The Latest
وحدت نیوز(سکردو) وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کی سکردو آمد کے موقع پر وزیر زراعت گلگت بلتستان ورہنما مجلس وحدت مسلمین محمد کاظم میثم نے دیگر صوبائی وزرا، کوارڈنیٹرز اور پاکستان تحریک انصاف کے ذمہ داروں کے ہمراہ سکردو ائیر پورٹ پر استقبال اور خیرمقدم کیا۔ سکردو ائیر پورٹ پر شجرکاری کے علاوہ ائیر پورٹ منیجر سے انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے حوالے سے بریفنگ لی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے کہا کہ انٹرنیشنل ائیرپورٹ بننے کے بعد بلتستان ریجن کا نقشہ بدل جائے گا اور ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کو سکردو ویو پوائنٹ پر مختلف منصوبوں کے حوالے سے وزیر زراعت وزیر سیاحت اور ضلعی انتظامی سربراہان نے بریفنگ دی ۔ سکردو ویو پوائنٹ کچورا سے شگر پاجو روڈ جو کہ کواردو قمراہ سے گزر کر جانا ہے کی بریفنگ دی اور اسکی پی ایس ڈی پی میں اپرول کے لیے کردار ادا کرنے کے لیے صوبائی وزیر زراعت نے درخواست کی جسے منظور کرانے کی وزیراعلی نے یقین دہانی کی۔
سکردو ویو پوائنٹ سے کیڈیٹ کالج سکردو کے عقب سے گمبہ سکردو شگریکلان، گیول، شگری بالا، شگریخورد، کشمراہ ، گونڈ نیانیور سے سکردو سٹی تک کی بائی پاس کے لیے وزیر زراعت محمد کاظم میثم نے وزیراعلی گلگت بلتستان سے درخواست کی اور اس اہم منصوبے کی اہمیت پر بریفنگ دی۔ اس منصوبے کے حوالے سے وزیراعلیٰ جی بی نے متعلقہ محکمہ کو فوری طور پر فزییبلٹی جمع کرانے کی ہدایات دی اور انہوں نے رضامندی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بہت جلد مذکورہ ایکسپریس وے کی زمین ہائیر کی جائے گی جس سے سکردو شہر کی خوبصورتی کے ساتھ ساتھ بڑے پیمانے پر ترقی کی راہیں کھلیں گی اور سیاحت و زراعت کو فروغ ملے گا۔ وزیرزراعت نے حلقہ نمبر دو کے مسائل بلخصوص سندس کتپناہ رنگاہ رزسنا حوطو اور کواردو میں دریائی کٹاو سے ہونے والے عوامی نقصانات پر روشنی ڈالی جس پر وزیر اعلی نے فوری نوٹس لیتے ہوئے چیف انجینئر کو حفاظتی بند کے لیے فوری طور پر سکیم کی فزیبلٹی جمع کرانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ دریائی کٹاو کو روکنے کے لیے فوری طور اقدامات کیے جائیں گے اور مستقبل میں بڑے پیمانے پر سکیمیں لے آئیں گے۔ دورہ سکردو کے موقع پر وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے دیگر وزرا کے ہمراہ کواردو قمراہ روڈ کا بھی دورہ کیا اس موقع پر قمراہ ہائی سکول میں عمائدین سے بھی ملاقات کی۔ عمائدین نے سکول کو درپیش مسائل پیش کیے۔ اس موقع پر انڈس کار ریلی کی سائیٹ کا بھی دورہ کیا۔ اپنے دورہ سکردو کے موقع کواردو پل جوکہ جی بی کے سب سے بڑے پل کو آر سی سی کرنے کے لیے فزیبلٹی پر فوری کام کرکے رپورٹ کرنے کی ہدایت کی۔
دورہ سکردو کے موقع پر کواردو کا معروف تعلیمی ادارہ جامعہ طوسی کا بھی مختصر دورہ کیا جہاں ادارہ کی کارکردگی کو سراہا اور مسائل کے حل کے لیے اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔ قمراہ کواردو کے دورہ کے موقع پر سترنگدونگما دریائی کٹاو کا بھی نوٹس لیا۔ کواردو قمراہ میں مختلف مقامات پر عمائدین نے گلگت بلتستان کی تاریخ میں کسی وزیراعلیٰ کی جانب سے پہلی دفعہ دورہ کرنے پر انکا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعلی گلگت بلتستان نے حال میں بننے والی سکردو سڑک کا دورہ بھی کیا اور اس موقع پر سکردو شہر میں سولر سٹریٹ لائن کے اعلان کے ساتھ ساتھ سکردو شہر حلقہ ایک اور دو کی تمام اہم اپروڈ شاہراہوں کو پیورمشین کے ذریعے مکمل کرنے کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے ایم ڈبلیو ایم جی بی کے سیکرٹری جنرل آغا علی رضوی کے والد مرحوم کی وفات کے سلسلے میں انکے گھر جاکر تعزیت کی اور مرحوم کی ایصال ثواب اور درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔
وحدت نیوز(سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل آغا علی رضوی نے میڈیا کو جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیراعلی گلگت بلتستان خالد خورشید کی سکردو آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں اور وقفے وقفے سے کابینہ اجلاس سکردو میں رکھنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کے مارچ میں دورہ سکردو کے موقع پر سکردو روڈ کی فوری تعمیر کا اعلان اور ریکارڈ مدت میں تقریبا تکمیل پر عوام کی طرف سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کا اجلاس بلتستان ریجن کے ایشیوز کے حل کے لیے نیک شگون ثابت ہوگا۔ بلتستان میں کالجوں میں داخلے بڑا ایشیو بنا ہوا ہے امید ہے اس ایشو سمیت بڑھتی ہوئی لوڈشیڈنگ کے حل کے لیے اقدامات اٹھائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلی گلگت بلتستان سے یہ امید رکھتے ہیں کہ تعلیمی اداروں، صحت کے اداروں اور دیگر سرکاری اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات اٹھائیں گے۔ سردیوں کی آمد سے قبل تمام بلائی علاقوں میں ادویات اور گندم کی تقسیم و ترسیل اور معیاری گندم کی فراہمی کے لیے متعلقہ اداروں کو احکامات دینے ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سکردو بائی پاس روڈ کی تعمیر تعطل کا شکار ہے اس مسئلے کو حل کرنے نیز بلتستان ریجن میں جاری پی ایس ڈی پی کے منصوبوں پر جاری کام میں تیزی لانے کے لیے خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کے لیے جاری حکومتی کاوشوں کو سراہتے ہیں اور امید کرتے ہیں گلگت بلتستان گوناگوں مسائل اور محرومی کا شکار ہے یہاں کے عوامی ایشیوز کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کی سنٹرل سیکریٹریٹ میں اہم میٹنگ منعقد ہوئی جس میں محترمہ نرگس سجاد مرکزی سیکریٹری سیاسیات و مرکزی سیکریٹری تربیت شعبہ خواتین ، محترمہ قندیل زہراء مرکزی سیکریٹری یوتھ (خواہران زینب:س)محترمہ بینا شاہ مرکزی مسئول آفس شعبہ خواتین ، محترمہ صدیقہ کائنات ضلعی سیکریٹری جنرل ضلع اسلام آباد اور محترمہ صدیقہ کائنات کی دختر نے شرکت کی اس میٹنگ کئی فیصلے کیے گئے ہیں ۔
1۔ اسلام آباد،راولپنڈی میں شعبہ خواتین کے یونٹس کی خواہران کی حلف برداری کی تقریب منعقد ہوگی جس میں 25 خواتین شرکت کریں گی ۔
2۔ اسلام آباد میں ایک 3 گھنٹے کے دورانیہ پر مشتمل ایک تنظیمی وتربیتی ورکشاپ منعقد ہوگی جس میں کام کرنے کے طریقہ کار کو سمجھایاجائیگا اور دستوری نکات کے علاوہ تنظیمی اور تربیتی امور پر گفتگو ہوگی۔جس میں 30 خواتین شرکت کریں گی ۔
3۔ راولپنڈی میں بھی 40 خواتین پر مشتمل ایک تنظیمی تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا جائے گا جس میں خالصتا تنظیمی اور تربیتی امور زیر غور آئیں گے ۔ راولپنڈی کی ورکشاپ میں 40 سے 45 خواتین میں شریک ہونگی۔ ان شاءاللہ ۔
4۔ ولادت باسعادت حضرت زہراء سلام اللہ علیہا (20جمادی الثانی)کی مناسبت سے راولپنڈی یا اسلام آباد یوم مادر کے عنوان سے ایک کانفرنس بلائی جائے گی جس میں اپر پنجاب (اسلام آباد ،راولپنڈی ،جہلم ،اٹک ،چکوال ، پنڈدانخان ،فتح جنگ،تلہ گنگ ،ٹیکسلا ،واہ کینٹ اور ریاست آزاد کشمیر) سے 150 تنظیمی خواتین کو مدعو کیا جائے گا ۔ البتہ اس سلسلے میں محترمہ سیدہ زہراء نقوی ایم پی اے ومرکزی سیکریٹری جنرل شعبہ خواتین پاکستان سے ہم آہنگی کی جائیگی اور پروگرام کو حتمی شکل دینے کی صورت میں وینیو اور دیگر امور اگلی میٹنگ میں ڈسکس کیے جائیں گے ۔ ان شاءاللہ
5۔اپر پنجاب (اسلام آباد ،راولپنڈی ،جہلم ،اٹک ،چکوال ، پنڈدانخان ،فتح جنگ،تلہ گنگ ،ٹیکسلا ،واہ کینٹ اور ریاست آزاد کشمیر) کے لئےتنظیم سازی اور دیگر تنظیمی امور محترمہ نرگس سجاد ، محترمہ بینا شاہ ،محترمہ قندیل زہراء دیکھیں گی ۔
6۔ اسی طرح سنٹرل پنجاب ،جنوبی پنجاب ، سندھ ، بلوچستان،خیبر پختونخواہ اور جی بی میں شعبہ خواتین کے تنظیمی اور دیگر امور بقیہ خواہران دیکھیں گی جن کے نام اور ذمہ داریاں مرکزی سیکریٹری جنرل کے ساتھ ہم آہنگی کرکے بعد میں اعلان کیا جائیگا ان شاءاللہ ۔
7۔ مرکزی کنونشن سے پہلے پہلے ملک بھر میں اضلاع کی تنظیم سازی،یونٹس سازی اور دورہ جات کو آئندہ کے اجلاس (جس کا اعلان بعد میں کیا جائے گا )،میں بیان کیا جائےگا ۔ ان شاءاللہ ۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین اسلام آباد کی جانب سے،بنگش کالونی میں بے سہارا خاندانوں میں راشن تقسیم کیا گیا ہے ۔ ضلع اسلام کی خواتین مرکزی رہنماوں کی ہم آہنگی سے اپنی مدد آپ کے تحت ابھی تک ایک لاکھ روپے کا راشن گرم لباس اور دیگر سامان اسلام کے بعض پسماندہ علاقوں میں تقسیم کرچکی ہیں ۔
محترمہ صدیقہ کائنات ضلعی سیکریٹری شعبہ خواتین جنرل ضلع اسلام آباداور محترمہ بینا شاہ مرکزی مسئول آفس شعبہ خواتین اور محترمہ صدیقہ کائنات کی بیٹی نے ملکر یہ کام شروع کیا اور الحمد للہ اب تک20خاندانوں میں اشیاء ضروریہ ،گرم لباس اور بستر (کمبل وغیرہ)کی صورت میں مختلف بے سہارا خاندانوں میں انسانی ہمدردی کی بنیادپر وسائل عطیہ کیے ہیں ۔ جن خاندانوں میں راشن اور دیگر سامان پہنچایا گیا انہوں نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع اسلام کی خواتین کا شکریہ ادا کیا اور قائد وحدت کی صحت و سلامتی کے لئے دعا بھی کی ۔ اگلے مرحلہ میں خواتین ان علاقوں میں جاکر یونٹس سازی کاعمل شروع کریں گی ۔ ان شاءاللہ
وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل محترمہ زہرا نقوی نے لاہور کو دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں شامل ہونے کے خلاف قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی ، قرارداد کے متن میںمحترمہ زہرا نقوی نے یہ موقف اختیار کیا ہے کہ یہ ایوان لاہور کو دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں شامل ہونے پر گہری تشویش کا اظہار کرتا ہے۔ آلودگی کی وجہ سے سانس کی بیماریاں،گلے کی خرابی اور نزلہ، زکام وبائی صورت اختیار کر رہے ہیں۔
انہوں نے قرار داد میں کہا کہ ملتان، فیصل آباد اور گوجرانوالہ کے اضلاع میں فصلوں کی باقیات کو جلایا جا رہا ہے ،جو کہ سموگ کے ایس او پیز پر عمل درآمد میں کوتاہی ہے،گندم اور چاول کی فصل کٹنے کے بعد والے حالات پر قابو پانے کے لیے پیشگی تیاری ہونی چاہیے۔متعلقہ ادارے آلودگی پھیلانے کے اسباب ختم کر کے اس میں اضافے کا سبب بننے والوں کے خلاف فوراً کارروائی کریں۔
وحدت نیوز(فیصل آباد)مجلس وحدت مسلمین سینٹرل پنجاب کی صوبائی پولیٹیکل کونسل کے اراکین نے فیصل آباد میں مشاورتی نشست میں شرکت کی، جس میں ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پنجاب ڈاکٹر افتخار نقوی، سیکریٹری سیاسیات پنجاب حسن کاظمی، سینئر ممبر پولیٹیکل کونسل پنجاب حسین زیدی، صوبائی سیکرٹری مالیات رائے ناصر علی اور ضلعی اراکین نے سیکرٹری جنرل ضلع فیصل آباد مولانا ذاکر نقوی کے ہمراہ شرکت کی . نشست میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے عہدیداروں کے مابین گفتگو ہوئی . سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین فیصل آبادمولانا ذاکر نقوی نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے مجلس وحدت مسلمین اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔
وحدت نیوز(کراچی) صوبائی رہنما مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ ناصر حسینی اور کراچی ڈویژن کے رہنما شبیر حسینی کی والدہ گرامی رضائے الٰہی سے انتقال کرگئی ہیں ،مرحومہ گذشتہ چند روز سے شدید علیل تھیں، مرحومہ کے سانحہ ارتحال پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری، مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ سید احمد اقبال رضوی، ایم ڈبلیوایم سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ سید باقرعباس زیدی، ایم ڈبلیوایم کراچی ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ صادق جعفری سمیت دیگر مرکزی و صوبائی قائدین اور سندھ بھر کے اضلاع کے سیکریٹری جنرل صاحبان ودیگر عہدیداران نے تعزیت اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔
ایم ڈبلیوایم کے قائدین وعہدیداران نے اپنے اپنے تعزیتی پیغامات میں برادر ناصر حسینی اورشبیر حسینی سمیت دیگر پسماندگان سے دلی افسوس اور رنج کا اظہار کرتے ہوئےکہا ہے کہ ہم سب دکھ کی اس کھڑی میں آپ کے غم میں برابرکے شریک ہیں،خداوند کریم کے دعاگو ہیں کہ بحق چہاردہ معصومین علیہم السلام مرحومہ کی مغفرت ،بلندی درجات اور برادر ناصر حسینی اور شبیر حسینی و اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔الٰہی آمین
وحدت نیوز(جیکب آباد)جامع مسجد امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام جیکب آباد میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئےمجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ ٹی ٹی پی کے دھشت گردوں کی رہائی افسوسناک ہے دھشت گردوں کو آھنی ہاتھوں سے کچلنے کے دعویدار انہی دھشت گردوں سے تعلقات بڑھا کر الفت کا پیغام دے رہے ہیں۔ ٹی ٹی پی کے ایک سو دھشت گرد کس قانون کے تحت رہا کئے گئے ابھی تو دھشت گرد تنظیم نے اس قتل عام پر معافی بھی نہیں مانگی۔ مگر دھشت گردوں کے لئے نرم گوشہ رکھنے والے وزیر اعظم اور ارباب اختیار شہداء کے ورثاء اور مظلوموں کو بلیک میلر سمجھتے ہیں۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ دھشت گردوں سے مذاکرات سے قبل اسی ہزار شہداء کے ورثاء کو اعتماد میں لیا جائے۔ دھشت گردوں سے مذاکرات نے بہت سارے سوالات کو جنم دیا ہے۔ جن کا جواب دینا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ دھشت گردوں سے مذاکرات کے نتیجے میں ملک بھر میں دھشت گردی کی نئی لہر اٹھنے کا خدشہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح دھشت گردوں اور انتہا پسندوں پر حکومت مہربان نظر آتی ہے اس سے شدت پسندی کی نئی لہر اٹھنے کا خدشہ جو ملک و ملت کے لئے المیہ ہوگی۔ خدشہ ہے کہ آپریشن ضرب عضب اور آپریشن رد الفساد کے دوران پاک فوج کے جوانوں نے جو قربانیاں دیں اور شہداء کا جو پاکیزہ خون بہا اس کے اھداف ضائع ہو جائیں۔ حکومت اور ریاستی ادارے ضیاء دور کی تاریخی غلطی دھرانے سے اجتناب کریں۔
وحدت نیوز(مشہد مقدس) دفتر مجلس وحدت مسلمین شعبہ مشہد مقدس موسسہ شھید عارف الحسینی میں محسن ملت علامہ سید صفدر حسین نجفی اعلی اللہ مقامہ کی برسی کے سلسلہ میں حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ سید محمد جعفر خوارزمی برادر شھید ناصر صفوی اور جنرل سید تصور حسین خوارزمی کے ایصال ثواب کے لیے مجلس عزا ہوئی. جس میں زیار ت عاشورا محمد جواد رضا خان نے پڑھی۔
تلاوت کلام مجید کی سعادت جناب قاری علی عمران نے حاصل کی.پروگرام کے مہمان خطیب جناب حجۃ الاسلام و المسلمین ذاکر حسین طاہری صاحب آف قم تھے جنہوں نے علامہ سید صفدر حسین نجفی اور علامہ سید محمد جعفر خوارزمی اور جنرم سید تصور حسین خوارزمی کی خدمات کو سراہا اور انکو خراج عقیدت پیش کیا.آخر میں تمام مومنین و مومنات کی مغفرت اور وطن عزیز پاکستان کی سلامتی کے لیے دعا کی گئی۔
وحدت نیوز(گلگت)مرکزی رہنما مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین محترمہ سائرہ ابراہیم نے گزشتہ روز گلگت کوہستان روڈ پر پیش آنے والے المناک حادثے پر افسوس اور دلی رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کے کوئی بھی ذمہ دار شخص اس مسئلے پر صوبائی حکومت سے بات کرنے کو تیار نہیں صوبائی حکومت اس مسئلے کو سنجیدگی سے لے اور وفاق سے رابطہ کر کے ہنگامی بنیادوں پر شاہراہ قراقرام سے لے کے رائیکوٹ تک سڑک کے اطراف دیوار تعمیر کریں ۔
انہوں نے کہا کہ ارباب اختیار مسائل کو مل بیٹھ کر حل کرنے کی کوشش کریں تاکے یہاں کے غریب عوام سکون کی زندگی گزار سکیں یہاں کی عوام بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہے ،واحد راستہ ہے جو کے دوسرے شہروں سے رابطہ کا زریعہ ہے اور وہ عوام کے لئے حکومتی نااہلی کے سبب موت کا کنواں بن چکا ہے۔
سائرہ ابراہیم نے وزیراعلی ،صوبائی اسمبلی، منتخب ممبران، فورس کمانڈر، ایف ڈبلیو او اور این ایچ اےکے اعلی حکام سمیت ارباب اختیار سے اپیل کی ہے وہ جلد از جلد اس شاہراہ پر حفاظتی دیوار کا کام ہنگامی بنیادوں پر شروع کروائیں تاکے مستقبل میں کسی بڑے سانحے سے محفوظ رہ سکیں۔ انہوں نے کہا کے اس مشکل گھڑی میں گلگت بلتستان کی عوام ڈاکٹر اظہرحسن کے غم میں برابر کی شریک ہے اللہ تعالی ڈاکٹر صاحب کے خانوادے کو جنت الفردوس میں اعلی مقام دے اور پسماندگان کو صبر و جمیل عطا کرے۔