The Latest

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی قائدین نے برادر زاہد مہدی کو امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کا نیا مرکزی صد رمنتخب ہونے پر تبریک و تہنیت کا اظہار کیا ہے۔ایم ڈبلیوایم کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری حفظہ اللہ نےمرکزی سیکریٹریٹ سے جاری اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے نئے میر کارواں زاہد مہدی کوالہیٰ ذمہ داری کے حصول پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔فکری و نظریاتی نوجوانوں کا جوش و ولولہ قوم کی رگوں میں تازہ خون کی مانند ہے۔مجھے آئی ایس او کے نوجوانوں پر رشک آتا ہے جنہوں نے مشکل سے مشکل حالات میں بھی استقامت، بصیرت اور حکمت کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا۔ آئی ایس او کا ہر نوجوان میرے سر کا تاج ہے اور میں آپ سب کے لیے ہمیشہ سے دعاگو ہوں۔

ایم ڈبلیوایم کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل و رکن مرکزی نظارت آئی ایس او علامہ سید احمد اقبال رضوی نے برادر زاہد مہدی کوامامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کا ۵۰ واں میر کارواں منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ برادر زاہد مہدی کی توفیقات خیر میں اضافہ فرمائے اور امید کرتا ہوں کہ ملک کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت اور اپنے وطن کے دفاع کے لیے خدمات سرانجام دینےکے لیے ہمہ وقت تیار ہوں گے۔

ایم ڈبلیوایم کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل سید ناصرعباس شیرازی ایڈوکیٹ نے کہا کہ امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے نومنتخب صدر زاہد مہدی کو میرکارواں منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔قوم کے نظریاتی نوجوان ہمارا سب سے قیمتی اثاثہ اور ہمارے لیے قابل فخر ہیں۔آئی ایس او کے مرکزی کنونشن کے دوران زیارات مقامات مقدسہ پر ہونے کی وجہ سے شرکت سے محروم رہا تاہم آئی ایس او کے تمام احباب دعاؤں میں یاد رہے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نےعظیم مفکر، شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے 144ویں یوم پیدائش کے موقع پر میڈیا سیل سے جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ امت مسلمہ کی بیداری کے لیے علامہ اقبال کے تصور خودی کو اپنے اوپر لاگو کرنا ہو گا۔ مسلمانوں کی کھوئی ہوئی عظمت رفتہ کی بحالی کے لیے گزشتہ صدی کے عظیم فلسفی کا اضطراب ان کی شاعری سے عیاں ہے۔وہ مسلم امہ کو ان کے حقیقی تشخص سے روشناس کرا کے ان کے روایتی وقار و مرتبے کو بلند دیکھنے کے آرزومند تھے۔برصغیر کے مسلمانوں کے لیے الگ ریاست کے قیام کا نظریہ ان کے افکار کا ترجمان ہے۔انہوں نے مسلمانان برصغیر کی فکری سطح کو بلند کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا۔آج پوری دنیا کے مسلمان اس سچے عاشق رسولﷺ  علامہ اقبال کی تعلیمات کو مشعل راہ بنا کر عزت و حمیت کے ساتھ زندگی بسر کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اقبال نے جس طرح کی ریاست کا خواب دیکھا تھا ہماری بدقسمتی ہے کہ ہمیں ارض پاک کی صورت میں اس طرح کی ریاست نہیں ملی۔پاکستان  کے بائیس کروڑ باسی یہ چاہتے ہیں کہ وطن عزیز کی تشکیل ایسی ریاست کی صورت میں ہو جہاں مساوات،بھائی چارے اور عدل وانصاف کی حکمرانی ہو۔جہاں ملک میں بسنے والے ہر فرد کو مذہبی آزادی حاصل ہو۔جہاں دین کے نام پر بے گناہ لوگوں کا خون نہ بہایا جائے۔جہاں شدت پسند عناصر تکفیر و قتل کے فتوے نہ بانٹتے پھریں۔

انہوں نے کہا وطن عزیز کی سالمیت و بقا کے لیے علامہ اقبال کے ان فرمودات پر عمل کرنا ہوگا جن میں وہ مسلمانوں کو باہم ہونے کا درس دیتے ہیں۔یہی حقیقی اسلام ہے جو لوگوں کو آپس میں جوڑتا ہے۔مسلمانوں کے مختلف مسالک کے درمیان نفرت اور دوریاں پیدا کرنے والوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔

وحدت نیوز(لاہور) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے پچاسویں "جہد مسلسل و عزم نو" کنونشن میں قرآن و اہلبیت کانفرنس کا انعقاد ہوا، جس میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے خصوصی خطاب میں کہا کہ آئی ایس او پاکستان کے بانیان باشعور اور بابصیرت، باہمت اور باحوصلہ تھے۔ مشکلات کے باوجود آئی ایس او پاکستان نے صراط مستقیم پر سفر جاری رکھا، جو ہدف تک پہنچانے والا ہے۔ اس دور پرفتن میں بھی رہبریت کا علم بلند کئے آگے بڑھ رہی ہے۔ آئی ایس او کے نوجوان قابل تحسین ہیں، جو مشکلات کے با وجود مایوس، ناامید اور کچھ نہیں ہوسکتا کے وسوسہ کا شکار نہیں ہوئے۔ آئی ایس او پاکستان نے مظلومین کی حمایت اور امید کے چراغ جلانے کا پرچم اٹھایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں ملت تشیع جن مشکلات کا شکار ہے، اس میں عالمی استکباری قوتیں اور بکے ہوئے گھس بیٹھیئے ملوث ہیں۔ مسلم ممالک بالخصوص پاکستان کو مختلف بحرانوں کا شکار کیا جا رہا ہے، ہمیں دشمن اور دوست کا تعین کرنا ہوگا، خدانخواستہ ہم کسی بحران کا حصہ نہ بن جائیں۔ ہمیں ایک پاکستانی اور کربلائی ہونے کے ناطے اس کے خلاف اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے اور غیر آئینی اقدامات کی مخالفت کریں گے۔ پاکستان میں مشکوک سرگرمیاں ہو رہی ہیں۔ وقت کا تقاضہ ہے کہ ہم دشمن کے مقابلے میں بیدار رہیں۔

وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ کے سیکرٹری جنرل ارباب لیاقت علی ہزارہ نے اپنے ایک بیان میں کوئٹہ میں مقیم اقوام کے حوالے سے کہا ہے کہ گزشتہ بیس سال میں دہشتگردی کے بعد ہم نے جس بڑے نقصان کا سامنا کیا ہے، وہ یہ ہے کہ ہمارے بچوں کیلئے تعلیمی نظام مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے اور ہماری نسلیں ضائع ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک زمانہ ایسا تھا کہ ہزارہ قوم کے افراد سیکرٹریٹ میں چیف سیکرٹری، ایڈیشنل سیکرٹری اور دیگر اہم عہدوں پر فائز تھے۔ اس کے علاوہ ہر فیلڈ میں ہم دیگر اقوام کے شانہ بشانہ کام کر رہے تھے اور شہر کے اہم کاروباری سرگرمیوں کا بھی حصہ تھے۔ مگر گزشتہ بیس برسوں کے واقعات نے ہماری نوجوان نسل کو دلبرداشتہ کر دیا ہے۔ ان کے اندر تعلیم حاصل کرنے کا جذبہ دن بدن ختم ہوتا جارہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک اہم مسئلہ ہے۔ جس پر دھیان دینے کی اشد ضرورت ہے۔ کیونکہ اگر یہی سلسلہ جاری رہا، تو یہ ہمیں مزید تباہی کے دہانے پر لاکر کھڑا کر دیگا۔ ایک طرف ہماری نوجوان نسل کا دھیان پڑھائی سے ہٹ رہا ہے، تو دوسری طرف ان کیلئے علاقے میں کوئی ٹیکنیکل سینٹر موجود ہے اور نہ ہی کوئی ایسا ادارہ جو ہماری نوجوان نسل کو عالمی تعلیمی معیار کیلئے تیار کر سکے۔ ایک مناسب رہنمائی نہ ہونے کی وجہ سے نہ تو ہمارے نوجوان آئلٹس، ٹوفل، سیلٹا، ٹیف، سیٹ، نیٹ، اور جی آر ای جیسے عالمی ٹیسٹوں کیلئے تیار ہو سکتے ہیں اور نہ ہی بہتر تعلیم کی طرف قدم بڑھا سکتے ہیں۔ ہمارے بڑوں کو اس مسئلہ پر سر جوڑ کر بیٹھنا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ کئی برسوں دہشتگردی کی وجہ سے جہاں ہم اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد سے محروم ہوئیں ہیں، وہیں ہمارے متعدد اعلیٰ عہدیداران جان کی امان لینے کیلئے ملک سے باہر چلے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ابھی بھی کچھ نوجوان اس انتظار اور امید میں ہیں کہ یورپ کا رخ کریں گے، جو کہ ایک فیل اسٹریجڈی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ہی وہ واحد زیور ہے جو ہمیں ہر مشکل سے نجات دلا سکتی ہے۔ ہم تعلیم کا راستہ اپنا کر ہی دوبارہ اسی مقام پر پہنچ سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں تعلیم کا رجحان کم ہونے کی وجہ سے وہ میٹرک، انٹر یا گریجویشن کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد اپنی تعلیم روک دیتے ہیں۔ جو ہماری قوم کیلئے مفید ثابت نہیں ہوتا۔ انہوں نے نوجوان نسل سے تعلیم کی طرف دھیان دینے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ طلباء انٹرنیشنل ٹیسٹوں کی طرف آئیں، اور اپنی صلاحیتوں پر کام کرتے ہوئے اعلیٰ تعلیم حاصل کریں۔

وحدت نیوز (جیکب آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ آج تک عرب شہزادوں کی نوکری کرکے قوم کی عزت اور ناموس کے دلالوں نے ترقی کی ہے لہذا گورنر صاحب کچھ دلالوں کی ترقی کو قوم کی ترقی نہ کہیں، پوری قوم یہ سوال پوچھ رہی ہے کہ عرب شہزادے شکار پر اکیلے کیوں آتے ہیں اپنی فیملی کے ساتھ کیوں نہیں آتے، گورنر سندھ عمران اسماعیل کا یہ بیان قومی عزت و وقار کے منافی ہے کہ عرب شہزادوں کی آمد سے خوشحالی اور پیسا آتا ہے، قوم کی ناموس عزت اور غیرت کا سودا کرکے جو پیسا حاصل کیا جائے ہم اس پر لعنت بھیجتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کہ سندھ کے ایک ایم پی اے کے ہاتھوں قرآن کریم کی بے حرمتی قابل مذمت ہے، جس خاتون نے قرآن کریم اٹھایا اس پر گولیاں چلا کر وڈیرہ شاہی نے ظلم و جبر کی نئی تاریخ رقم کی، پیپلز پارٹی سمیت ملک کی سیاسی جماعتوں کو اب اس بات پر غور کرنا چاہیئے کہ وہ پست کردار کے حامل افراد ہی کو ٹکٹ دے کر اسمبلی میں کیوں بھیجتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وطن عزیز پاکستان کو عرب شہزادوں کی شکارگاہ بننے سے بچایا جائے اور قومی عزت و وقار کے منافی لائسنس کے اجراء کو روکا جائے۔

وحدت نیوز(کراچی) معروف سماجی کارکن اور یوتھ رہنما علوینہ شاہین نے کہا ہے کہ فلسطین کا مسئلہ پوری انسانیت کا مسئلہ ہے اور پاکستان کے یوتھ کو چاہئیے کہ اس مسئلہ کو اجاگر کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نے ہفتہ کی شام فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم سے ملاقات کے دوران کیا۔

 اس موقع پر ان کے ہمراہ شعبہ قانون کے طالب علم نوید سلیمان بھی موجود تھے جبکہ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان یوتھ کوآرڈی نیٹر قاسم خان بھی شریک تھے۔معروف یوتھ رہنما علوینہ شاہین نے کہا کہ فلسطین کے عوام بد ترین صہیونی مظالم کا نشانہ بن رہے ہیں، فلسطینیوں کے بنیادی انسان حقوق کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں اور عالمی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ ان کاکہنا تھا کہ فلسطین میں جاری صہیونی مظالم کو دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی عملی جدوجہد متاثر کن ہے۔ انہوں نے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں کو مسئلہ فلسطین سے متعلق آگہی فراہم کرنے کے لئے کالجز، یونیورسٹیز اور دیگر مقامات پر سیمینارز اور کانفرنسز کا انعقاد کیا جائیگا۔فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے علوینہ شاہد اور نوید سلیمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان ملک بھر میں فلسطین کاز کی حمایت کے لئے مختلف نوعیت کے پروگرام منعقد کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ آئیں اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کا حصہ بن کر پاکستان میں مظلوم فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کریں اور دنیا کی ظالم اور جابر قوتوں بالخصوص امریکہ اور اس کی ناجائز اولاد اسرائیل کے سیاہ کرتوتوں کا پردہ چاک کریں۔

 ا س موقع پر مستقبل میں مختلف پروگراموں سے متعلق باہمی اتفاق کیا گیااور جدوجہد جاری رکھنے کا عزم بھی کیا گیا۔ڈاکٹر صابر ابو مریم نے دونوں نوجوان رہنماؤں کو فلسطین کا خاص چفیہ رومال بھی تحفہ میں پیش کیا۔

وحدت نیوز(کراچی) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن جامعہ کراچی یونٹ و دفتر مشیر امور طلبہ کی جانب سے یوم مصطفی (ص) کا انعقاد پارکنگ ایریا نزد ایڈمنسٹریشن بلاک میں کیا گیا، پروگرام کی صدارت شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی نے کی، جس میں مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ سیدباقرعباس زیدی سمیت اساتذہ سمیت طلبہ و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

علامہ باقرعباس زیدی کا کہنا تھا کہ آج پاکستان بالخصوص تعلیمی اداروں کو اسلام دشمن عناصر و پاکستان دشمن قوتوں نے اپنے نشانہ پر رکھا ہوا ہے، کبھی ہمارے تعلیمی اداروں میں غیر اسلامی اور غیر ملکی یوم منائے جاتے ہیں، مگر آج اس یوم مصطفی (ص) سے ان تمام عناصر کا منہ کالا ہوگیا، طلباء کی اس بڑی تعداد کا یہاں موجود ہونا اس بات کی دلیل ہے کہ مسلمان کل بھی عشق رسول (س) میں لبریز تھے اور آج بھی ہیں، ان کا جینا مرنا سب اسلام اور نبی پاک (ص) کے لئے ہے۔

وحدت نیوز( ڈیرہ اللہ یار )زوار احمد علی بھنگر ،محمد علی بھنگر ،حاجی حضور بخش بھنگر اور سید شبیر علی شاہ دو پاسی کی جانب سے بگن بابا کالونی ڈیرہ اللہ یار بلوچستان میں محفل میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم و امام جعفر صادق علیہ السلام منعقد ہوئی۔ محفل میلاد کے مہمان خصوصی مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی تھے۔ محفل نعت میں اھل سنت نعت خوان جنید علی قادری سید فضل حسین شاہ و دیگر نے بارگاہ رسالت و امامت میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر مختلف شخصیات اور نعت خوانوں کو علامہ مقصود علی ڈومکی نے کتاب اھل بیت علیھم السلام کا علمی مقام امت اسلامی کے اتحاد کا محور اور سالانہ کلینڈر کا تحفہ پیش کیا۔اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ شیعہ سنی وحدت وقت کا تقاضا ہے جبکہ قرآن کریم اور سیرت محمد مصطفیٰ و آل محمد علیہم السلام سے ہمیں اتحاد بین المسلمین کا درس ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام دشمن سامراجی قوتوں کی تمام تر سازشوں کے باوجود آج بھی شیعہ اور سنی متحد ہیں آج کی یہ محفل نعت شیعہ سنی وحدت کی بہترین مثال ہے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی  ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر شدید تنقید کا اظہار کرتے پوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے عوام کو سخت مایوس کیا ہے۔فلاحی ریاست کے نام پر عوام سے سنگین مذاق کیا جارہا ہے۔ترقی یافتہ ممالک سے پاکستان کا موازنہ کرتے وقت وزیراعظم وطن عزیز اور دوسرے ممالک میں ایک مزدور کی تنخواہ کے فرق کو بھول جاتے ہیں۔جن ممالک میں مہنگائی کی شرح پاکستان کے مقابلے میں زیادہ ہے وہاں ایک مزدور کو بھی پاکستان کی نسبت کافی زیادہ اجرت ملتی ہے۔ملک کو قرضوں سے نکالنے کے لیے عوام کو قربانی کا بکرا بنایا جانا کہاں کا انصاف ہے۔

انہوں نے کہا کہ بجلی،پیٹرول اور گیس کی قیمتوں میں اضافے سے ریاستی اخراجات پورے کرنے کامشورہ دینے والوں نے موجودہ حکومت اور عوام میں غیرمعمولی فاصلے کھڑے کر دیے ہیں۔حکومت نے سیاستدانوں کی لوٹی ہوئی رقم ملک میں واپس لانے کی بجائے عوام کو لوٹنا شروع کر دیاہے۔بھوک اور افلاس کے ہاتھوں تنگ آکر خودسوزی کرنے والوں کے لہو کا کون ذمہ دار ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ جس عوام نے موجودہ حکومت کو مینڈیٹ دیا ہے اسے کس بات کی سزا دی جارہی ہے۔اگر اس غیر عادلانہ روش کو نہ بدلا گیا تو پھر حکومت کا اپنے پاوں پر مزید کھڑے رہنا مشکل ہو جائے گا۔وزیراعظم ایک طرف ریلیف پیکجز کے خوشنما خواب دکھا رہے ہیں اور دوسری طرف غریب عوام کے منہ سے روٹی کا نوالہ بھی چھینا جا رہا ہے۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے کو واپس لیتے ہوئی تیل کی قیمتوں میں مزید کمی کی جائے تاکہ عوام کی مشکلات کا کسی حد تک ازالہ ہو سکے۔

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے ٹھٹہ کے کوہستانی علاقے میں بے گناہ نوجوان ناظم جوکھیو کے نا حق قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقام افسوس ہے کہ عرب شہزادے پاکستان کی مقدس دھرتی کو اپنی جاگیر سمجھتے ہیں۔ عرب شہزادوں کی عیاشی اور شکار کا معاملہ یہاں کے عوام کی نظر میں قابل اعتراض ہے۔ اپنی دھرتی اور ناموس کی حفاظت کرنے والے غیرت مند بیٹوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عربوں اور انگریزوں کی غلامی پر فخر کرنے والوں نے ہمیشہ قومی عزت و وقار کا سودا کیا۔ شہید ناظم جوکھیو کے خون سے انصاف کیا جائے اور اس ناحق قتل میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق سزا دی جائے۔ عرب شہزادے کے حکم پر علاقے کے وڈیرے کے ہاتھوں معصوم شہری کے قتل پر پورا سندھ سراپا احتجاج ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ عرب شہزادوں کو جاری شکار کے لائسنس رد کرتے ہوئے شہزادوں سرداروں اور وڈیروں کو نایاب پرندوں کے شکار سے روکا جائے۔انہوں نے کہا کہ ناظم جوکھیو نے  جرئت اور بہادری سے ظلم کے خلاف آواز بلند کی جس آواز کو دبانے کے لئے اسے قتل کیا گیا مگر یہ آواز مزید طاقتور ہو چکی ہے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree