاری اراضی پر قبضوں (انکروچمنٹ) کے مسائل پر تفصیل سے غور کیا گیا۔ کمشنر راولپنڈی نے کمیٹی کو مری میں 36 کنال متنازعہ اراضی سے متعلق عدالتی کارروائی اور آئندہ سماعت (8 مئی) کے بارے میں آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر مری نے بھی کمیٹی کو اس معاملے پر تفصیلی بریفنگ دی۔

وفاقی کالونی لاہور میں 16 کنال قابض شدہ اراضی سے متعلق پی ڈبلیو ڈی حکام نے اجلاس کو مکمل صورتحال سے آگاہ کیا۔ اجلاس کے اختتام پر چیئرمین کمیٹی سینیٹر ناصر بٹ نے متعلقہ محکموں کو سختی سے ہدایت دی کہ وہ قابض شدہ اراضی واگزار کرانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات فی الفور کریں۔

قبل ازیں، سینیٹر ناصر بٹ اور کمیٹی کے دیگر ارکان نے کمشنر راولپنڈی، ڈی سی مری، ڈی پی او مری اور دیگر متعلقہ افسران کے ہمراہ 36 کنال قابض شدہ اراضی کا دورہ کیا اور محکمہ مال، ٹی ایم اے مری اور پی ڈبلیو ڈی کے ساتھ موقع پر صورتحال کا جائزہ لیا۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری ،وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی، سید اسدعباس نقوی ، صوبائی صدر پنجاب علامہ سید علی اکبر کاظمی ودیگر قائدین نے امام خمینیؒ فاؤنڈیشن پاکستان کے بانی سید امیر علی شاہ کے انتقال پر دلی افسوس اور رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔

ایم ڈبلیوایم قائدین نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا ہے کہ لاہور شہر کی فضا آج ایک محبِ اہل بیت، ایک دردمند دل اور ایک بےلوث خدمت گزار کی جدائی پر سوگوار ہے۔ جناب امیر علی شاہ کی وفات حسرت آیات کی اندوہناک خبر نے دلوں کو غم زدہ کر دیا ہے۔مرحوم ایک ایسی ہمہ جہت شخصیت کے مالک تھے جن کی دینی بصیرت، سیاسی شعور، سماجی وابستگی اور عزاداری سے والہانہ لگاؤ ہر محفل کا مرکزِ نگاہ تھا۔وہ اخلاص، محبت، انکساری اور خدمت کے پیکر تھے۔ ان کی شرکت مجالسِ عزاء کی رونق اور جلوس ہائے عزاء کی روح ہوا کرتی تھی۔مرحوم کو حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ اور شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی رحمۃ اللہ علیہ کی فکر و فلسفہ سے گہرا عشق تھا۔ مرحوم امام خمینی فاونڈیشن پاکستان کے بانی تھے۔ انہی افکار کی روشنی میں وہ ملتِ جعفریہ کے حقوق کے لیے ہر محاذ پر صفِ اول میں نظر آتے۔خواہ کوئٹہ ہو یا پاراچنار، گلگت ہو یا بلتستان، یا مظلومینِ عالم کی حمایت میں جناب امیر علی شاہ ہر احتجاج کو اپنی دینی و اخلاقی ذمہ داری جان کر شریک ہوتے اور اپنے کردار سے حق کا علم بلند رکھتے۔اگرچہ آج وہ ہمارے درمیان نہیں، مگر ان کی نرم گفتاری، روشن خیالی اور پُرخلوص خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

قائدین نے کہا ہے کہ جناب امیر علی شاہ کے انتقال پر مرحوم کے خانوادہ گرامی کی خدمت میں دلی تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں، مرحوم امام خمینی فاونڈیشن پاکستان کے بانی تھے۔ وہ ملتِ جعفریہ کے حقوق کے لیے ہر محاذ پر صفِ اول میں نظر آتےتھے ۔دینی بصیرت، سیاسی شعور،  اخلاص، محبت، انکساری اور خدمت کے پیکر سماجی وابستگی اور عزاداری سے والہانہ لگاؤ ہر محفل کا مرکزِ نگاہ تھے ۔خدا وند متعال سے دعاگو ہیں کہ صدقہ چہاردہ معصومین علیہم السلام مرحوم کی مغفرت و درجات بلند فرمائے اور تمام لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔آمین یااللہ

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری ، وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی ، سیکریٹری امور خارجہ علامہ ڈاکٹر شفقت شیرازی و دیگر قائدین نے مبلغِ دین، عاشقِ اہل بیتؑحجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سجاد حیدر قمی کی رحلت پر دلی افسوس اور گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

اپنے مشترکہ تعزیتی بیان میں قائدین نے کہا کہ مرحوم کی زندگی دینِ مبین اسلام کی تبلیغ، فکری بیداری اور مکتبِ اہل بیتؑ کے پیغام کو عام کرنے میں گزری۔ ان کا کردار، اندازِ تبلیغ، اخلاص اور للّٰہیت ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔ان کی علمی و تبلیغی خدمات تادیر یاد رکھی جائیں گی۔اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ معصومینؑ میں بلند مقام عطا فرمائے، ان کی مغفرت فرمائے، اور پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا کرے۔

وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین ضلع لاہور کی ماہانہ تنظیمی میٹنگ ضلعی صدر جناب مرزا نجم عباس خان کی زیر صدارت منعقد ہوئی۔ میٹنگ میں ضلعی کابینہ، مختلف ٹاؤنز کے صدور اور نمائندوں سمیت معزز اراکین نے بھرپور شرکت کی۔

یہ میٹنگ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے حالیہ مرکزی کنونشن کے بعد ضلع لاہور کی اہم ترین تنظیمی پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔ میٹنگ میں صوبائی آفس سیکرٹری ظہیر کربلائی نے بطور نمائندہ مجلس وحدت مسلمین پنجاب شرکت کی۔

ضلعی صدر نجم عباس خان نے میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ صوبائی انٹرا پارٹی انتخابات کے بعد اب جلد ہی ضلعی سطح پر بھی انٹرا پارٹی انتخابات منعقد کیے جائیں گے۔ اس حوالے سے امیدواروں کے ناموں پر مشاورت کی گئی اور مشورے طلب کیے گئے۔

میٹنگ میں تنظیم سازی، یونٹس کی فعالیت، تنظیمی کارکردگی، اور مختلف دینی و ملی پروگراموں جیسے کہ ماہ ذوالحجہ میں سبیل لگانے، 9 ذی الحجہ کو دعائے عرفہ کے انعقاد، عزاداری کانفرنس، استقبالِ ماہِ محرم (پرسہ داری) اور عزاداری کونسل کی تشکیل پر سیر حاصل گفتگو ہوئی۔ شعبہ مالیات کو درپیش چیلنجز اور اس کی بہتری کے لیے تجاویز بھی زیرِ بحث آئیں۔

ضلعی جنرل سیکرٹری جناب نقی مہدی نے اعلان کیا کہ اگلی تنظیمی میٹنگ ضلعی انٹرا پارٹی الیکشن سے قبل منعقد کی جائے گی، ان شاء اللہ۔

وحدت نیوز(چنیوٹ)مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی جانب سے رجوعہ سادات میں چودہ روزہ معارف اسلامی ورکشاپ کا انعقاد ۔مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی صدر سیدہ معصومہ نقوی کی جانب سے رجوعہ سادات میں خواتین کے لیے چودہ روزہ معارف اسلامی کورس کا انعقاد کیا گیا ۔ کورس کے اختتامی روز حجۃ الاسلام مولانا حافظ محمد حیدر نقوی ، مولانا عمران حیدر اور مولانا حسن مہدی کاظمی نے خطاب کیا اس موقع پر مرکزی صدر کی جانب سے خواہران کو نفیس جوایز اور مجلہ حریم ولایت ھدیہ کیے گئے ۔

وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی صدر سیدہ معصومہ نقوی نے عالمی یوم مزدور کے موقع پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کی خوبصورت دنیا محنت کشوں کی مرہونِ منت ہے ، کسی بھی ملک، قوم اور معاشرے کی ترقی میں مزدوروں کا کردار بہت اہم ہوتا ہے، مگر سب سے زیادہ حق تلفی بھی انہی کی، کی جاتی ہے۔اسلام مزدور کے حقوق کو نہایت اہمیت دیتا ہے۔ رسول خدا صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات ہیں کہ مزدور کا معاوضہ پسینہ خشک ہونے سے پہلے ادا کیا جائے، اور اسے وہی کھلایا پہنایا جائے جو آجر خود استعمال کرتا ہو۔ حتیٰ کہ آپؐ نے فرمایا: ‘‘جس نے اپنے ماتحت کا حق ادا نہ کیا، قیامت کے دن میرا ہاتھ اس کے گریبان میں ہوگا۔

’’انہوں نے کہا مزدوروں کا عالمی دن کار خانوں، کھیتوں، کھلیانوں، کانوں اور دیگر کار گاہوں میں سرمائے کی بھٹی میں جلنے والے لاتعداد محنت کشوں کا دن ہے۔ مقامِ افسوس یہ ہے کہ عالمی سطح پر مزدوروں کا یہ دن بڑے اہتمام کے ساتھ منا کر ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار تو کیا جاتا ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ یہ طبقہ آج بھی سرمایہ داری نظام کے زیرتسلط بری طرح پس رہا ہے جس کا کوئی پرسانِ حال نہیں۔ موجودہ مہنگائی سے عام آدمی تو متاثر ہوا ہی ہے جبکہ مزدور طبقہ تو عملاً زندہ درگور ہو چکا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عالمی سطح پر مزدوروں کے ساتھ یکجہتی کا دن منا کر فرض پورا نہیں ہو جاتا اور نہ ہی حکومتوں کو کاغذی کارروائیوں میں ان کی اجرت بڑھا کر مطمئن ہوجانا چاہیے۔ مزدور ایک قابل رحم طبقہ ہے، مہنگائی کے تناسب سے ہی ان کی اجرت مقرر ہونی چاہیے اور ان کے حالات بہتر بنانے کیلئے مروجہ قوانین پر سختی سے عملدرامد کیا جائے، تب ہی ان کے ساتھ یکجہتی کے تقاضے پورے ہوسکیں گے۔

Page 14 of 1564

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree