The Latest

وحدت نیوز(سکردو)گلگت بلتستان میں سیاسی گہما گہمی عروج پہ ہے۔ ہر امیدوار اور جماعت الیکشن کمپین چلانے میں مصروف ہے۔ ایسے میں پاکستان تحریک انصاف اور ایم ڈبلیو ایم کے مشترکہ امیدوار برائے جی بی ایل اے 8 سکردو 2 محمد کاظم میثم الیکشن کمپین کے سلسلے میں سکردو کا حسین و جمیل سیاحتی مقام تندل پہنچے تو انکے سپورٹر میں سے رشتہ ازدواج میں جڑنے والے دولہا  رستم علی نے سہرا سجائے جلوس کے ساتھ استقبال کیا اور کمپین کا حصہ بن کر اس اہم تقریب کو چار چاند لگا دئیے۔ دلہا کی جانب سے والہانہ استقبال اور کمپین میں شرکت پر تحریک انصاف اور ایم ڈبلیو ایم کے قائدین نے ان کا شکریہ ادا کیا۔

وحدت نیوز(لاڑکانہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے رتودیرو پریس کلب میں ضلعی سیکریٹری جنرل برادر عبدالرزاق جلبانی اور تحصیل سیکرٹری جنرل سردار احمد چانڈیو کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جی بی کے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا ہو گیا جس پر ہم جی بی کے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ جی بی کے عوام محب وطن ہیں اور انہوں نے وطن عزیز پاکستان کے کے ساتھ ہمیشہ اپنے عشق اور محبت کا ثبوت دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کابل یونیورسٹی میں دہشتگرد حملہ قابل مذمت ہے جس کی ذمہ داری بد نام زمانہ دہشتگرد تنظیم داعش نے قبول کی ہے یہ امریکہ ہی ہے کہ جس نے داعش کو تشکیل دیا اور داعشی دہشت گردوں کو سیریا سے افغانستان منتقل کیا  موجودہ امریکی قابض افواج افغان عوام کے جان و مال کے تحفظ کی ذمہ دار ہے۔

انہوں نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان میں ایک دفعہ پھر دہشت گردی کی لہر شروع کی گئی ہے جو کہ ہم سب کے لیے لمحہ فکریہ ہے پاک فوج نے آپریشن ضرب عضب اور آپریشن ردالفساد کے ذریعے دہشت گردوں کا قلع قمع کیا اور وطن عزیز میں امن قائم کیا امن دشمن قوتیں ملک دشمن بیرونی قوتوں کے ایما پر ایک دفعہ پھر متحرک ہو چکی ہیں جن کو بروقت روکنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں خود طویل عرصہ ملک میں برسر اقتدار رہیں مگر عوام نے ان کی بیڈ گورننس کے باعث انہیں مسترد کیا۔ پیپلز پارٹی کی سندھ میں بیڈ گورننس سب کے سامنے ہے۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی ادارے جمہوریت کا حسن ہیں لہذا وفاقی اور صوبائی حکومتيں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کریں، بلدیاتی اداروں کی میعاد ختم ہونے کے باوجود نئے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول نہ دینا سوالیہ نشان ہے۔

وحدت نیوز(لاہور) سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پنجاب علامہ عبد الخالق اسدی نے کہا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین نے گلگت بلتستان کے عوام کا 70سالہ خواب پورا کردیا ہے۔ سربراہ مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے وزیراعظم عمران خان سے گلگت بلتستان کو صوبائی سیٹ اپ دینے کے فیصلے کو ہی انتخابی اتحاد کی بنیاد شرط رکھا تھا، جس کا اعلان کرکے وزیراعظم عمران خان نے ناصرف وعدہ پورا کیا بلکہ گلگت بلتستان کے عوام کو ان کے خوابوں کی تعبیر بھی دیدی ہے۔ بہتر سالوں سے سرزمینِ بے آئین گلگت بلتستان کے باسیوں کی اکثریت اس فیصلے کی منتظر تھی۔گلگت بلتستان کیلئے کیے گئے فیصلے پر فوری عمل درآمد کی اشد ضرورت ہے، اگر ایسا نہ ہوا تو پاکستان دشمن قوتوں کو علاقے میں تقویت ملے گی ۔

یہاں گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے عمائدین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ عبدالخالق اسد کا مزید کہنا تھا کہ گلگت بلتستان چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کا صدر باب ہے۔ ون بیلٹ ون روٹ کے اس پروجیکٹ کا پانچ سو کلو میٹر کا حصہ گلگت بلتستان کے سینے سے گزر کر گوادر کی جانب منزل کی تکمیل کو پہنچتا ہے۔سی پیک پاکستانی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ثابت ہوگا۔گلگت بلتستان کو دیگر صوبوں کی طرح صوبائی سیٹ اپ دینے کے فیصلے پر ہندوستان اسرائیل اور امریکہ کی صفوں میں کھلبلی مچ گئی ہے۔ ہندوستانی اور امریکی لابی وزیراعظم عمران خان کے اس احسن اقدام کی مخالفت کر رہے ہیں اور اس اعلان کی مخالفت کرنے والے پاکستان کے دشمنوں کی زبان بول رہے ہیں لیکن مجلس وحدت مسلمین اس امر میں وزیر اعظم عمران خان اور حکومت پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور وقت آنے پر کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے گریز نہیں کریں گے۔

وحدت نیوز(اٹک) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین اٹک کی جانب سے جشن میلاد رسولؐ خدا و امام جعفر صادق علیہ سلام کا انعقاد بیت زھرا میں کیا گیا ۔جشن سے خطاب کرتے ہوے محترمہ رفعت بتول کا کہنا تھا کہ نبی کریم صل اللہ علیہ و آلہ وسلم اور ان کی آل پاک پر درود بھیجنے کا ثواب انسان شمار نہیں کر سکتا ایک صلوا ت ہدیہ کرنے پر فرش سے عرش تک فرشتے اس بندہ خدا کی عبادت اور ثواب تحریر کرنے میں مشغول ہو جاتے ہیں۔

 انھوں نے کہا کہ اس میں کوئ شک نہیں رسول کریم (ص) کی ذات گرامی ہمارے لیے باعث رحمت ہے اور ہماری بخشش و شفاعت کی امید ہے لیکن ہماری گفتار و کردار بھی ایسا ہونا چاہیے کہ روز محشر محمد و آل محمد (ص) کے حضور شرمندگی کا سامنا نہ ہو۔

 ان کا مزید کہنا تھا ماہ ربیع الاول اتحاد بھائی چارے اور رواداری کا مہینہ ھے شیعہ سنی مسلمان اپنے نبیؐ کے نقش قدم پر چلتے ہوے وحدت امت کی ترویج کریں اور ملک دشمن تکفیری عناصر کی سازشوں کو ناکام بنا دیں۔

 جشن میلاد میں ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری شماریات محترمہ فرح دیبا ، مرکزی سیکرٹری فنانس محترمہ قراۃ العین اور معاون مرکزی سیکرٹری اطلاعات محترمہ زینب بنت الھدی نے بھی شرکت کی۔

وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاہور کی جانب سے محمدی مسجد آڈیٹوریم ہال میں عظیم الشان جشن میلاد صادقینؑ کا اہتمام کیا گیامیلاد میں ضلع لاہور کی تمام کابینہ اور یونٹس سے خواتین اور بچوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اس پر مسرت محفل میں لاہور بھر سے عالمات و ذاکرات نے بھی بھرپور شرکت کی ۔تقریب میں لاہور کے مختلف کالجز اور یونیورسٹیز کے اسٹوڈنٹس کے درمیان اسلامی اشعار ، کوئز اور اسلامی آرٹ کے عنوان سے مقابلہ جات کرواے گیے جن میں نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والی طالبات میں انعامات تقسیم کیے گئے ۔

علاوہ ازیں لاک ڈاون کے ایام میں ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین لاہور کی جانب سے آن لائن اسلامک کلاسز میں حصہ لینے والی خواتین کے نتائج کا بھی اعلان کیا گیا ننھی بچیوں نے ٹیبلو پیش کر کے محفل کو مزید رونق بخشی۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سینیئر رہنما اور رکن شوری عالی علامہ سید مبارک علی موسوی صاحب نے شرکاء محفل سے خصوصی خطاب کیا ۔

ان کا کہنا تھا کہ امت مسلمہ کی تمام تر درپیش مشکلات کا حل سیرت طیبہ کی پیروی میں مضمر میں ہے انھوں نے کہا کہ ہمارے لیے یہ باعث فخر ہے خدا نے ہمیں یہ عظیم سعادت بخشی ہے کہ ہم ختمی مرتبت سرور کائنات صل اللہ علیہ و آلہ وسلم کے امتی ہیں۔

 ان کا مزید کہنا تھا کہ مرسل اعظم (ص) کے کردار و تعلیمات سے دوری مسلمانان عالم کے لیے باعث ذلت بن رہی ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم  رحمت اللعالمینؑ کی سنت و سیرت پر عمل پیرا ہوں تاکہ دنیا و آخرت میں سرخرو ہو سکیں۔

 سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین لاہور محترمہ حنا تقوی کا کہنا تھا کہ عید میلاد النبی ص کے موقع پر شہر شہر قریہ قریہ جشن ولادت سرکارؐ مناکر شیعہ سنی مسلمانوں نے اپنے پیارے رسول ؐ سے عشق و عقیدت کا اظہار اور امن و بھائ چارے کا پیغام دیا ہے۔

 فرانسیسی صدر کے اسلام مخالف رویے پر ان کا کہنا تھا فرانسیسی صدر کا ہمارے پیارے رسول ؐ کی شان میں کی گئی گستاخی کا دفاع ایک افسوسناک اور اور گھٹیا فعل ہے اور یہ دانستہ طور پر اسلام اوراسلامی شعائر پر حملہ ہے جو کہ ناقابل معافی ہے امت مسلمہ کو  ہر اسلام دشمن سازش کا منہ توڑ جواب دینا ہوگا اور اس کے لیے ابتدائی طورپر فرانسیسی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کرنا ہوگا۔

 تقریب کے اختتامی مراحل میں شرکاء نے فرانس میں پیغمبر  اسلام (ص) کے خاکوں کی اشاعت کے خلاف پلے کارڈز اٹھا کر شدید احتجاج کیا  آخر میں محترمہ حنا تقوی نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

وحدت نیوز(گلگت)مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل سید ناصرعباس شیرازی ایڈووکیٹ کی سربراہی میں وفد کی گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال مقپون سمیت پی ٹی آئی کے مرکزی قائدین ووفاقی وزیر امور کشمیر وگلگت بلتستان علی امین گنڈاپور سے گورنر ہاؤس میں ملاقات ۔

دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کے درمیان گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات کے پر امن و شفاف بنانے اور آئندہ ممکنہ حکومت سازی کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔رہنماؤں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے گلگت بلتستان کی صوبائی خودمختاری کا اعلان کرکے عوام کے دل جیت لیئے ہیں۔

اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری یوتھ علامہ اعجاز حسین بہشتی، ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری امور سیاسیات سیداسد عباس نقوی سمیت پی ٹی آئی کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل ارشد داد بھی موجود تھے ۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے مظلوم عوام گذشتہ ستر سال سے اپنے حقوق کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہے تھے آج پوری قوم کے لیے خصوصا جی بی کی عوام کے لئے خوشی کا دن ہے عید کا دن ہے کہ انہیں اس ملک میں برابر کا شہری تسلیم کیا گیا اور ان کے حقوق کو تسلیم کیا گیا۔ جی بی کے عوام محب وطن ہیں جن کی ملک و ملت کے لئے خدمات اور قربانیاں لائق تعریف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے ایک اہم وعدہ پورا کردیا ۔ گلگت بلتستان کے مظلوم عوام اور مظلوم شہری اس ملک کے برابر کے شہری ہیں انہیں اس ملک کی قومی اسمبلی سینیٹ میں برابر کی نمائندگی ملنی چاہیے اس لیے اس سلسلے میں جو اقدامات کیے گئے ہیں وہ لا ئق تحسین ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین نے ہمیشہ گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق کے لیے مخلصانہ جدوجہد کی ہے جی بی کے ہر دلعزیز بہادر رہنما علامہ آغا سید علی رضوی نے گلگت بلتستان کے حقوق عوامی اشوز کو موثر اور جر ئت مندانہ انداز پیش کیا اور وہ عوام کے حقیقی ترجمان بن چکے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین اقتدار کی بجائے اقدار کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اس لیے مجلس وحدت نے گلگت بلتستان میں اقتدار کے حصول کی بجائے وہاں کے عوامی حقوق کو اہمیت دی اسے مجلس وحدت مسلمین کی بڑی کامیابی کہنا چاہیے کہ ان کے مطالبات کو مدنظر رکھتے ہوئے گلگت بلتستان کے عوام کا دیرینہ مطالبہ عبوری آ ئینی صوبے کی صورت میں پورا کیا گیا۔ اس تاریخی کامیابی پر جی بی کے محب وطن عوام اور پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے زیر اہتمام ملک گیررحمت اللعالمین وحدت کانفرنس کا انعقاد4نومبر کو اسلام آباد میں ہو گا جس میں وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری مہمان خصوصی ہوں گے۔کانفرنس میں ملک بھر سے مختلف مکاتب فکر کے نامور علماء و مشائخ، دانشور اور مذہبی شخصیات شرکت کریں گی۔ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود ڈومکی کے مطابق کانفرنس کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔کانفرنس کے انعقاد کا مقصد سیرت نبوی کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کرتے ہوئے اتحاد امت کے تقاضوں اور ضرورتوں کو واضح کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ رواداری اور عقائد کا احترام ہمارے دین کا بنیادی جُز اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی روشن تعلیمات کا حصہ ہیں۔جو قوتیں مذہب کے نام پر نفاق کے بیج بو رہی ہیں وہ شیطانی طاقتوں کے آلہ کار اور دین اسلام کے دشمن ہیں۔طاغوت و استکبار کو شکست دینے کے لیے اسلام کی حقیقی تعلیمات کو مشعل راہ بنانا ہو گا۔

انہوں نے کہا نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات مقدسہ مسلمانوں کےلیے مرکز اتحاد اور طاقت کا منبع ہے جسے مضبوطی سے پکڑ کر امت مسلمہ ذلت سے نجات حاصل کر سکتی ہے۔رحمت اللعالمین کانفرنس کے ذریعےاخوت، اتحاد اور محبت کے ہیغام کو ملک بھر میں پھیلائیں گے۔ ان قوتوں کو پنپنے نہیں دیں گے جو بھائی کو بھائی سے لڑانا چاہتی ہیں۔

وحدت نیوز(سکردو) مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکریٹری جنرل علامہ آغاعلی رضوی اور پاکستان تحریک انصاف بلتستان ڈویژن کے صدر وزیر ولایت علی نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ گلگت بلتستان کے غیور عوام کو یکم نومبر یوم آزادی گلگت بلتستان کے حوالے سے مبارکبادی عرض کرتے ہیں۔گلگت بلتستان اب سے تہتر سال قبل یہاں کی غیور عوام نے اپنے زور بازو سے قابض ڈوگروں کے چنگل سے آزاد کرایا اور وطن عزیز پاکستان کے ساتھ ایک اہم اکائی کی صورت میں ملحق ہوگئے۔آزادی کو سات دہائیاں  بیت چکیں مگر حقیقی آزادی اور قومی تشخص سے لاکھوں کی آبادی اور ہزاروں مربع کلومیٹر خطہ محروم رہا۔ مختلف موقعوں پر اس خطے کو تشخص دینے کیلئے سیاسی رہنماؤں  اور جماعتوں کی طرفسے وعدے وعید تو بہت ہوئےلیکن وعدہ وفا ہونے میں سات دہائیاں بیت چکیں۔ عوام اور خطہ احساس محرومی کا شکار رہا۔ نہ ہی آئینی طور پر اس خطے کو تسلیم کیا گیا اور نہ ہی متنازعہ خطے کے حقوق دینا ضروری سمجھا گیا۔ خطہ گلگت بلتستان کو کشمیر کاز کیساتھ منسلک تو کیا جاتا رہا، مگر جموں کشمیر کی طرز کا سیٹ اپ ملا نہ ہی آزاد کشمیر والے سیٹ اپ کے قابل سمجھا گیا۔ جس کے نتیجے میں خود ملک عزیز پاکستان کی پالیسیاں زیر سوال آتارہا۔

رہنماؤں نے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان جناب عمران خان کیجانب سے یوم آزادی کے دن گلگت بلتستان کو عبوری آئینی صوبہ بنانے کے اہم ترین فیصلے کا اعلان ہونا گلگت بلتستان کی محکوم عوام کے دیرینہ مطالبات کے حل کی طرف یقینا اہم ترین پیشرفت ہے۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی قیادت کیطرفسے روز اول سے یہ مطالبہ واضح طور پر کیا جاتا رہا کہ گلگت بلتستان کو یہاں کی عوام کی امنگوں اور خواہشات کے مطابق مکمل حقوق فراہم کئے جائیں، خطے کو شناخت دی جائے، محرومیوں کا خاتمہ کیا جائے اور نوجوان نسل کے ذہنوں میں اٹھنے والے سوالات اور کنفیوژن کا خاتمہ کیا جائے۔آمدہ انتخابات میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیلئے بنیادی ترین اور اہم ترین نکات میں یہی مطالبہ سرفہرست رکھا گیا اور اب الحمدللہ حسب وعدہ وزیر اعظم پاکستان کی طرفسے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت اس اہم ترین مطالبے کو عملی جامہ پہنانے کیطرف پہلا قدم اٹھاچکے ہیں، جس پر خطے کے عوام کو یقینا خوشی ہے۔

آغا علی رضوی نے کہاکہ مجلس وحدت مسلمین کی مرکزی قیادت حجتہ الاسلام والمسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اس اہم اعلان پر وزیر اعظم پاکستان کو خراج تحسین پیش کرچکے ہیں، ہم گلگت بلتستان کے غیور عوام کیجانب سے اس اہم پریس کانفرنس کی توسط سے عوام کے دیرینہ مطالبے کو عملی جامہ پہنانے کیطرف اہم ترین پیش رفت اور جرات مندانہ فیصلے پر وزیر اعظم پاکستان  جناب عمران خان، انکی پوری ٹیم اور مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔اس اہم ترین فیصلے سے یقینا عوام کو موجودہ حکومت پر اعتماد پہلے زیادہ مستحکم ہوگا، دشمن کی ملک دشمن سازشیں اپنی موت آپ مرجائیں گی، اور خطہ روشن مستقبل کا خواب دیکھے گا۔

انہوں نے کہاکہ عبوری آئینی صوبے کے قیام سے ملک کے دیگر صوبوں کی طرح گلگت بلتستان کو بھی ترقی کے مواقع میسر آئیں گے، صحت اور تعلیم کے ادارے مستحکم ہوں گے، میگا پراجیکٹس پر کام ہوگا ، انفراسٹرکچر بہتر ہوگا ، ملک کے اہم اداروں میں عوام کی نمائندگی ہوگی۔نیز فیصلہ ساز ادارہ جات، پارلیمان میں عوام کی نمائندگی ہوگی، این ایف سی اور مالیاتی اداروں و دیگر میں برابر حصہ ملےگا۔ہم توقع کرتے ہیں کہ وزیر اعظم پاکستان کیطرفسے اعلان ہوئے فیصلے پر عمل درآمد میں تاخیر نہیں ہوگی اور جلد عملا اس اہم فیصلے کے ثمرات عوام اور خطے کو پہنچیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسکے ساتھ ساتھ ہم جناب وزیر اعظم پاکستان سے توقع کرتے ہیں کہ عوام کی اہم ترین ضروریات اوربڑے منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کیلئے اقدامات اٹھائیں گے۔ان میں اہم ترین معاملہ سی پیک میں گلگت بلتستان کیلئے جائز حصہ دلانے کا ہے۔ ہم وزیر اعظم سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس سلسلے میں گلگت بلتستان کو جائز حصہ دلانے کو یقینی بنائی جائے۔جی بی میں اعلیٰ تعلیمی اداروں کا قیام اہم ہے۔ بلتستان میں وومن یونیورسٹی ، میڈیکل اور انجنئیرنگ کالجز کے قیام کی ضرورت ہے جسکا ہم اس پریس کانفرنس کے توسط سے مطالبہ کرتے ہیں۔سکردو میں 250 بیڈ ہسپتال کی تعمیر وزیر اعظم کا اہم تحفہ ہے، جسکی قدر کرتے ہوئے مطالبہ کرتے ہیں کہ ضلعی طبی ادارو ں میں سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائی جائے۔ شتونگ نالے کو سد پارہ ڈیم میں شامل کرکے ڈیم کے قیام کے مقاصد کو حاصل کرنے کی ضرورت ہےہم توقع کرتے ہیں کہ وزیر اعظم اس سلسلے میں اقدامات اٹھائیں گے۔ سکردو شاہراہ کو ابتدائی نقشے کے مطابق مکمل کروانے خاص طور پر ٹنلز کے بنانے کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔ وزیر اعظم پاکستان نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور کام کرنے والے ادارہ ایف ڈبلیو او کو نقشے کے مطابق کام مکمل کرنے کا پابند بنائیں۔

انہوںنے مزید کہاکہ گلگت بلتستان کی زمینوں کو خالصہ سرکار قرارد یکر عوام کو انکی زمینوں سے بےد خل کرنےکی کوشش کی جاتی رہی ہے۔ اس سلسلے کے سد باب کی اپیل کرتے ہیں۔ ایسا کرنا عوام کیساتھ ظلم ہے۔ سرکاری تعمیرات کیلئے عوام کی مرضی کے مطابق جائز معاوضہ اداکرکے زمینیں حاصل کی جائیں۔

وحدت نیوز (جیکب آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ وہ قوم کبھی بھی تعریف کے قابل نہیں ہوتی کہ جس میں ضعیف اور کمزور لوگ طاقتور سے بغیر کسی ججھک کے اپنا حق لے سکیں۔ ایک اچھے معاشرے کی کی پہچان یہ ہوتی ہے کہ وہاں طاقتور اور ضعیف قانون کے مقابلے میں برابر ہوتے ہیں لیکن بدقسمتی سے وطن عزیز پاکستان میں طاقتور اور بالادست طبقہ ہمیشہ اپنے آپ کو قانون سے بالاتر سمجھتا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ آج سے تین سال قبل سندھ کے ضلع دادو کی تحصیل میہڑ میں ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا جس میں تین بے گناہ انسان مارے گئے دن دہاڑے قتل کی واردات کو ڈھائی سال کا طویل عرصہ گزر جانے کے باوجود مقتولین کے ورثا اور شہید کی بیٹی ام رباب انصاف کے حصول کے لیے دربدر ہے مگر طاقتور قانون کے شکنجے سے آزاد ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ آئی جی سندھ کی جانب سے انصاف کے سلسلے میں اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کا وعدہ قابل تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ ام رباب نے مسلسل جدوجہد اور طاقتوروں کے ظلم اور جبر کا مقابلہ کیا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان میں نواب سردار اور چودھری ہمیشہ کمزور لوگوں کے ساتھ ناانصافی کرتے ہیں.انہوں نے کہا کہ ام ر باب کی جدوجہد پاکستان کے تمام ضعیف اور کمزور لوگوں کے لیے مشعل راہ ہے کہ جو حصول انصاف کی صبر آزما جدوجہد کے تقاضے پورے نہیں کرتے اور ظالم لوگوں کے سامنے ہمت اور حوصلہ ہار جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان میں انصاف کا حصول انتہائی تکلیف دہ اور صبر آزما مرحلہ ہے وطن عزیز پاکستان کے کے سینکڑوں سانحات میں آج بھی لوگ حصول انصاف کیلئے ریاستی اداروں کے فیصلے کے منتظر ہیں سانحہ شکار پور اور جیکب آباد کے بعد شہیدوں کے وارثوں کو ابھی تک انصاف نہیں مل سکا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور باشعور طبقات اور ریاستی اداروں کو ہمیشہ ظالم اور مظلوم کی جنگ میں مظلوم اور ضعیف طبقات کا ساتھ دینا چاہیے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree